Tag: Air India

  • ایئر انڈیا طیارے کی تباہی، بلیک باکس سے کیا انکشاف ہوا؟

    ایئر انڈیا طیارے کی تباہی، بلیک باکس سے کیا انکشاف ہوا؟

    نئی دہلی: ایئر انڈیا طیارے کی تباہی کے بعد اس کا بلیک باکس بھی مل گیا ہے، جس کی ریکارڈنگ نے نہ صرف اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس کا ذمہ دار طیارے کا کپتان تھا بلکہ گفتگو سے کپتان کے ناقابل یقین رویے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملنے والے بلیک باکس کی ریکارڈنگ سے حاصل معلومات کی بنیاد پر یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ ایئر انڈیا طیارے کی تباہی کا ذمہ دار مبینہ طور پر طیارے کا کپتان تھا۔

    وال اسٹریٹ جنرل کی رپورٹ کے مطابق جہاز کے دونوں پائلٹوں کی گفتگو سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ کیپٹن سُومیت سبروال نے اُن سوئچز کو بند کر دیا تھا جن کے ذریعے دونوں انجنوں کو ایندھن کی فراہمی ہوتی ہے۔

    بوئنگ ڈریم لائنر طیارے کے فرسٹ آفیسر کلائیو کندر نے طیارے کے اڑان بھرتے ہی تجربہ کار کیپٹن سے پوچھا تھا کہ آخر اس نے سوئچز کو کٹ آف پوزیشن پر کیوں کر دیا ہے؟ کیپٹن کو پُرسکون دیکھ کر فرسٹ آفیسر پہلے حیرت میں ڈوبا اور پھر دہشت زدہ رہ گیا۔


    ایئر انڈیا طیارہ حادثہ، سینئر پائلٹ کے ڈپریشن میں مبتلا ہونے کا انکشاف


    56 برس کے کپتان سوُمیت سبروال نے 1994 میں ایئرانڈیا میں ملازمت اختیار کی تھی اور لائن ٹریننگ کیپٹن کے عہدے پر فائز تھا۔

    واضح رہے کہ 12 جون کو احمد آباد سے لندن جانے والا طیارہ اڑان بھرتے ہی گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اور طیارے میں سوار 242 میں سے 241 مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔ طیارہ میڈیکل کالج کی عمارت پر گرنے سے مزید 19 افراد بھی مارے گئے تھے۔

  • ایئر انڈیا کی پرواز میں بم کی اطلاع، طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

    ایئر انڈیا کی پرواز میں بم کی اطلاع، طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

    ایئر انڈیا کی پرواز کو تھائی لینڈ میں بم کی اطلاع ملنے پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گئی، پرواز تھائی لینڈ سے دہلی کے لئے روانہ ہورہی تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہوائی اڈے کے حکام نے بتایا کہ تھائی لینڈ سے ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز کو جمعہ کے روز بم کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گئی۔

    تھائی لینڈ کے ہوائی اڈے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ فلائٹ AI 379 نے 156 مسافروں کو لے کر اڑان بھری تھی، مگر دھمکی موصول ہونے کے بعد طیارے کو واپس ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔

    یاد رہے کہ بھارتی ایئر لائنز اور ہوائی اڈوں کو پچھلے 10 ماہ کے دوران تقریباً 1000 جعلی کالز اور پیغامات موصول ہوئے ہیں، جو 2023 کے مقابلے میں تقریباً 10 گنا زیادہ ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے احمد آباد میں ایئر انڈیا کا طیارہ ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس کے سبب 265 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ حادثے کا شکار ایئر انڈیا 787 کا بلیک باکس بھی مل گیا ہے۔

    بھارتی طیارے کے تباہ ہونے کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی

    بدقسمت طیارے میں سوار ایک شخص، حادثے میں معجزانہ طور پر بچ گیا، جو اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    ایئرلائن کا کہنا ہے کہ لندن جانے والی پرواز میں 169 ہندوستانی مسافر، 53 برطانوی، سات پرتگالی اور ایک کینیڈین اور عملے کے 12 ارکان سوار تھے۔

