Tag: airstrike

  • افغانستان میں فورسز کی فضائی کارروائی، اہم طالبان کمانڈر ہلاک

    افغانستان میں فورسز کی فضائی کارروائی، اہم طالبان کمانڈر ہلاک

    کابل : افغان فورسز نے صوبے اورزگان میں فضائی کارروائی کے دوران طالبان کمانڈر ملّا حمداللہ سمیت 22 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صوبے اورزگان کے دارالحکومت ٹرنکوٹ میں ہفتے کی صبح افغانستان کی سیکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی میں تحریک طالبان افغانستان کے اہم کمانڈر ملّا حمداللہ دیگر ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا۔

    افغان وزارت دفاع نے جاری بیان میں کہا ہے کہ افغان فورسز کی جانب سے صوبہ سرے پل کے ضلع سیّد میں کی گئی فضائی کارروائی میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

    افغان خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ابھی تحریک طالبان افغانستان نے ملّا حمداللہ کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی ہے۔

    مزید پڑھیں : کابل: امریکی فضائی حملہ، ملا عبدالمنان سمیت 29 طالبان ہلاک

    یاد رہے کہ 2 دسمبر 2018 کو  افغانستان کے صوبے ہلمند میں امریکی فضائی حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں طالبان طالبان ملٹری کمیشن کے سربراہ ملا عبدالمنان سمیت 29 طالبان ہلاک ہوئے تھے۔

    کابل کے سینئر سیکیورٹی آفیسر کا کہنا تھا ملا عبدالمنان تحریک طالبان افغانستان کا انتہائی اہم کمانڈر تھا جس کی ہلاکت سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی کامیابی ہے۔

    مزید پڑھیں: افغانستان میں امریکی فضائی حملہ، 30 شہری ہلاک

    واضح رہے کہ 28 نومبر کو افغانستان کے صوبے ہلمند میں ہی امریکی فضائی حملے کے نتیجے میں 30 شہری ہلاک ہوگئے تھے۔

    نیٹو حکام کا کہنا تھا کہ فضائی حملہ زمینی فورسز کی درخواست پر کیا گیا، جس میں طالبان ٹھکانے کی نشاندہی پر کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا۔

  • افغانستان: اتحادی افواج کا فضائی حملہ، داعش کا ترجمان ہلاک

    افغانستان: اتحادی افواج کا فضائی حملہ، داعش کا ترجمان ہلاک

    کابل: افغانستان میں اتحادی افواج کے فضائی حملے میں داعش کا ترجمان صل عزیز اعظم ہلاک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق اتحادی افواج کی جانب سے فضائی حملہ افغان مشرقی صوبے ننگرہار میں کیا گیا جس کے نتیجے میں عسکریت پسند تنظیم داعش کا ترجمان صل عزیز اعظم ہلاک ہوا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ صل عزیز عراق اور شام میں بحیثیت داعش کا ترجمان کام کرتا تھا، اس دہشت گرد گروہ میں اسے مرکزی رہنماؤں کی حیثیت بھی حاصل تھی۔

    حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد عام لوگوں کو ہائی پروفائل حملوں کے لیے داعش میں بھرتی کرتا تھا، اور متعدد عام شہریوں کی ہلاکتوں میں بھی ملوث رہا ہے۔

    دوسری جانب داعش نے اب تک صل عزیز کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی، جبکہ صوبہ ننگرہار میں داعش اور طالبان کی جانب سے متعدد حملے کیے جاچکے ہیں، جس کے باعث اب تک سیکڑوں سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور کئ سو زخمی ہوچکے ہیں۔

    افغانستان: سرکاری عمارت پر حملہ، 43 افراد ہلاک، 20 سے زائد زخمی

    خیال رہے کہ دو روز قبل افغانستان میں سرکاری عمارت پر دہشت گرد حملے کے نتیجے میں 43 افراد ہلاک اور بیس سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

    بعد ازاں سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں تینوں حملہ آور مارے گئے تھے۔

    واضح رہے کہ مذکورہ دہشت گرد حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا کہ جب طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، اور دونوں فریقین کی جانب سے مثبت تاثر سامنے آرہا ہے۔

