Tag: Air tickets

  • 2 ماہ کے لیے سستے ایئر ٹکٹس کا اعلان

    2 ماہ کے لیے سستے ایئر ٹکٹس کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں 15 جنوری سے 15 مارچ 2023 کے دوران سستے فضائی ٹکٹوں کی پیشکش کا اعلان کردیا گیا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں قومی فضائی کمپنیوں اور ٹریولنگ ایجنسیوں نے 15 جنوری سے 15 مارچ 2023 کے دوران سستے ٹکٹوں کی پیشکش کی ہے۔

    ان تاریخوں کے دوران بین الاقوامی پروازوں کے ٹکٹ 1100 درہم تک میں دستیاب ہوں گے، ٹکٹس کی بکنگ شروع کردی گئی ہے جبکہ سفر 15 جنوری سے 15 مارچ کے دوران کیا جاسکے گا۔

    ٹریولنگ ایجنسیوں کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ پیشکش معروف سیاحتی مقامات پر تعطیلات گزارنے والوں کے لیے ہے اور سیاحت کی حوصلہ افزائی کے لیے کی جارہی ہے۔

    ٹریولنگ ایجنسیوں کے مطابق ان دنوں فضائی ٹکٹوں کے نرخوں میں کمی معمول کے مطابق ہے، دسمبر 2022 کے دوران ٹکٹ مہنگے تھے، جو لوگ اس پیشکش سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں وہ جلد بکنگ کروا لیں۔

    فضائی کمپنیاں جن ملکوں اور شہروں کے لیے سستے ٹکٹ جاری کر رہی ہیں ان میں دو سعودی شہر جدہ اور دمام شامل ہیں، مصری دارالحکومت قاہرہ، اردن کا عمان، مالدیپ، آسٹریا اور ماریشس وغیرہ کے لیے بھی سستے ٹکٹ دستیاب ہیں۔

  • سعودی عرب: پروازوں کے ٹکٹس کی قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات

    سعودی عرب: پروازوں کے ٹکٹس کی قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات

    ریاض: سعودی عرب میں عید الفطر کی تعطیلات کے باعث فضائی سفر کے ٹکٹس مہنگے ہونے کے بعد قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں محکمہ شہری ہوا بازی نے داخلی پروازوں کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

    محکمہ شہری ہوا بازی کا کہنا ہے کہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ داخلی پروازوں کے بعض زمروں کے ٹکٹ کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، صورتحال پر کنٹرول کے لیے کئی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    محکمے کے مطابق ان میں سے اہم یہ ہے کہ پروازوں اور نشستوں کی تعداد میں اضافہ کروایا جارہا ہے، ان اقدامات کا نتیجہ ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں نکلے گا۔

    محکمہ شہری ہوا بازی نے داخلی پروازوں کے لیے ٹکٹوں کے مناسب نرخ اور نشستوں کی تعداد میں ممکنہ حد تک توسیع کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں۔

    محکمہ شہری ہوا بازی کا کہنا ہے کہ مسافروں کے حقوق اور ان کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اس کا پورا خیال رکھا جائے گا۔

    فضائی کمپنیوں اور بکنگ ویب سائٹس کے اعداد و شمار کے مطابق اپریل کے وسط تک فضائی ٹکٹوں کے نرخ مستحکم تھے، اپریل کے آخری ہفتے اور مئی کے پہلے ہفتے کے لیے بکنگ مشکل ہوگئی ہے، اس دوران ٹکٹ مہنگے ہوئے ہیں۔

  • سعودی عرب میں پروازوں کے ٹکٹ مہنگے

    سعودی عرب میں پروازوں کے ٹکٹ مہنگے

    ریاض: سعودی عرب میں ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے ٹکٹ مہنگے ہوگئے جس کی وجہ رمضان کے آخری عشرے اور عید الفطر کی تعطیلات میں رش ہونا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں رمضان کے آخری عشرے اور عید الفطر کی تعطیلات کے باعث ملکی و بین الاقوامی پروازوں کے ٹکٹ مہنگے ہوگئے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بزنس، فرسٹ اور اکانومی کلاس کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں فرق ہے، ٹکٹوں کے نرخوں میں کمی بیشی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    فضائی کمپنیوں اوربکنگ ویب سائٹس کے اعداد و شمار کے مطابق اپریل کے وسط تک فضائی ٹکٹوں کے نرخ مستحکم تھے، اپریل کے آخری ہفتے اور مئی کے پہلے ہفتے کے لیے بکنگ مشکل ہوگئی ہے، اس دوران ٹکٹ مہنگے ہیں۔

