Tag: aircraft

  • ویڈیو : پائلٹ کی آخری کال، پراسرار آوازیں اور پھر ہمیشہ کے لیے غائب

    ویڈیو : پائلٹ کی آخری کال، پراسرار آوازیں اور پھر ہمیشہ کے لیے غائب

    میلبورن : آج سے تقریباً 46 سال قبل دوران پرواز طیارے سمیت غائب ہونے والے 20 سالہ نوجوان پائلٹ کا کوئی سراغ نہیں مل سکا، پائلٹ کے آخری میسج نے بہت سارے سوالات کھڑے کردیے۔

    یہ کہانی 20 سالہ آسٹریلوی پائلٹ فریڈرک ویلنٹچ کی ہے جو سال 1978 میں ایک پرواز کے دوران ایسا غائب ہوا کہ آج تک اس کا کوئی سراغ نہ ملا۔

    اس سانحے میں ہونے والے واقعات اور پائلٹ کے ایئر ٹریفک کنٹرول کو کیے گئے آخری پیغام نے (ان آئی ڈینٹیفائیڈ فلائنگ آبجیکٹ، یو ایف او) اڑن طشتری اور خلائی مخلوق جیسے بہت سے توہمات اور قیاس آرائیوں اور نظریات کو تقویت فراہم کی۔

     Frederick Valentich
    Frederick Valentich

    ایک رپورٹ کے مطابق 21 اکتوبر 1978 کی شام ایک چھوٹا سیسنا طیارہ 182ایل جنوبی میلبورن کے مورابن ایئرپورٹ سے اڑایا گیا جس کا پائلٹ 20 سالہ فریڈرک ویلنٹچ تھا۔

    اس طیارے کو مقررہ وقت میں کنگ آئی لینڈ تک پہنچنا تھا، جب وہ بیس اسٹریٹ کے اوپر پرواز کر رہا تھا تو اس دوران اس نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو ایک حیران کن پیغام بھیجا۔

    Mysterious Disappearance frederick valentich

    پائلٹ نے گھبرائی ہوئی آواز میں بتایا کہ ایک نامعلوم چیز مسلسل اس کا پیچھا کر رہی ہے، یہ ٹھہری ہوئی ہے لیکن یہ کوئی طیارہ ہرگز نہیں ہے۔

    اس کے بعد ریڈیو پر عجیب دھاتی قسم بھاری سی آوازیں سنائی دیں اور پھر رابطہ منقطع ہوگیا، یہی ویلنٹچ کے آخری الفاظ تھے جو اس نے آخری وقت ادا کیے جس کے بعد لاکھ کوشش کے باوجود آج تک نہ وہ ملا اور نہ ہی اس کا جہاز۔

    Last MSG ائلٹ کے آخری میسج فریڈرک ویلنٹچ

    اس دوران (ان آئی ڈینٹیفائیڈ فلائنگ آبجیکٹ، یو ایف او) ماہرین اور محققین کو یقین تھا کہ یہ واقعہ کسی خلائی مخلوق کے اغوا کا نتیجہ ہو سکتا ہے، کچھ لوگوں نے دعویٰ کیا کہ اس دن علاقے میں ایک بڑی اڑن طشتری دیکھی گئی۔

    ایک مقامی شہری نے تیز رفتار روشنی کی تصاویر بھی لیں مگر وہ اتنی دھندلی تھیں کہ تصدیق نہ ہو سکی۔ ایک کسان نے تو یہاں تک کہا کہ اس نے اپنے کھیت کے اوپر 30 میٹر لمبا خلائی جہاز منڈلاتے دیکھا ہے لیکن وہ بھی کوئی ٹھوس ثبوت یا دلیل نہیں دے سکا۔

    ائلٹ کے آخری میسج فریڈرک ویلنٹچ

    ہر کوئی ان اڑن طشتریوں پر یقین نہیں کرتا اس لیے کچھ ماہرین نے دوسرے امکانات پر غور کرنا شروع کیا، کچھ نے کہا کہ شاید ویلنٹچ رات کے وقت اپنے ہی جہاز کی لائٹس دیکھ کر گھبرا گیا ہوگا۔

