Tag: Airport

  • لاہور ایئر پورٹ پر پارکنگ کے قریب فائرنگ، 2 افراد جاں بحق

    لاہور ایئر پورٹ پر پارکنگ کے قریب فائرنگ، 2 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایئر پورٹ پارکنگ کے قریب فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، مقتولین میں سے ایک عمرے کی ادائیگی کر کے واپس آیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ایئر پورٹ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کا کہنا ہے کہ فائرنگ ایئر پورٹ پارکنگ ایریا میں ہوئی۔

    اے ایس ایف کے مطابق فائرنگ کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے بیرون ملک سے آنے والے شخص کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایک ٹیکسی ڈرائیور سمیت 2 مزید افراد زد میں آگئے۔

    فائرنگ سے نشانہ بننے والا شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا، بعد ازاں زخمی ٹیکسی ڈرائیور بھی جان کی بازی ہار گیا۔ مقتول کی شناخت زین نفیس کے نام سے ہوئی جبکہ ٹیکسی ڈرائیور کا نام اکرم تھا۔ واقعے میں ایک اور شخص عنصر بھی زخمی ہوا۔

    ایس پی کینٹ صفدر رضا کاظمی کا کہنا ہے کہ مقتول زین نفیس کے خلاف پیپلز پارٹی کے رہنما بابر بٹ کے قتل کا مقدمہ درج تھا۔ ان کے مطابق فائرنگ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

    فائرنگ کے واقعے کے بعد رینجرز اہلکار ایئرپورٹ پہنچ گئے، ایئر پورٹ کے خارجی راستے بند کردیے گئے ہیں جبکہ گاڑیوں کی چیکنگ جاری کی جارہی ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ایئرپورٹ پارکنگ ایریا میں فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل جون 2014 میں کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردی کا بدترین واقعہ پیش آچکا ہے جب 10 دہشت گردوں نے ایئرپورٹ پرحملہ کردیا تھا۔

    سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 12 گھنٹوں تک جوابی کارروائی میں تمام دس حملہ آوروں سمیت 29 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    اسی کے چند روز بعد پشاور ایئرپورٹ پر پاکستان ایئر لائنز کے ایک طیارے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی جس سے طیارے میں بیٹھی ایک خاتون مسافر جاں بحق اور عملے کے 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • سعودی شہر نیوم کے ہوائی اڈے پر پروازوں کی آمد ورفت شروع

    سعودی شہر نیوم کے ہوائی اڈے پر پروازوں کی آمد ورفت شروع

    ریاض : سعودی عرب کے جدید تعمیر ہونے والے صنعتی شہر نیوم بے کے ہوائی اڈے پر اتوار سے تجارتی پروازوں کی آمد کا آغاز ہوگیا، یہ خطے میں پہلا ہوائی اڈا ہے جہاں فائیو جی وائرلیس نیٹ ورک سروس استعمال کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شہری ہوابازی نے گذشتہ ہفتے 30 جون سے نیوم بے کا ہوائی اڈا کھولنے کا اعلان کیا تھا اور پہلی تجارتی پرواز کی آمد کی اطلاع دی تھی۔

    اس نے کہا تھا کہ یہ 5 جی وائرلیس نیٹ ورک سے آراستہ ہوگا۔سعودی وزارتِ مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی ( ایم سی آئی ٹی) نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم تیزی سے مستقبل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

    بین الاقوامی فضائی ٹرانسپورٹ تنظیم ( ایاٹا) کے ہاں اس ہوائی اڈے کی رجسٹریشن پہلے ہی ہوچکی ہے اور اس کی علامت ”نیوم“ہے۔نیوم بے کے ہوائی اڈے کے افتتاح کے ساتھ ہی یہاں سرمایہ کاروں اور نیوم منصوبے کے ملازمین کی پروازوں کی باقاعدہ آمد ورفت شروع ہوگئی۔

