Tag: airports

  • پاک بھارت کشیدگی : تین روز سے بند پاکستان کی فضائی حدود جزوی طور پر بحال

    پاک بھارت کشیدگی : تین روز سے بند پاکستان کی فضائی حدود جزوی طور پر بحال

    کراچی : سرحدوں کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر بند کی گئی پاکستان کی فضائی حدود کو جزوی طور پر بحال کردیا گیا ہے، ملک کے چار ایئر پورٹس پر پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت دے گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں تین روز سے بند پاکستان کی فضائی حدود جزوی طور پر بحال کر دی گئیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹم میں مخصوص ایئر پورٹس کی بحالی کا ذکر کیا گیا ہے۔

    ابتدائی طور پر کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹس پر فضائی آپریشن کی اجازت دے دی گئی ہے۔ دیگر ایئر پورٹس پر فضائی آپریشن چار مارچ دوپہر ایک بجے تک بند رہے گا۔

    مذکورہ ایئر پورٹس میں لاہور، سیالکوٹ، ملتان، فیصل آباد اور رحیم یار خان سمیت 22 ایئرپورٹس شامل ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جارہ کردہ نوٹم کے بعد پی آئی اے نجی ایئرلائن سمیت غیر ملکی ایئرلائنز بھی آپریشن شروع کردیا ہے۔

    پروازیں روانہ ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ پی آئی اے کی کوالالمپور، بنکاک اور چائنا کیلئے پروازیں عارضی طور پر آپریٹ نہیں کی جائیں گی جبکہ دبئی، ابوظہبی، مسقط، سعودی عرب، برطانیہ ، یورپ اور کینیڈا کیلئے آپریشن معمول کے مطابق جاری رہے گا۔

  • چہرے کی اسکیننگ مستقبل میں ائیرپورٹ سیکیورٹی کے لیے کافی

    چہرے کی اسکیننگ مستقبل میں ائیرپورٹ سیکیورٹی کے لیے کافی

    سنگاپور: کیا آپ جانتے ہیں مستقبل کے ایئرپورٹس کیسے ہوں گے؟

    آپ کو جان کر حیرت ہوگی کہ ان ایئر پورٹس پر آپ کا سامان اٹھانے کے لیے روبوٹس ہوں گے جبکہ صرف آپ کے چہرے کی اسکیننگ سے سیکیورٹی کے تمام مراحل طے ہوجائیں گے۔

    تاہم ابھی یہ صرف ایک منصوبہ ہے جسے تکمیل تک پہنچنے کے لیے کچھ وقت درکار ہوگا۔ اگر یہ منصوبہ کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا تو ایئرپورٹ پر سیکیورٹی اور سامان اٹھانے کی لمبی قطاروں سے نجات مل جائے گی۔

    تاہم اس اقدام سے ایئر پورٹ میں نصب سیکیورٹی آلات بنانے والی کمپنیوں کے کاروبار پر منفی اثر پڑے گا جو مجموعی معیشت کو بھی متاثر کرے گا۔

    چہرے کی اسکیننگ کے ذریعے چیکنگ کا خیال فی الحال دبئی ایئرپورٹ پر تجرباتی طور پر نصب کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا بھی گزشتہ ماہ اس منصوبے کے لیے 1 کروڑ 75 لاکھ ڈالرز کی خطیر سرمایہ کاری کا اعلان کرچکا ہے۔


    روبوٹک قلی

    اس وقت جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول ایئر پورٹ پر روبوٹ مختلف سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں جن میں صفائی ستھرائی اور سامان اٹھانے کا کام شامل ہے۔

    سنگاپور کے چانگی ایئرپورٹ کے نو تعمیر شدہ ٹرمینل پر بھی صفائی ستھرائی کے لیے روبوٹس کو تعینات کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب مسافروں کے لیے سیلف سروس چیک ان اور بورڈنگ پاسز کی پرنٹنگ کی سہولت بھی کئی ایئرپورٹس پر عام ہے جس کے تحت لوگ اپنے گھر یا ایئرپورٹ کے کسی بھی حصے میں اپنے بورڈنگ پاس کا پرنٹ حاصل کرسکتے ہیں۔