    ایک نے کہا کہ ممکن ہے کہ اس کا جہاز ایندھن ختم ہونے یا انجن فیل ہونے کی وجہ سے گہرے سمندر میں گر گیا ہو؟ کسی نے کہا کہ اس نے اپنی گمشدگی کا ڈرامہ کیا، مگر اس کا بھی کوئی ثبوت نہ ملا۔

    اس کے علاوہ خودکشی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا لیکن اس کے دوستوں اور اہل خانہ نے اس امکان کو فوری طور پر مسترد کردیا۔

    یہ ایک ایسا راز ہے جو وقت کے ساتھ گہرا ہوتا چلا گیا۔ 46 سال گزرنے کے باوجود فریڈرک ویلنٹچ کی گمشدگی معمہ بنی ہوئی ہے، آج تک نہ سمندر سے اس کی کوئی نشانی ملی اور نہ ہی آسمان سے کوئی شواہد ملے۔

  • طیاروں کو پرندوں سے محفوظ بنانے کے لیے سی اے اے کا اہم فیصلہ

    طیاروں کو پرندوں سے محفوظ بنانے کے لیے سی اے اے کا اہم فیصلہ

    کراچی: پرندوں سے جہاز اور ہوائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے سول ایوی ایشن نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے جدید خودکار نظام کی تنصیب کے لیے اہم قدم اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے نے ملک کے 3 بڑے انٹرنیشنل ایئر پورٹس پر پرندوں سے جہازوں کو بچانے کے لیے جدید خودکار نظام نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس سلسلے میں درخواستیں طلب کر لی ہیں، ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ 28 ستمبر کو ٹینڈر کھولے جائیں گے۔

    پہلے مرحلے میں لاہور ایئرپورٹ پر یہ جدید خودکار نظام نصب کیا جائے گا، جہاں اس سسٹم کے افادی نتائج کو دیکھنے کے بعد اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی اور لاہور ایئرپورٹ کے اطراف کی آبادیوں میں گندگی کے باعث پرندے ایئرپورٹ کی طرف راغب ہوتے ہیں، اور پرندوں کی تعداد میں اضافہ محفوظ ہوائی سفر کے لیے ایک چیلنج ہے۔

  • طیارے کے پروں کو اس طرح کیوں ڈیزائن کیا گیا؟

    طیارے کے پروں کو اس طرح کیوں ڈیزائن کیا گیا؟

    کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ طیارے کے ونگز آخر میں اوپر کی جانب کیوں اٹھے ہوتے ہیں؟ اور طیاروں کے پروں کو اس طرح کیوں ڈیزائن کیا جاتا ہے؟

    طیارے کے پروں کے آخری سرے، جو اوپر کی طرف اٹھے ہوتے ہیں، انھیں وِنگلٹس (winglets) کہا جاتا ہے، ایسا کرنے کی بہت ہی اہم وجہ ہوتی ہے، جو بنیادی طور پر تکنیکی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ وِنگ لٹس ہوا کے بہاؤ میں طیارے کو آگے لے جانے کے دوران اس پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرتے ہیں، ونگلٹس سے طیارے کے ونگ کے اوپر ہوا کا دباؤ نیچے کے مقابلے میں کم ہو جاتا ہے۔

    ونگلٹس کی وجہ سے طیارے کے پروں کے افعال زیادہ مؤثر ہو جاتے ہیں، اور طیارے کو انجن سے کم پاور کی ضرورت پڑتی ہے، نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ایندھن کی بچت ہوتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق ونگلٹس کی وجہ سے ایندھن کی بچت کے باعث کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج بھی کم ہو جاتا ہے، اور اس طرح فضائی کمپنی کے اخراجات بھی کم ہو جاتے ہیں۔

    بوئنگ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کے 757 اور 767 طیاروں میں وِنگلٹس کے باعث ایندھن کی بچت 5 فی صد بڑھ گئی جب کہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج 5 فی صد کم ہوگیا۔

    واضح رہے کہ یہ ڈیزائن سب سے پہلے 1976 میں ناسا کے لینگلے ریسرچ سینٹر میں رچرڈ ویٹکومب نے تیار کیا تھا، ابتدائی ونگلٹس کو بوئنگ 700-400 جیسے طیاروں میں فٹ کیا گیا تھا، جس سے ڈھائی سے 3 فی صد ایندھن بچانے میں مدد ملی تھی، سیکنڈ جنریشن ونگلٹس پہلے سے زیادہ بڑے اور زیادہ مڑے ہوئے تھے جن سے ایندھن کو جلانے کی شرح میں 4 سے 6 فی صد بہتری آئی۔