    مصر کی سرحد کے نزدیک واقع سعودی عرب کی گورنری تبوک میں نیوم کا شہراور اقتصادی زون تعمیر کیا جارہا ہے، اس کثیر قومی شہر کا رقبہ 10230 مربع میل ہوگا،اس منصوبے کا اکتوبر 2017ءمیں اعلان کیا گیا تھا اور تب ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ نیوم میں اعلیٰ ٹیکنالوجی کے حامل جدید صنعتی کارخانے لگائے جائیں گے جس کا مقصد سعودی مملکت کو صنعت اور ٹیکنالوجی کا ایک عالمی مرکز بنانا ہے۔

  • سعودی ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کا حملہ، پاکستان کی شدید مذمت

    سعودی ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کا حملہ، پاکستان کی شدید مذمت

    اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب کے شہر ابہا میں ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی ایئرپورٹ پر میزائل حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، سعودی عرب کے ساتھ ہمیشہ اظہار یکجہتی کریں گے۔

    حوثی باغیوں نے گذشتہ روز سعودی شہر ابہا کے بین الاقوامی ائیرپورٹ پر راکٹ فائر کیا جس کے نتیجے میں 26 افراد زخمی ہوئے۔

    عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثی باغیوں نے جس ائیرپورٹ کو نشانہ بنایا وہ روزانہ ہزاروں ملکی و غیر ملکی مسافر استعمال کرتے ہیں۔

    حملے کے بعد کچھ دیر کے لیے ائیرپورٹ پر آپریشن معطل رہا تاہم کچھ دیرے بعد ملکی و غیرملکی پروازوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

    کرنل ترکی المالکی نے مزید بتایا کہ راکٹ حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے مسافروں کا تعلق یمن، بھارت اور سعودی عرب سے ہے جن میں تین خواتین اور دو سعودی بچے شامل ہیں۔

    سعودی عرب:‌ حوثی باغیوں‌ کا ائیرپورٹ پر میزائل حملہ، 26 زخمی

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد بار یمن میں برسرپیکار حوثی باغی سعودی شہروں کو نشانہ بناتے رہتے ہیں، کئی مرتبہ سعودی اتحادی افواج نے حوثیوں کا ڈرون اور میزائل بھی مار گرایا ہے۔

  • ایران امریکا کیشدگی، خلیج فارس سے گزرنے والے مسافر طیاروں کے نشانہ بننے کا خدشہ

    ایران امریکا کیشدگی، خلیج فارس سے گزرنے والے مسافر طیاروں کے نشانہ بننے کا خدشہ

    ابوظبی : امریکی سفارت کاروں کو خدشہ ہے کہ مسافر طیارے کشیدگی میں اضافے کی وجہ سے ایرانی فوج کی جانب سے غلطی یا غلط پہچان کی صورت میں نشانہ بنائے جاسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی میں اضافے کے بعد ایئر سیفٹی کی وارننگ کے باوجود متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ایئرلائنز نے معمول کے مطابق اپنے آپریشنز جاری رکھی ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی سفارتکاروں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ خلیج فارس سے گزرنے والے مسافر طیارے خطے میں کشیدگی میں اضافے کی وجہ سے ایرانی فوج کی جانب سے ‘غلطی یا غلط پہچان کی صورت میں نشانہ بنائے جاسکتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اتحاد ایئرویز، الامارات اور فلائی دبئی نے اتوار کے روز بتایا کہ انہوں نے اپنی پرواز کے منصوبوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ وہ صورتحال پر کڑی نظر رکھ رہے ہیں۔

    یو اے ای کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمارے فلائیٹ آپریشنز میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، ہم متعلقہ متحدہ عرب امارات اور عالمی حکام سے رابطے میں ہیں اور صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایئر لائن نے یقین دہانی کرائی کہ ان کے آپریشنز کی حفاظت سب سے اولین ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    اتحاد کا کہنا تھا کہ وہ بھی یو اے ای کے جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی اور عالمی سطح پر ایئر نیوی گیشن سروس فراہم کرنے والے ادارے سے رابطے میں ہیں۔