  • امریکا جانے والا مسافر طیارہ 8 گھنٹے پرواز کے بعد واپس ممبئی آگیا

    امریکا جانے والا مسافر طیارہ 8 گھنٹے پرواز کے بعد واپس ممبئی آگیا

    بھارتی شہر ممبئی سے نیویارک جانے والا مسافر طیارہ بم کی اطلاع ملنے پر 8 گھنٹے پرواز کے بعد واپس اتار لیا   گیا، جہاز میں 322 افراد سوار تھے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بوئنگ 777 طیارہ جس میں 303 مسافر اور 19 عملے کے ارکان سوار تھے، آذربائیجان کی فضائی حدود میں تھا جب اس کے عملے کو بم کی موجودگی کی اطلاع دی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق بم کی اطلاع ملتے ہی خوف وہراس پھیل گیا، مذکورہ مسافر طیارہ رات 2 بجے ممبئی سے روانہ ہوا اور تقریباً 8 گھنٹے بعد صبح 10:25بجے واپس ممبئی پہنچ گیا۔

    پرواز نمبر اے آئی 119 جو ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ تک جاتی ہے، عام طور پر یہ پرواز اپنا سفر 15 گھنٹے میں مکمل کرتی ہے۔

    مسافروں اور عملے کی حفاظت کے پیش نظر مسافر طیارہ واپس ممبئی لایا گیا، لینڈنگ کے بعد بم کی  موجودگی کی جانچ پڑتال کے بعد دھمکی کو جھوٹی قرار دیا گیا۔

    ایئر انڈیا ترجمان کے مطابق اب یہ پرواز 11 مارچ 2025 کی صبح 5 بجے دوبارہ روانہ ہوگی، تمام مسافروں کو ہوٹل میں قیام کھانے اور دیگر تمام تر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

    ایئر انڈیا کے ترجمان کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خطرے کی نشاندہی ہونے پر تمام ضروری ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اور مسافروں کے تحفظ کی خاطر پرواز کو واپس موڑا گیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت میں ہوائی جہازوں کے لیے دھمکیاں سامنے آتی رہی ہیں جو بعد میں غلط ثابت ہوئیں، تاہم متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی دھمکی کے بعد مسافروں کی جان کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا۔

  • مسافر طیارے کو بم سے اُڑانے کی دھمکی، ممبئی ایئرپورٹ پر ہائی الرٹ

    مسافر طیارے کو بم سے اُڑانے کی دھمکی، ممبئی ایئرپورٹ پر ہائی الرٹ

    بھارتی مسافر طیارے کو بم سے اڑانے کی دھمکی کے بعد ممبئی ایئرپورٹ پر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مسافر طیارہ ممبئی سے نیویارک روانہ ہورہا تھا، رات دو بجے طیارے نے ممبئی ایئرپورٹ سے اڑان بھری، جس کے فوراً بعد ایئر پورٹ انتظامیہ کو بم کی دھمکی موصول ہوئی۔ اطلاع ملنے کے بعد پرواز کو دہلی کی جانب موڑ دیا گیا۔

    دوسری جانب دو اور بھارتی پروازوں میں اسی طرح کی بم کی اطلاع موصول ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

    انڈیگو کی دو پروازیں جو ایک ممبئی سے مسقط اور ایک جدہ کے لیے روانہ ہو رہی تھیں، پیر کو بم کی دھمکیوں کے بعد ممبئی ائیرپورٹ پر اتار لی گئیں۔

    دوسری جانب بھارتی ریاست تمل ناڈو میں دو ٹرینوں میں خوفناک تصادم میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔

    تمل ناڈو میں جمعہ کی شب اس وقت خوفناک حادثہ پیش آیا جب بہار کی طرف جارہی باگمتی ایکسپریس کی مال گاڑی سے ٹکر ہو گئی جس کے نتیجے میں مسافر ٹرین کی کئی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں اور آگ بھڑک اٹھی۔

