Tag: airports

  • عرب امارات کے ایئرپورٹس پر مسافروں کی تعداد میں 3 گنا اضافہ

    عرب امارات کے ایئرپورٹس پر مسافروں کی تعداد میں 3 گنا اضافہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے ایئرپورٹس سے سفر کرنے والے افراد کی تعداد پچھلے برس کی نسبت 3 گنا بڑھ گئی، یہ تعداد 15 ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں مطارات ابو ظہبی کمپنی نے کہا ہے کہ یکم جنوری سے 31 دسمبر 2022 تک ابو ظہبی ایئرپورٹس سے 15.9 ملین افراد نے سفر کیا۔

    مطارات ابو ظہبی کمپنی نے بتایا کہ ابو ظہبی انٹرنیشنل، العین انٹرنیشنل، البطین پرائیویٹ ایئرپورٹ، جزیرہ دلما ایئرپورٹ اور صیر بنی یاس ایئرپورٹ سے 2022 کے دوران 15.9 ملین افراد نے سفر کیا۔

    مسافروں کی یہ تعداد 2021 کے دوران ان پانچوں ایئر پورٹس سے سفر کرنے والوں کی تعداد سے تین گنا زیادہ ہے۔

    مطارات ابو ظہبی کا کہنا ہے کہ ابو ظہبی کے پانچوں ایئر پورٹس سے 1 لاکھ 94 ہزار 667 پروازیں 2022 کے دوران روانہ ہوئیں۔

    کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ ابو ظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 2022 کی چوتھی سہ ماہی کے دوران 4.78 ملین سے زائد افراد نے سفر کیا، یہ اعداد و شمار یکم اکتوبر سے 31 دسمبر 2022 تک کے ہیں۔

    یہ تعداد 2021 کی چوتھی سہ ماہی کے مقابلے میں دگنی ہے۔

  • ملک کے تمام بڑے ایئر پورٹس پر بجلی کی صورتحال کیا ہے؟

    ملک کے تمام بڑے ایئر پورٹس پر بجلی کی صورتحال کیا ہے؟

    کراچی: سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام بڑے ایئر پورٹس پر متبادل نظام کی بدولت بجلی کی فراہمی جاری ہے، فلائٹ آپریشنز بھی معمول کے مطابق جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک گیر پاور بریک ڈاؤن کے بعد سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام بڑے ایئر پورٹس پر بجلی کا کوئی مسئلہ نہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کے متبادل نظام کی بدولت صورتحال معمول کے مطابق ہے۔

    ترجمان کے مطابق اسٹینڈ بائی پاور سسٹمز کی مدد سے بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری ہے، 2 گھنٹے جنریٹرز پر چلنے کے بعد پشاور ایئرپورٹ پر معمول کی بجلی سپلائی بحال کردی گئی ہے۔

  • اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کی نجکاری، دوست ممالک کو ترجیح دی جائے گی

    اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کی نجکاری، دوست ممالک کو ترجیح دی جائے گی

    کراچی: سول ایوی ایشن نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئر پورٹس کو آؤٹ سورس کرنے کے فریم ورک کو حتمی شکل دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئر پورٹس کے آؤٹ سورسنگ پلان تیار کرلیے گئے، وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فریم ورک کو حتمی شکل دے دی۔

    پلاننگ ڈویژن کی ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ کی ہدایت سی اے اے کو موصول ہوگئی جس کے مطابق ایئر پورٹ آؤٹ سورسنگ کے لیے عالمی جریدوں میں رواں ماہ ٹینڈر کا اجرا کیا جائے گا۔

    حکومت نے ایئر پورٹ آؤٹ سورسنگ میں دوست ممالک کو ترجیح دینے فیصلہ کیا ہے، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، چین اور ترکی کی کمپنیز کو ترجیحی بنیاد پر مدعو کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آؤٹ سورس سے سالانہ 250 سے 300 ملین ڈالرز حاصل ہوں گے، معاہدے کے تحت ایئرپورٹ 25 سال کے لیے آؤٹ سورس کیے جائیں گے۔

