Tag: air force

  • پاک فضائیہ کے ایئر مارشل ظہیر احمد بابر نئے ایئر چیف مقرر

    پاک فضائیہ کے ایئر مارشل ظہیر احمد بابر نئے ایئر چیف مقرر

    اسلام آباد: پاک فضائیہ کے ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نئے ایئر چیف مقرر کر دیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ایئر مارشل ظہیر احمد بابر کی بطور ایئر چیف تقرری کی منظوری دے دی۔

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر مارشل ظہیر احمد بابر 19 مارچ کو عہدہ سنھالیں گے، نئے ایئر چیف کا تعلق گجرات کے گاؤں سدھ سے ہے، انھوں نے برطانیہ کے کامبیٹ کمانڈرز اسکول، ایئر وار کالج اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز سے تعلیم حاصل کی۔

    ظہیر احمد بابر نے 1986 میں بطور فائٹر پائلٹ پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی تھی، وہ فائٹر اسکواڈرن، آپریشنل ایئر بیس اور ریجنل ایئر کمانڈ رہ چکے ہیں۔

    ظہیر احمد بابر اس وقت ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف ایڈمنسٹریشن کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انھوں نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اسسٹنٹ چیف آف دی ایئر اسٹاف (آپریشن ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ)، اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف (ٹریننگ آفیسرز) اور ڈائریکٹر جنرل پروجیکٹس کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔

    ظہیر احمد بابر وزارت دفاع میں ایڈیشنل سیکریٹری بھی رہ چکے ہیں، انھیں خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔

    خیال رہے کہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور کل اپنے عہدے سے سُبک دوش ہو جائیں گے۔

  • پاک چین دوستی زندہ باد، چین کی ایروبیٹک ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    پاک چین دوستی زندہ باد، چین کی ایروبیٹک ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    اسلام آباد: دوست ملک چین کی ایروبیٹک ٹیم یوم پاکستان پر کرتب دکھانے پاکستان پہنچ گئی، چینی فضائیہ کی ٹیم اپنے فن کا مظاہرہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کا سب سے اچھا دست ملک چین اب یوم پاکستان پر بھی اپنا حصہ ڈالے گا، چینی فضائیہ یوم پاکستان پر اپنے فن کا مظاہرہ کرے گی۔

    پی ایل اے اے ایف کے پائلٹ تئیس مارچ کو اپنے جہازوں سے مختلف کرتب اور فن کا مظاہرہ کریں گے۔

    پی ایل اے اے ایف کے جہازوں میں جے ٹین، جے جے فائیو فائٹر ٹرینر جیٹس شامل ہوں گے، ننھے ننھے بچوں نے پاکستان اور چین کے پرچم اٹھائے پائلٹس کا استقبال کیا۔

    دنیا بھر سے اہم شخصیات کو یوم پاکستان کے موقع پر مدعو کیا جائے گا، ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد 23مارچ کو یوم پاکستان کی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں۔

    ہائی کمشنرنفیس زکریا نے ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کو دورہ پاکستان کی باضابطہ دعوت دے دی، وزیراعظم مہاتیرمحمد 23مارچ کو خصوصی شرکت کریں گے۔

    ملائیشین وزیراعظم یوم پاکستان پریڈمیں مہمان خصوصی ہوں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

    یاد رہے 20 نومبر کو وزیراعظم پاکستان کا دارالحکومت کوالالمپور پہنچنے پر بھی ملائشین ہم منصب نے پرتپاک استقبال کیا تھا، وزیراعظم عمران خان اور ڈاکٹر مہاتیر محمد کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی، دونوں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی، وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا مہاتیر محمد اور انہیں کرپشن کے خلاف ووٹ ملے۔

  • جاپان کے وائس چیف آف جوائنٹ اسٹاف کا ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

    جاپان کے وائس چیف آف جوائنٹ اسٹاف کا ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

