Tag: ahsan iqbal brother

  • راولپنڈی میٹرو اسکینڈل کیس میں گرفتاری کا ڈر ، احسن اقبال کے بھائی نے عدالت سے رجوع کرلیا

    راولپنڈی میٹرو اسکینڈل کیس میں گرفتاری کا ڈر ، احسن اقبال کے بھائی نے عدالت سے رجوع کرلیا

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے بھائی مصطفیٰ کمال نے راولپنڈی میٹرواسکینڈل کیس میں گرفتاری سے بچنے کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میٹرو منصوبے میں مبینہ غیر قانونی ٹھیکہ لینے کے کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے بھائی مصطفیٰ کمال نے گرفتاری سے بچنے کیلئے ہائیکورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کر دی۔

    درخواست میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اپنے ذرائع سے پتہ کیا چئیرمین نیب نے میرے وارنٹس جاری کئے ہیں، میڈیا سے پتہ چلا اس کیس میں شہباز شریف کو طلب کیا گیا ہے، چالیس سال سے ہارٹی کلچر کے شعبے سے وابستہ ہوں۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ میٹرو منصوبے پر آر ڈی اے کیساتھ کام کرنے والی کمپنی نے رابطہ کیا تھا، نیب نے جو بھی دستاویزات طلب کیں فراہم کرتا رہا ،گزشتہ سال نیب نے ہائیکورٹ میں کہا تھا گرفتاری کی ضرورت نہیں،اب اپریل میں میرا نام بھی ای سی ایل میں شامل کر دیا گیا۔

    احسن اقبال کے بھائی نے درخواست میں استدعا کی کہ عدالت ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرے۔

    خیال رہے قومی احتساب بیورو (نیب) نے راولپنڈی میٹرواسکینڈل میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو طلب کیا ہے اور احسن اقبال کے بھائی مصطفیٰ کمال کی کمپنی کو دیئے ٹھیکوں کی تفصیلات لانے کی ہدایت کی ہے۔

  • احسن اقبال کے بھائی کے گرد نیب کا گھیرا تنگ

    احسن اقبال کے بھائی کے گرد نیب کا گھیرا تنگ

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے بھائی مصطفی کمال کے خلاف بھی تحقیقات شروع کر دیں ، مصطفیٰ کمال کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مختلف ٹھیکےلینےکےالزام میں طلب کرلیاہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کے بھائی مصطفی کمال کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے ، مصطفی کمال کے خلاف تحقیقات نیب راولپنڈی کی جانب سے شروع کی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے احسن اقبال کے بھائی کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مختلف ٹھیکے لینے کے الزام میں طلب کیا گیا اور راولپنڈی ڈویلپمینٹ اتھارٹی سے میٹرو کی مد میں دئیے جانے والے ٹھیکوں کی تفصیلات بھی مانگ لی گئیں ہیں۔

    ذرائع کے مطابق احسن اقبال کے بھائی نے میٹرو کے منصوبے میں بھی ٹھیکے کئے تھے ، ان پر ٹھیکوں کی مد میں قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا بھی الزام ہے۔

    مزید پڑھیں : نیب نے احسن اقبال کے جرم کی تفصیل بتا دی

    یاد رہے نیب راولپنڈی نے احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں گرفتار کیا تھا اور وہ جوڈیشل ریمانڈ پر ہے۔

    نیب نے پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال کی کرپشن کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا تھا کہ انھوں نے بہ طور وزیر منصوبہ بندی اپنے اختیارات کا نا جائز استعمال کیا اور نارووال اسپورٹس منصوبے کی لاگت کو غیر قانونی طور پر بڑھایا، ساڑھے 3 کروڑ کے منصوبے کی لاگت 10 کروڑ تک پہنچائی گئی۔

    حاصل ریکارڈ کے مطابق احسن اقبال نے خود سے ہی لاگت بڑھائی، اس کی اجازت سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی سے نہیں لی گئی۔