Tag: Air Ticket

  • سعودی عرب: ایئر ٹکٹ پر 50 فیصد رعایت کن افراد کو ملے گی؟

    سعودی عرب: ایئر ٹکٹ پر 50 فیصد رعایت کن افراد کو ملے گی؟

    ریاض: سعودی مجلس شوریٰ نے ایئر ٹکٹس، فیول اور کارگو کے نرخوں کے حوالے سے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے، معذوروں کو 50 فیصد رعایتی ٹکٹ کے اجرا کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی مجلس شوریٰ نے محکمہ شہری ہوا بازی سے کہا ہے کہ بین الاقوامی اور علاقائی ایئر پورٹس کے ساتھ مسابقت کے پیش نظر ٹکٹوں، فیول اور کارگو کے نرخوں کے حوالے سے مناسب اقدامات کیے جائیں۔

    مجلس شوریٰ نے منگل کو صدر شیخ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ کی زیر صدارت اجلاس کے دوران اس حوالے سے ایک قرارداد منظور کی ہے۔

    شوریٰ نے قرارداد کی منظوری سے قبل ٹرانسپورٹ، کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیٹی کا مؤقف بھی سنا ہے۔

    شوریٰ نے محکمہ شہری ہوا بازی سے کہا کہ وہ فضائی کمپنیوں کو پروازوں سے متعلق معاہدوں پر تیزی سے عملدر آمد کا پابند بنائے، ان فضائی کمپنیوں کو اس کا پابند کیا جائے جو مسافر پروازیں چلانے کے وعدے کر چکی ہیں۔

    شوریٰ نے محکمہ شہری ہوا بازی سے مطالبہ کیا کہ معذوروں کو 50 فیصد رعایتی ٹکٹ کے اجرا کو یقینی بنایا جائے اور انہیں ہر درجے کی بکنگ پر رعایت دی جائے۔

    شوریٰ نے محکمہ شہری ہوا بازی کو فضائی کمپنیوں کے خلاف مسافروں کی شکایات دور کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

  • سعودی عرب: معمر اور معذور افراد کے لیے فضائی ٹکٹوں میں رعایت

    سعودی عرب: معمر اور معذور افراد کے لیے فضائی ٹکٹوں میں رعایت

    ریاض: سعودی مجلس شوریٰ نے محکمہ شہری ہوا بازی سے معمر اور معذور افراد کو فضائی ٹکٹوں میں مزید رعایت دینے کا مطالبہ کیا ہے، علاوہ ازیں طائف انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں توسیع اور اسے جدید خطوط پر جلد استوار کروانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی مجلس شوریٰ نے محکمہ شہری ہوا بازی سے فضائی نقل و حمل پر مقرر ٹیکسوں اور فیسوں پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے، شوریٰ کی جانب سے معمر اور معذور افراد کو فضائی ٹکٹوں میں مزید رعایت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    مجلس شوریٰ نے محکمہ شہری ہوا بازی سے کہا ہے کہ وہ شہری ہوا بازی کی سرگرمیوں اور اداروں کی نجکاری کے لیے جامع حکمت عملی اور نظام الاوقات ترتیب دے اور اس حوالے سے اپنی ترجیحات متعین کرے۔

    مجلس شوریٰ نے توجہ دلائی کہ یہ تبدیلیاں سعودی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو وژن 2030 کے مطابق ترغیبات دینے کے لیے اشد ضروری ہیں۔

    مجلس شوریٰ نے محکمہ شہری ہوا بازی کو ہدایت کی کہ وہ طائف انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں توسیع اور اسے جدید خطوط پر جلد از جلد استوار کروائے تاکہ حج، عمرہ اور سیاحت کے مواقع میں جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رش کو کم کیا جا سکے۔

    شوریٰ نے محکمہ شہری ہوا بازی سے یہ بھی کہا کہ وہ سعودی عرب کے لوکل، ریجنل اور انٹرنیشنل ہوائی اڈوں کے امیگریشن ہالز میں نماز پڑھنے کی جگہ بھی مختص کرے۔

    علاوہ ازیں محکمہ شہری ہوا بازی سے کہا گیا ہے کہ سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ملک کے مختلف علاقوں سے مدینہ منورہ کے لیے براہ راست پروازیں چلائی جائیں۔

    دوسری جانب مجلس شوریٰ نے معمر افراد اور معذوروں کو اندرون و بیرون ملک سفر میں آسانی فراہم کرنے کے لیے ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے ٹکٹوں میں مزید رعایت دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