    اسی طرح آسٹریلیا، ہانگ کانگ، ایمسٹرڈیم اور لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر مسافر اپنے سامان پر خود ہی ٹیگز چپساں کر کے اسے کنویئر بیلٹ میں ڈال سکتے ہیں جس کے بعد ان کا سامان بغیر کسی جھنجھٹ کے طیارے تک پہنچ جائے گا۔

    سول ایوی ایشن سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں سفری سہولیات کو مزید آسان بنانے کے لیے ضروری ہے کہ سیکیورٹی کے لیے کی جانے والی لمبی قطاروں کو کم سے کم اور مراحل کو آسان بنایا جائے تاکہ یہ آمد و رفت کے لیے آسان ترین ذریعہ بن سکے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پاکستان کے 3 ایئرپورٹس پر جدید ترین اسکینر نصب

    پاکستان کے 3 ایئرپورٹس پر جدید ترین اسکینر نصب

    کراچی: ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس کو جدید ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ آلات سے بھی لیس کیا جارہا ہے ساتھ ہی ساتھ پاکستان کے تین بڑے ایئرپورٹس پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کی اسکیننگ کیلئے جدید ٹیکنک کے حامل مشینیں نصب کردی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی‘ اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹ پر ان مشینوں کے زریعے مسافروں کی فل باڈی اسکیننگ کی جائے گی جس سے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے ساتھ ساتھ ممکنہ دہشت گردی کو بھی ناکام بنانا ہے۔

    اے ایس ایف کے ڈپٹی ڈی جی برگیڈیئر عمران الحق نے اے آروائی نیوز کو بتایا کہ 15 کروڑ کی لاگت سے جدید مشینیں جرمنی سے برآمد کی گئی ہیں ان مشینوں کے ذریعے انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہوگی اور نہ بیرون ملک جانے والے مسافروں کی صحت کو نقصان ہوگا، ملک کے دیگرایئرپورٹس پر بھی مرحلہ وار جدید مشینیں نصب کی جائیں گی ۔


    کراچی ایئرپورٹ پرمسافروں سے کروڑوں کا سونا برآمد


    انہوں نے کہا کہ اے ایس ایف کو جدید ہتھیاروں سے بھی لیس کیا جارہا ہے ۔جدید فل باڈی اسکینر مشینوں کی دیکھ بھال سول ایوی ایشن کرے گی ۔جدید مشینوں کے نصب ہونے سے پاکستان بھی دنیا کے جدیدٹیکنالوجی استعمال کرنے والے ممالک میں شامل ہوجائے گا۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی ایئرپورٹ پر کسٹمز نے ایمرٹس ایئرلائن کی پرواز ای کے 602 سے دو مسافروں کو حراست میں لیا جنہوں نے لباس کے خفیہ حصوں سے سونا اور میموری کارڈ برآمد ہوئے تھے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے وی آئی پی کلچر کے خاتمے کیلئے ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر ایف آئی اے کو پروٹوکول دینے پر پابندی عائد کردی ہے، یہ احکامات وفاقی وزیر داخلہ کے وزارت سنبھالنے کے بعد جاری کیے گئے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • وی آئی پی کلچرکا خاتمہ: تمام ایئرپورٹ پرپروٹوکول دینے پرپابندی عائد

    وی آئی پی کلچرکا خاتمہ: تمام ایئرپورٹ پرپروٹوکول دینے پرپابندی عائد

    کراچی : وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے وی آئی پی کلچر کے خاتمے کیلئے ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر ایف آئی اے کو پروٹوکول دینے پر پابندی عائد کردی ہے، یہ احکامات وفاقی وزیر داخلہ کے وزارت سنبھالنے کے بعد جاری کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر امیگریشن نے ملک بھر کے ایف آئی اے زونز کو خط لکھا ہے کہ ملک بھر کے ایئر پورٹس پر ایف آئی اے حکام پروٹوکول نہیں دیں گے۔ ا ے آروائی نیوز نے خط کی کاپی حاصل کرلی۔

    خط میں انتباہ کیاگیا ہے کہ پروٹوکول دینے پر امیگریشن کے عملے کو معطل کردیا جائے گا اورامیگریشن کے عملے ہی نہیں شفٹ انچارج کیخلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