  • رولز رائس نے الیکٹرک طیارہ تیار کرلیا

    رولز رائس نے الیکٹرک طیارہ تیار کرلیا

    برطانوی ایرو انجن کمپنی رولز رائس نے الیکٹرک طیارہ تیار کیا ہے جسے دنیا کا تیز ترین طیارہ قرار دیا جارہا ہے، ٹیسٹ پرواز کے دوران اس طیارے نے 3 ریکارڈز بنائے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق رولز رائس نے دنیا کا تیز ترین الیکٹرک طیارہ تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، رولز رائس کی جانب سے جاری بیان میں اس طیارے کو اسپرٹ آف انوویشن کا نام دیا گیا ہے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ اس طیارے نے 387.4 میل فی گھنٹہ کی رفتار پر پرواز کرنے میں کامیابی حاصل کی اور یہ دنیا کی تیز ترین الیکٹرک سواری ہے۔

    کمپنی کے مطابق 16 نومبر کو ٹیسٹ پرواز کے دوران اس طیارے نے مجموعی طور پر 3 ریکارڈز بنائے جس میں 345.4 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے 1.86 میل کا راستہ طے کرنا ہے۔

    اس طیارے نے 300 میل فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار پر برطانوی وزارت دفاع کی فوجی ٹیسٹنگ سائٹ پر 9.32 میل کا سفر کیا، جو سابقہ ریکارڈ سے 182 میل فی گھنٹہ زیادہ ہے۔

    ان اعداد و شمار کو عالمی گورننگ باڈی فیڈریشن ایروناٹیکل انٹرنیشنل (ایف آئی اے) کے پاس تصدیق کے لیے جمع کروایا گیا ہے۔

    یہ طیارہ 400 کلوواٹ الیکٹرک پاور ٹرین کی مدد سے پرواز کرتا ہے جبکہ سب سے بہترین پاور بیٹری پیک کو بھی اس کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔

    رولز رائس کے فلائٹ آپریشن ڈائریکٹر نے طیارے کو ٹیسٹ پرواز پر اڑایا اور ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے کیرئیر کا اہم ترین لمحہ تھا۔

    کمپنی کے سی ای او وارن ایسٹ نے کہا کہ دنیا کے تیز ترین الیکٹرک طیارے کا ریکارڈز ایک زبردست کامیابی ہے۔

    برطانیہ کے بزنس سیکرٹری کواسی کوارٹنگ نے کہا کہ یہ طیارہ برقی پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے اور ایسی ٹیکنالوجیز کو ان لاک کرنے میں مدد کرے گا جن کو ہم روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنا سکیں گے۔

  • پی آئی اے کے طیارے سے منشیات برآمدگی کے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز

    پی آئی اے کے طیارے سے منشیات برآمدگی کے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز

    کراچی :   پی آئی اے نے  طیارے سے منشیات برآمدگی کے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کاآغازکردیا  اور کہا  ہے کہ ملوث اہلکاروں کیخلاف قوانین کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے طیارے سے منشیات برآمدگی کے واقعے پر سیکیورٹی اسٹاف نے چیکنگ ٹیم کے معاون کی حیثیت سے جہاز کا معائنہ کرایا۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اور ویجنلس کی جانب سے باقاعدہ تحقیقات کاآغازکردیاگیا ہے اور جہازکی صفائی پر مامورعملے سمیت زمینی اسٹاف سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

    ترجمان کے مطابق مشترکہ ٹیم کی چیکنگ پی آئی اے اسٹینڈرڈآپریٹنگ پروسیجرکاحصہ ہے، ملوث اہلکاروں کیخلاف قوانین کےتحت سخت کارروائی کی جائے گی۔

    گذشتہ روز پی آئی اے کی کراچی سے دمام جانیوالی فلائٹ کے ٹوائلٹ سے منشیات برآمد ہوئی تھی ، پروازپی کے 9245نے شام 7بجکر 30منٹ پر کراچی سےاڑان بھرنی تھی۔