    اسلام آباد : جاپان کے لیفٹینٹ جنرل تاکاشی موتومتس، وائس چیف آف جوائنٹ اسٹاف سیلف ڈیفنس فورسز نے آج ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔

    ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا، پاک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

    بعد ازاں لیفٹینٹ جنرل تاکاشی موتومتس نے ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان سے ان کے آفس میں ملاقات کی اوردونوں سربراہان نے پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تباد لہ خیال کیا۔

    لیفٹینٹ جنرل تاکاشی موتومتس نے پاک فضائیہ کے افراد کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی ،ائیر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کے خود انحصاری کے مختلف منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

    ملاقات کے دوران دونوں معزز شخصیات نے باہمی تعاون اور دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا جس کی بدولت دونوں ملکوں کے درمیان بالعموم اور دونوں فضائی افواج کے مابین بالخصوص دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔

    یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سات برس میں کسی بھی جاپانی عسکری عہدیدار کا یہ پہلا پاکستانی دورہ ہے۔

  • پاک ترک فضائیہ کی مشترکہ مشقیں، ایئرچیف نے لڑاکا طیارہ اڑاکر ٹریننگ مشن میں حصہ لیا

    پاک ترک فضائیہ کی مشترکہ مشقیں، ایئرچیف نے لڑاکا طیارہ اڑاکر ٹریننگ مشن میں حصہ لیا

    راولپنڈی: پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئربیس پر پاک ترک فضائیہ کی مشترکہ مشقیں ہوئیں، اس موقع پر ایئرچیف مجاہد انور خان نے لڑاکا طیارہ اڑاکر ٹریننگ مشن میں حصہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک ترک فضائیہ مشقوں میں پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہدانورخان نے لڑاکا طیارہ اڑاکرا یکسرسائز ٹریننگ مشن میں شرکت کی، انہوں نے مشترکہ مشقوں کو اہم قرار دیا۔

    اس موقع پر ایئرچیف کا کہنا تھا کہ مشقیں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے میں معاون ثابت ہوں گی، دونوں ممالک کے فضائیہ کو سیکھنے کا موقع ملا۔

    پاک چین بحریہ مشترکہ مشقیں بحیرہ عرب میں اختتام پذیر

    اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے آپریشنل بیس کا دورہ کیا تھا، انہوں نے ایکسرسائز ٹریننگ مشن میں حصہ لے کر فائٹر طیارہ بھی اڑایا تھا۔

    بعد ازاں ائیرچیف نے کومبیٹ کریو سے ملاقات میں ان جذبے اور پیشہ وا رانہ صلاحیتوں کو سراہا تھا، انہوں نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا۔

    خیال رہے کہ نومبر 2016 میں پاک بحریہ اور چینی بحریہ کے مابین چوتھی مشترکہ بحری مشقیں بحیرہ عرب میں ہوئی تھیں، چھ دن جاری رہنے والی یہ بحری مشقیں ہاربر اور سی فیز پر مشتمل تھیں۔

  • نشانِ حیدرحاصل کرنے والے شیردل سپوت

    نشانِ حیدرحاصل کرنے والے شیردل سپوت

    نشانِ حیدر افواجِ پاکستان کا سب سے بڑا فوجی اعزاز ہے جو کہ وطن کی حفاظت کی خاطر اپنی جان قربان کرنے والے شیر دل فوجیوں کو دیا جاتا ہے، اب تک پاکستان کے دس سپوت یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

    پاکستان میں نشانِ حیدر حاصل کرنے والے دس فوجیوں میں میجر طفیل نے سب سے بڑی عمر یعنی 44 سال میں شہادت پانے کے بعد نشان حیدر حاصل کیا، باقی فوجی جنہوں نے نشان حیدر حاصل کیا ان کی عمریں 40 سال سے

    بھی کم تھیں جبکہ سب سے کم عمر نشان حیدر پانے والے پائلٹ آفیسر راشد منہاس تھے جنہوں نے دورانِ تربیت 20 سال 6 ماہ کی عمر میں شہادت کے منصب پر نشان حیدر اپنے نام کیا۔ اب تک بری فوج کے حصہ میں 9 جبکہ پاک فضائیہ کے حصے میں ایک نشان حیدر آیا ہے۔

