Tag: Air Chief

  • اپنی نیلگوں فضاؤں کی حفاظت کے لیے ہم ہر دم تیار ہیں: سربراہ پاک فضائیہ

    اپنی نیلگوں فضاؤں کی حفاظت کے لیے ہم ہر دم تیار ہیں: سربراہ پاک فضائیہ

    اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا ہے کہ اپنی نیلگوں فضاؤں کی حفاظت کے لیے ہم ہر دم تیار ہیں۔ ہمارے اسلاف کی قربانیاں اس بات کی متقاضی ہیں کہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق اورحب الوطنی کے جذبوں کوفروغ دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پاک فضائیہ نے اپنے تمام ایئر بیسز اور تنصیبات پر 7 ستمبر یوم شہدا کے طور پر منایا۔ اس سلسلے میں ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

    تقریب میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز، افسران اور ایئر مین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دن کا آغاز 1965 اور 1971 کی جنگوں کے شہدا اور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی سے کیا گیا جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادر وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ پاک فضائیہ نے حالیہ آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں دشمن پر واضح فتح حاصل کر کے ایک مرتبہ پھر دنیا کو دکھلایا کہ اپنی نیلگوں فضاؤں کی حفاظت کے لیے ہم ہر دم تیار ہیں۔

    مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف کی قربانیاں اور اس ملک کے دفاع کی خاطر شہدا کا خون اس امر کے متقاضی ہیں کہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد پیدا کر کے وطن سے محبت اور اپنائیت کا رشتہ استوار کریں اور لسانی، علاقائی اور فرقہ وارانہ سوچ سے بالا تر ہو کر ملک کی اقتصادی، معاشرتی اور تعلیمی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

    اس دن کی مناسبت سے پاک فضائیہ کے ایک دستے نے ایئر وائس مارشل غلام عباس گھمن، ایئر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ایئر کمانڈ کی سرکردگی میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کی جانب سے پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

    یوم شہدا کے موقع پر ملک بھر میں پاک فضائیہ کے شہدا کی قبروں پر بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

  • کمانڈر ترک فضائیہ کی ائیر چیف مارشل مجاہد انور سے ملاقات

    کمانڈر ترک فضائیہ کی ائیر چیف مارشل مجاہد انور سے ملاقات

    اسلام آباد: کمانڈر ترک فضائیہ جنرل حسن کیچی کاکیاز نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق کمانڈر ترک فضائیہ جنرل حسن کیچی کاکیاز نے اپنے وفد کے ہمراہ ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

    معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

    بعد ازاں کمانڈر ترک فضائیہ نے پاک فضائیہ کے سربراہ سے ان کےدفتر میں ملاقات کی اور اس دوران علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترک کمانڈر نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے حالیہ سالوں میں پاک فضائیہ کی خود انحصاری کے میدان میں غیر معمولی ترقی کی تعریف کی۔

    اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان غیر متزلزل تعلقات اس بات کے غماز ہیں کہ ترکی نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستا ن کا ساتھ دیا ہے۔

    دونوں معزز شخصیات نے فضائی افواج کے درمیان بے مثال دوستانہ تعلقات کو نئی جہتوں سے روشناس کروانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

  • پاک ترک فضائیہ کی مشترکہ مشقیں، ایئرچیف نے لڑاکا طیارہ اڑاکر ٹریننگ مشن میں حصہ لیا

    پاک ترک فضائیہ کی مشترکہ مشقیں، ایئرچیف نے لڑاکا طیارہ اڑاکر ٹریننگ مشن میں حصہ لیا

    راولپنڈی: پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئربیس پر پاک ترک فضائیہ کی مشترکہ مشقیں ہوئیں، اس موقع پر ایئرچیف مجاہد انور خان نے لڑاکا طیارہ اڑاکر ٹریننگ مشن میں حصہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک ترک فضائیہ مشقوں میں پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہدانورخان نے لڑاکا طیارہ اڑاکرا یکسرسائز ٹریننگ مشن میں شرکت کی، انہوں نے مشترکہ مشقوں کو اہم قرار دیا۔

    اس موقع پر ایئرچیف کا کہنا تھا کہ مشقیں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے میں معاون ثابت ہوں گی، دونوں ممالک کے فضائیہ کو سیکھنے کا موقع ملا۔

    پاک چین بحریہ مشترکہ مشقیں بحیرہ عرب میں اختتام پذیر

    اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے آپریشنل بیس کا دورہ کیا تھا، انہوں نے ایکسرسائز ٹریننگ مشن میں حصہ لے کر فائٹر طیارہ بھی اڑایا تھا۔

    بعد ازاں ائیرچیف نے کومبیٹ کریو سے ملاقات میں ان جذبے اور پیشہ وا رانہ صلاحیتوں کو سراہا تھا، انہوں نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا۔

    خیال رہے کہ نومبر 2016 میں پاک بحریہ اور چینی بحریہ کے مابین چوتھی مشترکہ بحری مشقیں بحیرہ عرب میں ہوئی تھیں، چھ دن جاری رہنے والی یہ بحری مشقیں ہاربر اور سی فیز پر مشتمل تھیں۔

  • پاک فضائیہ کےسربراہ کےلیےترکی کا اعلیٰ ترین لیجن آف میرٹ ایوارڈ کا اعزاز

    پاک فضائیہ کےسربراہ کےلیےترکی کا اعلیٰ ترین لیجن آف میرٹ ایوارڈ کا اعزاز

    کراچی : پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان کو دورہ ترکی کے دوران اعلیٰ ترین ترکی کے اعزاز ’لیجن آف میرٹ‘ سے نوازا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے انقرہ میں ترک فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں ان کا استقبال ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل حسن کیچیکا کیاز نے کیا۔ اس موقع پر ایئرچیف کو ترک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

    ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں تقریب کے دوران ترکی کے فوجی اعزاز لیجن آف میرٹ سے بھی نوازا گیا۔

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئرچیف نے ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل حسن کیچیکا کیاز سے بھی ملاقات کی جس میں پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پرگفتگو کی گئی۔

    پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے کہا کہ دونوں ممالک میں برسوں پرمحیط قابل رشک تعلقات ہیں۔

    ترک فضائیہ کے سربراہ نے جنرل حسن کیچیکا کیاز نے دونوں ممالک میں دفاعی، سیکیورٹی تعاون کو سراہا اور دونوں ممالک میں باہمی تعاون، دفاعی تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

  • ائیر چیف کا ہیڈ کوارٹرز ائیر ڈیفنس کمانڈ کا پہلا دورہ

    ائیر چیف کا ہیڈ کوارٹرز ائیر ڈیفنس کمانڈ کا پہلا دورہ

    راولپنڈی: ائیر چیف مجاہد انور نے پاک فضائیہ کی قیادت سنبھالنے کے بعد ہیڈ کوارٹرز ائیر ڈیفنس کمانڈ کا پہلا دورہ کیا جہاں انہوں نے آپریشنز کا معائنہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے نئے سربراہ مارشل مجاہد انور نے قیادت سنبھالنے کے بعد ہیڈ کوارٹرز ائیر ڈیفنس کمانڈ کا پہلا دورہ کیا۔

    ایئر چیف کا استقبال ایئر وائس مارشل ظہور فیصل اور ایئر آفیسر کمانڈنگ ایئر ڈیفنس کمانڈ نے کیا۔ ایئر چیف نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں آپریشنز کا معائنہ کیا۔

    دورے کا مقصدایئر ڈیفنس کمانڈ کی تنصیبات کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔ ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے ایئر ڈیفنس عملے سے بھی ملاقات کی اور فضائی سرحدوں کے دفاع کو ہمہ وقت سر انجام دینے کے جذبے کو سراہا۔

    ایئر چیف کا کہنا تھا کہ آپریشنل تیاریوں کے لیے خلوص نیت سے کوششیں جاری رکھنی چاہیئں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وطن کی فضائی حدود کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں: ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان

    وطن کی فضائی حدود کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں: ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان

    کراچی: ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ وطن کی فضائی حدود کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہے، ہم قوم کی امیدوں پر پورا اتریں گے.

    ان خیالات کا اظہار ایئر چیف نے پی اے ایف اکیڈمی اصغرخان میں گریجویشن پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے.

    انھوں نے کہا کہ ہمارے دشمنوں کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ پاک فضائیہ وطن کی فضائی حدود کے دفاع کے لئے اپنی بھرپور قوت کے ساتھ ہمہ وقت تیار ہے. جے ایف سیونٹین کی ملکی سطح پر تیاری خود انحصاری کی بہترین مثال ہے.

    پاک فضائیہ کے سربراہ نے گریجویٹس سے کہا کہ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان سے حاصل کردہ تربیت اور علم آپ کی پیشہ ورانہ صلاحیت میں اضافے کا باعث بنے گا، آپ کو اپنے پیشہ ورانہ امور اور ذاتی زندگی میں دوسروں کے لئے بہترین مثال بننا ہوگا.

    ایئر چیف کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے اپنی آپریشنل تیاریوں کو مزید بہتر بنانے کے لئے موثر اقدامات کیے ہیں، ہماری خود انحصاری کی کاوشیں سودمند ثابت ہو رہی ہیں، پاک فضائیہ کی مسلح افواج کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے اور ملکی اور علاقائی امن کو بحال کرنے کی کاوشوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔

    پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغرخان میں 120 ویں کمبیٹ سپورٹ کورس اور 40 ویں بی ایل پی سی کورس کی گریجویشن اور اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ کے 10 کیڈ ٹس کی کمیشنگ کی  اس تقریب میں‌ ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست بھی موجود تھے۔

    اس تقریب میں 9 خواتین کیڈٹس سمیت 47 کیڈٹس گریجویٹ ہوئے، مہمانِ خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس میں برانچ کا نشان اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔


    نئےایئرچیف مارشل مجاہد انورخان نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا

    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

     

  • نئےایئرچیف مارشل مجاہد انورخان نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا

    نئےایئرچیف مارشل مجاہد انورخان نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا

    راولپنڈی : ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جنرل قمرجاوید باجوہ نے عہدہ سنبھالنے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔

      پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ کے نئے سربراہ ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے راولپنڈی

    میں جنرل ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، جی ایچ کیو آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

    ایئر چیف مجاہد انور کو ان کے اعزاز  میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، اس موقع پر انہوں نے یادگار شہداء پرحاضری دی اور پھول چڑھائے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بعد ازاں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ایئرچیف نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر جنرل قمرجاوید باجوہ نے ایئرچیف مجاہد انورخان کو فضائیہ کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد دی، انہوں نے نئے ایئر چیف کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

    مزید پڑھیں: ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کی کمانڈ سنبھال لی

    یاد رہے کہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے گزشتہ روز پاک فضائیہ کی کمانڈ سنبھال لی تھی، سابق ایئر چیف سہیل امان نے پاک فضائیہ کی کمان ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کو سونپی، پاک فضائیہ میں کمان کی تبدیلی کی پروقارتقریب میں سہیل امان نے نئے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کو بیجز بھی لگائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