Tag: airsial

  • نجی ایئرلائن نے سعودی عرب کے لیے پروازوں میں اضافہ کر دیا

    نجی ایئرلائن نے سعودی عرب کے لیے پروازوں میں اضافہ کر دیا

    کراچی: نجی شعبے میں آپریٹ ہونے والی ایئر سیال نے سعودی عرب کے لیے اپنی پروازوں میں مزید اضافہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے جدہ کے لیے اب ایئر سیال کی ہفتہ وار 5 پروازیں آپریٹ ہوں گی، ملتان سے جدہ کے لیے پروازوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور ہفتہ وار 5 پروازیں آپریٹ ہوں گی، سیالکوٹ سے بھی جدہ کے لیے ہفتہ وار 2 پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں۔

    سی ای او طارق امین نے کہا کہ سعودی عرب کے لیے پروازو ں میں اضافے کا مقصد ہم وطنوں کو سفری سہولت فراہم کرنا ہے، کراچی اورملتا ن سے ہفتہ وار پروازوں میں اضافے سے عمرہ زائرین سمیت مسافروں کو سفری سہولت میسر آئے گی اور ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

    انھوں نے کہا سعودی عرب کے لیے مجموعی طور پر کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان اور سیالکوٹ سے 24 پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں، ایک ماہ میں سعودی عرب کے لیے آمد و روانگی کی 96 پروازیں آپریٹ ہو رہی ہیں۔

    سی ای او کے مطابق تجارتی سرگرمیوں سے ملک میں زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوگا۔

  • پاکستان سے بیرون ملک جانے والوں کے لئے اچھی خبر

    پاکستان سے بیرون ملک جانے والوں کے لئے اچھی خبر

    کراچی : ملکی تیسری نجی ائیر لائن ائیر سیال نے افتتاحی پرواز لاہور ایئرپورٹ سے 160 مسافروں کے ہمراہ جدہ روانہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق نجی ائیر لائن ائیر سیال نے بین الاقوامی پروازوں کا آغازکردیا ، ائیر سیال کی افتتاحی پروازلاہور ایئرپورٹ سے 160 مسافروں کے ہمراہ جدہ روانہ ہوگئی۔

    چیئرمین ائیر سیال،بورڈ آف ڈائریکٹرز افسران اور سی اے اے حکام نے مسافروں کورخصت کیا ، افتتاحی تقریب میں فاسٹ بولر حارث رؤف اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے شرکت کی۔

    اس موقع پر چیئرمین فضل جیلانی نے کہا کہ ڈومیسٹک آپریشن کے بعدبین الاقوامی پروازوں کاآغاز اِئیرسیال کی بڑی کامیابی ہے، پہلے مرحلے میں لاہور،اسلام آباد سے جدہ کے لیے ہفتہ وار 8 پروازیں چلائی جائیں گی۔

    فضل جیلانی کا کہنا تھا کہ اگلے مرحلے میں کراچی،ملتان اور سیالکوٹ سے جدہ کے لیے پروازیں آپریٹ ہوں گی، ائیر سیال کی پروازیں ائیر بس 320 کے ذریعے چلائی جارہی ہیں، جلد فضائی بیڑے میں بڑے طیاروں کو شامل کیا جائے گا۔

  • رمضان المبارک کا آغاز : پاکستانی عمرہ زائرین کے لئے اچھی خبر آگئی

    رمضان المبارک کا آغاز : پاکستانی عمرہ زائرین کے لئے اچھی خبر آگئی

    کراچی : نجی ایئرلائن ائیرسیال نے سعودی عرب کے لیے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے عمرہ زائرین کے لیے بکنگ کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک میں عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر نجی ایئرلائن ائیرسیال نے سعودی عرب کے لیے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کردیا۔

    ائیرسیال نے لاہور سے سعودی عرب کے لئے ہفتہ وار 4 پروازیں آپریٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پروازیں لاہور سے جدہ کے مابین آپریٹ کی جائیں گی ، ائیر سیال 29 مارچ سےہفتہ وار 4 پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    نجی ایئرلائن ائیرسیال نے عمرہ زائرین کے لیے بکنگ کا بھی آغاز کردیا ہے۔

    گذشتہ روز ایئرسیال نے بین الاقوامی فضائی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پہلے مرحلے میں جدہ کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کیا جائے گا۔

    ایئرسیال انتظامیہ نے جدہ فلائٹ آپریشن شروع کرنے سے متعلق سی اے اے کو پلان فراہم کردیا ہے، ایئر سیال 29 مارچ سے جدہ کیلئے پروازیں چلا کر بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کا آغاز کرے گی۔

  • ایک نئی ایئر لائن  آپریشن شروع کرنے کے لئے تیار

    ایک نئی ایئر لائن آپریشن شروع کرنے کے لئے تیار

    کراچی : پاکستانی فضاؤں میں پرواز کرنے کے لئے ایک نئی ایئر لائن نے آپریشن شروع کرنے کی تیاری کر لی ، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئر سیال کو ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ کا لائسنس جاری کر دیا، ایئر سیال پہلے مرحلے میں ایک سال تک اندرون ملک کا فضائی آپریشن چلائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اندرون ملک ہوائی سفر کرنے والوں کے لئے نئے سال کی نئی خوشخبری سامنے آگئی، پاکستانی فضاؤں میں پرواز کرنے کے لئے ایک نئی ایئر لائن نے آپریشن شروع کرنے کی تیاریاں کرلیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئر سیال کو ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ کا لائسنس جاری کر دیا ہے ، ایئر سیال سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اور بزنس مین کمیوبٹی کے اشتراک سے لائی جا رہی ہے۔

    پہلے مرحلے میں ایئر سیال کی جانب سے کراچی ،لاہور،اسلام آباد، سیالکوٹ،فیصل آباد اور پشاور کی سروسز شروع کی جائیں گی، ایئر بس اے 320 اور بوئنگ 787 طیارے آپریٹ کئے جائیں گے۔

    ایئر سیال نے فضائی میزبانوں اور دیگر اسٹاف کی بھرتیوں کا آغاز کر دیا ہے ، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر ایئر سیال کے دفاتر قائم کر دیئے ہیں، جناح ایئر پورٹ پر ایئر سیال کا بکننگ آفس تیار کر دیا گیا، ایئر سیال پہلے مرحلے میں ایک سال تک اندرون ملک کا فضائی آپریشن چلائے گی ۔

    ترجمان سی اے اے کا کہنا تھا کہ سی اے اے قوانین کے مطابق کوئی بھی نئی ایئر لائن کم از کم 3 طیاروں سے ایک سالہ مدت تک اندرون ملک پروازیں آپریٹ کرتی ہے ، ایک سالہ کامیاب مدت مکمل کرنے کے بعد بیرون ملک پروازوں کی اجازت دی جاتی ہے۔