    نشانِ حیدر کے مساوی ’ہلال کشمیر ‘ ہے جو کہ آزاد کشمیر کی فوج سے تعلق رکھنے والے فوجیوں کو دیا جاتا ہے ، اب تک یہ اعزاز صرف ایک فوجی سیف اللہ جنجوعہ کے حصے میں آیا ہے۔

    نشانِ حیدر


    نشان حیدر کا اجراء 16 مارچ 1957 سے کیا گیا، اور سنہ 1947 سے اس وقت تک اس نشان کے حق دار شہدا ء کو اس اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ پاکستان میں دیے جانے والے تمام سول اور ملٹری اعزازوں میں سب سے بڑا امتیازی نشان ہے۔

    یہ اعزاز پیغمبر اسلام ﷺ کے نامور صحابی اور خلیفہ چہارم حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے منسوب ہے جن کا لقب حیدرِ کرار ہے اوران کا شمار جلیل القدر، جری اور دلیرصحابہ کرام میں ہوتا ہے۔

    فوج کے کسی بھی رینک اور شعبے سے تعلق رکھنے والے بہادر کو اس اعزاز سے نوازا جاسکتا ہے، اسے حاصل کرنے کا معیار حالت ِ جنگ میں انتہائی خطرے کے مقام پر جرات وبہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہید ہوجانا ہے۔

    نشانِ حیدر پاکستان منٹ میں وزارتِ دفاع کے خصوصی آرڈر پر تیار کیا جاتا ہے اور اس کی تشکیل میں دشمن سے چھینے گئے اسلحے کی دھات کو استعمال کیا جاتا ہے، نشانِ حیدر 88 فیصد کاپر ، 10 فیصد ٹن اور 2 فیصد زنک کے امتزاج سے تشکیل دیا جاتا ہے۔

    کیپٹن محمد سرور شہید


    کیپٹن سرور 1910 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے، قیام پاکستان سے قبل 1944 میں پنجاب رجمنٹ میں شمولیت اختیار کی ، 1948 میں کشمیر آپریشن میں ہندوستان کی فوج کے مقابلے میں اوڑی کے مقام پر 50 گز کے فاصلے پر فائرنگ کی زد میں آئے، اس وقت وہ خاردار تاریں کاٹ کر آگے بڑھنے کی کوشش کر رہے تھے۔ کیپٹن سرور کی شہادت کے وقت عمر 38سال تھی۔

    میجر طفیل محمد شہید


    طفیل محمد 1914 میں پنجاب کے علاقے ہوشیار پور میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1943 میں پاک و ہند کی تقسیم سے قبل فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔1958 میں مشرق پاکستان (موجودہ بنگلہ دیش) میں ہندوستان کی فوج نے بین الاقوام سرحد کی خلاف ورزی کی اور ایک گاؤں میں داخل ہوئی، اس گاؤں کو انہوں نے ہندوستان کی فوج سے واگزار کروالیا، مگر اس دوران وہ دست بدست بھی مخالف فوج سے لڑنے سے شدید زخمی ہونے کے باعث ان کی شہادت ہوئی۔میجر طفیل شہید کی جس وقت شہادت ہوئی ان کی عمر 44 سال تھی، وہ سب سے زیادہ عمر میں نشان حیدر حاصل کرنے والے فوجی ہیں۔