    ایئرپورٹ ٹرمینل سروسز، پارکنگ، اسٹوریج، کارگو، ہینڈلنگ اور صفائی شعبے آؤٹ سورس کیے جائیں گے جبکہ سیکورٹی اور ائیر ٹریفک کنٹرولر کے شعبے سی اے اے کے پاس رہیں گے۔

    سی اے اے کو تینوں بڑے ایئر پورٹس سے سالانہ 30 ارب روپے آمدن حاصل ہوتی ہے۔

  • اے این ایف کی ملک گیر کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات ضبط

    اے این ایف کی ملک گیر کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات ضبط

    اسلام آباد: محکمہ انسداد منشیات کی ملک بھر میں منشیات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر بھاری مقدار میں منشیات ضبط کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹک فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 3 مختلف کارروائیاں کیں۔

    بحرین جانے والے خیبر کے رہائشی ملزم کی چپل سے 516 گرام آئس اور 104 گرام ہیروئن برآمد کی گئی، قطر جانے والے ملزم کے ٹرالی بیگ سے 704 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔

    تیسری کارروائی میں مانچسٹر جانے والے ملزم سے 1200 نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔

    لاہور ایئرپورٹ پر کی جانے والی کارروائی میں بحرین جانے والی نارووال کی خاتون کے بیگ سے 1 کلو 933 گرام آئس برآمد کی گئی، دوسری کارروائی میں کوئٹہ سے کراچی جانے والی خاتون سے 5 کلو چرس برآمد کی گئی۔

    اے این ایف کے ترجمان کے مطابق ایک اور کارروائی میں کوئٹہ سے 97 کلو 250 گرام چرس اور 2 کلو افیون برآمد کرلی گئی۔

    علاوہ ازیں چمن بائی پاس کے قریب 4 کلو 8 گرام چرس اور 10 کلو 7 گرام مشکوک مواد برآمد کرلیا گیا۔

    اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

  • سعودی عرب: ایئرپورٹ فیس میں 35 فیصد کمی

    سعودی عرب: ایئرپورٹ فیس میں 35 فیصد کمی

    ریاض: سعودی عرب میں ایئر پورٹ فیس میں 35 فیصد کمی کا ارادہ کیا جارہا ہے تاکہ سیاحت کے لیے ہوائی اڈوں کو زیادہ سے زیادہ پرکشش بنایا جائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب نے بین الاقوامی مسافروں کے لیے مملکت اور اس کے ہوائی اڈوں کو پرکشش بنانے کے لیے ایئرپورٹ فیس میں 35 فیصد کمی کا عزم ظاہر کیا ہے۔

    ایئرپورٹ فیس میں کمی کے فیصلے پر عمل درآمد ریاض، جدہ اور دمام کے ہوائی اڈوں سے کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تخفیف کا فیصلہ اسی سال نافذ ہوگا، سعودی محکمہ شہری ہوا بازی ہوائی اڈوں کو معقول حد تک فیس میں کمی کا اختیار دے گا۔

    خیال رہے کہ شہری ہوا بازی نے 15 جولائی 2022 سے سعودی عرب کی فضائی حدود دنیا بھر کی ایئر لائنز کے لیے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

    ہر وہ ایئر لائن جو سعودی محکمہ شہری ہوا بازی کے مقررہ قواعد و ضوابط پورے کرے گی اسے سعودی عرب کی فضائی سرحدیں استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

    سعودی محکمہ شہری ہوا بازی نے ٹویٹر پر کہا ہے کہ سعودی عرب شکاگو معاہدہ 1944 کے تحت عائد ہونے والی پابندیاں پوری کرنا چاہتا ہے۔

    اسی جذبے کے تحت طے کیا گیا ہے کہ بین الاقوامی شہری ہوا بازی میں استعمال ہونے والے مسافر ہوائی جہازوں کے ساتھ کسی قسم کا کوئی امتیاز نہیں برتا جائے گا۔

