Tag: Ahsan Iqbal

  • ہم حکومت کو 100 دن دیں گے، عمران خان وعدے پورے کرکے دکھائیں، احسن اقبال

    ہم حکومت کو 100 دن دیں گے، عمران خان وعدے پورے کرکے دکھائیں، احسن اقبال

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کو سو دن پورے کرنے دیں گے اور دیکھیں گے کہ وزیراعظم عمران خان کتنے وعدے پورے کرتے ہیں، حکومت نے گیس بجلی مہنگی کرکےعوام پر بوجھ ڈال دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے رہنما نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پانی کا مسئلہ اہم ہے،خوشی ہےچیف جسٹس دلچسپی لے رہےہیں، ہماری حکومت نےنیشنل واٹر پالیسی بنائی،اب اس پرعمل ہوناچاہئے، چیف جسٹس پاکستان نیشنل واٹر پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کا سودا بیچا گیا اس کی اصلیت عوام کے سامنے ہے، ہیلی کاپٹر میں وزیراعظم اور ان کے کتے بھی سفرکرتےہیں، حکومت کا 55روپے کلومیٹر پر ہیلی کاپٹرچل رہاہے۔

    ن لیگی رہنما نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تیس دن میں حکومت کے تیس لطیفے بن گئے ہیں، سو دن میں حکومت کے سو لطیفے بنیں گے، ہم حکومت کو100 دن دیں گے، عمران خان وعدے پورے کرکے دکھائیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان آپ کے ہاتھ پاؤں کھلےہیں،جو کہا ہے وہ کریں ، آپ 100دن کےوعدےپورےکرکےدکھائیں، آپ کے پاس تجربہ نہیں اس لئے وعدے پورے نہیں کر پائیں گے۔

    مزید پڑھیں : ہم حکومت کو100دن کا پلان مکمل کرنے کاپورا موقع دیں گے، احسن اقبال

    احسن اقبال نے کہا حکومت نےبیرون ملک سے200ارب ڈالرلانےتھےلاکردکھائیں ، ایل پی جی کی قیمت بڑھا کرعوام پر بوجھ ڈال دیا گیا، الیکشن سے پہلے کہا تھا حکومت چلانا اناڑیوں کا کام نہیں۔

    یاد رہے چند روز قبل حسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی سیاسی قیدی ہیں ، ہم حکومت کو100دن کا پلان مکمل کرنے کاپورا موقع دیں گے ، انہوں نے جو پانی سے گاڑی چلانی ہے چلا کر دکھائیں۔

  • توہینِ عدالت کیس: احسن اقبال کی معافی منظور، کارروائی ختم کردی گئی

    توہینِ عدالت کیس: احسن اقبال کی معافی منظور، کارروائی ختم کردی گئی

    لاہور: عدالتِ عالیہ نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراحسن اقبال کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی ختم کردی، انہوں نے گزشتہ سماعت میں عدالت سے غیر مشروط معافی طلب کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق عدالت نے احسن اقبال کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی ختم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں ان کی جانب سے اداروں کے احترام کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے گا۔

    یاد رہے کہ جولائی میں ہونے والی سماعت میں احسن اقبال نے عدالت کے روبرو غیر مشروط معافی طلب کی تھی جسے قبول کرلیا گیا ہے، عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ احسن اقبال کو عزت دیتے ہیں مگرباہر جا کر ایسے بیانات قابل برداشت نہیں ہیں، عدالت کی سماعت ستمبر تک ملتوی کی گئی تھی اور عدالت کی جانب سے اس دوران احسن اقبال کے رویے کا جائزہ لینے کا کہا گیا تھا۔

    توہینِ عدالت کیس میں معافی حاصل کرنے کے بعد احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ترقی کےلیےتمام اداروں میں ہم آہنگی ضروری ہے ، اگر عدلیہ کمزور ہو گی تو ہر مظلوم کو نقصان ہو گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارلیمنٹ کی طرح تمام ادارے مقدس ہیں۔

