Tag: airports

  • بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی کرونا ٹیسٹنگ کے لیے اہم اقدام

    بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی کرونا ٹیسٹنگ کے لیے اہم اقدام

    لاہور: صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف ایئرپورٹس پر کرونا وائرس ٹیسٹنگ بوتھ کے قیام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے جو بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیے ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی آسانی کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، پنجاب کے مختلف ایئرپورٹس پر کرونا وائرس ٹیسٹنگ بوتھ کے قیام کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ٹیسٹنگ بوتھ کے قیام کے سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی سے رابطہ کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر سختی سے اختیار کرنا ہوں گی۔ تمام ویکسی نیشن سینٹرز پر تربیت یافتہ عملہ فرائض سر انجام دے رہا ہے۔

    گزشتہ روز یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ برطانیہ سے شہریوں کی واپسی کے بعد کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھنے میں آیا، لوگوں کی جانب سے بھی احتیاط میں کمی آئی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ صوبے میں بھرپور طریقے سے کرونا ویکسی نیشن شروع کردی ہے، ایکسپو سینٹر ویکسی نیشن کے حوالے سے سب سے بڑا مرکز بنایا گیا ہے۔ 1 لاکھ سے زائد ہیلتھ کیئر ورکرز اور 4 ہزار سے زائد بزرگوں کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے۔

  • کورونا کی دوسری لہر،  ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر وزٹرز کے آنے پر پابندی

    کورونا کی دوسری لہر، ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر وزٹرز کے آنے پر پابندی

    کراچی : سول ایوی ایشن نے کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر وزٹرز کے داخلے پر پابندی عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنےکیلئے حکومت کی جانب سے قدامات کا سلسلہ جاری ہے، سول ایوی ایشن نے ملک بھر کے ایئرپورٹس پر وزٹرز کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔

    سی اےاے کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹس پر مسافروں کو صرف ڈرائیور ڈراپ لائن پر چھوڑے گا ، مسافروں کو لینے والے ڈرائیور حضرات گاڑیوں میں انتظا‌ر کریں گے۔

    سول ایوی ایشن نے ایئرپورٹ کی حدود میں ماسک پہننا لازمی قرار دیتے ہوئے کہا فیصلہ حفاظتی اقدامات کےتحت کیاگیا ہے۔

    خیال رہے پاکستان میں کورونا وائرس ایک بارپھرزوردکھانے لگا، چوبیس گھنٹےمیں بارہ افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ گیارہ سو تئیس نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    کیسز کی تصدیق کے بعد مختلف شہروں میں تعلیمی ادارے سیل کردیئے گئے ہیں جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے متعدد مقامات پر مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون کردیا گیا ہے۔

  • اے ایس ایف کے43 ویں رائزنگ ڈے کا انعقاد : ایئرپورٹس پر پرچم کشائی کی تقریبات

    اے ایس ایف کے43 ویں رائزنگ ڈے کا انعقاد : ایئرپورٹس پر پرچم کشائی کی تقریبات

    کراچی : اے ایس ایف کا43واں رائزنگ ڈے جوش و خروش سے منایا جارہا ہے، اس سلسلے میں کراچی لاہور اور اسلام آباد ایئر پورٹ سمیت دیگر ایئر پورٹ پر بھی پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

    اے ایس ایف کی جانب سے تمام ایئرپورٹ پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی گئیں جس میں سی ایس اوز نے خصوصی شرکت کی۔

    رائزنگ ڈے کے موقع پر مقررین نے اے ایس ایف کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ اے ایس ایف کے جوانوں نے ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

    مختلف ایئرپورٹس پر سی ایس اوز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے ایس ایف کو دور جدید کے مطابق تربیت کے ساتھ ساتھ جدید آلات اور گاڑیوں سے بھی لیس کیا گیا ہے۔

    رائزنگ ڈے کے موقع پر ڈی جی اے ایس ایف نےاپنے پیغام میں کہا کہ اے ایس ایف ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر اپنے فرائض احسن طریقہ سے انجام دے رہی ہے۔

