Tag: Airport

  • ایئرپورٹ پر مسافر سے بدتمیزی، عمرہ زائر کو روانگی سے روک دیا

    ایئرپورٹ پر مسافر سے بدتمیزی، عمرہ زائر کو روانگی سے روک دیا

    پشاور: خیبرپختونخوا میں ایئرپورٹ پر مسافر سے بدتمیزی اور ہراساں کرنے کا دوسرا واقعہ سامنے آگیا، باچاخان ایئرپورٹ پر عمرے پر جانے والے مسافر کو امیگریشن عملے نے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسافر غیرملکی ائیرلائن کی پرواز سے دبئی سے براستہ جدہ جارہا تھا۔ ایف آئی اے عملے نے مسافر کو پاسپورٹ پر عمر غلط لکھنے پر آف لوڈ کیا بعد ازاں حقیقت سامنے آگئی۔

    مسافر اور ایف آئی اے اہلکار میں تکرار پر سی اے اے نے واقعہ کا نوٹس لیا، سی اے اے عملے نے مسافر کی دستاویزات چیک کیں تو درست نکلیں۔ ایف آئی اے حکام نے مسافر کو آف لوڈ کرنے والے اہلکار کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔

    سٹیزن پوررٹل پر پی آئی اے عملے کی 2 مسافر خواتین سے بدتمیزی کی شکایت

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافر کو دوسری پرواز سے سعودی عرب روانہ کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ رواں سال 4 جنوری کو پشاور ایئرپورٹ پر برطانیہ سے آنے والے دو سینئر ڈاکٹرز میاں بیوی سے ایف آئی اے امیگریشن کے عملے کی جانب سے نامناسب رویہ پر وزارت ہوا بازی نے نوٹس لیا تھا۔

    اے آر وائی نے ایف آئی اے ایمیگریشن عملے سے متعلق خبر نشر کی تھی، وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے پشاور ائیرپورٹ پر پاکستانی ڈاکٹروں کی تضحیک کا نوٹس لیتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر کو تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے24 گھنٹے کے اندر تحقیقات مکمل کر نے کی ہدایت کی تھی۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر 4 سالہ بچی تیسری منزل سے گر کر جاں بحق

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر 4 سالہ بچی تیسری منزل سے گر کر جاں بحق

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے اسلام آباد انٹرنیشل ایئرپورٹ پر 4 سالہ بچی کھیلتے ہوئے تیسری منزل سے نیچے گر گئی، بچی کو اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ دم توڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ صبح اسلام آباد انٹرنیشل ایئر پورٹ پر پیش آیا جب والدین کے ساتھ آنے والی 4 سالہ بچی تیسری منزل (لیول) سے پہلی منزل پر گر پڑی۔

    عینی شاہدین کے مطابق بچی ماں کے ہاتھوں سے گری، انتظامیہ نے فوری طور پر سول ایوی ایشن کے ڈاکٹرز کو طلب کرلیا۔

    بعد ازاں بچی کو تشویشناک حالت میں پہلے سی اے اے ایمبولینس پر ٹراما سینٹر اور پھر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال لے جایا گیا تاہم بچی جانبر نہ ہوسکی۔

    ترجمان پمز کے مطابق بچی اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھی، اونچائی سے گرنے کے باعث بچی کے سر پر شدید چوٹ لگی تھی اور سر پر چوٹ لگنے سے بچی کے ناک، کان اور منہ سے خون بہنے لگا۔

    ذرائع کے مطابق بچی کی موت سر پر چوٹ لگنے اور زیادہ خون بہنے سے ہوئی۔

    سول ایوی ایشن ترجمان کے مطابق بچی اسلام آباد کی ہی رہائشی تھی۔ پمز اسپتال انتظامیہ نے بچی کی میت لواحقین کے حوالے کردی جسے لے کر وہ آبائی علاقے فتح جنگ روانہ ہوگئے۔