    ریلوے بورڈ کے انفارمیشن اینڈ پبلسٹی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر دلیپ کمار نے بتایا کہ 12578 باگمتی ایکسپریس کے حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے امدادی کاروائیاں کرتے ہوئے 90 فیصد سے زائد مسافروں کو کامیابی سے ریسکیو کیا۔

    شہریوں نے مال بردار ٹرین لوٹ لی، ویڈیو وائرل

    سدن ریلوے کے جنرل منیجر اور چنئی ڈویژن کے ڈویژنل ریلوے مینیجر (ڈی آر ایم) جائے حادثہ پر پہنچ رہے ہیں جب کہ چنئی اسٹیشن سے انتظامات کر رہا ہے تاکہ بقیہ مسافروں کو محفوظ طریقے سے ان کی منزل تک پہنچایا جا سکے۔

  • پائلٹ نے مسافر طیارے کو یقینی تباہی سے کیسے بچایا؟

    پائلٹ نے مسافر طیارے کو یقینی تباہی سے کیسے بچایا؟

    تریچی : بھارتی ایئر لائن کا مسافر طیارہ بڑی تباہی سے بال بال بچ گیا، طیارہ 2 گھنٹے تک ایئر پورٹ کے گرد چکر لگاتا رہا، تاہم پائلٹ کی مہارت نے لوگوں کی زندگیاں بچالیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایئرانڈیا کا مسافر طیارہ بالآخر تامل ناڈو میں بحفاظت اتر گیا، بھارتی طیارے کے 141مسافر دو گھنٹے تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہے۔

    تریچی سے شارجہ جانے والا ایئر انڈیا ایکسپریس کا مسافر طیارہ مکینیکل خرابی کی وجہ سے تقریباً ڈیڑھ سے دو گھنٹے تک تریچی کے علاقے میں آسمان میں چکر لگاتا رہا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق تامل ناڈو کے تروچی راپلی میں جمعہ کی شام ایئر انڈیا کے ایک طیارے کا ہائیڈرولکس سسٹم فیل ہوگیا تھا جس کی وجہ سے وہ رن وے پر اترنے کے قابل نہیں تھا۔

    طیارے کے پائلٹس نے بحفاظت لینڈ کرنے کی کوشش شروع کردی، احتیاطی تدابیر کے طور پر تریچی ہوائی اڈے پر دس سے زیادہ ایمبولینسوں کو طلب کرلیا گیا تھا، معلومات کے مطابق فلائٹ رات 8:14 بجے ایئرپورٹ پر اتری۔

    طیارے میں خرابی کے بعد بیلی لینڈنگ کی باتیں ہو رہی تھیں، ایسے میں ہمارے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ طیارے کی ایمرجنسی کی صورت میں ایسی لینڈنگ کیسے کی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق جب طیارہ ہوا میں چکر لگا رہا تھا تو پرواز کو ہلکا کرنے کے لیے فیول ڈمپنگ پر غور کیا جا رہا تھا، تاہم ایسا نہیں کیا گیا۔

    بیلی لینڈنگ کیا ہوتی ہے؟

    بیلی لینڈنگ کا مطلب ہے کہ ہوائی جہاز اپنے پیٹ کے حصے سے رن وے پر اترتا ہے۔ یہ ایک ہنگامی صورتحال ہوتی ہے جس میں طیارے کے اترنے کے لیے کوئی اور آپشن نہیں ہوتا۔ اس کے بہت سے سنگین نتائج بھی ہیں۔ اس سے طیارے اور رن وے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ جھٹکے کی وجہ سے مسافر اور ملازمین زخمی ہو سکتے ہیں۔

    بیلی لینڈنگ ایک ہنگامی لینڈنگ کا طریقہ کار ہے جس میں ایک ہوائی جہاز اپنے لینڈنگ گیئر کو مکمل یا جزوی طور پر کھولے بغیر لینڈ کرتا ہے۔