    میجر راجہ عزیز بھٹی شہید


    راجہ عزیز بھٹی 1928 میں ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق گجرات سے تھا، عزیز بھٹی نے 22 سال کی عمر میں پنجاب رجمنٹ میں شمولیت اختیار کی۔1965 کی جنگ میں مشہور زمانہ بی آر بی نہر کے کنارے برکی میں ایک کمپنی کی کمان کر رہے تھے، نہر کے کنارے ایک مقام پر ہندوستان کی فوج قابض ہو گئی تھی، انہوں نے اپنے سپاہیوں کے ہمراہ مخالف فوج سے علاقہ واگزار کروا لیا مگر ہندوستانی فوج کے ٹینک کا ایک گولہ ان کو آ کر لگا جس سے ان کی شہادت ہوئی۔ میجر عزیز بھٹی شہید کی جس وقت شہادت ہوئی ان کی عمر 37 سال تھی۔ یاد رہے کہ راجہ عزیز بھٹی سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ماموں تھے۔

    میجر محمد اکرم شہید


    محمد اکرم 4 اپریل 1938 کو گجرات میں پیدا ہوئے، انہوں نے 21 سال کی عمر میں 1959 میں فوج میں شمولیت اختیار کی، انہوں نے 1965 کی جنگ میں شرکت کی اور کئی محاذوں پر ہندوستان کی فوج کا مقابلہ کیا۔1971کی جنگ میں مشرقی پاکستان (موجودہ بنگلہ دیش) میں ڈسٹرکٹ دیناج پور اپنے علاقے کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہوئے خیال رہے کہ دیناج پور جنگ اسی علاقے میں شامل تھا جہاں 23 نومبر 1971 سے 11دسمبر 1971 تک بوگرہ جنگ لڑی گئی، اس جنگ میں محمد اکرم کو ہیرو کا درجہ ملا۔31 سال 8 ماہ کی عمر میں شہید ہونے والے میجر محمد اکرم کو مشرقی پاکستان (موجود بنگلہ دیش) میں ہی دفنایا گیا، البتہ بعد ازاں ان کے آبائی علاقے جہلم میں یاد گار تعمیر کی گئی۔

    پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید


    راشد منہاس 17 فروری 1951 کو کراچی میں پیدا ہوئے، انہوں نے 13 مارچ 1971 کو پاک فضائی میں شمولیت اختیار کی، اسی سال 20 اگست کو دوران تربیت ان کے استاد (انسٹرکٹر) مطیع الرحمن نے پاکستان کے جہاز کواغواء کرکے پندوستان لے جانے کی کوشش کی تو جہاز کے کاک پٹ میں پہلے دست بدست لڑائی ہوئی ،بعد ازاں راشد منہاس نے جہاز کو ہندوستان کے بارڈر سے 51 کلومیٹر دور ہی زمین سے ٹکرا دیا جس سے ان کی شہادت ہوئی۔

    راشد منہاس فوج کا اعلیٰ ترین اعزاز نشان حیدر پانے والے کم عمر ترین فوجی ہیں شہادت کے وقت ان کی عمر صرف 20 سال اور6ماہ تھی جبکہ ان کو پاکستان ائر فورس کا حصہ بنے بھی صرف 5 ماہ ہوئے تھے۔

    میجرشبیرشریف شہید


    شبیر شریف 28 اپریل 1943 کو گجرات میں پیدا ہوئے، انہوں نے 21 سال کی عمر میں 1964 میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی، ان کے والد شریف احمد بھی فوج میں میجر رہے تھے۔1965 کی جنگ میں وہ بحیثیت سیکنڈ لفٹیننٹ شریک ہوئے ان کو کشمیر میں تعینات کیا گیا تھا۔

    سنہ 1971 میں جب مشرقی پاکستان (موجودہ بنگلہ دیش) میں جنگ جاری تھی، تو پنجاب میں ہیڈ سلیمانکی کو ہندوستان کی فوج کے قبضے سے واگزار کروانے میں کامیابی حاصل کی اس جنگ میں ہندوستان کے 4 ٹینک تباہ، 42 فوجی ہلاک اور 28 قیدی بنائے گئے۔ملک کے بڑے رقبے کو پانی فراہم کرنے والے بند ہیڈ سلیمانکی پر حفاظت کے دوران ان کو ہندوستان کے ٹینک کا گولہ لگا جس سے28 سال کی عمر میں ان کی شہادت ہوئی۔ آپ سابق آرمی چیف راحیل شریف کے بڑے بھائی تھے۔

