Tag: Air marshal ٓArshad malik

  • پی آئی اے میں مزید چار نئے طیارے شامل کئے جائیں گے، ایئر مارشل ارشد ملک

    پی آئی اے میں مزید چار نئے طیارے شامل کئے جائیں گے، ایئر مارشل ارشد ملک

    کراچی : پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ پی آئی اے اپنے فضائی بیڑے میں چار نئے طیارے شامل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

    اس بات کا اعلان انہوں نے ہیڈ کوارٹر میں پی آئی اے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالی حالت بہتر ہوتے ہی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کر دیا جائے گا، ہم پہلے ہی فضائی بیڑے میں اضافے کا فیصلہ کر چکے ہیں اور انشاء اللہ پی آئی اے بہت جلد اپنے فضائی آپریشن کو وسیع کرے گی تا کہ اس کی رسائی دنیا بھر میں ہو۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے میں تعینات ہوتے ہی ان کا مشن قومی ائر لائن کو کارکنان کے ساتھ مل کر دنیا کی بہترین ائر لائنز میں شامل کرنا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہا کہ ائر لائن میں بہتری کی بہت گنجائش ہے اور وہ مثبت نتائج کے لئے پُر امید ہیں ۔ ائر مارشل ارشد ملک نے مزید کہا کہ نئے منافع بخش روٹس پر پروازیں شروع کی جائیں گی، ہم پہلے ہی سیالکوٹ سے شارجہ اور لاہور سے مسقط کی پروازیں شروع کر چکے ہیں جن کے مثبت نتائج ظاہر ہو رہے ہیں جبکہ بہت جلد ہم سیالکوٹ سے بارسلونا اور لاہور سے بنکاک کی پروازیں بھی شروع کرنے جا رہے ہیں۔

    تمام کارکنان کو مل کر ایک ٹیم کی صورت میں کام کرنا ہوگا۔ائر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ ان کو کارکنان کی مشکلات کا اندازہ ہے خاص طور پر نچلے درجے کے ملازمین کی تنخواہیں بہت کم ہیں اور جیسے ہی ائر لائن مالی مشکلات سے نکل آئے گی تنخواہوں میں اضافہ کر دیا جائے گا۔

    انہوں نے کارکنان کو ائر لائن کی بہتری کے لئے کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سروس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ ارشد ملک نے کہا کہ کارکنان سے رابطے اور ان کے مسائل جاننے کے لئے وہ ہرشعبے کا دورہ کریں گے ۔

    میرٹ کو ائر لائن میں نافذ کر دیا گیا ہے اور اب تمام ترقیاں میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی۔ انہوں نے ملازمین کی تما م ایسوسی ایشنز اور سی بی اے یونین کی جانب سے بھر پور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ادارے کی بہتری کے لئے کام جاری رکھیں۔

    علاوہ ازیں پی آئی اے کی چیف ہیومن ریسورسز آفیسر محترمہ عاصمہ باجوہ نے ذاتی وجو ہات کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ائر لائن انتظامیہ نے شرکت کی۔ پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسرائر مارشل ارشد ملک نے محترمہ عاصمہ باجوہ کی ائر لائن کے لئے خدمات کو سراہااور ان کے روشن مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

  • پی آئی اے : گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال پر پابندی عائد، افسران کی فہرست مرتب

    پی آئی اے : گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال پر پابندی عائد، افسران کی فہرست مرتب

    کراچی : پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے پی آئی اے میں گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال پر پابندی عائد کردی، ایک سے زائد گاڑیاں استعمال کرنے والے افسران کی فہرست مرتب کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے سی او نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کفایت شعاری مہم شروع کردی، ایئرمارشل ارشد ملک نے ادارے کے تمام افسران پر گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال پر پابندی عائد کردی۔

    جن افسران کے زیر استعمال ایک سے زائد گاڑیاں ہیں ان کی فہرست مرتب کی جارہی ہے، اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی واپسی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

    یونین اور ایسوسی ایشن افسران گاڑیوں کا ناجائز استعمال کررہے تھے، اس کے علاوہ غیر استعمال شدہ گاڑیوں کو نیلام کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے، جس سے پی آئی اے کے اخراجات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

    ذرائع کے مطابق گاڑیوں کے استعمال پر ماہانہ لاکھوں روپے فیول کے اخراجات ہورہے تھے، پی آئی اے کے سی ای او نے دفتری ماحول کو بہتر بنانے کے احکامات جاری کردیئے۔

    حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی افسر سی بی اے یونین یا ملازمین دفاتر میں کھانا نہیں کھائیں گے، تمام افسران و ملازمین دوپہر کا کھانا کیفے ٹیریا میں کھائیں گے، دفاتر میں کوئی افسر کھانا کھاتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • پی آئی اے میں انکوائریوں کو فوری نمٹانے کے حکم، افسران و ملازمین میں کھلبلی مچ گئی

    پی آئی اے میں انکوائریوں کو فوری نمٹانے کے حکم، افسران و ملازمین میں کھلبلی مچ گئی

    کراچی : پی آئی اے کے سربراہ ایئر مارشل ارشد ملک نے قومی ایئر لائن میں انکوائریوں کو فوری نمٹانے کے حکم دے دیا، افسران میں کھلبلی مچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے نئے سربراہ ایئر مارشل ارشد ملک نے ادارے کی بہتری کیلئے اہم فیصلے کرلیے، انہوں نے قومی ایئر لائن میں انکوائریوں کو فوری نمٹانے کے حکم دے دیا ہے جس کے بعد پی آئی اے افسران میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔

    حکم نامے کے مطاق پی آئی اے کے ملازمین اور افسروں کے خلاف انکوائریوں کو ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، اس کے علاوہ پی آئی اے میں ڈسپلنری ایکشن کو سات دن کے اندر مکمل کیا جائے گا۔

    کسی بھی شعبہ کے ملازم اور افسر کے خلاف کارروائی کی ابتدائی رپورٹ اس شعبہ کا سربراہ ایک ہفتہ میں فراہم کرے گا، حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ پرانی اور طویل دورانیے کی انکوائریوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سالہا سال سے پی آئی اے میں افسروں اور ملازمین کے خلاف کی جانے والی انکوائریوں پر کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکا، نئے حکم نامے کے بعد موجودہ اور سابقہ سی بی اے کے ذمہ داروں میں بھی کھلبلی مچ گئی ہے۔

  • پی آئی اے کو ماضی کی حکومتوں نے تباہ کیا، اصل حالت میں واپس لائیں گے، فیصل واوڈا

    پی آئی اے کو ماضی کی حکومتوں نے تباہ کیا، اصل حالت میں واپس لائیں گے، فیصل واوڈا

    کراچی : وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ماضی حکومتوں نے پی آئی اے کو تباہ کیا، ادارے کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔

    یہ بات انہوں نے پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ملاقات میں پی آئی اے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ سی ای او پی آئی اے بہترین انسان ہیں، پی آئی اے کی بحران کا مسئلہ اضافی ملازمین ہیں تاہم اس کی ڈاون سائزنگ کا کوئی ارادہ نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ 8آدمیوں کی گاڑی پر800 لوگ چڑھائے جائیں تو گاڑی تباہ ہوگی، انہی وسائل میں رہتے ہوئے حل نکالیں گے۔

    فیصل واوڈا نے کہا کہ ابھی تک ایوی ایشن کا مشیر یو وزیر کیوں نہیں رکھا گیا، اس حوالے سے تمام معاملات وزیر اعظم خود دیکھتے ہیں، پی آئی اے کے مالی بحران کو دور کرنے کیلئے ہوسکا تو پیکچ کی سفارش کریں گے۔

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ماضی حکومتوں نے پی آئی اے کو تباہ کیا، پی آئی اے کا کھویا ہوا مقام واپس لے کر آئیں گے، وزیراعظم عمران خان پی آئی اے کی بحالی اور ترقی چاہتے ہیں۔

    پی آئی اے نے دنیا بھر کی ایئرلائنز کو بنایا آج خود زوال کا شکار ہے، پی آئی اے نیشنل کیریئر ہے، یہ ہمارا اثاثہ ہے، اس اثاثے کو بچانا ہم سب کا فرض ہے۔

  • پی آئی اے افسران کے بیرون ملک دوروں اور سیکنڈ کلاس میں اپ گریڈیشن کرنے پر پابندی

    پی آئی اے افسران کے بیرون ملک دوروں اور سیکنڈ کلاس میں اپ گریڈیشن کرنے پر پابندی

    کراچی : پی آئی اے کے صدر اور سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے افسران کے بیرون ملک دوروں پر اور فضائی ٹکٹ کی دوسری کلاس میں اپ گریڈیشن کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں بھی تبدیلی آگئی، حکومت کی کفایت شعاری مہم پر مکمل طور پر عملدرآمد شروع کردیا گیا، پی آئی اے کے صدر اور سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد کردی۔

    پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے ادارے کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، دورے میں ان کی جانب سے مثبت نتائج کیلئے سخت احکامات جاری کیے گئے، سی ای او نے پی آئی اے کے شعبہ مارکیٹنگ کی ناقص کارکردگی پر اظہار برہمی کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے افسران ادارے کی ترقی کیلئے کردار ادا کریں، کفایت شعاری کیلئے مہمانوں کی خاطر تواضع پر مبنی اخراجات کم کرنے اور شعبہ مارکیٹنگ کے افسران کو روینیو میں اضافہ کی فوری ہدایت کی، اس کے علاوہ سی ای او نے شعبہ مارکیٹنگ کوا یئرلائن کی مالی بہتری کیلئے موثر منصوبہ بندی کی ہدایت بھی کی۔

    ایئرمارشل ارشد ملک نے پی آئی اے کے فضائی ٹکٹ کی دوسری کلاس میں اپ گریڈیشن کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے، اپ گریڈ کرنے والے افسر کی تنخواہوں سے ٹکٹ میں فرق پر مبنی رقم وصول کی جائے گی۔

    انہوں نے پی آئی اے کے شعبہ انجنیئرنگ میں خراب جہازوں کی موجودگی کے بارے میں جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ جتنے بھی خراب جہاز ہیں دس دن کے اندر اندر ان کو اڑان کے قابل بنایا جائے، دس روز میں خراب جہازوں کو کارآمد بنانے کی ڈیڈلائن بھی جاری کردی گئی۔

    سی ای او کی جانب سے کمپنی خرچ (او سی ایس) پر اندرون و بیرونی دوروں پر پابندی کے حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، جس کی کاپی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے۔

    سی ای او نے کہا کہ افسران بیرون ملک دوروں پر جانے کے بجائے ویڈیو کانفرنس میں امور کو انجام دیں، ای میل اور اسکائپ بڑھانے کی ہدایت بھی کی، پی آئی اے افسران کی بیرون ملک دوروں پر ادارے کو لاکھوں روپے اخراجات برداشت کرنا پڑتے تھے۔

    انہوں نے شعبہ فلائٹ کیٹرنگ، انجنیئرنگ میں ناقص کارکردگی پر وضاحت طلب کرلی اور تحقیقات کا حکم دے دیا، ارشد ملک نے کہا کہ غفلت برتنے والے عملے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