Tag: Airspace

  • بھارتی پروازوں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے سلسلے میں اہم خبر

    بھارتی پروازوں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے سلسلے میں اہم خبر

    کراچی: بھارتی پروازوں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش کو ایک ماہ مکمل ہو گیا، پاکستان نے فضائی حدود بھارت کی جانب سے دریا کا پانی بند کرنے کے بعد بند کر دی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کی بھارتی پروازوں کے لیے مزید بندش کا فیصلہ کل کیا جائے گا، بھارت کے لیے پاکستانی فضائی کی بندش کو ایک ماہ ہو گیا ہے۔

    فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئر لائنز کو اب تک 8 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے، بوئنگ 777 اور ایئر بس طیاروں کی 150 پروازوں کو یومیہ 2 سے 4 گھنٹے کے اضافی سفر کا سامنا ہے۔


    پاکستان نے کتنے بھارتی طیارے تباہ کیے؟ بھارتی سیکریٹری خارجہ کا جواب دینے سے انکار


    بھارتی ایئر لائنز کو 1 ماہ میں ایندھن کی مد میں 5 ارب روپے کے اضافی اخراجات کرنے پڑے، طویل دورانیے کی بھارتی پروازوں کو اسٹاپ اوور کی مد میں 3 ارب کے الگ اخراجات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    سب سے زیادہ متاثرہ ایئر لائن ’ایئر انڈیا‘ وفاقی حکومت سے مالی امداد کا مطالبہ بھی کر چکی ہے، ایئر لائن نے ایک اندازہ لگایا ہے کہ اگر بندش برقرار رہتی ہے تو اسے ہر سال 50 ارب روپے سے زیادہ کا نقصان ہو سکتا ہے، ایئر لائن نے اپنے نقصانات کے تناسب سے ’’سبسڈی ماڈل‘‘ مانگا ہے۔

  • شام کی نئی عبوری انتظامیہ کا فضائی حدود کھولنے سے متعلق اہم فیصلہ

    شام کی نئی عبوری انتظامیہ کا فضائی حدود کھولنے سے متعلق اہم فیصلہ

    شام کی نئی عبوری انتظامیہ نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ملک کی فضائی حدود گزشتہ روز کھول دیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شام کی نئی عبوری انتظامیہ کی جانب سے فضائی حدود کی بندش کے خاتمے کے بعد شامی فضائی حدود سے پروازوں کی آمد و رفت شروع کا آغاز ہوگیا ہے۔

    اردن کے دارالحکومت امان سے بیروت کیلیے پہلی پرواز ایم ای اے 311 نے دمشق کے اوپر سے منزل تک سفر کیا۔

    بغداد، جدہ اور دیگر شہروں کیلیے بھی پروازوں نے شامی فضائی حدود کا استعمال کیا، شام کی فضائی حدود ایک ہفتہ قبل شام میں بشارالاسد کا تختہ الٹے جانے کے بعد سے بند کی گئی تھی۔

    شام کے سابق صدر بشار الاسد کو ملک سے فرار کروانے والی شامی ایئرلائن کے آخری طیارے نے اتوار کو الصبح دمشق ایئرپورٹ سے آخری ٹیک آف کیا تھا۔

    شامی وزیر ٹرانسپورٹ بہاء الدین شرم نے شام کی فضائی حدود کھولے جانے کے حوالے سے کہا کہ شام کے دو بڑے ایئر پورٹس دمش اور حلب بھی جلد پروازوں کیلئے بحال کیے جا رہے ہیں۔

    دوسری جانب شام کی عبوری حکومت نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ اسرائیل کو کارروائیاں کرنے سے روکے، اسرائیل کو بھی چاہیے کہ وہ شامی سرزمین سے اپنی فوج فوری واپس بلائے۔

    امریکا نے شام پر عائد پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا ہے، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے شام کی عبوری حکومت نے بین الاقوامی قوانین پرعمل نہ کیا تو پھر پابندیاں لگا دیں گے۔ انھوں نے کہا شام کی صورت حال سے آگاہ رہنے کے لیے امریکا حیات تحریر الشام سے رابطے میں ہے۔ امریکا اور ترکیے نے عبوری حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    فرانس : مسلح شخص کی فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک، ملزم گرفتار

    شام کے ڈی فیکٹو سربراہ احمد الشعرا المعروف کمانڈر الجولانی کا کہنا ہے کہ شام پر اسرائیلی حملوں کے باوجود نئے محاذ نہیں کھول سکتے۔

  • ایران نے تمام ایئر لائنز کو 3 گھنٹوں کے لیے فضائی حدود سے گریز کی ہدایت جاری کر دی، مصری میڈیا کا انکشاف

