Tag: Aids Patient

  • ایڈز کا شکار ہونے والے 46 بچے تھیلیسمیا کے بھی مریض ہیں: تحقیقاتی رپورٹ

    ایڈز کا شکار ہونے والے 46 بچے تھیلیسمیا کے بھی مریض ہیں: تحقیقاتی رپورٹ

    لاڑکانہ : رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی ایڈز کا شکار ہونے والے46بچے تھیلیسمیا کے بھی مریض ہیں، واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرکے وزارت قومی صحت کو ارسال کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی ایڈز کے کیسز کے بارے میں ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام نے واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرکے وزارت قومی صحت کو ارسال کر دی ہے۔

    تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ایچ آئی وی ایڈز کا شکار ہونے والے46بچے تھیلیسمیا کے مرض میں مبتلا ہیں،ان بچوں کی عمریں دو تا چودہ برس ہیں، بچوں میں ایڈز کی تصدیق غیر سرکاری ادارے کے سینٹرمیں ہوئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غیر سرکاری ادارے کے تھلیسمیا سینٹر میں بچوں کو خون لگایا جاتا ہے، بچوں کو ایچ آئی وی ایڈز غیر معیاری انتقال خون سے ہوا، ایڈز سے متاثرہ 46 بچوں کو دیگر امراض بھی لاحق ہیں۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کو تین ہزار ایڈز ٹیسٹ کٹس فراہم کر دیں، چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ میں ایڈز کا تشخیصی مرکز قائم کر دیا گیا ہے، ایچ آئی وی ایڈز کا شکار بچوں کے خاندان والوں کے ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • ایڈز کے مریضوں میں تشویش ناک اضافہ، رجسٹرڈ مریض 16 ہزار ہوگئے

    ایڈز کے مریضوں میں تشویش ناک اضافہ، رجسٹرڈ مریض 16 ہزار ہوگئے

    اسلام آباد: وزارتِ صحت نے پاکستان میں ایڈز  کے وائرس سے متاثرہ افراد کے اعداد و شمار جاری کردئیے جس میں رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 16 ہزار بتائی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارتِ قومی صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں ایڈز کے وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں ایڈز کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 16 ہزار جب کے غیر رجسٹرڈ افراد کی تعداد 90 ہزار سے زائد تک جاپہنچی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’پنجاب میں رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 8 ہزار 300 سے زائد، سندھ میں 5 ہزار 54، بلوچستان میں 441 ، خیبرپختونخوا میں 1591، اسلام آباد میں 186 اور آزاد جموں و کشمیر میں 177 افراد ایڈز کے خطرناک مرض میں مبتلاء ہیں‘‘۔

    وزارتِ صحت کی دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’ملک میں سب سے کم ایڈز کے مریض گلگت بلتستان میں ہیں جن کی تعداد 8 ہے جبکہ قبائلی علاقوں میں 458 افراد ایڈز کے وائرس کا شکار ہیں‘‘۔

    حکام وزاتِ صحت نے کہا ہے کہ ’’پاکستان میں ایڈز کے مریضوں کی رجسٹرڈ تعداد میں سے 7 ہزار سے زائد قابل علاج ہیں جبکہ ملک کے مختلف علاقوں میں ایڈیز 20 سے زائد سینٹرز موجود ہیں تاہم رواں سال مزید 10 سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا‘‘۔