Tag: Air India

  • بھارت: ہوائی جہاز پل کے نیچے پھنس گیا

    بھارت: ہوائی جہاز پل کے نیچے پھنس گیا

    نئی دہلی: بھارت میں شہری اس وقت حیران رہ گئے جب انہوں نے ایک طیارے کو فٹ اوور برج کے نیچے پھنسا ہوا دیکھا، کمپنی کے مطابق طیارے کو فروخت کے بعد اس کے نئے مالک کے پاس پہنچایا جارہا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اتوار کی صبح سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک فٹ اوور برج کے نیچے ایئر انڈیا کا طیارہ پھنسا ہوا ہے۔

    40 سیکنڈ کے اس کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ دہلی ایئرپورٹ کے قریب گروگرام ہائی وے پر برج کے نیچے پھنسا ہوا ہے۔ ویڈیو دیکھ کر صارفین نے تبصرہ کیا کہ طیارہ یہاں تک پہنچا کیسے۔

    طیارے نے ہائی وے کی ایک طرف کو بھی بلاک کر رکھا ہے جبکہ دوسری طرف سے گاڑیاں معمول کے مطابق گزر رہی ہیں۔

    بعد ازاں ایئر انڈیا نے وضاحت جاری کی کہ مذکورہ طیارہ ایئر انڈیا نے فروخت کیا تھا اور اسے نئے مالک کے پاس پہنچایا جارہا تھا جس کے دوران عجیب و غریب صورتحال پیدا ہوگئی۔

    ایئر انڈیا کے مطابق یہ ایک پرانا اسکریپڈ طیارہ ہے جسے فروخت کیا گیا ہے، کمپنی نے خریدار سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی۔

  • کتے کے لئے طیارے کی پوری بزنس کلاس بک

    کتے کے لئے طیارے کی پوری بزنس کلاس بک

    کتے کے مالک نے اپنے پالتو جانور کے آرام دہ سفر کے لئے لاکھوں روپے خرچ کر ڈالے۔

    کتوں کو پالنے کے شوقین افراد اپنے پالتو جانوروں کو بڑے ناز ونخرے سے پالتے ہیں، بہترین غذا اور ماحول کے ساتھ ان کی تربیت کرتے ہیں، اس طرح کے واقعات آئے روز خبروں کی زینت بنتے ہیں۔

    ایسا ہی واقعہ بھارتی ریاست ممبئی میں پیش آیا، جہاں کتے کے مالک نے اپنے پالتو جانور کے آرادم دہ سفر کے لئے ڈھائی لاکھ روپے کی خطیر رقم خرچ کرڈالی، مالک نے ممبئی سے چنئی جانے والی دو گھنٹے طویل پرواز کے لیے ڈھائی لاکھ روپے سے زیادہ خرچ کیے،

    واقعہ کچھ یوں ہے کہ ایک کتے کے مالک نے اپنے پالتو جانور کے لیے ایئر انڈیا کی فلائٹ کا پورا بزنس کلاس کیبن بک کرایا، ایئر انڈیا اے 320 طیارے کے جے کلاس کیبن میں 12 نشستیں ہیں، جس پر پالتو کتے نے عیش و آرام سے سفر کیا۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ کتے پہلے بھی ایئر انڈیا کی بزنس کلاس میں سفر کر چکے ہیں ، شاید یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پالتو جانور کے لیے ایک پورا بزنس کیبن بک کیا گیا ہو۔

    واضح رہے کہ ایئر انڈیا ، ہندوستان کی پہلی فضائی سروس ہے جو مسافروں کے کیبن میں گھریلو پالتو جانوروں کو سفر کی اجازت دیتا ہے، ایک پرواز میں زیادہ سے زیادہ دو پالتو جانوروں کی اجازت ہے اور پالتو جانوروں کو بک شدہ کلاس کی آخری قطار میں بٹھایا جاتا ہے۔

    پچھلے سال جون اور ستمبر کے درمیان ، ایئر انڈیا نے اپنی مقامی پروازوں میں دو ہزار پالتو جانوروں کو سفر کرایا۔