    طیارے کے ٹوائلٹ سےمنشیات برآمدگی سراغرساں کتوں کی نشاندہی پرہوئی اور اے این ایف،کسٹمز،اےایس ایف نے مشترکہ سرچنگ میں منشیات برآمد کی۔

  • مصر میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات

    مصر میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات

    قاہرہ: مصر میں ملٹری ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا ہے، واقعے میں مبینہ طور پر دو امریکی فوجیوں سمیت سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق بلیک ہاک یو ایچ۔60 ہیلی کاپٹر مصر کے سینا ریگستان میں گر کر تباہ ہوا، حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ہیلی کاپٹر میں فنی خرابی کے باعث پیش آیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر ہیلی کاپٹر جاسوسی پر تھا جو کہ علاقے میں فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا تھا، ہیلی کاپٹر میں مبینہ طور پر دو امریکی فوجیوں سمیت تین شہریوں کی موجودگی کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، تاہم ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  انسانی اعضا لے جاتے ہوئے ہیلی کاپٹر تباہ

    ہیلی کاپٹر حادثے میں مجموعی طور پر سات افراد ہلاک ہوئے ، جن میں ایک فرانسیسی اور ایک چیک جمہوریہ کا شہری بھی شامل ہے۔

  • مسافروں سے بھرے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی

    مسافروں سے بھرے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی

    ممبئی: بھارتی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ پر ٹیک آف کے دوران ایک طیارے کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی، تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے۔

    مذکورہ واقعہ احمد آباد ایئرپورٹ پر گو ایئر کے اے 320 ایئر کرافٹ میں پیش آیا، فلائٹ نمبر جی ایٹ 802 احمد آباد سے بنگلور جارہی تھی جب ٹیک آف کی تیاری کرتے ہوئے طیارے کے ایک انجن میں آگ بھڑک اٹھی۔

    طیارہ کمپنی کے ترجمان کے مطابق ٹیک آف کے وقت طیارے کو بیرونی طور پر کسی شے سے نقصان پہنچا جو حادثے کی وجہ بنا۔

    ان کے مطابق آگ معمولی نوعیت کی تھی جس پر فوری قابو پا لیا گیا، طیارے میں موجود تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہا اور ان کے ہنگامی اخراج کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے کو ٹو کر کے رن وے سے اتارا جارہا ہے جس کے بعد تمام مسافروں کو جہاز سے اتار لیا جائے گا۔ متبادل طیارے کا انتظام بھی کرلیا گیا ہے جو کچھ ہی دیر میں مسافروں کو لے کر منزل کی جانب روانہ ہوجائے گا۔

  • ٹڈی دل کے اسپرے کے لیے آنے والا طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹ جاں بحق

    ٹڈی دل کے اسپرے کے لیے آنے والا طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹ جاں بحق

    صادق آباد: ٹڈی دل کے اسپرے کے لیے آنے والا طیارہ باندھی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، طیارے میں موجود 2 پائلٹ جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افسوسناک حادثہ صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں چک نمبر 215 کے قریب پیش آیا جب اسپرے کے لیے آنے والا طیارہ فنی خرابی کے باعث کریش کرگیا۔

    سول ایوی ایشن ترجمان کے مطابق طیارے نے رحیم یار خان ایئرپورٹ سے پرواز بھری تھی۔ طیارہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسپرے کے لیے منگوایا گیا تھا اور یہ طیارہ وفاق کی جانب سے اسپرے مہم کے لیے پنجاب حکومت کو دیا گیا تھا۔

    ترجمان کے مطابق طیارے میں موجود 2 پائلٹ جاں بحق ہوگئے، ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

    خیال رہے کہ صوبہ سندھ اور پنجاب کے کچھ علاقوں میں ٹڈی دل نے فصلوں پر حملہ کردیا تھا جس کے باعث چاول، مٹر اور کپاس سمیت متعدد فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔

    شکارپور میں ٹڈی دل گھروں میں بھی داخل ہوگئے جس کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    ٹڈی دل کے حملوں کا سلسلہ گزشتہ برس جون سے شروع ہوا تھا جب خیرپور، سکھر اور گھوٹکی میں ٹڈیوں کے جھنڈ کے جھنڈ شہر میں داخل ہوگئے۔ ٹڈیوں کے حملوں کی وجہ سے لاکھوں روپے مالیت کی فصلوں کو نقصان پہنچا تھا۔