    ملک میں توانائی کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ توانائی اولین ترجیح نہ ہوتی توآج سول وار جیسی صورتحال ہوتی ، 12ہزار میگا واٹ پیدا کی مگر کسی سے چندہ نہیں مانگا ۔ بین الاقوامی اداروں کے اشتراک کے بغیر ڈیم بنانا عملاً ناممکن ہے، ڈیم بنانا انتہائی اہم ہے اسے سنجیدہ لیا جائے ۔

    ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سی پیک کو سبوتاژ کرنے کے لیے لائی گئی ہے تاہم پوری قوم سی پیک کی حفاظت کرے گی ، انہوں نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ ان کی جماعت دھرنے اور لاک ڈاؤن نہیں کرے گی۔

  • سنجیدگی اور خلوص سے متفقہ صدارتی امیدوار لانے کی کوشش کررہے ہیں: احسن اقبال

    سنجیدگی اور خلوص سے متفقہ صدارتی امیدوار لانے کی کوشش کررہے ہیں: احسن اقبال

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ سنجیدگی اور خلوص سے متفقہ صدارتی امیدوار لانے کی کوشش کر رہے ہیں، امید ہے پی پی قیادت اس اہمیت کو سمجھے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد مضبوط بنانے کے لیے متفقہ امیدوار لانا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وفد کو تجاویز دی ہیں، ہم چاہتے ہیں ایسا صدارتی امیدوار ہو جس پر کسی کو تحفظات نہ ہوں، اپوزیشن میں ن لیگ کی سب سے زیادہ نشستیں ہیں۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ امید ہے صدارتی امید وار کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی قیادت اہمیت کو سمجھے گی، مشترکہ امیدوار آنا اپوزیشن اتحاد کے لیے اہم ہے۔

    مشترکہ صدارتی امیدوار کے معاملے پر اپوزیشن میں ڈیڈ لاک برقرار

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی فریق ایک مؤقف پر اڑا رہا تو نتیجہ نہیں نکلے گا، خاموش ڈپلومیسی سے کام لے رہے ہیں، جلد فیصلے نظر آجائیں گے۔

    خیال رہے کہ مشترکہ صدارتی امیدوار کے معاملے پر اپوزیشن میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے اعتزاز احسن کا نام واپس لینے سے انکار کردیا ہے، آصف زرداری کے فیصلے سے پیپلزپارٹی نے فضل الرحمان کو آگاہ کردیا۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عارف علوی کو اور پیپلزپارٹی نے اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف جلد اپوزیشن کے امیدوار کا اعلان کریں گے۔

  • اپوزیشن جماعتوں کا متفقہ صدارتی امیدوارلانے کا فیصلہ، اعلان آج کیا جائے گا

    اپوزیشن جماعتوں کا متفقہ صدارتی امیدوارلانے کا فیصلہ، اعلان آج کیا جائے گا

    مری:  مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں متفقہ صدارتی امیدوار کے لیے ایک پلیٹ فارم پرمتحد ہیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے آل پارٹی کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر پیپلزپارٹی، ایم ایم اے اور دیگر جماعتوں‌ کے نمائندے بھی موجود تھے.

    احسن اقبال نے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوا، جس میں‌ اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ صدارتی امیدوارلانے کا فیصلہ کیا ہے.

    انھوں‌ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے متفقہ صدارتی امیدوارکی ضمن میں مشاورت کے لئے وقت لیا ہے. تمام اپوزیشن جماعتیں ایک پلیٹ فارم پرمتحد ہیں.

    ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں متفقہ امیدوار ہی لائیں گی، نام کا اعلان آج کیاجائے گا، پیپلزپارٹی نے اپنی قیادت سےمشاورت کے لئے رات تک کا وقت لیا ہے، شہبازشریف آج نام کااعلان کریں گے.


    شہباز شریف کی زیر صدارت اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس


    اس موقع پر انھوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے ووٹنگ کا استعمال عجلت میں کیا گیا، الیکشن کمیشن کےاس اقدام سے تحفظات ہیں.

