Tag: Against rules

  • بغیراجازت ڈسکو کلب جانے پر پی سی بی عمر اکمل پر برہم، جرمانہ عائد کردیا

    بغیراجازت ڈسکو کلب جانے پر پی سی بی عمر اکمل پر برہم، جرمانہ عائد کردیا

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹر عمر اکمل کو ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر اجازت ڈسکو کلب جانے پر جرمانہ عائد کردیا، کھلاڑی نے پی سی بی سے غلطی کی معافی مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک آسٹریلیا ون ڈے سیریز کا چوتھا میچ ہارنے کے بعد ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر اجازت دبئی کے نائٹ کلب پہنچ گئے تھے جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹر کو سزا سنادی۔

    پی سی بی نے بلے باز عمر اکمل پر میچ فیس کا20فیصد جرمانہ عائد کیا ہے اور ساتھ ہی انہیں آئندہ ایسا اقدام نہ کرنے کی تنبیہ بھی کی گئی ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹرعمر اکمل نے پی سی بی سے غلطی کی معافی مانگ لی ہے۔

    واضح رہے کہ عمر اکمل نے نائٹ کلب میں اپنی ویڈیو بنا کر سوشل میڈ یا پر بھی شیئر کی تھی جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا، انہوں نے چوتھے ون ڈے میچ میں صرف7رنز اسکور کیے تھے۔

    ایک جانب آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز میں مسلسل شکست پر پاکستانی کرکٹ کے حلقے پریشان ہیں لیکن عمراکمل اس بات کی پرواہ کیے بغیر اپنی پرانی روش برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: عمر اکمل ڈانس پارٹی میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، پی سی بی کا ٹیم میں شامل کرنے سے انکار

    اس سے قبل بھی کرکٹر عمر اکمل ڈانس پارٹی میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے جس کی وجہ سے انہیں انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔

  • پی آئی اے : سینئرافسران کی برطرفی میں قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں

    پی آئی اے : سینئرافسران کی برطرفی میں قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں

    کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے سینئر افسران کو عہدوں سے ہٹا کر ان کی جگہ جونیئر افسر تعینات کردیئے، متاثرہ افسران نے سی ای او کی برطرفی کیلئے کوششیں شروع کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق باکمال لوگوں کی لاجواب سروس کے دعویدار ادارے پی آئی اے میں اقرباء پروری اپنے عروج پر پہنچ گئی، ادارے میں قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے سینئر افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کا سلسلہ تا حال جاری ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے میں جونیئرافسران کو اہم عہدوں پر تعینات کیا جارہا ہے، سی ای او نے جدہ کے کنٹری منیجر امتیاز بھٹو کو ان کے عہدے سے ہٹادیا، جدہ کے فنانس منیجر افتخار احمد کا بھی تبادلہ کردیا گیا۔

    اس کے علاوہ اسٹیشن منیجر جدہ محمد علی کو بھی ہٹا دیا گیا ہے، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گروپ 7 کے جونیئر افسر محمد اسماعیل عنصر کو جدہ کا کنٹری منیجر کا چارج سونپ دیا گیا جبکہ گروپ سات کے ہی افسر واصف کو جدہ کا اسٹیشن منیجر تعینات کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ ان تمام عہدوں پرگروپ نو کے افسر کو ہی تعینات کیا جاتا ہے، پی آئی اے میں جونیئر افسر کی تعیناتی پر سینئر افسران میں بے چینی پھیل گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرح پی آئی اے میں بھی سینئر افسران کی جانب سے سی ای او کی برطرفی کیلئے بھاگ دوڑ شروع کردی گئی ہے۔

     ۔’’رائٹ مین آن رائٹ جاب ‘‘ کے فارمولے پرعمل پیراہیں، ترجمان پی آئی اے 

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ایئر لائن انتظامیہ ’’ رائٹ مین آن رائٹ جاب ‘‘ کے فارمولے پر عمل کر رہی ہے اور اسی سلسلے میں مختلف شعبہ جات اور بیرون ملک اسٹیشنوں پر تعینات افسران کی کارکردگی کا جائزہ لے کر از سر نو تعیناتیاں کی جارہی ہیں تا کہ ائر لائن کو جلد از جلد ایک منافع بخش ادارے میں تبدیل کیا جا سکے۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ سعودی عرب میں تعینات کنٹری منیجر جدہ کے فنانس منیجر اور اسٹیشن منیجر کو فوری واپس بلا لیا گیا ہے ان کی جگہ نئے افسران کی تعیناتی جلد از جلد کر دی جائے گی جبکہ اس دوران ان کے جونیئر افسران کو ان کے عہدوں کا عارضی چارج دے دیا گیا۔