    اندرون ملک سب سے زیادہ مہنگے ٹکٹ جدہ کے ہیں، جدہ، ریاض، جدہ اکانومی کلاس کا ٹکٹ 3 ہزار ریال تک میں دستیاب ہے، جدہ کے بعد مدینہ، ریاض، مدینہ کا ٹکٹ ڈھائی ہزار ریال میں مل رہا ہے۔

    سب سے سستا ٹکٹ قاہرہ کا ہے، قاہرہ، جدہ، قاہرہ ٹکٹ 12 سو ریال کا ہے۔

    دبئی اورعمان کا ریٹرن ٹکٹ 2 ہزار ریال اور دارالبیضا کا ریٹرن ٹکٹ 28 سو ریال میں دستیاب ہے، خلیجی ممالک میں سب سے سستا ٹکٹ کویت کا ہے۔

  • عرب ممالک میں فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی سے متعلق اہم وضاحت

    عرب ممالک میں فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی سے متعلق اہم وضاحت

    کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پیش نظر مختلف فضائی کمپنیوں نے چار عرب ممالک میں فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں کمی سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے مسافروں کو ریزرویشن کی پیشکش کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فضائی کمپنیوں نے کہا ہے کہ مصر، اردن، لبنان اور کویت کے ٹکٹوں کے نرخوں میں دس فیصد اوسط کمی ہوئی ہے۔

    سال2020کی آخری سہ ماہی کے مقابلے میں رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ان ملکوں کے لیے ریزرویشن کی طلب کم ہوئی ہے۔ ان دنوں ان چاروں ملکوں کے ٹکٹوں کی قیمتیں کم ہیں تاہم نئی قیمتیں کوویڈ 19 کی وبا شروع ہونے سے پہلے کی سطح پر ہیں۔

    الاماراتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بعض فضائی کمپنیوں نے مارکیٹ میں مندی کے رجحان کو دیکھتے ہوئے مسافروں کو مستقبل کے لیے ریزرویشن کی پیشکش کی ہے۔

    فضائی کمپنیوں نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ موسم گرما میں ان چاروں عرب ملکوں کے لیے سفر کی ڈیمانڈ بڑھ جائے گی۔

    ’ویجو‘کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل مامون حمیدان نے کہا کہ ان دنوں سب سے بڑی مشکل سفر کے لیے کوویڈ 19 ایس او پیز کی پابندی ہے، اس کے لیے مسافروں کو اضافی تیاری کرنا ہوتی ہے۔

    مامون حمیدان کا کہنا تھا کہ بہرحال فضائی کمپنیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیاحت کے شعبے کا اعتبار بحال کرنے کے لیے امارات کے حفاظتی اقدامات سے مسافروں کو مطلع کریں۔

    حمیدان نے بتایا کہ جیسے جیسے سفر کا ماحول معمول کے مطابق آتا جائے گا ویسے ویسے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اوسط بدلتا چلا جائے گا۔

    امارات سے سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران مصر کے لیے ٹکٹ کی قیمت 352 ڈالر (1292 درہم) کے لگ بھگ رہی۔ یہ 2020 کی آخری سہ ماہی کے مقابلے میں بارہ فیصد کم ہے۔

    اردن کے لیے امارات سے اوسط ٹکٹ 466 ڈالر (1710 درہم) ریکارڈ کیا گیا- گیارہ فیصد کمی رہی ہے۔ لبنان کے لیے 420 ڈالر (1541 درہم) رہا 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    کویت کے لیے اوسط ٹکٹ 716 ڈالر (2637 درہم) ریکارڈ کیا گیا۔ 45 فیصد کمی ہوئی ہے۔ جہاں تک سعودی عرب کے لیے اوسط ٹکٹ کی اوسط قیمت کا معاملہ ہے تو وہ 536 ڈالر (1967 درہم) رہی اس دوران 15فیصد ٹکٹ سستے رہے۔