    فلائی دبئی کے ترجمان نے کہا کہ پائلٹ بین الاقوامی سطح پر منظور شدہ راستوں پر جہاز اڑا رہے ہیں، ہمیں خدشات کے بارے میں علم ہے اور ہم صورتحال کا جائزہ لے کر ہمارے ریگولیٹر سے رابطہ جاری رکھیں گے۔

    سعودی عرب کے حکام کی جانب سے یہ اعلان ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب گزشتہ ہفتے ملک کی تیل کمپنی پر ڈرون حملے اور متحدہ عرب امارات کے ساحل پر تیل بردار جہازوں کو تخریب کاری کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ان حملوں کو ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کی کڑی قرار دیا جارہا ہے۔

    خدشات میں کہا گیا کہ ایران کا مسافر طیارے کو نشانہ کا کوئی ارادہ نہیں ہے لیکن کشیدگی کی صورتحال میں متعدد دور تک ہدف کا نشانہ بنانے والے اور جدید اینٹی ایئرکرافٹ کی صلاحیت رکھنے والے ہتھیاروں کی موجودگی میں غلطی یا غلط شناخت کرکے مسافر طیارے پر حملے ہونے کا خدشہ ہے۔

    یہ بھی کہا گیا کہ طیاروں کے نیوی گیشن آلات کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جس میں بغیر اطلاع دیے رابطہ منقطع کیا جاسکتا ہے۔

  • الحدیدہ ہوائی اڈے پر حوثیوں کی دہشت گردی کی سازش ناکام

    الحدیدہ ہوائی اڈے پر حوثیوں کی دہشت گردی کی سازش ناکام

    صنعاء : الحدیدہ میں حوثی خود کش بمباروں نے ہوائی اڈے کے اندر دراندازی کی کوشش کی مگر انہیں ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی ہلاک کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یمن کی جوائنٹ سیکیورٹی فورسز نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی طرف سے ساحلی شہر الحدیدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دہشت گردی کی سازش ناکام بنا دی۔

    یمن میں مزاحمتی فورسز کے میڈیا وار سیل کی طرف سے کہا گیا ہے کہ حوثیوں نے الحدیدہ ہوائی اڈے پر دہشت گردی کی سازش کے لیے چھ شدت پسندوں کو بھیجا تھا مگر سیکیورٹی فورسز نے حوثی شرپسندوں کی دہشت گردی کی سازش ناکام بنا دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حوثی خود کش بمباروں نے ہوائی اڈے کے اندر دراندازی کی کوشش کی مگر انہیں ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی ہلاک کردیا گیا۔

    میڈیا وار سیل کے مطابق حوثیوں کی طرف سے دہشت گردی کی تازہ کوشش ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دوسری جانب حوثیوں اور حکومت کے درمیان الحدیدہ میں جنگ بندی معاہدے پرعمل درآمد کی کوششیں جاری ہیں۔

    حوثی باغیوں کی طرف سے الحدیدہ میں جنگ بندی کی کوششوں کو دانستہ طورپر ناکام بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔خیال رہے کہ الحدیدہ ہوائی اڈے کے بیشتر مقامات پر مشترکہ مزاحمتی فورسز کا کنٹرول ہے جب کہ ہوائی اڈے کی شمالی سمت میں بعض عمارتوں پر حوثی ملیشیا کے جنگجو بدستور قابض ہیں۔

  • میں اپنی بچی ایئرپورٹ پر بھول گئیں ہوں‘ ماں کی درخواست پر طیارے کی ہنگامی واپسی

