Tag: AIG Karachi

  • کراچی میں جلاؤ گھیراؤ: کتنے افراد کو گرفتار کیا گیا؟

    کراچی میں جلاؤ گھیراؤ: کتنے افراد کو گرفتار کیا گیا؟

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گزشتہ دنوں جلاؤ گھیراؤ، دہشت گردی اور پھر ملزمان کی گرفتاری کے معاملات پر اہم اجلاس طلب کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف مقامات پر جلاؤ گھیراؤ اور دہشت گردی کے معاملے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اہم اجلاس طلب کرلیا۔

    اجلاس میں شعبہ تفتیش کے تمام ایس ایس پیز کو طلب کیا گیا ہے، ایڈیشنل آئی جی کراچی 9 مئی کو ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ لیں گے۔

    اجلاس میں شعبہ تفتیش کے افسران کو پروگریس رپورٹ ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے جس میں اس حوالے سے تفصیلات ہوں گی کہ کتنے ملزمان گرفتار ہوئے اور کتنے مفرور ہیں۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسٹ پولیس نے دہشت گردی ایکٹ کے تحت 3 مقدمات درج کیے، 75 ملزمان کو نامزد کرنے کے بعد 31 کو گرفتار کر کے جیل بھجوایا گیا۔

    دہشت گردی میں ملوث 44 ملزمان تاحال مفرور ہیں۔

    ان کے علاوہ 6 مقدمات میں 97 ملزمان کو نامزد کر کے 88 کو گرفتار کیا گیا، 54 ملزمان ضمانت پر، 30 کو سیکشن 63 کے تحت رہا کیا گیا۔

    اجلاس میں پیش کیے جانے کے لیے شارع فیصل پر موجود تمام کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جائیں گی جس کے لیے پولیس حکام کی جانب سے کمانڈ اینڈ کنٹرول کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

  • ایک سی سی ٹی وی کیمرہ25اہلکاروں کی کمی پوری کرتا ہے، اے آئی جی کراچی

    ایک سی سی ٹی وی کیمرہ25اہلکاروں کی کمی پوری کرتا ہے، اے آئی جی کراچی

    کراچی : ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام ماڈرن پولیسنگ سیف سٹی منصوبے کے بغیر ممکن نہیں ہے۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ مختلف برادریوں کی جانب سے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کاسلسلہ جاری ہے۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ 3،2سال میں سیف سٹی پروجیکٹ کی آدھی ضرورت پوری ہوجائے گی، سی سی ٹی وی نیٹ ورک کی افادیت بہت ہے، سیف سٹی پروجیکٹ کی کمی کمیونٹی کی مدد سے پوری ہورہی ہے۔

    اے آئی جی کراچی کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان پکڑے جارہے ہیں، ہمیں اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے، مزید نفری کی فوری ضرورت ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ایک کیمرہ25اہلکاروں کی کمی کو پورا کرتا ہے، کیمرہ سوتا نہیں ہے، کوتاہی نہیں کرتا، لاہور،اسلام آباد میں سیف سیٹی میں 2میگا پکسل کیمرے ہیں، کراچی میں کمیونٹی4میگا پکسل کیمرے لگارہی ہے۔

    کمیونٹی کو ڈالر کی وجہ سے کیمرے خریدنے میں مشکلات کا سامنا ہے، کراچی کو کلین اور گرین کرنے کا بیڑا بھی کمیونٹی نے اٹھایا ہے۔

  • ڈکیتی میں مزاحمت : گورنر سندھ نے پولیس چیف کے بیان کی حمایت کردی

    ڈکیتی میں مزاحمت : گورنر سندھ نے پولیس چیف کے بیان کی حمایت کردی

    کراچی : گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ڈکیتی میں مزاحمت کے حوالے سے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) جاوید عالم اوڈھو کے بیان کی حمایت کردی۔

    اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں میں مزاحمت پر پولیس چیف کے بیان کو سیاق و سبق سے ہٹا کر پیش کیا گیا۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ پولیس چیف اپنے بیان میں شہریوں کی جان بچانے کی بات کررہے تھے کیونکہ ڈکیتی میں مزاحمت کرنا اپنی جان دینے کے مترادف ہے۔

    کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ انسانی جان ایک موبائل فون سے زیادہ قیمتی نہیں ہے، شہر میں اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنا بہت ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس چیف کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہر میں جاری اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کو ہر ممکن اقدامات کرتے ہوئے سختی سے کنٹرول کریں۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ میری پولیس چیف سے بات ہوئی ہے، ان سے کہا ہے کہ اس حوالے سے مربوط حکمت عملی اور سخت ایکشن لیا جائے ، گورنر نے امید ظاہر کی کہ پولیس انشاءاللہ اسٹریٹ کرائمز کو کنٹرول کرلے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں کراچی پولیس کے سربراہ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آے آئی جی) جاویدعالم اوڈھو نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ برائے مہربانی ڈاکوؤں سے مزاحمت نہ کریں۔

    مذکورہ پریس کانفرنس انہوں نے یونیورسٹی روڈ پر این ای ڈی یونیورسٹی کے ایک طالب علم بلال ناصر کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل کے واقعے پرکی اور پولیس اقدامات سے آگاہ کیا تھا۔

  • آئی جی سندھ، اے آئی جی اور چیئرمین اینٹی کرپشن کی تبدیلی پر غور

    آئی جی سندھ، اے آئی جی اور چیئرمین اینٹی کرپشن کی تبدیلی پر غور

    کراچی: سندھ پولیس میں چند روز میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے،نئے آئی جی سندھ،اے آئی جی کراچی اور چیئرمین اینٹی کرپشن کے لیے ناموں پر غور جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن کی تبدیلی اور رضوان میمن کی بہ طور نئے چیف سیکریٹری کی تقرری کے بعد صوبے بھر میں امن و امان کے قیام اور سندھ پولیس کی کارکردگی میں مزید بہتربنانے کے لیے بڑے پیمانے پر تبدیلوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے اس سلسلے میں سندھ حکومت اچھی شہرت کے حامل افسران میں سے نئے آئی جی سندھ کے لیے غلام قادر تھیبو، ایڈیشنل آئی جی کراچی کے لیے ثنا اللہ عباسی اور چیئرمین اینٹی کرپشن کے لیے سہیل راجپوت کے ناموں پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔

    واضح رہے کہ فی الحال سندھ میں آئی جی سندھ کے عہدے پر اللہ ڈنو خواجہ اور اے آئی جی کراچی کے عہدے پر مشاق مہر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ اے آئی جی غلام قادر تھیبو اس وقت چیئرمین اینٹی کرپشن اور ثناء اللہ عباسی اے آئی جی (کاؤنٹر ٹیرر ازم ) کے فرائض انجام دے رہے ہیں جب کہ سہیل راجپوت محکمہ توانائی اور فنانس میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔

  • چوکیوں پرحملوں کے سیاسی مقاصد ہوسکتے ہیں، اے آئی جی کراچی

    چوکیوں پرحملوں کے سیاسی مقاصد ہوسکتے ہیں، اے آئی جی کراچی

    کراچی : ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر نے کہا ہے کہ پولیس اور رینجرزکی چوکیوں پر حملوں کے پیچھے کچھ لوگوں کے سیاسی مقاصد ہو سکتے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر کا کہنا تھا کہ کراچی میں پولیس اوررینجرزکی چوکیوں پرحملے کو بڑی دہشت گردی سے نہ جوڑا جائے، کچھ لوگوں کے سیاسی مقاصد ہوسکتے ہیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ کراچی میں جرائم کی وارداتوں میں ستر فیصد تک کمی آئی ہے، اسٹریٹ کرائم میں کمی لانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

    موبائل فون اسنیچنگ روکنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد لے رہے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ شہر میں گٹر کے پانی اورسگنلز کی خرابی سے ٹریفک جام ہوتا ہے جس سے لوٹ مار کی وارداتیں بڑھتی ہیں۔

     