    خیال رہے کہ نیو اسلام آباد انٹرنیشل ایئر پورٹ کا سنہ 2018 میں افتتاح کیا گیا تھا، ایئرپورٹ خاصا وسیع ہے اور جدید طرز پر تعمیر کیا گیا ہے تاہم مذکورہ واقعہ حفاظتی اقدامات میں کمی کی نشاندہی کرتا ہے۔

  • سی ٹی ڈی کا ایئرپورٹس پر خصوصی برانچ قائم کرنے کا فیصلہ

    سی ٹی ڈی کا ایئرپورٹس پر خصوصی برانچ قائم کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے صوبے بھر کے ایئرپورٹس پر خصوصی برانچ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف ایئرپورٹس پر دہشت گردوں کی نگرانی کے لیے دفاتر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    صوبائی دارالحکومت کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ، نواب شاہ، حیدر آباد اور سکھر ایئرپورٹس پر دفاتروں کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے جگہ مانگ لی گئی ہے اور اس مقصد کے لیے سندھ پولیس نے سول ایوی ایشن حکام کو خط لکھ دیا ہے۔

    ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے بھی پولیس چیف کو نوٹی فیکیشن جاری کرنے کے لیے خط لکھ دیا۔ خط میں سی ٹی ڈی کے نئے یونٹ کو سی ٹی ڈی واچ برانچ کا نام دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی انسداد دہشت گردی کے معاملات دیکھ رہی ہے، واچ برانچ سندھ بھر کے ایئرپورٹس کے حدود میں دہشت گرد ونگز اور جرائم پیشہ عناصر کے معاملات کی نگرانی کرے گی۔

  • لاہور ایئرپورٹ سے جانے اور آنے والی متعدد پروازیں منسوخ

    لاہور ایئرپورٹ سے جانے اور آنے والی متعدد پروازیں منسوخ

    لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف شدید دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ سے جانے اور آنے والی 5 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ 10 تاخیر کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایئرپورٹ کے اطراف شدید دھند ہے اور رن وے پر حد نگاہ 600 میٹر رہ گئی ہے۔

    دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ سے جانے اور آنے والی 5 پروازیں منسوخ جبکہ 10 تاخیر کا شکار ہیں۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سے اوسلو جانے والی پرواز پی کے 751، دمام سے لاہور آنے والی پرواز ایکس وائی 883، لاہور سے دمام جانے والی پرواز ایکس وائی 884، ابو ظہبی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 264 اور لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 307 منسوخ کردی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سے کویت جانے والی پرواز 502 ساڑھے 7 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ ریاض سے لاہور آنے والی پرواز ایکس وائی 317 چھ گھنٹے، ریاض جانے والی پرواز ایکس وائی 318 پانچ گھنٹے 45 منٹ اور لاہور سے ریاض جانے والی پرواز پی کے 755 ساڑھے 4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

    اسی طرح لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 303 ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار ہے جبکہ لاہور سے جدہ کی دو طرفہ پروازیں بھی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

    پروازوں میں تبدیلی کے پیش نظر پی آئی اے انتظامیہ نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ اپنے ٹکٹس بک کرواتے ہوئے موبائل نمبرز کا ضرور اندراج کروائیں تاکہ ان کو پروازوں میں ردوبدل سے مطلع کیا جاسکے۔

    ترجمان پی آئی اے نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے قبل پی آئی اے کال سینٹر سے اپنی مطلوبہ پرواز کے متعلق معلومات بھی حاصل کریں۔

  • ایئرپورٹ کے اطراف گندگی کے ڈھیر نے طیاروں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی

    ایئرپورٹ کے اطراف گندگی کے ڈھیر نے طیاروں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی

    کراچی: ایئرپورٹ کے اطراف گندگی کے ڈھیر نے طیاروں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجادی، اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کمشنر کراچی اور ضلعی انتظامیہ کوخطوط لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے اطراف گندگی کے ڈھیر طیاروں کیلئے خطرہ بن گئے، جس کے باعث ایئر پورٹ کے اطراف طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات ہونے لگے ، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ کو قصور وار ٹھہرا دیا ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کمشنر کراچی اور ضلعی انتظامیہ کو خطوط لکھ دیے ہیں ، خط میں کہا گیا پرندوں کے ٹکرانےسےجہازوں کونقصان ہورہا ہے اور پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ ہورہاہے۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ رہائشی آبادی، شادی ہالز کا کچرا ایئرپورٹ کے اطراف پھینکا جاتا ہے، ضلعی انتظامیہ صفائی کے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کا ایک اور طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