  • بھارت کی سرکاری ایئر لائن کو اربوں روپے کا نقصان

    بھارت کی سرکاری ایئر لائن کو اربوں روپے کا نقصان

    نئی دہلی: بھارت کی سرکاری ایئر لائن ایئر انڈیا کو کرونا وائرس وبا کے دوران اربوں رپے کا نقصان ہوگیا، بھارت میں کرونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی پروازوں پر مکمل پابندی رہی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق شہری ہوا بازی کے وزیر ہردیپ سنگھ اور ایئر انڈیا کے چیئرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر راجیو بنسل نے پریس کانفرنس کی، پریس کانفرنس کے دوران راجیو بنسل نے بتایا کہ مالی برس 20-2019 کے لیے ایئر انڈیا اور اس کی پانچ ذیلی تنظیموں کے اکاؤنٹس کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

    راجیو کے مطابق گزشتہ برس 3 ہزار 600 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، یہ اس سے ایک برس کی نسبت کم ہے۔

    ایئر انڈیا پر پہلے ہی ہزاروں کروڑوں روپے واجب الادا ہیں، ایئر انڈیا اور اس کی دو معاون کمپنیوں میں ایئر انڈیا کی پوری حصہ داری جلد فروخت کردی جائے گی۔

    بنسل کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے دوران پروازوں پر مکمل پابندی کے بعد مسافروں کی تعداد میں بتدریج اضافے کے ساتھ سرکاری ایئر لائنز کی مالی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے۔

    انہوں نے کوئی ڈیٹا شیئر نہیں کیا تاہم انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے دوسری سہ ماہی پہلی سہ ماہی سے بہتر تھی جبکہ تیسری سہ ماہی دوسری سے بہتر رہی۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ایئر انڈیا گروپ وندے بھارت مشن کے تحت اب تک 6 ہزار 250 سے زائد پروازیں چلا چکا ہے۔ ان میں سے 10 لاکھ مسافر وطن آئے جبکہ ساڑھے 6 لاکھ مسافر بیرون ملک کے لیے روانہ ہوئے۔

  • سیاسی شخصیت کی وجہ سے ایئر انڈیا کی فلائٹ ڈیڑھ گھنٹے لیٹ

    سیاسی شخصیت کی وجہ سے ایئر انڈیا کی فلائٹ ڈیڑھ گھنٹے لیٹ

    ممبئی : بھارت میں بھی عوام وی آئی پی کلچر کے عذاب سے شدید مشکلات کا شکار ہیں، ایئر انڈیا کی انتظامیہ نے ایک سرکاری افسر کی وجہ سے فلائٹ کوڈیڑھ گھنٹے لیٹ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے صوبہ مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیوندرا فڈناوس کے پرنسپل سیکریٹری پراوین پردیشی ممبئی سے نیو یارک جانے کیلئے فلائٹ نمبر اے ایل 191 میں سوار تھے۔

    روانگی سے قبل جب ان کا پاسپورٹ چیک کیا گیا تو اس میں ویلڈ ویزا موجود نہیں تھا، جس کی بنا پر مذکورہ فلائٹ کو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک روکے رکھا گیا، جس باعث جہاز میں موجود 250 افراد کو طویل انتظاراورشدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

    ایئر لائن اسٹاف کے مطابق عام طور پر ایسا نہیں ہوتا، اگر کسی مسافر کے ٹکٹ یا دیگر کاغذات میں کوئی کمی بیشی ہوتی ہے تو اس مسافر کو روک کر فلائٹ کو روانہ کردیا جا تا ہے لیکن پراوین پردیشی  کے سیاسی شخصیت ہونے کی بنا پر ان کے ساتھ ایسا نہیں کیا گیا۔

    انہیں پورا وقت دیا گیا کہ وہ اپنا ویزا لے کر آجائیں، جبکہ مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیوندرا فڈناوس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اپنے سیکرٹری پر لگائے جانے والے الزام کی  سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس الزام میں کوئی صداقت نہیں ہے۔