    رن وے پر اترنے کے اس طریقہ کار کو گیئر اپ لینڈنگ بھی کہا جاتا ہے کیوں کہ ہنگامی صورتحال میں طیارے کا لینڈنگ گیئر مکمل طور پر کام نہیں کرتا یا پھر اسے کھولا نہیں جا سکتا۔

  • سکھوں کو مخصوص تاریخ سے ایئر انڈیا سے سفر نہ کرنے کی انتباہی ویڈیو، کینیڈین پولیس متحرک

    سکھوں کو مخصوص تاریخ سے ایئر انڈیا سے سفر نہ کرنے کی انتباہی ویڈیو، کینیڈین پولیس متحرک

    اوٹاوا: سکھوں کو مخصوص تاریخ سے ایئر انڈیا سے سفر نہ کرنے کی انتباہی ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد کینیڈین پولیس متحرک ہو گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں مقیم بھارت میں سکھوں کے لیے الگ ریاست بنانے کی جدوجہد کرنے والے رہنما گرپتوانت سنگھ پنوں کی ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں جن میں وہ سکھ برادری کو خبردار کر رہے ہیں کہ نومبر کی 19 تاریخ سے ایئر انڈیا میں سفر نہ کریں آپ لوگوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔

    کینیڈا کے وزیر برائے ہوا بازی نے کہا ہے کہ وفاقی پولیس اُن وائرل ویڈیوز کی تحقیقات کر رہی ہے جن میں خبردار کیا گیا ہے کہ 19 نومبر سے ایئر انڈیا سے سفر نہ کیا جائے۔

    خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اوٹاوا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ہوا بازی پابلو روڈریگوئز نے کہا کہ ہم ہر خطرے کو نہایت سنجیدگی سے لیتے ہیں اور خاص طور پر اگر وہ ایئر لائنز کے حوالے سے ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

    بعد ازاں سکھ رہنما نے کینیڈین میڈیا کو بتایا کہ یہ کوئی انتباہ نہیں بلکہ انھوں نے انڈین کاروبار کے بائیکاٹ کے لیے کہا ہے۔

  • ایئر انڈیا کا نئے جہازوں کے لیے سینکڑوں پائلٹس بھرتی کرنے کا فیصلہ

    ایئر انڈیا کا نئے جہازوں کے لیے سینکڑوں پائلٹس بھرتی کرنے کا فیصلہ

    نئی دہلی: انڈین ایئر لائن ’ایئر انڈیا‘ نے 470 نئے جہازوں کا آرڈر دینے کے بعد ایک ہزار پائلٹس اور ٹرینرز بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

     پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق ایئر انڈیا کے پاس ابھی 1800 سے زائد پائلٹس ہیں لیکن کمپنی نے بوئنگ اور ایئر بس کو 470 سے زائد نئے جہازوں کا آرڈر دیا ہے جس کے لیے انہیں نئے پائلٹس کی ضرورت ہے۔

     بھارتی میڈیا کے مطابق اشتہار میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال جنوری میں ایئر انڈیا کو ٹاٹا گروپ نے خریدا تھا،  ایئر انڈیا کی جانب سے دیے گئے اشتہار میں کہا گیا ہے کہ ہم اپنے اے 320، بی 777، بی 787 اور بی 737 کے بیڑے میں کپتانوں،  فرسٹ آفیسرز اور ٹرینرز کے لیے  زیادہ مواقع فراہم کریں گے اور ترقی کی رفتار بھی بڑھائیں گے۔

    خیال رہے ٹاٹا گروپ کی چار ایئر لائنز ہیں جس میں ایئر انڈیا، ایئر انڈیا ایکسپریس، آے آئی ایکس کنیکٹ اور وستارا شامل ہیں۔

