Tag: Airport

  • خاتون رنگے ہاتھوں پکڑی گئی، بیگ سے کیا برآمد ہوا، پولیس پریشان

    خاتون رنگے ہاتھوں پکڑی گئی، بیگ سے کیا برآمد ہوا، پولیس پریشان

    نئی دہلی : بنارس کے لال بہادر شاستری بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک خاتون سے17 لاکھ روپے مالیت کا سونا برآمد ہوا ہے۔ ملزمہ جہاز کے ذریعہ شارجہ سے وارانسی آئی تھی، کسٹم ڈپارٹمنٹ نے ملزمہ کو گرفتار کرلیا ہے۔

    ریاست اترپردیش کے ضلع بنارس میں واقع لال بہادر شاستری بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر اکثر شارجہ سے آنے والے طیاروں میں اسمگل ہونے والا سونا برآمد کیا جا رہا ہے، مسافر نت نئے طریقوں سے سونے کو چھپانے کی کوشش کرتے ہیں۔

    جمعہ کے روز ایک طیارہ میں ایک خاتون کو تقریبا 17 لاکھ روپے مالیت کے مساوی سونے کے زیورات اور کچے سونے کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔

    اہم بات یہ ہے کہ قانون کی گرفت سے بچنے کے لئے عورت نے سونے کو عطر کی بوتل اور موتیوں کے ہار میں چھپا رکھا تھا، اس کے علاوہ محکمہ کسٹم نے ایک آئی فون بھی ضبط کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق شارجہ سے فلائٹ نمبر آئی ایکس 1184 کے ذریعہ بنارس پہنچنے والی خاتون مسافر سے 355.65گرام سونا برآمد ہوا ہے۔

    محکمہ کسٹم کے افسر نے بتایا کہ سونے کی قیمت تقریبا 17 لاکھ روپے سے زائد ہے اس کے علاوہملزمہ کے قبضے سے ایک عدد موبائل آئی فون بھی ضبط کیا گیا ہے جس کی قیمت تقریبا 74 ہزار روپے تک ہے۔

  • 3 ماہ سے ایئرپورٹ پر چھپا رہنے والا شخص

    3 ماہ سے ایئرپورٹ پر چھپا رہنے والا شخص

    امریکا میں ایک شخص کرونا وائرس سے اس قدر خوفزدہ تھا کہ وہ گھر نہیں گیا اور 3 ماہ تک ایک ایئر پورٹ پر چھپا رہا، پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

    لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والا 36 سالہ شخص 3 ماہ تک شکاگو کے بین الاقوامی ایئر پورٹ کے ایک محفوظ سیکشن میں چھپا رہا اور حیران کن طور پر کسی کو اس کا علم نہیں ہوا۔

    اس شخص کا کہنا تھا کہ وہ کرونا وائرس سے بہت زیادہ خوفزدہ تھا اور لاس اینجلس میں اپنے گھر نہیں جانا چاہتا تھا۔ آدیتیہ سنگھ نامی اس شخص کو 3 ماہ بعد گرفتار کیا گیا۔

    اس پر ایئرپورٹ کے ممنوعہ حصے میں مجرمانہ طور پر گھسنے اور چوری کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ یہ شخص لاس اینجلس سے ایک پرواز سے شکاگو کے او ہیئر ایئرپورٹ پر 19 اکتوبر کو آیا تھا۔

    لگ بھگ 3 ماہ بعد 16 جنوری کو آدیتیہ سنگھ یونائٹیڈ ایئر لائنز کے 2 ملازمین کے پاس پہنچا تو انہوں نے اس کی شناخت مانگی جس پر اس نے مبینہ طور پر ایک ایئرپورٹ آئی ڈی بیج دکھایا جس کے گم ہونے کی رپورٹ اس کے مالک (ایئرپورٹ کے ایک آپریشن مینیجر) نے 26 اکتوبر کو درج کروائی تھی۔

    اسسٹنٹ اسٹیٹ اٹارنی کیتھلین ہیگرٹی نے کاؤنٹی جج کو بتایا کہ ایئرپوررٹ پر آنے والے مسافر اس شخص کو غذا فراہم کرتے تھے، جس کا کوئی مجرمانہ پس منظر نہیں۔