    میں اپنی بچی ایئرپورٹ پر بھول گئیں ہوں‘ ماں کی درخواست پر طیارے کی ہنگامی واپسی

    ریاض : سعودی عربین ایئرلائن کے ملائشیا جانے والے طیارے کو اڑان بھرتے ہی واپس جدہ ایئرپورٹ آنا پڑا جب ایک خاتون نے بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کو ٹرمنل پر ہی بھول آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے سعودی عربین ایئرلائن کی فلائٹ ایس وی 832 کے ذریعے ملائشیا جانے والی لاپراہ مسافر خاتون بچی کو ٹرمنل پر ہی بھول گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پائلٹ کو اس وقت حیرت میں مبتلا ہوگیا جب ایک خاتون نے فلائٹ واپس جدہ ایئرپورٹ لے جانے کی درخواست کی تاکہ اپنی کمسن بچی کو لے سکیں جسے وہ انتظار گاہ میں بھول آئی ہے۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ پائلٹ اور ایئر ٹریفک کنٹرول کے درمیان ہونے والے گفتگو کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے، جس میں پائلٹ کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’کیا فلائٹ واپس جدہ ایئرپورٹ لائی جاسکتی ہے‘۔

    جہاز کے پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول ڈپارٹمنٹ کو بتایا کہ خاتون نے سفر جاری رکھنے سے انکار کردیا ہے کیا ہم واپس آسکتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایئر ٹریفک کنٹرول کے ایک اہلکار نے کہا طیارے کو واپس لوٹنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ ہمارے لیے بلکل نیا تجربہ ہے۔

  • نیب کی طلبی کے باوجود آغا سراج درانی کی پوری فیملی اچانک امریکا روانہ

    نیب کی طلبی کے باوجود آغا سراج درانی کی پوری فیملی اچانک امریکا روانہ

    کراچی : قومی احتساب بیورو کی جانب سے طلب کیے جانے کے باوجود اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے اہل خانہ اچانک  امریکا چلے گئے، کراچی ایئر پورٹ پر صوبائی وزراء نے انہیں رخصت کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثوں اور کرپشن کے الزامات پر گرفتار اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے اہل خانہ اچانک  امریکا چلے گئے۔

    قوی احتساب بیورو نے  آغا سراج درانی کی فیملی کو تفتیش کے لئے طلب کر رکھا تھا، سراج درانی کی اہلیہ ناہید درانی، بیٹیوں سارہ اور شاہانہ درانی کے لاکرز سے برآمد ہونے والے زیورات سے متعلق پوچھ گچھ کرنا تھی۔

    اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ آغا سراج درانی کا خاندان نجی ائیر لائن کے ذریعے کراچی سے امریکا روانہ ہوا، کراچی ایئرپورٹ پر روانگی کے وقت صوبائی وزیر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

    ذرائع نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ آغا سراج درانی کی اہلیہ ناہید اور بیٹیوں نے بزنس کلاس میں سفر کیا، امریکا پہنچنے پر پیپلز پارٹی کے ایک سابق وفاقی وزیر نے ان کا استقبال کیا۔

    مزید پڑھیں: آغا سراج درانی کے جسمانی ریمانڈ میں 21 مارچ تک توسیع

    یاد رہے کہ نیب حکام نے آغا سراج درانی کی فیملی کو تفتیش کے لئے طلب کر رکھا تھا، نیب نے سراج درانی کی اہلیہ ناہید، بیٹیوں سارہ اور شاہانہ درانی سے لاکرز سے برآمد زیورات سے متعلق تفتیش کرنا تھی۔

  • امریکا : لوئیسویل ایئرپورٹ باکسر محمد علی کے نام سے منسوب

    امریکا : لوئیسویل ایئرپورٹ باکسر محمد علی کے نام سے منسوب

    واشنگٹن : امریکی حکام نے ریاست کینٹکی کے لوئیسویل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام لیجنڈ باکسر محمد علی سے موسوم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کینٹکی کے حکام کی جانب سےلوئیسویل ایئرپورٹ کے نام کی تبدیلی کا فیصلہ باکسنگ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ محمد علی کی 77 ویں سالگرہ کے موقع پر کیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے گزشتہ روز منعقدہ اجلاس میں ووٹنگ کے ذریعے ایئرپورٹ کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    میڈیا رپورٹ کا کہنا ہے کہ ایئرپروٹ انتظامیہ لیجنڈ باکسر کے اہل خانہ سے محمد علی کا نام استعمال کی اجازت کے منتظر ہیں تاہم انتظامیہ کے مطابق معاہدہ مکمل ہونے والا ہے۔

