Tag: aggressive

  • شہد کی مکھیوں کا خوفناک حملہ، معمر شخص کی جان لے لی

    شہد کی مکھیوں کا خوفناک حملہ، معمر شخص کی جان لے لی

    شہد کی مکھیوں کے کاٹنے سے ایک 70 سالہ امریکی ہلاک ہوگیا۔ واقعہ امریکی ریاست ٹیکساس میں پیش آیا ہے۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص پر شہد کی مکھیوں نے اس وقت اچانک حملہ کردیا جب وہ اپنے گھر کے صحن میں چہل قدمی کررہا تھا۔

    اطلاع ملنے پر فائر ڈیپارٹمنٹ اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور صورتحال کا جائزہ لیا، اس حوالے سے فائر ڈیپارٹمنٹ نے ایک فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ جب وہ وہاں پہنچے تو شہد کی بے شمار مکھیاں موجود تھیں۔

    محکمہ کے افسر کے مطابق یہ مکھیاں خطرناک افریقی نسل سے تعلق رکھتی ہیں اور انہیں قاتل مکھیوں کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ان کا چھتہ گھر کے صحن میں لگے ایک تناور درخت کے تنے میں تھا۔

    طبی عہدیداروں نے بتایا کہ اس شخص کو مکھیوں کے اچانک حملے اور تکلیف کے باعث دل کا شدید دورہ پڑا تھا، ابددائی طبی امداد میں ہم نے اسے بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن عمر کے تقاضے اور دیگر مسائل کے سبب وہ شخص جان کی بازی ہار گیا۔

    انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ جائے وقوعہ پر مرنے والے شخص کی بیوی بھی اسی صورتحال سے دوچار تھی جسے فوری طبی مداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اس کے علاوہ آس پڑوس کے دیگر متاثرہ افراد کو بھی طبی امداد دی گئی۔

    طبی ماہرین کے مطابق شہد کی مکھی کے کاٹنے سے عام حالات میں موت واقع نہیں ہوتی البتہ بڑی تعداد میں مکھیاں حملہ کر دیں تو خون کا دورانیہ کم ہو جاتا ہے، سانس گھٹ جاتی ہے اور دل کا دورہ پڑ سکتا ہے۔

  • سرفراز احمد میچ کے دوران شدید غصے میں کیوں تھے؟

    سرفراز احمد میچ کے دوران شدید غصے میں کیوں تھے؟

    کراچی : پی ایس ایل کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان سرفراز احمد گزشتہ روز ٹیم کی ناقص کارکردگی پر کافی برہم دکھائی دیے، جس کا اظہار میچ کے دوران ان کے رویے میں دیکھا گیا۔

    سرفراز احمد کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ اکثر میچوں میں کسی نہ کسی بات پر کھلاڑیوں پر اظہار برہمی اور انہیں ڈانٹ ڈپٹ کرتے رہتے ہیں۔

    گزشتہ روز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں بھی ان کا یہی طرز عمل دیکھنے میں آیا، جسے لاہور قلندرز نے19ویں اوور میں باآسانی جیت لیا۔

    میچ میں شکست پر کپتان سرفراز احمد غصے میں آگئے، ان کا غصہ ٹھنڈا کرنے کیلئے کوچ معین خان کو آنا پڑا، ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میچ کے بعد گراؤنڈ سے باہر جاتے ہوئے انہوں نے محمد حفیظ سے ہاتھ بھی نہیں ملایا۔

    حفیظ سب سے آگے اور سرفراز اپنی ٹیم کی قطار میں سب سے پیچھے تھے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان محمد حفیظ کے ساتھ ہاتھ ملائے بغیر آگے بڑھ گئے۔

    بعد ازاں سرفراز نے حفیظ کے ساتھ مثبت رویے کا اظہار کرتے ہوئے انہیں آگے چلنے کا کہا جس پر حفیظ نے خوشی کا اظہار کیا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دیگر انتظامیہ کے ساتھ ہاتھ ملایا۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام با خبر سویرا میں سابق بالر تنویر احمد کا کہنا تھا کہ کپتان کو چاہیے کہ وہ گراؤنڈ کے اندر بالر کے ساتھ سخت رویہ اختیار نہ کرے۔