    اٹارنی کے مطابق آدیتیہ سنگھ نے یہ بیج ایئرپورٹ میں دریافت کیا تھا اور وہ کووڈ کے باعث گھر جانے کے خیال سے خوفزدہ تھا۔

    سماعت کے دوران جج نے کہا کہ ایک غیر مجاز شخص اوہیئر ایئرپورٹ کے ٹرمینل میں 10 اکتوبر 2020 سے 16 جنوری 2021 تک رہ رہا تھا اور کسی کو علم نہیں ہوا؟ ایسا کیسے ممکن ہے؟

    اس شخص کو دریافت کرنے کے بعد یونائیٹڈ ایئر لائنز کے عملے نے 911 پر رابطہ کیا اور پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔

    عدالت کے حکم پر آدیتیہ سنگھ کو ایک ہزار ڈالرز کے عوض ضمانت پر رہا کیا جائے گا تاہم اس کے ایئرپورٹ میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

  • لاہور ایئرپورٹ پر شدید دھند، متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار

    لاہور ایئرپورٹ پر شدید دھند، متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شدید دھند کے باعث متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوگئیں، کئی پروازوں کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شدید دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوگیا، ائیرپورٹ رن وے پر حد نگاہ 100 میٹر سے بھی کم ہوگیا۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق شارجہ سے لاہور آنے والی پرواز 413 دھند کے باعث اسلام آباد ایئر پورٹ کی طرف موڑ دی گئی، ایئر بلیو کی پرواز 413 کے فضا میں کافی دیر چکر لگانے کے بعد کنٹرول ٹاور نے اس کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا۔

    شارجہ سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز 186 کا رخ بھی اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔

    لاہور میں شدید دھند کے باعث 8 پروازوں کو منسوخ کردیا گیا جبکہ 6 تاخیر کا شکار ہوگئیں، کویت سے آنے والی پرواز 203، پی آئی اے کی کراچی سے آنے والی پرواز 306، ایئر بلیو کی دبئی سے آنے والی پرواز 417، نجف سے آنے والی پرواز 341 اور لاہور سے نجف جانے والی پرواز 342 منسوخ کردی گئی۔

    اسی طرح ایئر بلیو کی دبئی جانے والی پرواز 416، پی آئی اے کی کراچی جانے والی پرواز 307 اور ایئر بلیو کی شارجہ جانے والی پرواز 412 بھی منسوخ کردی گئی۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ترکش ایئر کی استنبول جانے والی پرواز 715 دو گھنٹے سے زائد تاخیر سے ساڑھے 10 بجے کے بعد روانہ ہو گی، فلائی ناس کی ریاض جانے والی پرواز 318 دس گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہو کر دوپہر دوبجے کے بعد روانہ ہوگی۔

    اسی طرح اتحاد ایئر کی ابو ظہبی جانے والی پرواز 242 دو گھٹے سے زائد تاخیر سے روانہ ہوگی، قطر ایئر ویز کی دوحہ جانے والی پرواز 629 تیس منٹ، ریاض سے آنے والی پرواز 317 نو گھٹے اور ترکش ایئر کی استنبول سے آنے والی پرواز 714 دو گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہے۔

  • کویتی حکومت کی ایئرپورٹ آنے والے مسافروں کو اہم ہدایات

    کویتی حکومت کی ایئرپورٹ آنے والے مسافروں کو اہم ہدایات

    کویتی سول ایوی ایشن نے کویت انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر مسافروں کے ساتھ آنے والوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ مسافروں کے علاوہ  کسی کوایئرپورٹ آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    کویتی اخبار ’الرائی ‘ کے مطابق سول ایوی ایشن نے وزارت صحت کی جانب سے ہدایات پرعمل کرتے ہوئے کورونا بچاؤ کی تدابیر کے تحت ہوائی اڈے پر سماجی فاصلے کے اصول کو یقینی بنانے کےلیے غیر ضروری افراد کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔

    سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے پر سماجی فاصلے کے اصول پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کےلیے مسافر کو لینے اور رخصت کرنے کےلیے آنے والوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    پابندی کا فیصلہ ایئر پورٹ کی عمارت میں ہونے والے ازدحام کو ختم کرنا ہے جو غیرضروری افراد کی وجہ سے ہوتا ہے جس کے سبب کورونا بچاو کے لیے سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہو جاتا ہے۔

    ایئر پر غیر معمولی ازدحام کو ختم کرنے اور لوگوں کو سہولت فراہم کرنے کےلیے حکام کی جانب سے ہوائی اڈے پر مسافروں کے علاوہ دوسروں کے جانے پر پابندی عائد کی ہے۔

  • پشاور: بیرون ملک سے آئے صرف علامات والے مسافروں کا کرونا ٹیسٹ ہوگا

    پشاور: بیرون ملک سے آئے صرف علامات والے مسافروں کا کرونا ٹیسٹ ہوگا

    پشاور: خیبر پختونخواہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ بیرون ملک سے آئے ہر مسافر کے کرونا وائرس ٹیسٹ کے بجائے صرف ان مسافروں کا ہی ٹیسٹ کیا جائے گا جن میں علامات ظاہر ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت نے بیرون ملک سے آئے ہر مسافر کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع پختونخواہ حکومت کا کہنا ہے کہ صرف ان مسافروں کا ہی ٹیسٹ کیا جائے گا جن میں علامات ظاہر ہوں گی۔

    ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جن مسافروں میں علامات نہ ہوں ان کو گھر جانے دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ صوبہ خیبر پختوخواہ سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 57 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، صرف گزشتہ 24 گھنٹے میں 30 مریض جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 1 ہزار 197 ہوگئی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 22 ہزار 934، پنجاب میں 20 ہزار 656، خیبر پختونخواہ میں 8 ہزار 80، بلوچستان میں 3 ہزار 468، اسلام آباد میں 17 سو 28، گلگت بلتستان میں 630 اور آزاد کشمیر میں 211 ہے۔

    آپریشن سینٹر کے مطابق 18 ہزار 314 مریض کرونا کو شکست دے کر صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ پاکستان میں اب تک 4 لاکھ 90 ہزار 908 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

  • کرونا وائرس: مصر کے تمام ایئرپورٹس بند کردیے گئے

    کرونا وائرس: مصر کے تمام ایئرپورٹس بند کردیے گئے

    قاہرہ: کرونا وائرس کے پیش نظر مصر کے تمام ایئرپورٹس 19 سے 31 مارچ تک بند کر دیے گئے، مصر کے تمام تعلیمی ادارے پہلے ہی بند کیے جاچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مصر کے وزیر اعظم ڈاکٹر مصطفیٰ مدبولی نے کرونا وائرس کے پیش نظر مصر کے تمام ایئرپورٹس 19 سے 31 مارچ تک بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    یہ فیصلہ کرونا وائرس سے نمٹنے اور عوام کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ مصری وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ فیصلہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ مصری حکومت پروازوں کی آمد و رفت کی پابندی کے دوران تمام ہوٹلوں اور سیاحتی تنصیبات پر جراثیم کش ادویہ کا اسپرے کروائے گی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں میں کارکنان کی تعداد بھی کم کی جائے گی، بھیڑ بھاڑ سے وائرس کے پھیلنے کا امکان بے حد محدود ہوجائے گا۔

    خیال رہے کہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے ہفتے کو صدارتی فرمان جاری کر کے اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تعلیم معطل کردی تھی جس پر عمل درآمد 15 مارچ سے شروع کر دیا گیا ہے۔

    مصری صدر نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 100 ارب مصری پونڈ مختص کیے ہیں۔

    مصری وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ملک میں کھانے پینے کی اشیا وافر مقدار میں موجود ہیں جو کئی مہینے کے لیے کافی ہوں گی۔ عوام پریشان نہ ہوں اور حد سے زیادہ سامان خریدنے سے گریز کیا جائے۔

    انہوں نے تاجرو ں کو بھی وارننگ دی ہے کہ وہ صورتحال سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کریں، تاجروں کی اجارہ داری کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا جائے گا اور بحران کے بہانے اشیا کے نرخ بڑھانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