    سعودی عرب چاہتا ہے کہ وہ 3 براعظموں کو جوڑنے والے خصوصی محل وقوع کی اپنی پوزیشن دنیا بھر میں مضبوط بنائے، اسی تناظر میں مملکت کی فضائی حدود تمام ایئر لائنز کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • کورونا کیخلاف اقدامات پر4 ایئرپورٹس منیجرز کیلئے خصوصی اسناد جاری

    کورونا کیخلاف اقدامات پر4 ایئرپورٹس منیجرز کیلئے خصوصی اسناد جاری

    کراچی : این سی او سی نے کورونا کیخلاف اقدامات پر 4 ایئرپورٹس منیجرز کیلئے خصوصی اسناد جاری کردیں ، جس میں لاہور ، کراچی، اسلام آباد اور پشاورایئر پورٹ کے منیجرز شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے خلاف ملک کے چار بڑے ائیرپورٹس پر موثر اقدامات کر نے پر این سی او سی نے رپورٹ جاری کردی۔

    این سی او سی نے کورونا وبا کے خلاف قومی خدمات انجام دینے والے چار ائیرپورٹس مینجرز کے لئے خصوصی اسناد جاری کیں۔

    مینجرز میں لاہور ائیرپورٹ مینجر چوہدری نذیر، کراچی ائیرپورٹ مینجر عمران خان، اسلام آباد ائیرپورٹ مینجر عدنان خان، پشاور ائیر پورٹ مینجر عبیدالرحمن شامل ہیں۔

    این سی او سی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے دوران ملک کے چار بڑے ائیرپورڑس پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا ، چاروں ائیر پورٹس پر وبا کی روک تھام کے لیے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

    خیال رہے این سی اوسی کی ہدایت پر ملک بھر کے ائیر پورٹس پر خصو صی اقدامات اٹھائے گئے تھے۔

  • ایئر پورٹس پر مسافروں کے سامان سے قیمتی اشیاء چوری ہونے کا انکشاف

    ایئر پورٹس پر مسافروں کے سامان سے قیمتی اشیاء چوری ہونے کا انکشاف

    کراچی : ہوائی سفر میں بھی مسافروں کا سامان غیرمحفوظ ہوگیا، ملک کے مختلف ائیرپورٹس پر مسافروں کے سامان سے قیمتی اشیا چوری ہونے لگیں۔

    ہوائی جہاز میں سفر کرنے والے ہوشیار رہیں، ملک مختلف ایئر پورٹس سے اندرون اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کو نئی مشکل نے گھیر لیا۔

    ائیرپورٹ پر مسافر اپنے قیمتی سامان سے محروم ہونے لگے۔ مسافروں کے سامان پر ہاتھ صاف کرنے کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا۔

    مسافر اپنے سامان کے چوری ہونے کے ڈر سے فکر مند ہوگئے، انہوں نے چوری میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    مسافروں نے الزام عائد کیا ہے کہ ائیرپورٹ پر بیگ کے تالے توڑ کر ان میں موجود قیمتی اشیا کو چرا لیا جاتا ہے۔ گزشتہ دنوں پولیس نے کراچی ایئرپورٹ پر کام کرنے والے تین ملازمین کو سامان چوری کے الزام میں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق سامان کی چوری ہونے کی واردات طیارے سے ٹرمنل بلڈنگ تک پہچانے کے دوران ہوتی ہے۔ دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز میں باحفاظت سامان کی منتقلی ائیرلائن انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

  • ماسک کے بغیر تمام ایئرپورٹس پر ‘نو انٹری’ ، نیا حکم نامہ جاری

    ماسک کے بغیر تمام ایئرپورٹس پر ‘نو انٹری’ ، نیا حکم نامہ جاری

    کراچی : سول ایوی ایشن نے کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے ایئرپورٹس پر تعینات عملے کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا اور کہا ماسک کے بغیر ایئرپورٹ پرانٹری نہیں دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا کی پانچویں لہراورکیسزمیں اضافے کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی سمیت ملک بھرکےایئرپورٹس کے لیے نیا حکم نامہ جاری کردیا۔