    ایران نے تمام ایئر لائنز کو 3 گھنٹوں کے لیے فضائی حدود سے گریز کی ہدایت جاری کر دی، مصری میڈیا کا انکشاف

    قاہرہ: مصری میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ ایران نے تمام ایئر لائنز کو 3 گھنٹوں کے لیے فضائی حدود سے گریز کی ہدایت جاری کی ہے۔

    مصر کے میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے بین الاقوامی ایئر لائنز سے کہا ہے کہ وہ 3 گھنٹے تک ایرانی فضائی حدود استعمال نہ کریں، اس کی وجہ فوجی مشقیں بتائی گئی ہیں۔

    ایران کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے سربراہ سعید چلنداری نے کہا کہ صرف ایران کے مغربی حصے کی فضائی حدود سے گریز کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ دوسری طرف مصر اور برطانیہ نے اپنی پروازوں کو ایران اور لبنان کی فضائی حدود استعمال کرنے سے گریز کا حکم دے دیا ہے۔

    برطانوی اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ مصر کی شہری ہوابازی کی وزارت نے بدھ کے روز انکشاف کیا کہ اس نے اپنی ایئر لائنز کو جمعرات کو تین گھنٹے کے لیے ایرانی فضائی حدود سے گریز کرنے کا حکم دیا تھا، کیوں کہ ایران کی جانب سے یہ اطلاع دی گئی تھی کہ وہاں فوجی مشقیں کی جا رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ یہ خبر 31 جولائی کو تہران میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کے بعد سامنے آئی ہے، اس قتل سے خطے میں کشیدگی میں بے حد اضافہ ہو گیا ہے، رپورٹس کے مطابق اسرائیل ایران کی جانب سے ممکنہ حملے کی بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔

    ادھر اسرائیل نے حماس کے نئے رہنما یحیٰ سنوار کو بھی قتل کرنے کا عزم ظاہر کر دیا ہے، جو اسرائیل پر 7 اکتوبر کے حملے کے ماسٹر مائنڈ سمجھے جاتے ہیں۔

  • عمان نے اپنی فضائی حدود تمام ممالک کے لیے کھول دیں

    عمان نے اپنی فضائی حدود تمام ممالک کے لیے کھول دیں

    مسقط: عمان نے اپنی فضائی حدود تمام ممالک کے لیے کھول دیں، عمان کا کہنا ہے کہ وہ تمام ملکی اور بین الاقوامی تقاضے پورے کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سلطنت عمان میں محکمہ شہری ہوا بازی کا کہنا ہے کہ شرائط پوری کرنے والی تمام فضائی کمپنیوں کے لیے عمان کی فضائی حدود کھلی ہوئی ہیں۔

    عمانی محکمہ شہری ہوا بازی نے اپنے ٹویٹر پر کہا ہے کہ وہ معاہدہ شکاگو 1944 کی بنیادی دفعات کا پابند ہے، معاہدے پر عالمی شہری ہوا بازی کی تنظیم ایکاؤ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے والے 193 ممالک اس کی دفعات پر عمل درآمد کے پابند ہیں۔

    عمانی محکمہ شہری ہوا بازی کا کہنا ہے کہ وہ تمام ملکی اور بین الاقوامی تقاضے پورے کرنے کے لیے پرعزم ہے، مسافر طیاروں کے ساتھ کسی طرح کا کوئی امتیاز نہیں برتا جائے گا۔

    محکمہ شہری ہوا بازی کا کہنا ہے کہ سلطنت عمان کی فضائی حدود ہماری سرحدیں عبور کرنے کے لیے مقرر ضوابط پوری کرنے والی ہر فضائی کمپنی کے لیے کھلی ہیں۔

  • روس جنگی طیارے یوکرین کے بعد سوئیڈن میں بھی داخل، کشیدگی بڑھ گئی

    روس جنگی طیارے یوکرین کے بعد سوئیڈن میں بھی داخل، کشیدگی بڑھ گئی

    اسٹاک ہوم: یوکرین کو فتح کرنے کا غمار لئے روس نے سویڈن کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کر ڈالی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق چار روسی جنگی طیاروں نے سوئیڈن کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور بحیرہ بالٹک میں جزیرہ گوٹ لینڈ پر پروازیں کیں۔

    سویڈن کی فضائیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چار روسی لڑاکا طیاروں نے جزیرہ گوٹ لینڈ کے اوپر پرواز کرتے ہوئے سویڈن کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔

    فضائیہ کے کمانڈر کارل جوہان ایڈسٹروم نے ایک بیان میں کہا کہ سویڈن نے بھی جدید قسم کے لڑاکا طیاروں سے روس کو جواب دیا جس پر طیارے واپس چلے گئے۔

