Tag: airport in Multan

  • ملتان میں ترقی کانیا باب شروع ہورہا ہے، وزیراعظم

    ملتان میں ترقی کانیا باب شروع ہورہا ہے، وزیراعظم

    ملتان: وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ایئرپورٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ایئرپورٹ سے ملتان میں ترقی کا نیا باب شروع ہوگا۔

    اس موقع پرسابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے جنہوں نے اس ایئرپورٹ کا سنگِ بنیاد رکھا تھا۔ میاں نواز شریف نے کہاکہ یہ ایک بہترین منظرہے کہ جب ایک حکومت منصوبہ شروع کرے دوسری اسے مکمل کرے اور سیاسی قیادت قوم کی بہتری کے لئے اسی اتحادکا مظاہرہ کرے۔

    انہوں نے کہا کہ آج ساری قوم اورساری سیاسی قیادت دہشت گردی کے خلاف متفق ہے اورعسکری قیادت کے ساتھ اتفاق کے ساتھ آپریشن ضربِ عضب کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے ملتان کے شہریوں کوخوش خبری دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کے بہاؤ کوبہتربنانے کے لئے ملتان میں انٹرسٹی رنگ روڈ تعمیر کیا جائے گا جس کے لئے فنڈ وفاقی حکومت دے گی۔ ملتان میں 32 کلومیٹر طویل سڑکیں تعمیرکی جائیں گی۔

    ملتان کی ترقی کے لئے 29 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جن میں سے ڈیڑھ ارب روپے اس سال جاری بھی کردئے گئے ہیں اوراس رقم سے صحت، تعلیم اورانفرا اسٹرکچرکو بہتربنایا جائے گا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا ملتان جنوبی پنجاب کا سب سے اہم شہرہے اوریہاں کے رہنماء ملکی سیاست میں اہم کرداراداکرتے ہیں۔

    ایئرپورٹ کے افتتاح سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس سے پورے خطے میں اہم باب شروع ہوگا تجارت کو فروغ ملے گا اورملتان کی مصنوعات کو بین الاقوامی منڈیوں تک باآسانی رسائی ملے گی۔

    انکا کہنا تھا کہ انفرااسٹرکچر ہماری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت دس ہزارمیگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنے والی ہے۔

    انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ جدید تکنیکی سہولیات سے لیس یہ بین الاقوامی سہولیات کا حامل ہے مملتان کے شہریوں کا دیرینہ مطالبہ تھا اوربالاخران کی خد مت میں پیش کیاجارہاہے۔

  • وزیراعظم نے ملتان میں ایئرپورٹ کا افتتاح کردیا

    وزیراعظم نے ملتان میں ایئرپورٹ کا افتتاح کردیا

    ملتان: وزیراعظم نوازشریف آج ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے لئے ملتان پہنچ گئے ہیں، سیکیورٹی انتظامات کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔

    اے آروائی نیوز کے نمائندے مرزا احمد علی کے مطابق وزیراعظم کی آمد کے موقع پرسیکیورٹی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ایئرپورٹ کی سڑک پر کسی بھی قسم کی گاڑیوں کی آمد ورفت بند کردی گئی ہے۔

    وزیر اعظم نے عالمی سطح کےایئرپورٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کیا، اس موقع پرسابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت جنوبی پنجاب کی کئی اہم شخصیات موجود تھیں

    وزیراعظم کے ہمراہ وزیرمملکت عابد شیرعلی بھی موجود تھے۔
    ذرائع کے مطابق نیا ایئرپورٹ سالانہ دس لاکھ مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کرسکے گا اس کی تعمیر پر ساٹھ ارب روپے لاگت آئی ہے۔

    ملتان میں عالمی معیار کے اس ایئرپورٹ کا سنگِ بنیاد 20 جون 2010 کو پیپلز پارٹی کے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے رکھا تھا۔

    وزیراعظم کی آمد کے موقع پرسیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے جس کے باعث جدہ سے آٓنے والی پرواز جس میں زیادہ تر عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے افراد شامل تھے کو انتہائی مشکلات کاسامنا کرنا پڑاا مسافروں کو اپنا سامان خود ڈھو کر شدید گرمی میں ایک کلو میٹرتک پیدل چل کرجاناپڑا۔