  • افغان فورسز کا فضائی حملہ، 4 عام شہری ہلاک، سات زخمی

    افغان فورسز کا فضائی حملہ، 4 عام شہری ہلاک، سات زخمی

    کابل: افغانستان میں افغان فورسز کی جانب سے کیے گئے فضائی حملے کے نتیجے میں چار عام شہری ہلاک جبکہ سات زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان فضائیہ کی جانب سے فضائی حملہ افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں کیا گیا، جس کے باعث چار خواتین اور ایک بچہ جاں بحق ہوا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قندھار میں ہونے والے فضائی حملے کے باعث 7 خواتین زخمی بھی ہوئی ہیں، حملہ شادی کی تقریب میں کیا گیا، افغان حکام کا کہنا ہے کہ حملہ طالبان کی موجودگی پر کیا گیا تھا۔

    دوسری جانب نیٹو حکام کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حملے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کسی قسم کی فوجی کارروائی نہیں کی۔

    افغانستان میں فورسز کی چوکیوں پر طالبان کا حملہ، 30 اہلکار ہلاک

    بعض ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ حملہ اور عام شہریوں کی ہلاکت میں امریکی فوج بھی ملوث ہوسکتی ہے، تاہم اس بابت ابھی تک واضح نہیں ہوا۔

    خیال رہے کہ افغانستان میں طالبان جنگجو بعض اوقات عام شہریوں کے گھروں میں پناہ لے لیتے ہیں، جس کی وجہ سے اگر کسی قسم کی فوجی کارروائی ہو تو عام شہری بھی مارے جاتے ہیں۔

    علاوہ ازیں گذشتہ رات افغان طالبان نے قندھار صوبے کے ایک گاؤں میں قائم چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس کے باعث ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوا تھا، جبکہ جوابی کارروائی میں 10 عسکریت پسند مارے گئے تھے۔

  • عرب اتحاد کی یمن میں کارروائی، حوثی ملیشیا کا جدید مواصلااتی نظام تباہ

    عرب اتحاد کی یمن میں کارروائی، حوثی ملیشیا کا جدید مواصلااتی نظام تباہ

    صنعاء/ریاض : سعودی عرب کی قیادت میں بننے والے عرب اتحاد نے یمن کے شہر صعدہ میں فضائی کارروائی کرتے ہوئے حوثی جنگجوؤں کے جدید مواصلاتی نظام کو تباہ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یمن کی آئینی حکومت کے خلاف جدوجہد کرنے والی ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے خلاف سعودی عرب کی قیادت میں یمنی حکومت کی حمایت میں لڑنے والے عرب اتحاد نے گذشتہ روز یمن کے علاقے صعدہ میں حوثی جنگجوؤں کی فوجی اڈوں پر فضائی حملے کیے گئے ہیں۔

    عربی میڈیا ذرائع کا کہنا تھا کہ عرب اتحاد نے کی فضائی افواج نے کارروائی کرتے ہوئے ’حدیان اور رازح‘ میں حوثی جنگجوؤں کے مواصلاتی نظام کو پوری طرح تباہ کردیا گیا ہے۔

    عرب اتحاد کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز کی جانے والی کارروائی میں حوثی جنگجوؤں کے مواصلاتی نیٹ ورک اور جدید ٹیکنالوجی سے چلنے والی آلات کو بھی مکمل کردیا گیا ہے، جسے چلانے کےلیے غیر ملکی ماہرین کی مدد سے چلایا جاتا تھا۔

    سعودی عرب کی قیادت میں حوثی جنگجوؤں کے خلاف لڑنے والے عرب اتحاد کے ترجمان نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’عرب اتحاد کسی بھی دہشت گرد تنظیم کو اس طرح کے جدید ٹیکنالوجی سے چلنے والے آلات استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • پاک فوج کی وادی راجگال میں فضائی کارروائی، متعدد دہشتگرد ہلاک

    پاک فوج کی وادی راجگال میں فضائی کارروائی، متعدد دہشتگرد ہلاک

    راولپنڈی : پاک فوج نے وادی راجگال میں فضائی کارروائی کے دوران کئی دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا، فضائی کارروائی انٹیلی جنس اطلاعات پر کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں آپریشن رد الفساد پوری قوت سے جاری ہے، پاک فوج کے ادارہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق دہشت گردوں سے متعلق افغان علاقے ننگرہارسے خیبرایجنسی میں داخلے کی اطلاع ملی تھی جس پر بھرپور کارروائی کی گئی۔