    جوان سوار محمد حسین شہید


    سوار محمد حسین جنجوعہ 18 جون 1949 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے، وہ 17 سال کی عمر میں پاک فوج میں بحیثیت ڈرائیور شامل ہوئے۔1971 کی جنگ میں سیالکوٹ میں ظفر وال اور شکر گڑھ کے محاذ جنگ پر گولہ بارود کی ترسیل کرتے رہے، ان کی نشاندہی پر ہی پاک آرمی نے ہندوستان کی فوج کے 16 ٹینک تباہ کیے، 10 دسمبر 1971 کو ہندوستانی فوج کی شیلنگ کی زد میں آکر سوار محمد حسین شہید ہوئے۔

    جس وقت سوار محمد حسین کی شہادت ہوئی ان کی عمر محض 22 سال اور 6 ماہ تھی۔وہ پاک فوج کے پہلے سب سے نچلے رینک کے اہلکار یعنی سپاہی تھے جن کو ان کی بہادری پر نشان حیدر دیا گیا۔

    لانس نائیک محمد محفوظ شہید


    محمد محفوظ 25 اکتوبر 1944 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے، انہوں نے 25 اکتوبر 1962 کو ٹھیک 16 سال کی عمر میں فوج میں بحیثیت سپاہی شمولیت اختیار کی۔1971 کی جنگ میں ان کی تعیناتی واہگہ اٹاری سرحد پر تھی، وہلائٹ مشین گن کے آپریٹر تھے، ہندوستان کی فوج کے شیلنگ سے ان کی مشین گن تباہ ہوئی جبکہ ان کی کمپنی (فوجی داستہ) مخالف فوج کی زد میں آگیا۔

    شیلنگ سے لانس نائیک محمد محفوظ کی دونوں ٹانگیں زخمی ہو گئیں انہوں نے اسی زخمی حالت میں ہندوستان کے ایک بنکر (جہاں سے پاکستانی فوج کو نشانہ بنایا جا رہا تھا) میں غیر مسلح حالت میں گھس کر حملہ کیا اور ایک ہندوستانی سپاہی کو گلے سے دبوچ لیا، البتہ ایک اور ہندوستانی فوجی نے ان پر خنجر سے حملہ کرکے انہیں شہید کر دیا۔لانس نائیک محمد محفوظ کی بہادری کا اعتراف ہندوستان کے فوجیوں نے بھی کیا۔

    ان کی شہادت کے بعد 23 مارچ 1972 کو بہادری پر سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر انہوں سے نوازا گیا۔بعد ازاں ان کے گاؤں پنڈ مایکان کو محفوظ آباد کا نام بھی دیا گیا۔

    کیپٹن کرنل شیر خان شہید


    کرنل شیر خان یکم جنوری 1970 کو خیبر پختونخوا کے علاقے صوابی میں پیدا ہوئے۔1999 میں جب کارگل میں جنگ شروع ہوئی تو 17 ہزار فٹ کی بلندی پر انہوں نے ہندوستان کی فوج پر اس وقت حملہ کیا جب وہ با آسانی پاک فوج (کیپٹن کرنل شیر خان کی بٹالین) کی نقل و حرکت کو باآسانی دیکھ سکتے تھے، ان کا حملہ مخالف فوج کے لیے نہ صرف حیران کن تھا بلکہ انڈین آرمی کو بالکل بھی توقع نہیں تھی کہ اس طرح سے بھی کوئی فوجی افسر حملہ کرسکتا ہے۔ ہندوستان کی فوج نے پاکستان کی چوکیوں کو گھیرنے کی کوشش کی جس کے جواب میں کیپٹن کرنل شیر خان نے اپنے سپاہیوں کے ہمراہ مخالف فوج پر حملہ کردیا۔