    لوئیسویل کے میئر کا کہنا تھا کہ لوگ باکسنگ چیمپئن محمد علی کی باکسنگ سے تو متاثر تھے ہی لیکن ان کا کھلے عام اسلام قبول کرنے کا فیصلہ پوری دنیا پر اثر انداز ہوا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ریاست کینٹکی کا شہر لوئیسویل رواں برس جون میں باکسر محمد علی کے اعزاز میں ہونے والے فیسٹیول ’آئی ایم علی‘ میزبانی کرے گا اور جون تک ہی ایئرپورٹ کے نام کی تبدیلی کا کام بھی مکمل ہوجائے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق لوئیسویل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام باکسر محمد علی کی نمایاں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کرنے کےلیے تبدیل کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ لوئیسویل باکسنگ چیمپئن محمد علی کا آبائی شہر ہے، 30جون 2016 کو دنیا فانی سے رخصت کے بعد محمد علی کو اسی شہر میں دفن کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ آج دنیائے باکسنگ پرحکومت کرنے والے محمد علی محمد علی کی 77 ویں سالگرہ ہے

    محمد علی نے 17 جنوری 1942ء کو امریکہ کے شہر لوئسویل کے ایک مسیحی گھرانے میں آنکھ کھولی اور ان کا نام کلے رکھا گیا، انہوں نے 1970 کی دہائی میں اسلام قبول کیا۔

    باکسنگ میں محمد علی کا کیریئر 20 سال پرمحیط رہا اور اس دوران انہوں نے 56 مقابلے جیتے اور 37 ناک آؤٹ اسکور کیے۔

    56 بار باکسنگ مقابلے جیتنے والے لیجنڈ باکسرمحمد علی کو ورلڈ باکسنگ کونسل کی جانب سے کنگ آف باکسنگ کا خطاب دیا گیا۔

  • برطانیہ: گیٹ وک ایئرپورٹ پر 24 گھنٹے بعد بھی فلائٹ آپریشن معطل، مسافر پریشان

    برطانیہ: گیٹ وک ایئرپورٹ پر 24 گھنٹے بعد بھی فلائٹ آپریشن معطل، مسافر پریشان

    لندن : مشکوک ڈرون کی رن وے پر پرواز کے باعث برطانیہ کا گیٹ وک ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن تاحال معطل ہے، حکومت نے فوج کی مدد طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے گیٹ وک انٹرنشنل ایئرپورٹ کے رن وے پر گذشتہ شام سے 2 مشکوک ڈرونز پرواز کررہے ہیں، جس باعث انتظامیہ نے فلائٹ آپریشن معطل کرکے پروازوں کا رخ دیگر ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا تھا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مشکوک ڈرونز کے باعث کل شام سے اب تک 800 پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں، پروازوں سے منسوخی نے ہزاروں مسافروں کو پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ حکام اور پولیس اسناپئر اور ہیلی کاپٹر کی مدد سے گزشتہ شام سے ڈرونز کو گرانے کی کوششیں کررہے ہیں تاہم ابھی تک کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔

    گیٹ وک ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آج ایک لاکھ سے زائد مسافروں نے گیٹ وک ایئرپورٹ استعمال کرنا تھا تاہم انتظامیہ نے مسافروں کو آج ایئرپورٹ نہ آنے کی ہدایت کردی۔