    انہوں نے ویرات کوہلی اور دھونی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی اپنے کسی بھی کھلاڑی کو میدان میں نہیں ڈانٹتے بلکہ ڈریسنگ روم میں ہی بات چیت کرتے ہیں۔

  • مشرق وسطیٰ میں ایرانی جارحیت کا سدباب کریں گے، مائیک پومپیو

    مشرق وسطیٰ میں ایرانی جارحیت کا سدباب کریں گے، مائیک پومپیو

    واشنگٹن : امریکی وزیرخارجہ کا ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہنا ہے کہ امریکی فوجیوں کی تعیناتی سے ایران کی حکومت کو یہ پتہ چل جانا چاہیے کہ ہم سنجیدہ ہیں اور اس کی خطے میں مزید جارحیت کا سدباب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کو اپنے مفادات پر ایران کے کسی بھی حملے کا جواب دینے کی صلاحیت کا حامل ہونا چاہیے، یہ بات امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ریاست فلوریڈا میں واقع ٹامپا میں امریکا کی سنٹرل کمان کے ہیڈ کوارٹر میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس سے ایک روز قبل ہی امریکا نے ایران سے کشیدگی میں اضافے کے بعد مشرقِ اوسط میں مزید ایک ہزار فوجی بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ امریکی فوجیوں کی تعیناتی سے ایران کی حکومت کو یہ پتہ چل جانا چاہیے کہ ہم سنجیدہ ہیں اور اس کی خطے میں مزید جارحیت کا سدباب کریں گے۔

    پومپیو کا کہنا تھا کہ ٹامپا کے ان کے اس دورے کا مقصد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وضع کردہ تزویراتی مقاصد کا حصول ہے۔

    مائیک پومپیو نے کہا کہ ہم یہ سب اس وقت تک نہیں کرسکتے جب تک ہم ایران کے امریکیوں یا امریکی مفادات کے خلاف کسی غلط فیصلے یا اس کے جوہری پروگرام کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جواب دینے کی صلاحیت حاصل نہیں کر لیتے۔

    انھوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ صدر ٹرمپ جنگ نہیں چاہتے ہیں، دو آئل ٹینکروں مارشل آئس لینڈ کے پرچم بردار ناروے کے زیر انتظام فرنٹ آلٹیر اور پاناما کے پرچم بردار جاپان کے ملکیتی کوکوکا کورجیئس کو خلیج عُمان میں آبنائے ہُرمز کے نزدیک بین الاقوامی پانیوں میں تخریبی حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان میں اول الذکر جہاز ایک آبی بم ( تارپیڈو) سے ٹکرایا تھا اور اس کے ایک حصے میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی۔ موخرالذکر بحری جہاز پر آتش گیر مواد میتھانول لدا ہوا تھا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دوسرے عہدے داروں نے ایران کو اس حملے کا مورد الزام ٹھہرایا تھا اور کہا تھا کہ اس کارروائی میں ہر طرح سے ایران کا ہاتھ کارفرما ہے لیکن ایران نے اس الزام کی تردید کی تھی ۔

    امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے اس حملے سے متعلق نئی تصاویر جاری کی ہیں، ان سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ایران دو میں سے ایک بحری جہاز پر حملے میں ملوّث تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ ماہ تین آئیل ٹینکروں سمیت چار بحری جہازوں پر متحدہ عرب امارات کی ساحلی حدود میں خلیج عُمان ہی میں حملہ کیا گیا تھا، امریکا نے اس حملے کا الزام بھی ایران پر عائد کیا تھا لیکن اس نے ذمے داری قبول کرنے سے انکار کیا تھا۔

    مائیک پومپیو نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی مہم بہت مؤثر رہی ہے تاہم بعض ممالک اس خدشے کا اظہار کررہے ہیں کہ دونوں ممالک میں کشیدگی میں اضافے سے مسلح تنازع کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