    خیال رہے آج  اسلام آباد سے کراچی آنیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے301حادثے سے بال بال بچ گئی تھی ، لینڈنگ سے قبل طیارے سے پرندہ ٹکراگیا، جس کے باعث پی آئی اے کے ایئربس 320طیارے کو نقصان پہنچا تاہم کپتان نے طیارے کو باحفاظت کراچی ایئرپورٹ اتار لیا۔

    گذشتہ روز بھی کراچی سے لاہور پی آئی اے کی پرواز پی کے 304 بڑے حادثے سے بچ گئی تھی ، ایئربس 320 کے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد انجن سے پرندہ ٹکرا گیا تھا ، جس کے باعث بی ایم ایکس رجسٹریشن کے حامل طیارے کے انجن کو نقصان پہنچا  تھا۔

  • 3 بڑے ایئرپورٹس پر برطانیہ سے آنے والے جدید اسکینرز نصب

    3 بڑے ایئرپورٹس پر برطانیہ سے آنے والے جدید اسکینرز نصب

    کراچی: ملک کے 3 بڑے ایئرپورٹس پر برطانیہ سے آنے والے جدید اسکینر نصب کردیے گئے جس کے بعد سیکیورٹی اور چیکنگ کا عمل مزید مؤثر ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی جانب سے پاکستانی ایئر پورٹس کے لیے جدید مشینیں فراہم کی گئی ہیں۔ جدید اسکینر سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے فراہم کی گئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق برطانوی سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے فی الحال 18 اسکینر فراہم کیے گئے ہیں جنہیں 3 بڑے ایئر پورٹس، کراچی کے قائد اعظم انٹرنیشل، لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نیو اسلام آباد انٹرنیشل ایئرپورٹ پر نصب کردیا گیا ہے۔

    مشینوں کے ذریعے نقصان دہ آلات اور بارودی مواد کی موجودگی جانچی جاسکے گی۔ مذکورہ اسکینر فی الحال کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے برطانیہ جانے والی پروازوں کے لیے استعمال کیے جارہے ہیں۔

    خیال رہے کہ رواں برس جولائی میں لاہور ایئرپورٹ کے اندر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 2 افراد قتل ہوگئے تھے، ابتدائی انکوائری رپورٹ میں ایئر پورٹ کے واحد اسکینر کے 2 سال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق ایئر پورٹ پر واحد اسکینر صرف ڈیپارچر لاؤنج تک جانے والی گاڑیوں کو اسکین کرتا رہا، پارکنگ ایریا میں جانے والی گاڑیوں کو چیک کرنے کے لیے کوئی اسکینر نہیں تھا۔

    اے ایس ایف ذرائع کے مطابق اسکینر خراب ہونے کے باعث گاڑیوں کی اسکیننگ نہیں ہو رہی تھی، سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو ہر ماہ اسکینر کی خرابی سے متعلق آگاہ کیا جاتا رہا، آگاہ کرنے کے باوجود اسکینر کو ٹھیک نہ کروایا گیا۔

  • برطانوی سیکیورٹی ٹیم کا کراچی ایئرپورٹ کا دورہ

    برطانوی سیکیورٹی ٹیم کا کراچی ایئرپورٹ کا دورہ

    کراچی: برطانوی ڈپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ (ڈی ایف ٹی) کی ٹیم نے کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کیا، اس دوران ٹیم نے کراچی سے لندن جانے والے بوئنگ 777 طیارے کا معائنہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی ڈپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ (ڈی ایف ٹی) کی ٹیم نے دوسرے دن بھی کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔ ٹیم نے کراچی سے لندن جانے والے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے بوئنگ 777 طیارے کا معائنہ کیا۔