  • سول ایوی ایشن نے مسافروں کے سامان کی ریپنگ چارجز میں کمی کا اعلان کردیا

    سول ایوی ایشن نے مسافروں کے سامان کی ریپنگ چارجز میں کمی کا اعلان کردیا

    کراچی : ایئر پورٹ پر مسافروں کے سامان کی ریپنگ کے چارجز میں کمی اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں کم اور فکس کر دی گئی ہیں، مشروبات، ادویات اور موبائل کارڈز کم اور یکساں ریٹ پر میسر ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کے بیگ کی ریپنگ چارجز میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے چار سو روپے فی بیگ سے کم کر کے صرف پچاس روپے کر دیئے۔

    اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس سیکرٹری ہوا بازی ڈائریکٹرجنرل سی اے شارخ نصرت کی صدارت میں ہوا۔

    اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے گئے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر کے تمام ہوائی اڈوں پر ریپنگ چارجر400 روپے کے بجائے50 روپے کردئیے گئے ہیں۔

    بیگوں کی ریپنگ بھی مسافروں کی اپنی صوابدید پر ہوگی۔ اس سے قطع نظر بیگ کا سائز بڑا ہو یا چھوٹا یہ چارجز تمام سائز کے بیگوں پر یکساں لاگو ہوں گے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یہ سہولت مسافروں کے لئے اختیار کی گی ہے جبکہ تمام ہوائی اڈوں پر کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی مسافروں اور استقبال کے لیے آنے والوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے کافی حد تک کم کردی گئی ہیں۔

    علاوہ ازیں سول ایوی ایشن نے مسافروں کی سہولت کیلئے اہم اقدام کیا ہے، ملک بھر کے تمام ائیرپورٹس پر اشیاء کی قیمتیں کم اور فکس کر دی گئی ہیں۔

    اس حوالے سے ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام ائیرپورٹس پر اشیاء خوردو نوش کے قیمتیں یکساں رکھنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔ مشروبات، ادویات کھانے کی اشیاء اور موبائل کارڈز کم اور یکساں ریٹ پر میسر ہوں گے۔

    ائیرپورٹس پر دکاندار اشیاء کے نرخ کی فہرست واضح طور پر آویزاں کریں گے اور اضافی قیمت وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

  • ایئر پورٹس پر بزرگ اورمعذور افراد کو سہولیات فراہم کی جائیں، وزیراعظم کی ہدایت

    ایئر پورٹس پر بزرگ اورمعذور افراد کو سہولیات فراہم کی جائیں، وزیراعظم کی ہدایت

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے ملک بھر کے ایئرپورٹس پر بزرگ شہریوں اور معذور افراد کے لئے بہترین سہولیات کی فوری فراہمی کا حکم جاری کیا ہے، اس کے علاوہ فرسٹ ایڈ کے ساتھ تجربہ کار طبی عملے کی تعیناتی کے بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم سیکرٹریٹ کی جانب سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے لئے احکامات جاری کیے گئے ہیں جس میں ملک بھر کے ایئرپورٹس پر بزرگ اور معذور افراد کے لئے بہترین سہولیات کی فوری فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے۔

    پرائم منسٹر سیکرٹریٹ سے جاری احکامات پر فوری عملدرآمد کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے، اس کے علاوہ فرسٹ ایڈ کے ساتھ تجربہ کار طبی عملے کی تعیناتی کے بھی احکامات جاری کیے گئے۔

     وزیراعظم سیکرٹریٹ نے احکامات پر تمام ائرپورٹس مینجرز کو فوری عملدرآمد کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزرگ اور معذور افراد کے لئے پک اینڈ ڈراپ لوکیشنز پر رہنمائی کے سائن بورڈز نصب کئے جائیں۔

    پک اینڈ ڈراپ پوائنٹس پر وہیل چئیرز کاؤنٹرز کے قیام اور ریمپس کی سہولت فراہم کی جائے، حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ متعلقہ ائرلائن کے عملے کی پک اینڈ ڈراپ پوائنٹس پر موجودگی اور ایئرپورٹس پر جان بچانے والی ادویات، طبی عملے کی 24 گھنٹے تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔

    اس کے علاوہ آپریشنل ایئرپورٹس پر دوران فضائی آپریشن بین الاقوامی ایئر پورٹس کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