  • بھارتی مسافر نے لندن جانے والی پرواز میں خواتین کو زخمی کر دیا

    بھارتی مسافر نے لندن جانے والی پرواز میں خواتین کو زخمی کر دیا

    نئی دہلی: لندن جانے والی ایئر انڈیا کی ایک فلائٹ میں ایک مسافر نے ہنگامہ کر کے عملے کی دو خواتین کو زخمی کر دیا، جس پر پرواز دہلی واپس اتاری گئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کی صبح لندن جانے والی فلائٹ میں ایک بدتمیز مرد مسافر نے ایئر انڈیا کے عملے کی دو خواتین کو زد و کوب کیا، جس پر پائلٹ نے ٹیک آف کے تقریباً 15 منٹ بعد دہلی واپس جانے کا فیصلہ کر لیا۔

    بد تمیز مسافر نے عملے کی ایک خاتون رکن کو ضرب لگائی اور دوسری خاتون کو اس کے بالوں سے کھینچ لیا، بے قابو مسافروں کے واقعات کے سلسلے میں یہ تازہ ترین واقعہ تھا۔

    ایئر انڈیا نے ایک بیان میں کہا کہ مسافر نے زبانی اور تحریری انتباہات پر دھیان نہیں دیا اور کیبن کریو کے دو ارکان کو جسمانی نقصان سمیت غیر اخلاقی رویہ جاری رکھا، جس پر پائلٹ ان کمانڈ نے دہلی واپس آنے کا فیصلہ کیا اور مسافر کو لینڈنگ پر سیکیورٹی اہل کاروں کے حوالے کر دیا گیا۔

    ایئر انڈیا نے جہاز میں موجود تمام افراد کی حفاظت، سلامتی اور وقار کو اہم قرار دیا اور کہا کہ ایئر لائن متاثرہ عملے کے ارکان کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔ پرواز کو پیر کی سہ پہر لندن کے لیے روانہ ہونے کے لیے دوبارہ شیڈول کیا گیا۔

    واضح رہے کہ بدتمیز مسافروں کے واقعات کے سلسلے میں یہ تازہ ترین واقعہ تھا۔ شنکر مشرا نے مسافر نے نشے کی حالت میں ٹاٹا گروپ کی ملکیت والی ایئر انڈیا کی 26 نومبر کو نیویارک اور نئی دہلی پرواز میں ایک خاتون ساتھی مسافر پر پیشاب کر دیا تھا۔

  • ’برا وقت شروع ہوتا ہے تو چلتا ہی رہتا ہے‘ سوشل میڈیا پر بھارتی ایئرلائن پر شدید تنقید

    نئی دہلی: سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی ایئر لائن کو آڑے ہاتھوں لے لیا ہے، صارفین کی جانب سے قومی ایئرلائن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ برس نومبر میں نیویارک سے دہلی جانے والی ایئر انڈیا کی فلائٹ میں نشے میں دھت ایک شخص نے بزرگ خاتون پر پیشاب کر دیا تھا، اور ابھی چند دن قبل ایک صحافی خاتون نے ٹویٹ کیا کہ انھیں پیش کیے گئے ڈنر میں سے کنکر نکل آیا ہے۔

    یہ کیسز سامنے آنے کے بعد سے سوشل میڈیا پر زبردست تنقید ہو رہی ہے، اور ایئرلائن کو مذاق کا بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، ایک صارف نے لکھا ’’برا وقت شروع ہوتا ہے تو چلتا ہی رہتا ہے۔‘‘

    بھارتی قومی ایئرلائن کا ایک اور ’کارنامہ‘، کھانے میں پتھر نکل آیا

    ایک اور ٹویٹر صارف نے لکھا ’’پہلے تو انھیں ایئر لائن کا نام ایئر انڈیا سے ایئر اسٹون میں تبدیل کرنا چاہیے۔‘‘