    برطانوی ٹیم نے بوئنگ 777 طیارے کی مکمل جانچ کی، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے کے عملے نے برطانوی ٹیم کو طیارے کی سرچنگ اور کارگو کے حصوں کی بھی جانچ کروائی۔

    اسکریننگ کے بعد پی آئی اے کے عملے نے برطانوی ٹیم کو جہاز میں سامان لوڈ کرنے کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے کراچی سے لندن جانے والے مسافروں کی امیگریشن کے عمل اور اس سے متعلقہ امور پر بھی بریفنگ دی۔

    برطانوی ٹیم نے کراچی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کو تسلی بخش قرار دیا اور کراچی سے براہ راست لندن کی پرواز پر عالمی سیکیورٹی معیار کو بھی سراہا۔

    خیال رہے کہ مذکورہ ٹیم نے گزشتہ روز بھی کراچی ایئر پورٹ کا دورہ کیا تھا اور سیکیورٹی امور کا جائزہ لیا تھا۔

  • لبنانی عازمین حج کو رخصت کرنے سعودی سفیر بیروت ایئرپورٹ پہنچ گئے

    لبنانی عازمین حج کو رخصت کرنے سعودی سفیر بیروت ایئرپورٹ پہنچ گئے

    ریاض : حج مبرور کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے سعودی سفیر نے لبنانی عازمین حج کو قرآن کریم اور گلاب کے پھول پیش کیے۔

    تفصیلات کےمطابق لبنان میں سعودی سفیر ولید بخاری نے بیروت کے رفیق الحریری انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے لبنانی عازمین حج کے دستوں کو الوادع کیا، اس موقع پر لبنان کے دارالافتاءمیں اسلامی اوقاف کے ڈائریکٹر شیخ محمد انیس اروادی اور متعدد میڈیا پرسنز بھی موجود تھے۔

    سعودی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے نشر کردہ بیان میں ولید بخاری نے کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات پر مملکت کی اولین ترجیح اللہ کے مہمانوں کی مکمل دیکھ بھال ہے تا کہ ان مہمانوں کو اعلی ترین خدمات فراہم کر کے ان کے لیے فریضہ حج کی ادائیگی کو حتی الامکان آسان بنایا جائے۔

    ولید بخاری کے مطابق رواں سال دنیا بھر میں سعودی سفارتی مشنوں اور قونصل خانوں نے کامیابی کے ساتھ الکٹرونک ویزوں کا اجرا کیا،یہ پروگرام سعودی عرب کے ویڑن 2030 منصوبے کے ضمن میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

    سعودی سفیر نے لبنانی عازمین حج کے امور کو آسان بنانے کے واسطے بھرپور توجہ دینے پر لبنانی وزیراعظم سعد حریری اور دیگر عہدے داران کا شکریہ ادا کیا۔

    ادھر شیخ محمد انیس اروادی نے مملکت کی جانب سے اللہ کے مہمانوں کے لیے پیش کی جانے والی خدمات اور سہولیات پر خادم الحرمین الشریفین اور سعودی ولی عہد کے لیے تشکر اور ممنونیت کا اظہار کیا۔

    بعد ازاں سعودی سفیر نے لبنانی عازمین حج کے درمیان قرآن کریم کے نسخے اور گلاب کے پھول تقسیم کرتے ہوئے حج مبرور کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

  • لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کی اڑان، 7 پروازوں کا رخ مختلف شہروں کی جانب موڑ دیا گیا

    لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کی اڑان، 7 پروازوں کا رخ مختلف شہروں کی جانب موڑ دیا گیا

    لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کے ایئرپورٹ پر پرندوں کی اڑان نے پروازوں کی آمد و رفت کو متاثر کردیا، لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والی 7 پروازوں کا رخ مختلف شہروں کی جانب موڑ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ کے قریب فضا میں پرندوں کی اڑان کی وجہ سے پروازوں کی لینڈنگ متاثر ہوگئی، لاہور آنے والی کئی پروازوں کے رخ موڑ دیے گئے۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پیرس سے لاہور آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز کو سیالکوٹ ایئر پورٹ اتار دیا گیا۔ طیارے میں 300 سے زائد مسافر سوار ہیں۔ جدہ سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 760 کا رخ بھی ملتان کی طرف موڑ دیا گیا۔

    اسی طرح کچھ دیر میں لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کی جانے والی دبئی سے آنے والی غیر ملکی پرواز کا رخ کراچی کی طرف موڑ دیا گیا۔ دوحہ سے آنے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کو بھی واپس بھیج دیا گیا۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پروازوں کا رخ پرندوں کی زیادہ اڑان کی وجہ سے موڑا گیا، حفاظتی نقطہ نظر سے یہ قدم اٹھایا گیا۔

    ترجمان کے مطابق جدہ سے آنے والی پرواز خالی تھی اور اس میں مسافر نہیں تھے، اسی لیے اس کو ملتان اتارا گیا۔

    ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الوقت لاہور ایئرپورٹ سے پروازوں کو اڑان کی اجازت نہیں دی جا رہی، پرندوں کو بھگانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق دو روز قبل بھی پرندہ ٹکرانے کی وجہ سے پی آئی اے کے طیارے کو نقصان پہنچا تھا۔

    اس سے قبل گزشتہ روز بھی پی آئی اے کے ایک طیارے میں فنی خرابی کی وجہ سے سینکڑوں مسافر بیجنگ میں پھنس گئے تھے۔ اسلام آباد سے بیجنگ پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 852 کو بیجنگ سے ٹوکیو جانا تھا۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے کے اے پی یو میں فنی خرابی کے باعث پرواز تاخیر کا شکار ہوئی، تمام مسافروں کو ہوٹل منتقل کردیا گیا ہے۔ پرواز اب آج پاکستان وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے روانہ ہوگی۔

  • لاہور ایئرپورٹ کے بعد کراچی ایئرپورٹ کا اسکینر بھی خراب ہونے کا انکشاف

    لاہور ایئرپورٹ کے بعد کراچی ایئرپورٹ کا اسکینر بھی خراب ہونے کا انکشاف

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گاڑیوں کو چیک کرنے کے لیے نصب کیا گیا اسکینر گزشتہ 1 سال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر جائیکا کے تعاون سے سنہ 2016 میں اسکینر (انڈر وہیکل انسپیکشن سسٹم) نصب کیا گیا تھا جو سال بھر کے زائد عرصے سے خراب پڑا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر اسکینر کی مدد سے گاڑیوں کی جامع تلاشی لی جاتی تھی تاہم اسکینر خراب ہونے کے باعث گاڑیوں کی اسکیننگ کا عمل رک گیا، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) مینوئل طریقے سے گاڑیوں کو سرچ کر رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق اسکینر مشین کے پرزہ جات نہ ہونے کی وجہ سے مرمت کا کام التوا کا شکار ہے، مذکورہ کمپنی پر امریکا نے پابندی عائد کی ہوئی ہے جس کی وجہ سے پرزہ جات پاکستان درآمد نہیں ہو پارہے۔

    سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ جائیکا سے مکمل طور پر رابطے میں ہیں تاکہ پرزہ جات جلد سے جلد دستیاب ہوں اور مشینوں کو فعال کیا جاسکے، جائیکا کا نمائندہ وفد بھی مشینوں کا دورہ کر کے جا چکا ہے۔

    خیال رہے کہ کل لاہور ایئر پورٹ کی پارکنگ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، بعد ازاں ابتدائی انکوائری رپورٹ میں ایئر پورٹ کے واحد اسکینر کے 2 سال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق ایئر پورٹ پر واحد اسکینر صرف ڈیپارچر لاؤنج تک جانے والی گاڑیوں کو اسکین کرتا ہے، پارکنگ ایریا میں جانے والی گاڑیوں کو چیک کرنے کے لیے کوئی اسکینر نہیں۔