    یاد رہے کہ مصر میں اب تک کرونا وائرس کے 196 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 6 افراد وائرس کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں۔

  • ملک کے 5 ایئرپورٹس غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کر دیے گئے

    ملک کے 5 ایئرپورٹس غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کر دیے گئے

    اسلام آباد: ملک کے 5 ایئر پورٹس کو غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا، مذکورہ ایئرپورٹس کی تمام شیڈیولڈ غیر ملکی فلائٹس سمیت اگلے چند روز تک تمام بین الاقوامی فلائٹس صرف کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے آپریٹ کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے 5 ایئر پورٹس کو غیر ملکی پروازوں کے لیے بند کرنے کا نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) جاری کردیا ہے۔

    حالیہ نوٹم کے مطابق سیالکوٹ، ملتان، فیصل آباد، کوئٹہ اور پشاور ایئر پورٹ سے عالمی پروازوں کی آمد و رفت بند کردی گئی ہے تاہم ان ایئر پورٹس سے اندرون ملک کی پروازیں جاری ہیں۔

    ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ ایئر پورٹس پر آنے والی غیر ملکی پروازوں کو لاہور اور اسلام آباد اتارا گیا ہے، ان پروازوں کے مسافروں کو ان کے مطلوبہ شہروں تک بھیجنے کے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

    نوٹم کے مطابق پشاور ایئر پورٹ آنے والی بین الاقوامی پروازوں کا رخ اسلام آباد موڑ دیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ ایئر پورٹ پر آنے والی غیر ملکی پروازوں کو کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کروایا جائے گا۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر اترنے والی پروازوں میں دبئی اور شارجہ کی پرواز پی اے 611، پی اے 613، جدہ اور مسقط سے آنے والی پروازیں شامل ہیں جنہیں پشاور ایئر پورٹ پر اترنا تھا۔ غیر متوقع فلائٹس کی وجہ سے اسلام آباد ایئر پورٹ پر مسافروں کا غیر معمولی رش ہے۔

    ملتان ایئر پورٹ پر اترنے والی بحرین، جدہ اور دبئی کی 4 پروازوں کو لاہور ایئر پورٹ پر لینڈ کروانے کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    سیالکوٹ سے دبئی جانے والی پرواز ایف زیڈ 338 اسلام آباد اور سیالکوٹ سے مسقط جانے والی پرواز او وی 302 لاہور سے روانہ ہوگی۔

    سوی ایوی ایشن کی وزیٹرز سے اپیل

    حالات کی سنگینی کو پیش نظر رکھتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئر پورٹ آنے والوں سے اپیل کی ہے کہ 1 یا 2 سے زائد وزیٹر ایئر پورٹس آنے سے گریز کریں۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئر پورٹ پر احتیاطی تدابیر پر لازمی عمل کریں۔ مذکورہ اقدامات کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت اٹھائے جارہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق تینوں ایئر پورٹس پر وزیٹر کی تعداد کم رکھنے پر ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کو ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ بین الاقوامی پروازیں فی الحال صرف کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے آپریٹ کی جائیں گی۔

    دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 28 ہوچکی ہے۔

  • کرونا وائرس کا خوف: معروف اداکارہ جہاز میں سوار ہونے کے بعد صفائی کرنے لگیں

    کرونا وائرس کا خوف: معروف اداکارہ جہاز میں سوار ہونے کے بعد صفائی کرنے لگیں

    کرونا وائرس نے جہاں دنیا بھر کو اپنے خوف میں مبتلا کر رکھا ہے وہیں ماڈلز اور اداکار بھی اس سے بچنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔ سپر ماڈل اور اداکارہ نومی کیمبل بھی ایسے ہی کچھ اقدامات کرتی نظر آئیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نومی نے اپنی کچھ تصاویر پوسٹ کیں جن میں وہ ایئرپورٹ جاتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ نومی نے کرونا وائرس سے بچنے کے لیے مکمل حفاظتی لباس، گاگلز اور دستانے پہن رکھے ہیں۔

    بعد ازاں انہوں نے یوٹیوب پر اپنی ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں انہوں نے دوران سفر اپنے معمولات کے بارے میں بتایا۔