    انھوں‌ نے مزید کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کوملنے والی دھمکیوں کا نوٹس لیا جائے، اےاین پی رہنماؤں کوشدیددھمکیاں دی جارہی ہیں، حکومت انتقامی ایجنڈےپرکام کررہی ہے.

  • وزیراعظم کیلئے شہبازشریف ہمارے امیدوار ہیں،احسن اقبال

    وزیراعظم کیلئے شہبازشریف ہمارے امیدوار ہیں،احسن اقبال

    اسلام آباد : ن لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کیلئے شہبازشریف ہمارے امیدوار ہیں اور قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے متفقہ فیصلے سے پی پی اور ایم ایم اے کے امیدوار کی حمایت کی ہے، انصاف کےدروازے بند ہوئے توعوامی احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا طے تھا اسپیکر کے انتخاب کے لیے پیپلزپارٹی اپنا امیدوار دے گی اور وزیراعظم کے لیے مسلم لیگ ن شہباز شریف کا نام دے گی جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ایم ایم اے اپنا امیدوار دے گی۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم خورشیدشاہ اورایم ایم اے کے امیدوار کو ووٹ دیں گے، امید ہے الائنس میں شامل جماعتیں اپنے ووٹ ہمیں دے گی۔

    انھوں نے کہا کہ ن لیگ میں جو فارورڈ بلاک بنے تھے وہ الیکشن سے پہلے بن چکے، ن لیگ کے پاس جوبھی ارکان ہیں سب نظریاتی ہیں، الیکشن سے پہلے جو کمزور دل اور لوٹے تھے وہ چھٹ گئے۔

    ن لیگی رہنما کا کہنا تھا وفاداریاں بدلنے والوں کیساتھ عوام نے کیا سلوک کیا، خوش آئندبات ہےعوام نے لوٹوں کے خلاف اتحاد کرلیا ہے۔

    احسن اقبال نے مزید کہا کہ احتجاجی پروگرام آگے بڑھ رہا ہے، تمام لیگی رہنما سیاہ پٹیاں باندھ کراسمبلیوں میں شرکت کریں گے اور پارلیمنٹ میں بھی احتجاج کریں گے، انصاف کا حق نہیں ملا تو عوامی احتجاج کریں گے۔


    مزید پڑھیں :  شہبازشریف وزارت عظمیٰ کے متفقہ امیدوار ہوں گے: مریم اورنگزیب


    یاد ریے  مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما مریم اورنگزیب کا بھی کہنا  تھا کہ شہبازشریف کووزارت عظمیٰ کامتفقہ امیدوار نامزد کیا گیا ، نواز شریف پر کسی قسم کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان خودساختہ وزیراعظم بن بیٹھےہیں، عمران خان نے پاکستان کےعوام کا ووٹ چوری کیا ہے۔

  • مسلم لیگ ن کبھی الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرے گی‘ احسن اقبال

    مسلم لیگ ن کبھی الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرے گی‘ احسن اقبال

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کبھی الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرے گی، عوام کی محبت اور حمایت ن لیگ کے ساتھ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیرداخلہ احسن اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 25 جولائی کو ن لیگ انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔

    احسن اقبال کے مطابق عوام تسلیم کرتے ہیں مسلم لیگ ن کی حکومت نے 2013 کے دو بڑے چیلنجزجن میں لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی شامل تھے ان کا کامیابی کے ساتھ خاتمہ کیا۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کبھی الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرے گی، عوام کی محبت اورحمایت ان کے ساتھ ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی انتخابات کا بائیکاٹ کرے تووہ اس کا سیاسی حق ہے۔

    پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ مجھےلگتا ہے نوازشریف آخری دنوں میں انتخابات کا بائیکاٹ کردیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سابق وزیرداخلہ احسن اقبال نےعدالت سےغیرمشروط معافی مانگ لی

    سابق وزیرداخلہ احسن اقبال نےعدالت سےغیرمشروط معافی مانگ لی

    لاہور: سابق وزیرداخلہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے توہین عدالت کیس میں عدالت سے غیرمشروط معافی مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیرداخلہ احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ انہوں نے سماعت کے دوران عدالت سے غیرمشروط معافی مانگ لی۔