    یہ بھی پڑھیں: روس یوکرین جنگ: امریکا کیا کرنے جارہا ہے؟

    جوہان ایڈسٹروم نے روسی طیاروں کی سرحدی خلاف ورزی کی تصاویر بھی میڈیا کو فراہم کیں، انہوں نے روسی طرز عمل کو غیر ذمے دارانہ فعل قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورت حال میں اس واقعے کو سنجیدگی سے لیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ سویڈن نے جنوری میں روس اور یوکرین کے درمیان بڑھتے تناؤ کی وجہ سے بحیرہ بالٹک کے جزیرے گوٹ لینڈ پر اپنی سرگرمیاں بڑھا دی تھی۔

  • بائیڈن کے گھر کی فضائی حدود پروازوں کے لیے بند

    بائیڈن کے گھر کی فضائی حدود پروازوں کے لیے بند

    واشنگٹن: ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار جوبائیڈن کی ممکنہ کامیابی پر سیکرٹ سروس متحرک ہوگئی ہیں، بائیڈن کے گھر کی فضائی حدود پروازوں کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق جو بائیڈن کی ممکنہ کامیابی کے پیشِ نظر امریکی سیکرٹ سروس نے اپنے مزید اہلکار ڈیلاویئر کے شہر ولمنگٹن پہنچادیئے ہیں، جبکہ جو بائیڈن کے گھر کی فضائی حدود پروازوں کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا میں صدارتی انتخاب میں کامیابی کی صورت میں نامزد صدر کی سیکیورٹی موجودہ صدر کے برابر کردی جاتی ہے، جوبائیڈن کیلئے اضافی فضائی سیکیورٹی اقدامات بھی لاگو کر دیئے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکا میں تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب صرف پانچ ریاستوں پنسلوانیا، ایریزونا، جارجیا، نیواڈا اور الاسکا کے نتائج آنا باقی ہیں، اکیلے پنسلوینیا میں کامیابی ہی جو بائیڈن کو وائٹ ہاؤس تک پہنچا دے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پنسلوینیا میں جوبائیڈن ٹرمپ سے آگے نکل گئے

    اس وقت غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق جوبائیڈن 264 الیکٹورل ووٹوں کے ساتھ مضبوط پوزیشن میں ہیں جبکہ ڈیموکریٹ کے امیدوار اور امریکی صدر ٹرمپ 214 ووٹ ہی حاصل کرسکے۔

  • پاکستان نریندرمودی کے طیارے کو اپنی فضائی حدود سے گزرنے دے، بھارتی حکومت کی درخواست

    پاکستان نریندرمودی کے طیارے کو اپنی فضائی حدود سے گزرنے دے، بھارتی حکومت کی درخواست

    اسلام آباد : بھارتی حکومت نے اپنے وزیر اعظم نریندر مودی کاطیارہ پاکستان کی فضائی حدودسےگزرنےکے لیے باضابطہ اجازت طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے حکومتِ پاکستان سے کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا خصوصی طیارہ 20ستمبر کوپاکستانی فضائی حدود سےگزر کر امریکاجائے گا۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ بالا خصوصی طیارے کے لیے پاکستان سے باضابطہ درخواست کی گئی ہے کہ پاکستان اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے، درخواست باضابطہ طور پر گزشتہ ہفتے دی گئی تھی ۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت بھارتی وزیر اعظم کے طیارے کو اجازت دینے یہ نہ دینے سے متعلق اعلیٰ سطح مشاورتی اجلاس بلانےپرغور کررہی ہے، کچھ دن قبل بھارتی صدرکےطیارے کو فضائی حدود کے استعمال کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ بھارتی صدر نے آئس لینڈ جانے کے لیے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت مانگی تھی۔

    یاد رہے اس سے قبل بھارت نے مودی کے طیارے کیلئےفضائی حدودکی اجازت مانگی تھی، یہ درخواست شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی شرکت کے تناظر میں کی گئی تھی۔

    پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی تھی تاہم بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راستہ تبدیل کردیا تھا۔

  • بھارتی حکومت کی پاکستان سے فضائی حدود کے استعمال کی درخواست

    بھارتی حکومت کی پاکستان سے فضائی حدود کے استعمال کی درخواست

    اسلام آباد: بھارت نے حکومت پاکستان سے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال کے لیے درخواست کی ہے.

    تفصیلات کے مطابق یہ درخواست شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی شرکت کے تناظر میں کی گئی.

    سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کا طیارہ پاکستان حدود سے گزرنا چاہتا ہے.