    مقامی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت نے پولیس اور ایئرپورٹ حکام کی ناکامی کے باعث فوج کی مدد حاصل کرلی ہے تاہم برطانوی پولیس کا مؤقف ہے کہ واقعے کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے رن وے کے اطراف میں ڈرونز اڑانے میں ملوث افراد کو متنبہ کیا کہ پروازوں میں خلل ڈالنے والوں کو 5 برس جیل کی سزا ہوسکتی ہے۔

    وزیر اعظم تھریسامے کا کہنا ہے کہ حکومت کو معاملے کی حساسیت کا احساس ہے، کرسمس کے قریب پروازوں کی معطلی سے مسافروں کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔

    یاد رہے کہ گذشتہ شب پروازوں کی معطلی کے باعث 10 ہزار مسافر متاثر ہوئے تھے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس پہلے ڈرون کو کنٹرول کرنے کی کوشش کررہی تھی کہ کچھ دیر بعد ایک ڈرون کو پرواز کرتے دیکھا گیا۔

    خیال رہے کہ ایئرپورٹ انتظامیہ نے گیٹ وک آنے والی پروازوں کا رخ ملک کے دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا تھا، جن میں لندن ہیتھرو، لوٹن، برمنگھم، گلاس گلو اور مانچیسٹر بھی شامل ہیں۔

  • لندن: ایئرپورٹ انتظامیہ کی سنگدلی، معذور کھلاڑی رینگتے ہوئے باہر جانے پر مجبور

    لندن: ایئرپورٹ انتظامیہ کی سنگدلی، معذور کھلاڑی رینگتے ہوئے باہر جانے پر مجبور

    لندن : برطانیہ کے لوٹن ایئرپورٹ کی جانب سے ویل چیئر نہ ملنے پر معذور کھلاڑی رینگتے ہوئے ہوائی اڈے سے باہر جانے پر مجبور ہوگیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں واقع سوئنگ لوٹن ایئرپورٹ پر ایک معذور مسافر کے زمین پر رینگتے ہوئے باہر جانے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ایئر پورٹ انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں نظر آنے والا مسافر کوئی اور نہیں بلکہ ٹانگوں سے معذور کھلاڑی جصٹن لیوائن ہیں جن کا آدھا جسم پیرالائز ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ معذور کھلاڑی مسافر طیارے باہر آئے ایئرپورٹ انتظامیہ نے انہیں خود چلانے والی ویل چیئر فراہم نہیں کی جس کے باعث ہزاروں گز زمین پر رینگتے ہوئے باہر آنا پڑا۔

    ایئر پورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسٹاف نے جسٹن لیوائن کو کرسی پر بٹھا کر دھکا دیتے ہوئے باہر چھوڑنے کی پیشکش کی تھی تاہم جسٹن نے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا کہ اس سے میری آزادی ختم ہوجائے گی۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ جسٹن لیوائن 20 برس کی عمر میں کمر کے مہرے جگہ سے ہلنے کے باعث لندن میں ڈاکٹرز نے آپریشن کیا اور ڈسک نصب کردی لیکن پھر بھی جسٹن کا آدھا جسم معذور ہوگیا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جسٹن تقریباً گذشتہ 10 برس سے عالمی ویل چیئر کے کھلاڑی ہیں اور معذور کھلاڑیوں کے ٹرینر اور استاد بھی ہیں۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ مذکورہ کھلاڑی حالیہ دنوں مولڈووا میں یتیم اور معذور بچوں کے لیے کام کررہے ہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جسٹن لیوائن ایئرپورٹ کے باہر سے ٹیکسی تک جانے کے لیے سامان لےجانے والی ٹرالی پر بیٹھ پر ٹیکسی تک گئے۔

    معذور کھلاڑی نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویل چیئر کے بغیر میری عزت نفس اور آزادی زیادہ دیر نہیں رہتی اور ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے کرسی کی پیشکش کرنا میری ذلت اور رتبہ کم کرنے کے برابر تھا۔