    عدالت میں سماعت کے دوران جسٹس عاطرمحمود نے ریمارکس دیے کہ احسن اقبال باربارکہتے ہیں ایک جماعت کوٹارگٹ کیا جا رہا ہے، عدلیہ کا کیا کام کہ ایک جماعت کو ٹارگٹ کرے۔

    انہوں نے ریمارکس دیے کہ یہاں آپ معافی مانگتے ہیں اور باہر نکل آپ اس کے جیالے بن جاتے ہیں جوعدلیہ کے پیچھے ہاتھ دھوکرپڑا ہے۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ احسن اقبال کو عزت دیتے ہیں مگرباہر جا کر ایسے بیانات قابل برداشت نہیں ہیں، سماعت عدالتی چھٹیوں کے بعد تک رکھ لیتے ہیں پھراحسن اقبال کا رویہ دیکھا جائے گا۔

    سابق وزیر داخلہ کے وکیل نے عدالت سے کیس نمٹانے کی استدعا کی جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیس لڑنا چاہتے ہیں تو میرٹ پر فیصلہ کر دیتے ہیں۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے وکیل نے کہا کہ عدالت سےغیرمشروط معافی مانگی ہے توہین عدالت کا نوٹس واپس لیا جائے۔

    عدالت نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ احسن اقبال سیاسی ورکر ہیں قوت برداشت لوگوں سے زیادہ ہونی چاہیے۔ جسٹس مظاہرعلی اکبر نے کہا کہ کسی کو جتانا نہ جتانا عوام کی خواہش ہو گی ہماری نہیں ہے۔

    بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیرداخلہ احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کردی۔

    توہین عدالت کیس: احسن اقبال نے تحریری جواب عدالت میں جمع کرا دیا

    یاد رہے کہ تین روز قبل سابق وزیرداخلہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما نے توہین عدالت کیس میں اپنا تحریری جواب عدالت میں جمع کرایا تھا جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ عدلیہ کی عزت کرتا ہوں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • زعیم قادری کی پریس کانفرنس پر دلی دکھ ہوا: احسن اقبال

    زعیم قادری کی پریس کانفرنس پر دلی دکھ ہوا: احسن اقبال

    لاہور: سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ زعیم قادری کی پریس کانفرنس پر دلی دکھ ہوا۔ وہ پہلے پارٹی میں شکایات اٹھاتے، پارٹی کے بڑوں کے سامنے مسئلہ اٹھاتے تو ہم کردار ادا کر سکتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی فیصلوں پر شکایت ہے تو پارٹی میں بات ہونی چاہیئے۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ زعیم قادری کی پریس کانفرنس پر دلی دکھ ہوا۔ زعیم قادری پہلے پارٹی میں شکایات اٹھاتے، پارٹی کے بڑوں کے سامنے مسئلہ اٹھاتے تو ہم کردار ادا کر سکتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ کلثوم نواز کی بیماری کی وجہ سے پوری پارٹی پریشان ہے۔ ایسے وقت میں شکایات کے انبار لگانا ٹھیک نہیں تھا۔

    احسن اقبال نے کہا کہ یہ تاثر عام ہے کہ مسلم لیگ ن کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، الیکشن کو صاف شفاف بنانا ہر فرد اور ادارے کا فرض ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عدالتوں سمیت تمام اداروں کا احترام کرتا ہوں۔ سیاست میں ٹکراؤ کی وجہ سے معاشی طور پر پاکستان تباہ ہو رہا ہے۔ تعاصب کی بنیاد پر سیاست ختم ہونی چاہیئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عمران خان خیبرپختونخوامیں کوئی یونیورسٹی نہ بنا سکے: احسن اقبال

    عمران خان خیبرپختونخوامیں کوئی یونیورسٹی نہ بنا سکے: احسن اقبال

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان خیبرپختونخواہ میں کوئی یونیورسٹی نہ بنا سکے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ ن لیگی حکومت نے ملک میں نئی یونیورسٹیز اور کالج بنائے، البتہ مخالفین ایسی کوئی مثال پیش نہیں‌ کرسکتے.