  • جرائم پیشہ عناصر ساری جماعتوں میں ہیں، ایڈشنل آئی جی سندھ

    جرائم پیشہ عناصر ساری جماعتوں میں ہیں، ایڈشنل آئی جی سندھ

    کراچی: ایڈشنل آئی جی سندھ غلام قادر تھیبو کا کہنا ہے جرائم پیشہ عناصر ساری جماعتوں میں ہیں انہوں نے کسی سیاسی جماعت کا نام نہیں لیا۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبواپنےمؤقف پربدستور قائم ہیں ایم کیوایم میں جرائم پیشہ افراد سے متعلق بیان کی وضاحت بھی اور ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں میں مجرموں کاانکشاف بھی کردیا۔

     اے آئی جی کہتے ہیں جتنی بڑی پارٹی ہوگی اس میں جرائم پیشہ افراد کی شمولیت کے امکانات بھی اسی قدر زیادہ ہوں گے۔

    کراچی پولیس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کسی جماعت کے بجائے یہ کہا تھا کہ سیاسی گروپس مین اندرونی اختلافات ہو سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں اپنی ذمے داریاں ادا کر رہا ہوں کسی بھی جماعت کے خلاف نہیں ہوں۔

     ایک سوال کے جواب میں غلام قادرتھیبو نے احمدچنائے اور رینجرز کے چھاپے سے متعلق لاعلمی کااظہارکیا۔

  • گلشنِ بونیرمیں پولیس مقابلہ، جیل حملے میں ملوث دہشت گرد ہلاک

    گلشنِ بونیرمیں پولیس مقابلہ، جیل حملے میں ملوث دہشت گرد ہلاک

    کراچی: بدامنی سے متاثرہ علاقے گلشنِ بونیرمیں ہونے والے پولیس مقابلے میں جھڑپ کے دوران دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق چھاپے کے دوران ہونےوالی جھڑپ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی پہچان ساجد اورمتین کے نام سے ہوئی ہے اوربتایا جارہا ہے کہ یہ دونوں کراچی سینٹرل جیل پر حملہ کرنے کی سازش میں ملوث تھے۔

    پولیس نے بلدیہ ٹاؤن سے ملحقہ علاقے گلشنِ بونیرمیں جیل حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث افراد کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کی بناء پرچھاپہ مارا تھا۔

    ایک دہشت گرد کو اس وقت ہلاک کیا گیا جب وہ ایک گھرکی دیوار پھلانگنے کی کوشش کررہا تھا۔

    ایس ایس پی راؤ انوار کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے پولیس پر دستی بموں سے حملہ کیا اور گولیاں بھی چلائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ علاقے میں بجلی نہ ہونے کے سبب اندھیرا ہے اوردہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاکرنقل و حرکت کررہے ہیں۔

    اے آئی جی کراچی نے موقعٔ واردات پراضافی نفری بھیجنے کی ہدایت کردی ہے۔

  • کراچی: فائرنگ اوردیگر واقعات، 3افراد جاں بحق، 8زخمی

    کراچی: فائرنگ اوردیگر واقعات، 3افراد جاں بحق، 8زخمی

    کراچی: شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں فائرنگ سے مزید تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ لیاری کے علاقےمیرا ناکہ میں دستی بم حملے میں بچوں سمیت آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ نیوکراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں ٹارگٹ کلر بھی مارا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں تین افراد کو زندگی کےحق سے محروم کردیا گیا۔ کراچی کے علاقےملیر ندی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ واٹرپمپ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زندگی کی بازی ہارگیا جبکہ ملیر ملوک ہوٹل پر بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔

    دوسری جانب رات گئے نارتھ کراچی میں پولیس کارروائی کے دوران زخمی ہونے والا ٹارگٹ کلر فیصل عرف ماکھا اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم پندرہ سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔

    جبکہ لیاری کے علا قے میرا ناکہ پر گزشتہ شب نامعلام ملزمان نے دستی بم سے حملہ کیا جس سے بچوں سمیت آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں پہنچایا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی گئیں جبکہ لاشوں کا پوس مارٹم کیا جاسکے۔