    ویڈیو میں نومی جہاز میں سوار ہونے کے بعد اپنی سیٹ کو مکمل طور پر سینی ٹائزڈ وائپس سے صاف کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

    وہ بیٹھنے کی جگہ، سائیڈ ٹرے، ٹچ اسکرین، ریموٹ، کھانے کی ٹرے غرض ہر وہ شے جسے وہ دوران سفر چھو سکتی ہیں وائپس سے صاف کرتی ہیں۔

    ویڈیو میں وہ بتا رہی ہیں کہ وہ ہر سفر میں ایسے ہی کرتی ہیں، ’مجھے کوئی پروا نہیں کہ لوگ مجھے یہ سب کرتے دیکھ کر کیا سوچتے ہوں گے۔ یہ میری صحت ہے اور میں یہ سب اپنی بہتری کے لیے کرتی ہوں‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چاہے آپ اپنے ذاتی طیارے میں سفر کریں یا کمرشل طیارے میں، آپ کہیں پر بھی بیمار ہوسکتے ہیں۔

  • عالمی ایوارڈز حاصل کرنے والے دنیا کے بہترین ایئرپورٹس

    عالمی ایوارڈز حاصل کرنے والے دنیا کے بہترین ایئرپورٹس

    ایئرپورٹ کونسل انٹرنیشنل (اے سی آئی) نے ان تمام بین الاقومی ایئرپورٹس کی فہرست جاری کردی جنہوں مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے سمیت دیگر امور میں کوالٹی سروس فراہم کرنے پر عالمی ایوارڈز اپنے نام کیے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے 84 بہترین ہوائی اڈوں نے 140 عالمی اعزازات اپنے نام کیے۔ اے سی آئی کا کہنا ہے کہ ایسا پہلی بار ہوا جس میں اتنی بڑی تعداد میں ایئرپورٹس کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔

    ایئرپورٹ کونسل انٹرنیشنل کی خاتون ڈائریکٹر جنرل انجیلا گڈن نے بتایا کہ مسافروں کو فراہم کی جانی والی سہولتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایئرپورٹس کو ایوارڈز دیے گئے، کسٹمرز کو بہترین سروسز فراہم کرنا ہوائی اڈوں کا اہم فرض ہونا چاہیئے۔

    ایوارڈ کیٹگری

    رقبے کے اعتبار سے جن بہترین ایئرپورٹس کو ایوارڈز دیے گئے ان کے نام درجہ ذیل ہیں۔

    جیورج ایئرپورٹ (افریقہ)

    کمبرلی ایئرپورٹ (افریقہ)

    یوپنگٹن انٹرنیشنل ایئرپورٹ (افریقہ)

    اسی طرح دیگر لحاظ سے کن ایئرپورٹس کو اہم اعزاز سے نوازا گیا؟ یہ جاننے کے لیے لنک پر کلک کریں۔

  • کسٹمز حکام نے بیرون ملک نشہ آور ادویات کی اسمگلنگ ناکام بنادی

    کسٹمز حکام نے بیرون ملک نشہ آور ادویات کی اسمگلنگ ناکام بنادی

    لاہور: علامہ اقبال ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے بیرون ملک نشہ آور ادویات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق علامہ اقبال ایئرپورٹ پر 2 مسافروں سے 11 کلو نشہ آورادویات برآمد کی گئی ہیں۔ ملزم کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی شناخت طاہرمحمود اور مبشرسلیم نے نام سے ہوئی ہے جو نشہ آورادویات بیرون ملک لے جارہے تھے۔ کسٹمز حکام نے دونوں مسافروں کو تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردیں۔

    رواں سال کے آغاز میں اے ایس ایف نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مسافر کو گرفتار کرکے ہیئروئن برآمد کی تھی۔ ملک بھر کے ایئرپورٹس پر منشیات اسمگلنگ کی کوششوں میں درجنوں افراد گرفتار ہوچکے ہیں۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال نومبر میں اے ایس ایف نے عمان جانے والے مسافر کے سامان سے 3 کلو 378 گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ہی نیواسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے سعودی عرب جانے والے مسافر سے 3 کلو آئس ہیروئن برآمد کرکے گرفتار کیا تھا۔