  • برطانوی ایئرپورٹس پر مسلمانوں کو بلاوجہ روک کر تلاشی لی جارہی ہے: رپورٹ

    برطانوی ایئرپورٹس پر مسلمانوں کو بلاوجہ روک کر تلاشی لی جارہی ہے: رپورٹ

    لندن : انسانی حقوق کی تنظیم نے برطانیہ کے ایئرپورٹس اور بندرگاہوں پر مسلمان مرد و خواتین کو محض ان کے مذہبی عقائد کی بنیاد پر 6 گھنٹوں سے زائد تک روکنے اور ان سے مضحکہ خیز سوالات پوچھنے والے عملے کو اسلاموفوبیا کا متاثرین قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کیج نامی تنظیم نے بتایا کہ اسلاموفوبیا میں مبتلا حکام مسلمان خواتین کو اسکارف اتارنے پر مجبور کردیتے ہیں،تنظیم کے مطابق سال 2000 سے اب تک صرف مسلمان مرد و خواتین کو ایئرپورٹس اور بندرگاہوں پر روکنے کے 4 لاکھ 20 ہزار واقعات ریکارڈ کیے گئے جبکہ گرفتاری کی شرح 0.007 فیصد رہی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی تنظیم نے 10 شہریوں کی وساطت سے اعلیٰ پولیس حکام کو شکایت درج کرائی اور’برٹش مسلم‘ تنظیم کے ذریعے برطانوی وزیراعظم سے ’شیڈول 7‘ قانون سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا۔

    واضح رہے کہ دہشت گردی ایکٹ 2000 کے شیڈول 7 کی بنیاد پر ایئرپورٹ کا تفتیشی عملہ بغیر کسی قابل ذکر جواز کے مسافروں کو غیرمعینہ وقت کے لیے روک کر تفتیش کرسکتا ہے۔

    تنظیم کے ڈائریکٹر عدنان صدیقی نے اپنے مراسلہ میں لکھا کہ لاکھوں مسلمانوں کو ’بغیر کسی شبہ‘ کے روک لیا جاتا ہے اور یہ عمل اسلاموفوفیا کا عکاس ہے جسے ہراساں کے زمرے میں دیکھا جائے۔

    لندن سے تعلق رکھنے والے ایک مسلمان نے بتایا کہ 2005 کے بعد سے برطانیہ میں داخل ہوتے وقت انہیں مجموعی طور پر 40 مرتبہ ایئرپورٹ پر شیڈول 7 کے تحت روکا گیا اور ایک مرتبہ بھی کوئی جرم ثابت نہیں ہوا۔

    انہوں نے بتایا کہ فرانس، بیلجیم اور اٹلی سے واپسی پر انہیں تقریباً 95 فیصد روکا گیا،ان کا کہنا تھا کہ میں ہر مرتبہ برطانیہ میں داخل ہوتے وقت حکام کے سوالات سے پریشان آچکا ہوں۔

    ادھر کیمبریج یونیورسٹی کی 2004 میں ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ ایئرپورٹ پر روکے گئے 88 فیصد لوگ مسلمان تھے۔

    شیڈول 7 کے تحت روکے گئے بیشتر مسلمانوں نے بتایا کہ ایئرپورٹ کا سیکیورٹی عملہ ان سے ان کے مذہب کے بارے میں سوالات کرتا ہے، مثلاً کیا آپ باقاعدگی سے عبادت کرتے ہیں، کبھی مکہ گئے، کیا باقاعدگی سے روزے رکھتے ہیں، جیسے سوالات کیے جاتے۔

    تنظیم کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ جنگ زدہ ملک شام میں مقامی تنظیم کے لیے فلم بنانے والے ایک مسلمان فلمساز نے بتایا کہ ایئرپورٹ سیکیورٹی حکام اس طریقے سے روکتے اور سوالات پوچھتے ہیں، جس سے محسوس ہوتا ہے کہ ہم اسلامی عقائد کو تسلیم کرکے کوئی جرم کر چکے ہیں۔

  • سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے مختلف ایئر پورٹس پر جدید آلات نصب کردیئے

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے مختلف ایئر پورٹس پر جدید آلات نصب کردیئے

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مختلف ایئر پورٹس پر جدید نظام نصب کردیئے جس کے ذریعے آنے والی پروازوں کے کپتان کو موسم کی تازہ صورتحال سے آگاہ رکھا جاسکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ملک کے مختلف ایئرپورٹس کو جدید آلات سے آراستہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی اے اے نے تین ایئرپورٹس پر جدید ڈیجیٹل ایئرپورٹ ٹرمینل انفارمیشن سسٹم نصب کردیئے ہیں۔