    شیر خان کے ہمراہ ان کی دو بٹالین نے ہندوستان کی فوج سے نہ صرف اپنے 5 چوکیوں کو محفوظ بنایا بلکہ ان کی کئی چوکیوں پر بھی قبضہ کیا اور ہندوستانی فوج کو ان کے بیس کیمپ تک واپس دھکیل دیا البتہ 5 جولائی 1999 کو کرنل شیر خان کی چوکی ایک بار ہندوستانی فوج کی زد میں آئی، اس دوران وہ مشین گن کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوئے اور ان کی شہادت ہوگئی۔کرنل شیر خان خیبر پختونخوا سے پہلے فوجی اہلکار تھے جن کو نشان حیدر دیا گیا، شہادت کےوقت ان کی عمر 29 سال 7 ماہ تھی۔

    حوالدار لالک جان شہید

    لالک جان یکم اپریل 1967 کو گلگت بلتستان کےضلع غذر میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1984 میں پاک فوج میں 17 سالہ کی عمر میں سپاہی کی حیثیت میں شمولیت اختیار کی۔1999 میں جب کارگل جنگ کا آغاز ہوا تو وہ ناردرن لائت انفنٹری ڈویژن کے ہیڈ کوارٹر میں تعینات تھے انہوں نے زمینی جنگ کی اطلاع ملنے پر اصرار کرکے اپنی تعیناتی جنگ کے محاذ پر کروائی۔

    7 جولائی 1999 کو شہادت سے قبل لالک جان نے اپنی پوسٹ پر 3 دن کے دوران ہونے والے ہندوستانی فوج کے 17 حملوں کو ناکام بنایا۔7 جولائی کو تین اطراف سے ہونے والے حملے میں لالک جان کو کمپنی کمانڈر کی جانب سے پوسٹ چھوڑنے کی بھی تجویز دی گئی مگر انہوں نے اسے مسترد کر دیا اور ہندوستانی فوج سے مقابلہ کیا، اس دوران ان کے سینے پر مشین گن کا برسٹ لگا البتہ زخمی حالت میں بھی انہوں نے تین گھنٹوں تک مخالف فوج کا مقابلہ کیا، بعد ازاں جب پاک فوج کی نفری چوکی پر پہنچی تو ان کی شہادت ہوچکی تھی۔

    جس وقت لاک جان کی شہادت ہوئی ان کی عمر 32سال تین ماہ تھی، وہ نشان حیدر حاصل کرنے والے اب تک کے آخری فوجی اہلکار ہیں۔

    سیف اللہ جنجوعہ ( ہلالِ کشمیر)۔


    سیف اللہ جنجوعہ 1922 کو نکیلا میں پیدا ہوئے، 18 سال کی عمر میں 1940 میں پاک وہند کی تقسیم سے قبل فوج میں شمولیت حاصل کی۔1948 میں کشمیر رجمنٹ کی جانب سے لڑتے ہوئے انہوں نے مشین گن سے ہندوستان کا طیارہ مار گرایا تھا جبکہ توپ کا گولہ ان کی پوسٹ پر لگا، ان کو ہلال کشمیر سے نوازا گیا جو کہ پاکستان کے نشان حیدر کے مساوی ہے۔جس وقت نائیک سیف اللہ جنجوعہ کی شہادت ہوئی ان کی عمر 26 سال 6 ماہ تھی۔

  • سعودی عرب میں داغا گیا حوثی باغیوں کا میزائل فضا میں تباہ

    سعودی عرب میں داغا گیا حوثی باغیوں کا میزائل فضا میں تباہ

    ریاض: سعودی عرب کے شہر نجران میں حوثی باغیوں کی جانب سے داغا گیا بیلسٹک میزائل سعودی فضائیہ نے فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق یمن میں موجود حوثی باغیوں کی جانب سے ایک بار پھر سعودی عرب کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم سعودی ایئر ڈیفنس نے نجران میں داغا گیا میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیا۔

    حوثی جنگجوؤں کی جانب سے یمن کے آزاد کرائے جانے والے صوبوں اور سعودی اراضی پر بیلسٹک میزائلوں کے حملوں میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے کہ جب حوثیوں کو زمینی طور پر شکست کا سامنا اور تمام محاذوں پر اس کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔

    سعودی عرب نے حوثی باغیوں کا میزائل حملہ ناکام بنا دیا

    واضح رہے کہ گذشتہ دنوں حوثی جنگجوؤں کی جانب سے یمنی سرحد سے سعودی عرب کے شہر جازان میں واقع آرمکو آئل کمپنی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم جواب میں سعودی فورسز نے بیلسٹک میزائل کو یمنی بارڈر پر ہی ناکارہ بنا دیا تھا۔

    یاد رہے کہ گذشہ ماہ بھی یمنی حوثی باغیوں نے سعودی عرب پر بلیسٹک میزائل سے حملہ کیا تھا، میزائل سعودی شہر جازان کی طرف داغا گیا تاہم سعودی ایئر ڈیفنس سسٹم نے میزائل کو راستے میں تباہ کر دیا تھا۔

    حوثی باغیوں کا سعودی شہر جازان پر بیلسٹک میزائل سے حملہ

    خیال رہے کہ سعودی عرب کے اتحادی فورسز کی جانب سے 2015 سے اب تک حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے 107 بلیسٹک میزائلوں اور ایک اسکڈ میزائل کو فضا ہی میں ناکارہ بنایا جاچکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سربراہ پاک فضائیہ ائیرچیف مارشل سہیل امان کےلیے امریکی لیجن آف میرٹ کا اعزاز

    سربراہ پاک فضائیہ ائیرچیف مارشل سہیل امان کےلیے امریکی لیجن آف میرٹ کا اعزاز

    اسلام آباد : پاک فضائیہ کے سربراہ کو امریکی لیجن آف میرٹ ایوارڈ سے نواز گیا، ائیر چیف سہیل امان کو انکی پیشہ وارانہ خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ائیر ہیڈ کواٹرز میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کو امریکی حکومت نے اعلی ترین ملٹری ایوارڈ لیجن آف میرٹ دیا گیا۔

    کمانڈریوایس ائیر فورس سنٹرل کمانڈ، لیفٹیننٹ جنرل جیفری ایل ہیریجین یہ اعزاز عطا کیا جبکہ امریکی فضائیہ کے چیف آف سٹاف جنرل ڈیوڈایل گولڈفین نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

    پاک فضائیہ کے سربراہ کو یہ اعزاز انکی جرأتمندانہ قیادت، دور اندیشی اوردہشتگردی کیخلاف بین الاقوامی جنگ میں غیر معمولی عزم و استقلال اور علاقائی و عالمی امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی کاوشوں کے اعتراف میں دیا گیا۔

    سربراہ امریکی فضائیہ کا کہنا تھا کہ ائیرچیف سہیل امان نے دہشت گردی کے خلاف کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئرچیف سہیل امان اور امریکی کمانڈرجیفری ایل ہیریجین کے درمیان ملاقات ہوئی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فضائی افواج کے درمیان باہمی تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • جے ایف17تھنڈرطیارے سے میزائل فائرنگ کا کامیاب تجربہ

    جے ایف17تھنڈرطیارے سے میزائل فائرنگ کا کامیاب تجربہ

    کراچی : پاک فضائیہ نے جے ایف سیونٹین سے میزائل فائرنگ کا کامیاب تجربہ کرلیا، طیارے سے میزائل فائر کیا گیا جس نے ٹھیک نشانے پر جا کر ہدف کے پرخچے اڑا دئیے، ایئرچیف سہیل امان نے غیرمعمولی سنگ میل عبورکرنے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی شاہینوں نے ایک اور بڑا کارنامہ کردکھایا، سونمیانی فائرنگ رینج میں جے ایف سیونٹین سے میزائل فائرنگ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

    ملکی ساختہ جے ایف 17تھنڈر نے سومیانی فائرنگ رینج پرفضاء سے فضاء میں مار کرنے والے میزائل کو فائر کرکے کم رفتار سے پرواز کرنے والے مطلوبہ ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔

    پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف سہیل امان کا کہنا ہے کہ میزائل فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ پاک فضائیہ کی تاریخ میں ایک سنہری باب کا اضافہ ہے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ ہم اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیں یہ غیر معمولی سنگ میل حاصل کرنے کی طاقت عطا فرمائی۔

    جے ایف17تھنڈر طیاروں سے ان جدید ہتھیاروں کاکامیاب مظاہرہ اس طیارے کی ہمہ جہت صلاحیتوں کا مظہر ہے، انہوں نے اس مظاہرے کو کامیاب بنانے پر پاک فضائیہ اور چین کے عملے کی کاوشوں کو سراہا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سونمیانی میں ایک جدید ویپن ٹیسٹ رینج کو پاک فضائیہ کا حصہ بنایا گیا ہے جہاں مختلف قسم کے ملکی ساختہ اورغیر ملکی ہتھیاروں کے معیار کو جانچا جائے گا۔

    چین کی معاونت سے تیار کردہ اس جدید رینج میں ایسے آلات نصب کیے گئے ہیں جو جہاز اور جہاز سے فائر کئے گئے میزائل کی پرواز اور زاویے کو جانچنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

    یہ مظاہرہ مختلف رفتار سے پرواز کرنے والے اہداف کو ڈھونڈ کر تباہ کرنے کی پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

  • باکسنگ لیجنڈ محمد علی کی اہلیہ نے پی اے ایف اکیڈمی کا دورہ کیا

    باکسنگ لیجنڈ محمد علی کی اہلیہ نے پی اے ایف اکیڈمی کا دورہ کیا

    اسلام آباد : مرحوم باکسنگ لیجنڈ محمد علی کی اہلیہ نے پی اے ایف اکیڈمی اصغرخان کا دورہ کیا، خلیلہ علی نے افسروں اور کیڈٹس سےبات چیت کی اور سپر مشاق طیارے کی تربیتی پرواز بھی کی۔

    پاکستان ائیر فورس کے ترجمان کے مطابق شہرہ آفاق باکسر محمد علی مرحوم کی اہلیہ خلیلہ علی پی اے ایف اکیڈمی اصغرخان پہنچیں تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

    اپنے دورے کے موقع پرانہوں نے سپرمشاق طیارے کی تربیتی پرواز کی اور فلائٹ انسٹرکٹر کی مہارت اور اعلیٰ تربیت کی تعریف بھی کی جبکہ وہ فلائنگ اورتربیتی ونگ بھی گئیں۔

    خلیلہ علی آٹھ سو تیس گھنٹے پرواز کا تجربہ رکھتی ہیں، خلیلہ علی کا کہنا تھا کہ یہ تجربہ ان کی زندگی کے ناقابل فراموش واقعات میں سے ایک ہے۔ انہوں نے میزبانی پر پاک فضائیہ کےسربراہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

  • کراچی: امداد کے لیے فضائیہ کا سی ون تھرٹی طیارہ اور دو ہیلی کاپٹر مختص

    کراچی: امداد کے لیے فضائیہ کا سی ون تھرٹی طیارہ اور دو ہیلی کاپٹر مختص

    کراچی: شہر قائد اور سندھ بھر میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے سبب کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے پاک فضائیہ نے ایک C-130 طیارہ اور دو ہیلی کاپٹرز حکومتِ سندھ کے لیے مختص کر دئیے.

    پاک فضائیہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کی خصوصی ہدایت پر بارش کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے کراچی اور سندھ بھر کے لیے پاک فضائیہ کا سی ون تھرٹی طیارہ اور دو ہیلی کاپٹرز امدادی کاموں کی مد میں سندھ حکومت کے لیے مختص کردیے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ کا طیارہ اور ہیلی کاپٹرز حکومتِ سندھ کے ساتھ مل کر امدادی کاروائیوں میں حصہ لیں گے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