    ایک اور صارف نے تصاویر کے ساتھ اپنا واقعہ بیان کیا کہ نیویارک سے دہلی کی فلائٹ میں انھوں نے دیکھا کہ کھڑکی کا شیشہ گندا ہے، جس ٹرے میں کھانا پیش کیا گیا وہ ٹوٹا ہوا تھا، اور کھانا باسی تھا۔ اس صارف نے لکھا کہ براہ کرم اپنے معیار کو بہتر بنائیں، آپ لوگ دیگر پریمیم ایئر لائنز کے مقابلے مہنگے ہیں۔

    بھارتی طیارے میں غلیظ حرکت کرنے والا مسافر گرفتار

    ایک صارف نے لکھا کہ کھانے کے معیار پر تو ایئر انڈیا اور انڈین ریلوے کے اہل کاروں کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔

    ایک اور صارف نے لکھا ’’ٹاٹا کمپنیز نے ہوابازی کی صنعت کے لیے معیارات مرتب کیے تھے، اس نے ایئر انڈیا کو عالمی سطح پر ایک قابل احترام برانڈ بنایا لیکن جب حکومت نے اس کا انتظام سنبھالا اور اس کے بعد اب جب کہ آپ نے دوبارہ مالکان کے طور پر اس کا انتظام سنبھال لیا ہے، تو نئی پستیوں کو چھو رہے ہیں، کیا کوئی کارپوریٹ نگرانی نہیں ہے؟ حالیہ واقعات پر آپ کیا کہیں گے؟‘‘

    ایک اور صارف نے لکھا کہ ایئر انڈیا کو تو ایئر لائن انڈسٹری میں بہترین حریف کے ساتھ مقابلہ کرنا تھا، لیکن ایسا لگتا ہے کہ یہ انڈین ریلوے سے مقابلہ کر رہی ہے۔

  • دوران پرواز طیارے کا انجن فیل، کیا ہنگامی لینڈنگ میں کامیاب ہوا؟

    دوران پرواز طیارے کا انجن فیل، کیا ہنگامی لینڈنگ میں کامیاب ہوا؟

    نئی دہلی: ممبئی ایئرپورٹ سے ٹیک آف کرنے والے بھارتی ائیر لائن ایئر انڈیا کے طیارے کو فضا میں انجن فیل ہونے کی وجہ سے ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹاٹا گروپ کے زیر انتظام ایئر انڈیا کے ایک طیارے نے ممبئی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، حکام نے بتایا کہ تکنیکی خرابی کے باعث طیارے کا ایک انجن ہوا میں بند ہو گیا تھا تاہم طیارہ محفوظ لینڈنگ میں کامیاب رہا۔

    ایئر انڈیا کے ترجمان کے مطابق تمام مسافروں کو دوسرے طیارے کے لئے ذریعے بنگلورو بھیج دیا گیا، انہوں نے بتایاکہ ایئر انڈیا سلامتی کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ہمارا عملہ ان حالات سے نمٹنے میں ماہر ہے، ہماری انجینئرنگ اور دیکھ بھال کی ٹیموں نے فوری طور پر اس معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ ایئر انڈیا کے ’اے320نیو‘ طیارے میں ’سی ایف ایم‘ کے لیپ انجن نصب ہوتے ہیں۔

    اس سے قبل اپریل میں بھی ایئرانڈیا طیارے کی پرواز ریاست امرتسر سے دارالحکومت نئی دہلی جارہی تھی کہ اسی دوران طیارے کی کھڑی کا فریم نکل گیا تھا جس کے نتیجے میں خاتون اور تین مسافر زخمی ہوئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارت، دوران پرواز طیارے کو حادثہ، تین مسافر زخمی

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ 19 اپریل جمعرات کو پیش آیا جسے انتظامیہ کی جانب سے چھپانے کی کوشش کی گئی مگر طیارے میں سوار مسافر نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی تو معاملہ ذرائع ابلاغ تک پہنچا۔

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں مطابق امریکی ریاست شکاگو میں دوران پرواز چھوٹے طیارے پی سی 12 کا ٹائر رہائشی آبادی پر جاگرا ،خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