Tag: Air marshal Arshad malik

  • ‘وفاقی وزیر کے بیان کے بعد پی آئی اے کے نقصان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو سکی’

    ‘وفاقی وزیر کے بیان کے بعد پی آئی اے کے نقصان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو سکی’

    لاہور: قومی ایئر لائن کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر ہوا بازی کے بیان کے بعد پی آئی اے کے نقصان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔

    سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غیر ملکی پروازوں پر پابندی کے جلد خاتمے کا امکان ظاہر کیا، اور کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے باعث کرایوں میں اضافے کا امکان ہے۔

    انھوں نے کہا منسٹر ایوی ایشن کے بیان کے بعد پی آئی اے کے نقصان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو سکی ہے، پائلٹس کے جعلی ڈگری کے مسئلے پر دنیا کے کئی ممالک نے ہم پر پابندی عائد کر دی تھی۔

    انھوں نے کہا جس ادارے نے پائلٹ کی جعلی ڈگری کے حوالے سے رپورٹ دی تھی اس جعلی رپورٹ بنانے والوں کے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

    ارشد ملک نے کہا قومی ایئر لائن اب نئے روٹس تلاش کر کے خسارے کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک روٹس کو بڑھایا جا رہا ہے، پی آئی اے میں نئے طیاروں سمیت اصلاحات کا عمل بھی جاری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشل آڈیٹر مارچ کے آخر تک اپنا آڈٹ مکمل کر لیں گے، امید ہے کہ آڈٹ مکمل ہونے کے بعد یورپی یونین پروازوں پر لگائی جانے والی پابندی ختم ہو جائے گی۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ باکو اور آسٹریلیا کے لیے آپریشن شروع کرنے جا رہے ہیں، اور چار نئے طیارے ڈرائی لیز پر پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہو رہے ہیں۔

  • عید کے موقع پر پی آئی اے کا مسافروں کو بڑا تحفہ

    عید کے موقع پر پی آئی اے کا مسافروں کو بڑا تحفہ

    کراچی : قومی ائیر لائن پی آئی اے نے اعلان کیا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر اندرون ملک چلنے والی تمام پروازوں میں مسافروں کے سامان کے وزن کی حد میں اضافہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلئے پی آئی اے کی جانب سے مسافروں کیلئے تحفہ دینے کا اعلان کیا ہے، پی آئی اے نے اپنی تمام اندرون ملک پروازوں پر سامان کی حد 20 کلو فی مسافر سے بڑھا کر 35 کلو کردی گئی ہے۔

    اس حوالے سے پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک کا کہنا ہے کہ مسافر عید کی چھٹیوں کے لئے زیادہ سامان لے جاسکیں گے، زیادہ سامان لے جانے کی حد بڑھانا ہم وطنوں کی عید کی خوشیوں میں اضافہ اور پی آئی اے کی طرف سے تحفہ ہے۔

    ائیر مارشل ارشد ملک نے دعا کی کہ عید الفطر کے موقع پر اللہ تبارک تعالی سے دعا ہے کہ پاکستان پر وہ اپنا خصوصی رحم و کرم کرے۔

    مزید پڑھیں : ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کیلئے پی آئی اے کی پروازوں پر خصوصی رعایت

    واضح رہے کہ اس سے قبل پی آئی اے کی جانب سے کرونا وائرس کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے پیرا میڈیکل اسٹاف کیلئے عید کے دنوں میں کرایوں میں دس فیصد کمی کا اعلان بھی کیا ہے۔

  • تین سال سے رکا ہوا آڈٹ ہم نے ریکارڈ مدت میں مکمل کیا، سی ای او پی آئی اے

    تین سال سے رکا ہوا آڈٹ ہم نے ریکارڈ مدت میں مکمل کیا، سی ای او پی آئی اے

    کراچی : پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ ادارے کا تین سال سے رکا ہوا آڈٹ سب سے بڑا چیلنج تھا جسے ہماری ٹیم نے ریکارڈ مدت میں مکمل کیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی اے سی ایل کے تیسرا سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق پی آئی اے سی ایل کا تیسرا سالانہ اجلاس عام کراچی میں منعقد ہوا۔

    اجلاس میں پی آئی اے کے شیئرز ہولڈرزاور ائر لائن کے ملازمین نے شرکت کی جبکہ پی آئی اے سی ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک اور چیف فنانشل آفیسر خلیل اللہ شیخ نے اجلاس کی صدارت کی۔

    سیکریڑی پی آئی اے سی ایل محمد شعیب نے اجلاس کی میزبانی کے فرائض سر انجام دیئے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے شیئر ہولڈرز کو پی آئی اے میں ہونے والی اصلاحات اور درپیش مسائل کے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ تین سال سے مؤخر کیا گیا آڈٹ ان کے لئے سب سے بڑا چیلنج تھا جس کو ان کی ٹیم نے ریکارڈ مدت میں مکمل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آخری میٹنگ میں جن مسائل کی نشاندہی کی گئی تھی ان کو اس سال کے آڈٹ میں حل کر لیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ سال کے حسابات 2020 کے جون تک مکمل کر لیے جائیں گے۔ کمپنی کے نقصانات کے بارے میں شیئر ہولڈرز کو آگاہ کرتے ہوئے ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ وہ خسارہ میں خاطر خواہ کمی لانے میں کامیاب ہو گئے ہیں جوکہ2019 کے نتائج میں ظاہر ہوں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ دو مزید اس سال طیارے فضائی بیڑے میں شامل کئے گئے ہیں جبکہ سیٹ فیکٹر 84فیصد تک رہا ہے جس سے ریونیو میں بھی اضافہ ہوا ہے اور نیٹ ورک بھی بڑھا ہے۔

    انہوں نے شیئرز ہولڈرز کو بتایا کہ پی آئی اے کی کار کردگی میں مثبت اشاریوں کو دیکھتے ہوئے غیر ملکی بینکوں نے پی آئی اے میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی ہے جبکہ ملک کے بڑے اداروں جن میں عسکری بینک، انٹرنیشنل ہوٹل گروپ، اے آر وائی گروپ، بینک اسلامی، جاز اور نیشنل بینک آف پاکستان شامل ہیں نے پی آئی اے کے ساتھ شراکت داری کی یاداشتوں پر دستخط کئے ہیں۔

    ائر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ یہ ان کی ٹیم کی کاوشوں کا ثمر ہے کہ قومی ائر لائن کے لئے خاطر خواہ ریونیو حاصل کیاجارہا ہے اور مجھے امید ہے کہ 2019 کے حسابات مزید بہتر ہوں گے جب وہ جون2020 ؁ء میں شیئر ہولڈز کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔

    علاوہ ازیں اجلاس عام میں مالیاتی سال2018 کے حسابات زیر بحث آئے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ تین برس کے حسابات جو کہ بہ وجوہ مکمل نہ کئے گئے تھے ان کو تین ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے جبکہ2018 کے سالانہ حسابات مکمل کرکے پیش کر دیئے گئے ہیں۔

    اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ مالی سال 2019 کے حسابات جیسے ہی موصول ہوں گے ان کو مکمل کرنے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ شیئرز ہولڈرز نے ماضی میں مؤخر کئے گئے امور کو حل کرنے پر موجودہ انتظامیہ کی کار کردگی کو سراہا۔