    اس کے علاوہ مسافروں کو ایف آئی اے کاونٹرز پر لائن میں لگنا ہوگا، خط میں مزید کہاگیا ہے کہ پروٹوکول دینے پر پابندی وزارت داخلہ کے حکم پر لگائی گئی ہے۔

    دریں اثناء بیرون ملک جانے والے مسافروں کو ہراساں کرنے پر بھی کارروائی کی جائے گی جبکہ امیگریشن کاؤٴنٹرز کو سی سی ٹی وی کیمروں سے لازمی مانیٹر کیا جائے گا، جس کی متعلقہ سپروائزر امیگریشن کاوٴنٹرز کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کریں گے۔

  • نوازشریف کی نااہلی. کراچی اوردیگر ایئرپورٹس سے نوازشریف کی تصاویر ہٹادی گئیں

    نوازشریف کی نااہلی. کراچی اوردیگر ایئرپورٹس سے نوازشریف کی تصاویر ہٹادی گئیں

    اسلام آباد: پاناما کیس میں نااہلی کے بعد اسلام آباد، لاہور، کراچی کے ایئرپورٹس سے نوازشریف کی تصاویر ہٹادی گئیں جبکہ نواز شریف کا نام قومی اسمبلی کی ویب سائٹ سے بھی ہٹا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ سے نااہل ہونے پرنواز شریف وزرات عظمی سے ہاتھ دھو بیٹھے، نااہلی کے بعد کراچی ایئرپورٹ اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ ، لاہور اور دیگر ایئرپورٹس سے نواز شریف کی تصاویر ہٹا دی گئیں۔

    نواز شریف کی تصاویر ہٹانے کا عمل کل رات سے شروع کیا گیا تھا، کراچی کے ایئرپورٹ سے نوازشریف کی تصاویر پہلے ہی ہٹا دی گئی تھیں، ایئر پورٹ پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور صدر ممنون حسین کی تصاویر موجود ہیں جبکہ تیسرے فریم کو نواز شریف کی تصویر نکال کر نئے وزیر اعظم کیلئے خالی چھوڑ دیا گیا ہے۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ایئر پورٹس پر قائداعظم کے سوا کسی کی تصویر نہیں لگائی جائے گی۔

    قومی اسمبلی کی ویب سائٹ سے نوازشریف کا نام بطور رکنِ اسمبلی ہٹادیا

    پاناما کیس میں نااہلی کے بعد قومی اسمبلی کی ویب سائٹ سے نوازشریف کا نام بطور رکنِ اسمبلی ہٹادیا گیا، قومی اسمبلی کے حلقوں کی ترتیب میں این اے 119 کے بعد ڈائریکٹ 121 کا تذکرہ ہے جبکہ نواز شریف کے حلقے این اے 120 کو ہٹا دیا گیا۔

    دوسری جانب کئی سرکاری ویب سائٹس پر اب بھی نواز شریف کا نام بطور وزیرِ اعظم موجود ہے، وزارتَ اطلاعات،وزارتِ خارجہ امور ،پرائم منسٹر آفس اور کیبنٹ ڈویژن کی ویب سائٹس پر نواز شریف اب بھی وزیر اعظم ہے جبکہ کابینہ کی تحلیل ہونے کے بعد کابینہ ارکان کے نام تاحال قومی اسمبلی کی ویب سائٹ پر درج ہیں۔


    مزید پڑھیں :  پاناما کیس: وزیراعظم نوازشریف نا اہل قرار


    یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے پانچ رکنی بنچ نے پاناما لیکس کے تاریخ ساز مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کو نا اہل قرار دے دیا اور کہا کہ نوازشریف صادق اورامین نہیں رہے جبکہ کیپٹن صفدر، اور اسحاق ڈارکو بھی نااہل قراردیا گیا ہے۔

    عدالت نے نیب کو حکم دیا تھا کہ چھ ہفتوں کے اندروزیراعظم‘ کیپٹن صفدر‘ اسحاق ڈار اور مریم صفدرکے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے اور احتساب عدالت چھ ماہ میں فیصلہ کرے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