    سی اے اے نے کراچی سمیت ملک بھرکےایئرپورٹس پرسخت احکامات جاری کرتے ہوئے ائیر پورٹس پر تعینات ایئرلائنز اور دیگر اداروں کے عملے کیلئے ماسک پہننا لازمی قراردے دیا۔

    سی اے اے کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹس پر بغیر ماسک آنے پر پابندی ہوگی، اومیکرون ویرینٹ پھیلاؤ کے باعث سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔

    سول ایوی ایشن نے ہدایت کی کہ مسافروں کو بھی ماسک کے بغیر ایئرپورٹ پرانٹری نہیں دی جائے گی۔

  • اومیکرون سے بچاؤ : تمام بڑے ایئرپورٹس پر اقدامات کا آغاز

    اومیکرون سے بچاؤ : تمام بڑے ایئرپورٹس پر اقدامات کا آغاز

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے بڑے ایئرپورٹس پر اومیکرون کی روک تھام کے لئے اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے، برطانیہ سے پاکستان پہنچنے والے تمام مسافروں کی مکمل طبی جانچ پڑتال شروع کردی گئی۔

    کراچی، اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹ پر محکمہ صحت کی ٹیمیں مکمل طور پر فعال ہیں، برطانیہ سے براہ راست اور کنیکٹنگ پروازوں کے ذریعے پاکستان پہنچنے والے تمام مسافروں کے ایئرپورٹ پر ریپڈ اینٹیجنس ٹیسٹ شروع کردیئے گئے۔

    کنیکٹنگ پروازوں کے ذریعے آنے والے مسافروں کی فہرست ایئرلائن کی جانب سے محکمہ صحت کو پہلے سے فراہم کی جارہی ہے۔

    ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ برطانیہ، خلیجی ممالک اور سعودی عرب سے آنے والے مسافروں کے ریپڈ ٹیسٹ لئے جارہے ہیں۔

    سی اے اے کے مطابق برطانیہ سے پاکستان آنے والے مسافروں کی پرواز سے اڑتالیس گھنٹے قبل کورونا پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ محکمہ صحت کا عملہ ایئرپورٹ پر چیک کر رہا ہے۔

  • کویت : تمام ایئر پورٹس کھول دیئے گئے، سماجی فاصلے کی پابندی ختم

    کویت : تمام ایئر پورٹس کھول دیئے گئے، سماجی فاصلے کی پابندی ختم

    کویت : کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے افراد کے لیے کویتی حکومت نے ایس او پیز کے تحت عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    عرب نیوز نے کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ کویت کے وزیراعظم نے بدھ کو پریس کانفرنس میں کہا کہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے اتوار سے کانفرنسوں، سماجی اجتماعات اور شادی کی تقریبات میں شرکت کرسکیں گے۔

    عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہوگی تاہم بند مقامات پر سماجی فاصلے کی پابندی کرنا ہوگی۔ ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والوں کو کویت کے ویزے جاری کیے جائیں گے۔

    کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ اتوار24 اکتوبر سے مکمل گنجائش کے ساتھ کام کرنے لگے گا، جمعے سے مساجد میں سماجی فاصلے کی پابندی بھی ختم کی جا رہی ہے۔

    قبل ازیں کویتی اخبار "الرائی” نے بتایا تھا کہ کویتی کابینہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا کے حوالے سے قائم ہنگامی کمیٹی نے سفارشات پیش کی تھیں۔

    جن میں کہا گیا تھا کہ کویت کے تمام داخلی اور بین الاقوامی ایئرپورٹس کو پروازوں کی آمد ورفت کے لیے کھول دیا جائے اور تمام ممالک کے لیے ویزوں کا اجراء بھی بحال کیا جائے۔