کراچی : شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیت اداکار اعجاز اسلم کو اس مقام تک پہنچنے کیلئے بے حد محنت اور دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا، جس کا اظہار انہوں نے اے آر وائی سے گفتگو میں کیا۔
اعجاز اسلم نے جس ڈرامہ سیریل میں بھی اداکاری کی وہ تمام ڈرامے تقریباً کامیاب تمام رہے۔ اسی محنت کی بدولت آج انہیں شوبز انڈسٹری میں منفرد اداکار ہونے کا مقام حاصل ہے۔ وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ ایک بہترین ڈریس ڈیزائنر بھی ہیں۔ ان کی عمدہ کارکردگی کی بنا پر ان کو "لکس اسٹائل ایوارڈ فار اچیومنٹ ان ڈیزائن” بھی مل چکا ہے۔
اداکار اعجاز اسلم نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام "شان سحور” میں شرکت کی اور میزبان ندا یاسر کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔
انہوں نے بتایا کہ شوبز میں آنے سے پہلے میں پرنٹنگ پریس کے شعبے سے وابستہ تھا اور ساتھ ہی مجھے ماڈلنگ کا بھی شوق تھا، میں نے خود پیسے جمع کرکے اپنے موٹر سائیکل خریدی تھی۔
اعجاز اسلم نے بتایا کہ ماڈل بننے کے بعد جب پہلی بار ڈرامے کی آفر ہوئی تو والد کی طرف شدید مخالفت ہوئی تاہم والدہ نے سفارش کرکے اجازت دلوائی۔ پہلے تو میں نے ٹی وی پروڈیوسر کاظم پاشا کو منع کردیا تھا لیکن جب دوبارہ رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ تمہاری جگہ کسی اور کو لے لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جس دن میرا پہلا ڈرامہ آن ایئر ہوا اسی دن سے گھر پر فون کالز کی لائن لگ گئی، کوئی انٹرویو کا کہنے لگا تو کسی نے ڈرامے کیلئے بلایا، انہوں نے کہا کہ شوبز میں آنے کے بعد اپنی شہرت اور نام کو برقرار رکھنے کیلئے بھی علیحدہ سے محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