    پہلے مرحلے میں کوئٹہ، سکھر، فیصل آباد ایئرپورٹ پر ڈی اے ٹی آئی ایس سسٹم نصب کئے گئے ہیں، مذکورہ جدید سسٹم نصب کرنے سے کپتانوں کو لینڈنگ سے قبل موسم کی صورتحال سے آگاہی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

    ذرائع کے مطابق ڈی اے ٹی آئی ایس سسٹم موسم کی صورتحال سے کپتان کو 40سے60نارٹیکل مائل تک کی رہنمائی فراہم کرے گا، موسم کی خرابی کے باعث پروازوں کا ناہموار ہونا اور لینڈنگ کے دوران مسائل پیدا ہوتے تھے۔

    جدید سسٹم نصب کرنے کا مقصد مختلف ایئرپورٹس پرموسم کی صورتحال سے کپتانوں کو آگاہ رکھنا ہے، بوئنگ777اور دیگر طیاروں میں جدید سسٹم موجود ہوتا ہے جبکہ بعض طیاروں میں سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے کپتان کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملک کے دیگر ایئرپورٹس پر بھی جلد جدید سسٹم نصب کردیا جائے گا، ڈنمارک سے برآمد کیے گئے جدید سسٹم پر 3کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آئی ہے۔

  • ملک بھر کے ایئرپورٹس پر پلاسٹک ریپنگ کی قیمت میں کمی، پچاس روپے مقرر

    ملک بھر کے ایئرپورٹس پر پلاسٹک ریپنگ کی قیمت میں کمی، پچاس روپے مقرر

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر پلاسٹک ریپنگ کی قیمت میں کمی کرکے پچاس روپے مقرر کردی، نئے نرخ کا اطلاق آج سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان کے نوٹس لینے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر پلاسٹک ریپنگ کی قیمت میں کمی کردی ہے۔

    اس حوالے سے سیکریٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت نے مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے قیمت کم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق اسلام آباد ، لاہور اور کراچی سمیت ملک بھر کے دیگر بڑے ایئرپورٹس پر پلاسٹک ریپنگ کیلئے پچاس روپے مقرر کردیے گئے۔

    ایئرپورٹس پر اس سے قبل ڈبل ریپنگ کے نرخ 400 اور سنگل کے نرخ 200 روپے وصول کیے جاتے تھے۔ ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نئے نرخ وصولی کے حوالے سے تمام ایئرپورٹس پر احکامات جاری کردیئے گئے ہیں، آج سے ہی ریپنگ کے50 روپے وصول کیے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں: بیرون ملک جانے والےمسافروں کے سامان کو پلاسٹک ریپنگ کرانا لازمی قرار

    واضح رہے کہ سول ایوی ایشن ڈویژن نے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے سامان کو پلاسٹک ریپنگ کرانا لازمی قرار دیتے ہوئے ایئرپورٹس پر سامان کی ریپنگ کیلئے مزید مشینیں لگانے کی ہدایت کرچکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے بغیر پلاسٹک ریپنگ کے سفری بیگ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

  • ائیر پورٹس پر سامان کی پلاسٹک ریپنگ کے ریٹس کم سے کم ہونی چاہیے، غلام سرور خان

    ائیر پورٹس پر سامان کی پلاسٹک ریپنگ کے ریٹس کم سے کم ہونی چاہیے، غلام سرور خان

    کراچی : ائیر پورٹس پر مسافروں سے پلاسٹک ریپنگ کے سو روپے وصول کرنے پر وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سامان کی پلاسٹک ریپنگ کے ریٹس کم سے کم ہونی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے ائیر پورٹس پر مسافروں سے پلاسٹک ریپنگ کے سو روپے وصول کرنے کا سختی سے نوٹس لیا ہے، وفاقی وزیر برائے ہوابازی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر ایئرپورٹ مینیجر طاہر سکندر نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی، وفاقی وزیر کو انٹیگریٹڈ بلڈنگ مینجمنٹ سسٹم کے بارے میں اور ایئر پورٹ پر موجود انسانی وسائل کے بارے میں آگاہی دی۔

    اس کے علاوہ ایئرپورٹ پر موجود کار پارکنگ کے مسائل اور گرین چینل پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے یونائیٹڈ ٹرانسپورٹ سسٹم اور ایئرپورٹ کی صفائی کے بارے میں بھی استفسار کیا۔