  • چین میں شمسی توانائی سے اڑنے والے بغیر پائلٹ طیارے کا کامیاب تجربہ

    چین میں شمسی توانائی سے اڑنے والے بغیر پائلٹ طیارے کا کامیاب تجربہ

    بیجنگ : کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ شمسی توانائی سے اڑنے والا ڈرون طیارہ آٹھ ہزار میٹر بلندی پر 12 گھنٹے تک رات میں پرواز کرسکتاہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے سورج کی روشنی سے اڑنے والے بغیر پائلٹ کے ایک اور طیارے موزی ٹو کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔شمسی توانائی سے اڑنے والے طیارے کو قدرتی آفات، مواصلات اور جاسوسی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چین کی ہوائی جہاز بنانےوالی کمپنی نے بغیرپائلٹ طیارے کا تجربہ ڈی ڑنگ کاؤنٹی ایئرپورٹ پر کیا۔

    کمپنی کا کہنا تھا کہ مذکورہ طیارہ 8 ہزار میٹر تک بلندی پر 12 گھنٹے تک رات میں پرواز کرسکتاہے، جس کےلیے اسے صرف 8گھنٹے تک چارج کرنا ہوتا ہے۔

    کمپنی کے ایم ڈی کاکہناتھا شمسی توانائی سے اڑنے والے طیارے کو قدرتی آفات، مواصلات اور جاسوسی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

  • پی آئی اے کے انجینئرز کا ایک اور کارنامہ

    پی آئی اے کے انجینئرز کا ایک اور کارنامہ

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے انجینئرز نے ایک سال سے زائد گراونڈ ایئر بس اے 320 طیارے کو اڑان کے قابل بنا دیا، طیارے کو مقامی وسائل سے قابل استعمال بنایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے انجینئرز نے کارنامہ انجام دیتے ہوئے ایک سال سے زائد گراونڈ ایئر بس اے 320 طیارے کو اڑان کے قابل بنا دیا۔ بی ایل وی رجسٹریشن کا حامل طیارہ مقامی وسائل سے قابل استعمال بنایا گیا۔

    ایئر بس اے 320 کے گراؤنڈ ہونے کی خبر اے آر وائی نیوز نے نشر کی تھی جس کے بعد پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے نوٹس لیا تھا۔ سی ای او نے گزشتہ سال نومبر میں چارج سنبھالنے کے بعد تمام گراونڈ طیاروں کو قابل اڑان بنانے کے احکامات بھی جاری کیے تھے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے کو دوسرے طیارے سے پرزہ جات نکالے بغیر مکمل کیا گیا، طیارہ گزشتہ سال مئی سے ناکارہ حالت میں بے توجہی کا شکار تھا۔

    ترجمان کے مطابق طیارے کے قابل اڑان ہوجانے سے پی آئی اے کے حج آپریشن میں مزید آسانی ہوگی۔

    اس سے قبل ایک بوئنگ 777 طیارہ بھی ڈیڑھ سال سے زائد گراونڈ رہنے کے بعد گزشتہ ماہ درست کر دیا گیا تھا۔ پی آئی اے نے اس سلسلے میں حکومت سے مالی مدد کی درخواست بھی کی تھی تاہم حکومت نے کوئی خاطر خواہ جواب نہیں دیا جس کے بعد پی آئی اے نے اپنے وسائل کا مؤثر استعمال کیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ 2 طیاروں کی بروقت بحالی کے بعد پی آئی اے کے حج آپریشن میں مزید آسانی ہوگئی ہے، تاحال حج آپریشن بغیر کسی کرائے کے طیارے کے مکمل طور پر پی آئی اے کے اپنے طیاروں سے کیا جا رہا ہے۔

    سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے طیارے کی بحالی ممکن بنانے پر پی آئی اے کے کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اور انجینیئرنگ، فلائٹ آپریشن، فنانس اور سپلائی چین منیجمنٹ کے شعبوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئر بس بی ایل وی کی بحالی کے بعد اب پی آئی اے کا کوئی طیارہ ماسوائے معمول کی چیکنگ کے گراونڈ نہیں ہے۔