    بھارتی حکومت نے کہا ہے کہ طیارے کو فضائی حدود سے گزرنے دیا جائے، اعلیٰ سرکاری ذرائع نے درخواست موصول ہونے کی تصدیق کردی.

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی 13 جون کو بشکک جانے کے لئے پاکستانی فضائی حدود سے گزرنا چاہتے ہیں.

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی نریندرمودی کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت، خط لکھ دیا

    پاکستانی حکام شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس کے تناظر میں اس درخواست کا جائزہ لے رہے یبں.خیال رہے کہ پاکستان نے سشما سوراج کے طیارے کو بھی گزرنے کی اجازت دی تھی.

    یاد رہے کہ 7 جون 2019 کو پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے نریندر مودی کو انتخابات میں فتح پر مبارک باد دیتے ہوئے ایک بار  پھر مسائل کے حل کے لئے مذکرات کی دعوت دی ہے۔

     اس ضمن میں پاکستانی وزیر اعظم کی جانب سے خصوصی خط روانہ کیا گیا۔

  • سیالکوٹ، سکھر اور بہاولپور کے ایئرپورٹس کھول دیے گئے

    سیالکوٹ، سکھر اور بہاولپور کے ایئرپورٹس کھول دیے گئے

    کراچی: ایک ماہ تک بند رہنے والے سیالکوٹ، سکھر، بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان کے ایئرپورٹس کھول دیے گئے جس کے بعد مذکورہ ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن بحال ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے پاکستان کی فضائی حدود مکمل طور پر کھول دی جس کا نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) جاری کردیا گیا۔ کئی روز سے بند سیالکوٹ، سکھر، بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان کے ایئرپورٹس پر بھی فضائی آپریشن بحال کردیا گیا۔

    قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے مذکورہ شہروں کے لیے اپنا فضائی شیڈول بحال کر دیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق پی آئی اے اپنے فضائی شیڈول کے مطابق ان شہروں سے پروازوں کا آغاز کر رہی ہے۔ پی آئی اے اس سے پہلے ان شہروں سے روانہ ہونے والے مسافروں کو دوسرے شہروں سے منسلک پروازوں سے آمد و رفت کی سہولت فراہم کر رہی تھی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ ایئر پورٹ کا رن وے ضروری مرمت کے لیے بند ہے جس کے باعث پی آئی اے 28 مارچ کی شام سے سیالکوٹ سے اپنے فضائی آپریشن کا آغاز کرے گی۔

    خیال رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر 27 فروری کو پاکستانی فضائی حدود کو مکمل طور پر بند کردیا گیا تھا، کچھ روز بعد کراچی اور اسلام آباد سمیت کچھ ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن بحال کردیا گیا تھا تاہم سیالکوٹ، سکھر، بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان کی فضائی حدود تاحال بند تھی جسے آج کھول دیا گیا ہے۔

  • پاکستان میں فضائی آپریشن کی بحالی کا سلسلہ شروع

    پاکستان میں فضائی آپریشن کی بحالی کا سلسلہ شروع

    اسلام آباد: 2 دن سے بند پاکستان کی فضائی حدود مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا، آج رات تک تمام ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن بحال کردیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن (سی اے اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود کو آج سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمرشل پروازوں کے لیے ایئر پورٹس شام 6 بجے سے آپریشنل ہوں گے۔

    ترجمان کے مطابق پہلے کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن بحال ہوگا جس کے لیے ایئرپورٹس کو کھول دیا گیا ہے۔ لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد سمیت دیگر ایئر پورٹ کھولنے کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلے اندرون ملک پروازوں کا آغاز ہوگا، بیرون ممالک سے پروازوں کی آمد و رفت رات سے شروع ہوگی۔

    ترجمان کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی اے) رات 12 بجے سے فلائٹ آپریشن شروع کرے گی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ فضائی حدود کھولنے کا ناٹم (نوٹس ٹو ایئرمین) جلد جاری کریں گے۔

    خیال رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر 27 فروری کی صبح پاکستانی فضائی حدود کو اگلی رات 12 بجے تک کے لیے بند کردیا گیا تھا جس کے بعد لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سے تمام پروازوں کے لیے آپریشن معطل کردیے گئے۔

    اس دوران بھارت جانے والی کئی پروازوں کو منسوخ کردیا گیا تھا، جبکہ پاکستان آنے والی کئی فلائٹس کو مقررہ مقام کے بجائے دیگر ایئرپورٹس پر اتار لیا گیا تھا۔

    کل رات تک کے لیے کی جانے والی فضائی حدوو کی بندش میں آج مزید توسیع کردی گئی تھی۔