    بعد ازاں وفاقی وزیر نے ایئرپورٹ پر موجود ٹراما سینٹر اور شفا فارمیسی کا بھی دورہ کیا، غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ سامان کی پلاسٹک ریپنگ کے ریٹس کم سے کم ہونے چاہیئں۔

    تمام ایئرپورٹس پر مساوی پلاسٹک ریپنگ پالیسی لاگو ہونی چاہیے اور پلاسٹک ریپنگ کے ریٹس نمایاں جگہ پر لگائے جائیں تاکہ تمام مسافر ان ریٹس کو باآسانی دیکھ سکیں۔

    غلام سرور خان کا مزید کہنا تھا کہ اس سلسلے میں سول ایوی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی اہم کردار کی حامل ہے۔ وفاقی وزیر نے ڈی جی سی اے اے کو ہدایت کی کہ تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کے سامان کی ریپنگ پچاس روپے وصول کی جائے اور ایئرپورٹس پر مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے۔

    وفاقی وزیر برائے ہوا بازی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ تمام ایئرپورٹس بین الاقوامی معیار کے مطابق ہوں،آنے اور جانے والے مسافروں کو ایئرپورٹ پر زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر ہوں۔

  • لندن کے مختلف مقامات سے بم برآمدگی کا معاملہ، پولیس نے تفتیش شروع کردی

    لندن کے مختلف مقامات سے بم برآمدگی کا معاملہ، پولیس نے تفتیش شروع کردی

    لندن : برطانیہ کی انسداد پولیس نے دارالحکومت میں ریلوے اسٹیشن اور ہوائی اڈوں سے بم برآمدگی کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کےمطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے ریلوے اسٹیشن، ہیتھرو اور لندن سٹی ایئرپورٹ سے دھماکا خیز مواد کے چھوٹے سائز کے تین پیکٹ بم برآمد ہوئے تھے جس کے بعد پولیس نے تینوں مقامات کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی تھی۔

    برطانوی پولیس کا ابتدائی تحقیقات میں کہنا تھا کہ مختلف مقامات سے برآمد ہونے والے دھماکا خیز مواد سے صرف مختصر پیمانے آتشزدگی کا واقعہ پیش آتا۔

    پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ پارسل کو تفتیشتی مرکز بھجوایا گیا تھا جہاں اسے کھولتے ہی معمولی آگ بھڑکی اور پیکٹ کا کچھ حصّہ خاکستر ہوگیا تاہم آتشزدگی کے واقعی نہ کوئی زخمی ہوا نہ ہی کوئی مالی نقصان ہوا۔

    تفتیشی افسران کے مطابق مذکورہ پارسل میں سے ملنے والے دھماکا خیز مواد کے معائنے سے معلوم ہوتا ہے کہ مواد میں فوری طور پر جلانے کی صلاحیت ہے لیکن وہ بڑے پیمانے پر نقصان پہنچانے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔

    اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ پولیس نے دارالحکومت کے مختلف مقامات سے ایک گھنٹے کے دوران اے فور سائز لفافوں سے برآمد ہونے والے بموں سے متعلق تفتیش کر رہی ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بم کی اطلاع کے باوجود ایئرپورٹ انتظامیہ نے فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری رکھا تاہم بم ملنے والے تمام مقامات پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : لندن : گیٹ وک کے بعد ہیتھرو ایئرپورٹ پر بھی مشکوک ڈرونز کی پرواز، فوج طلب

    خیال رہے کہ اس سے قبل لندن کے ہیھترو سمیت دو انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر مشکوک ڈرونز کی پروازوں کے بعد فلائٹ آپریشن معطل کرکے تحقیقات کےلیے فوج کو طلب کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : گیٹ وک ایئرپورٹ: ڈرون سے ملنے والے فنگر پرنٹ کی مماثلت نہ ہوسکی

    یاد رہے کہ ایک ماہ قبل لندن کے انٹرنیشنل گیٹ وک ایئرپورٹ پر دو مشکوک ڈرونز کی پروازوں کے باعث مسلسل 36 گھنٹے تک پروازیں منسوخ رہی تھیں، جس کے باعث ڈیڑھ لاکھ مسافر متاثر ہوئے تھے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق مشکوک ڈرونز کو کنٹرول کرنے پولیس کی ناکامی کے بعد حکومت نے فوج کی خدمات حاصل کی تھیں۔