    انھوں نے مزید کہا کہ ہمارے دورمیں 18 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے شروع کیے گئے، اسی طرح سی پیک کے تحت گوادر کو جدید ترین بندرگاہ بنایا جارہا ہے.

    سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ترقی کا نیا دورشروع ہوچکا ہے، آج ملک میں لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہے.

    احسن اقبال نے مزید کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے 10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا.

    پریس کانفرنس میں بدنظمی

    احسن اقبال کی پریس کانفرنس میں اس وقت بدنظمی پیدا ہوگئی، جب شرکا میں سے چند افراد نے "گو نوازگو” کے نعرے لگائے، جس کی وجہ سے انھیں پریس کانفرنس کچھ دیر کے لیے روکنی پڑی۔

    یاد رہے کہ ماضی میں‌ ایک جلسے کے دوران سابق وفاقی وزیر پر جوتا اچھالا گیا تھا، اسی طرح ان پر قاتلانہ حملے کا افسوس ناک واقعہ بھی ایک جلسے کے اختتام پر پیش آیا تھا.


    آج کرپشن کے مگرمچھ ڈرائی کلین ہوکرپی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں: احسن اقبال


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عمران خان نے کبھی بلدیاتی الیکشن نہیں لڑا وہ بیس کروڑ کی نمائندگی کیسے کریں گے، احسن اقبال

    عمران خان نے کبھی بلدیاتی الیکشن نہیں لڑا وہ بیس کروڑ کی نمائندگی کیسے کریں گے، احسن اقبال

    لاہور : مسلم لیگ ن رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کبھی بلدیاتی الیکشن نہیں لڑا وہ بیس کروڑ کی نمائندگی کیسے کریں گے جبکہ لاہور ہائی کورٹ نے احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت 22 جون تک ملتوی کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مظاہرعلی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔

    عدالت میں احسن اقبال کی 50 منٹ کی تقریر پروجیکٹر پر دکھائی گئی، عدالت نے ریمارکس دیے کہ اپنی تقریر میں آپ اکنامکس اور سی پیک کے متعلق اچھی گفتگو کر رہے تھے، اس دوران آپ نے چیف جسٹس کے متعلق گفتگو کیوں شروع کر دی کیا آپ کو غیر ملکیوں کے سامنے چیف جسٹس کے متعلق ایسی گفتگو کرنی چاہیے تھی۔

    احسن اقبال نے کہا کہ میری پوری تقریر برداشت اور مفاہمت کے متعلق تھی عدلیہ کی توہین کے متعلق سوچ بھی نہیں سکتا وہ ایک شکوہ تھا جو میں نے کیا،

    عدالت نے کیس کی مزید سماعت 22 جون تک ملتوی کر دی جبکہ قصور میں عدلیہ مخالف ریلی کے ملزمان کے خلاف کیس کی سماعت بھی ملتوی کر دی گئی۔

    سماعت کے بعد احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ثابت کیا کہ وہ اناڑی سیاست دان ہیں ،انہوں نے آج تک بلدیاتی الیکشن نہیں لڑا نہ ہی انہیں کوئی تجربہ ہے وہ بیس کروڑ عوام کی قیادت کیسے کر سکتے ہیں۔

    ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عدلیہ کا احترام کرتا ہوں میرا مقابلہ عدلیہ سے نہیں بلکہ انتہاء پسندانہ سوچ سے ہے، انشااءاللہ کلثوم نواز جلد صحت یاب ہو کر پاکستان لوٹیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ قیادت کی غیر موجودگی کی باوجود مسلم لیگ ن کے امیدواراچھی انتخابی مہم چلا رہے ہیں، زلفی بخاری کا معاملہ متنازعہ ہو گیا ہے، عمران خان کہتے ہیں کہ ان کے کہنے پر نام نہیں نکالا گیا جبکہ زلفی بخاری کے وکیل کہتے ہیں کہ عمران خان کے فون کے بعد زلفی بخاری کو باہر جانے کی اجازت دی گئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