    پاک فوج نے وادی راجگال کےعلاقے ستارکلے اور نارائی ناؤ میں فضائی کارروائیاں کیں، جس کے نتیجے میں کئی دہشت گرد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور متعدد افراد زخمی حالت میں فرار ہوگئے۔

    آئی ایس پی آرکے مطابق فضائی کارروائیوں میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے جبکہ زخمی اوربچ جانے والے دہشت گرد واپس افغان صوبے ننگر ہار کی طرف بھاگ گئے۔

  • میرانشاہ: فضائی کارروائی میں28 دہشت گرد مارے گئے،3 ٹھکانےتباہ

    میرانشاہ: فضائی کارروائی میں28 دہشت گرد مارے گئے،3 ٹھکانےتباہ

    میرانشاہ: پاک فوج کا دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیاب کے ساتھ جاری ہے، فضائی کارروائی میں اٹھائیس شدت پسند مارے گئے۔

    سرکاری ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں فورسز نے فضائی کارروائی کی، کارروائی میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں متعددد ہشتگردوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    ذرائع نے شدت پسندوں کے تین ٹھکانے مکمل تباہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔

    گزشتہ روز بھی شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی شدت پسندوں کے خلاف فضائی کارروائی میں اٹھارہ شدت پسند مارے گئے تھے، فورسز کی فضائی کارروائی میں اٹھارہ شدت ہلاک ہوگئے، سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خلاف مستقل لڑرہی ہیں۔

    عسکری ذرائع کے مطابق شوال میں تین روز سے جاری فضائی کارروائی میں اب تک ایک سو اٹھ شدت پسند مارے جاچکے ہیں۔

  • خیبرایجنسی: وادی تیراہ میں فضائی کارروائی، 12دہشت گردہلاک

    خیبرایجنسی: وادی تیراہ میں فضائی کارروائی، 12دہشت گردہلاک

    خیبرایجنسی: آپریشن خیبر ٹو کامیابی سے جاری ہے، سیکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی میں بارہ دہشت گرد مارے گئے۔

    سیکیورٹی ذرائع کےمطابق خیبرایجنسی کی وادی تیراہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں کی بمباری سے بارہ دہشت گرد ہلاک اور سات زخمی ہوئے جبکہ ان کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔

    پاک فوج نے خیبر ایجنسی میں آپریشن خیبر ٹو میں تیزی لاتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

    گذشتہ اڑتالیس گھنٹوں میں کارروائی کےدوران انتالیس دہشتگرد مارے گئے جبکہ پاک فوج کےایک کیپٹن سمیت پانچ جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا تھا۔

    واضح رہے کہ پاک فوج نے جون 2014 میں ملک کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب شروع کیا تھا جبکہ اکتوبر 2014 میں خیبر ایجنسی میں آپریشن خیبر ون اور مارچ 2015 میں آپریشن خیبر ٹو شروع کیا گیا۔

    یاد رہے کہ دسمبر2014 کو پشاور میں آرمی پبلک اسکول میں دہشت گردوں کے حملے میں 133 سے زائد بچوں سمیت 150 افراد کی ہلاکت کے بعد شدت پسندوں کے خلاف آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔

  • یمن: اتحادی فوج کے فضائی حملے جاری،24گھنٹے میں147افراد ہلاک

    یمن: اتحادی فوج کے فضائی حملے جاری،24گھنٹے میں147افراد ہلاک

    یمن: حوثی باغیوں کے خلاف اتحادی افواج کی فضائی کارروائیوں میں شدت آگئی ہے، عدن میں چوبیس گھنٹے میں ہلاک ہونے والوں کی تعدادایک سوچالیس سے زائد ہوگئی ہیں۔

    یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف اتحادی افواج کی کارروائیاں تیرہویں روز بھی جاری ہیں، عدن میں باغیوں اور صدر منصور ہادی کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں نے شہرکو میدان جنگ میں تبدیل کردیا۔

    دارالحکومت صنعا، مکلا ،اور عدن میں صدر منصور ہادی کی حامیوں اورحوثی قبائلیوں میں بھی گھمسان کی لڑائی جاری ہے، غیر ملکی میڈٰیا کے مطابق اتحادی فوج نےشہر عدن میں فضائی حملوں میں حکومت مخالف جنگجوؤں کے ٹھکانوں کونشانہ بنایا،  گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران عدن میں ایک سو سینتالیس افراد مارے گئے، ہلاک ہونےوالوں میں سترہ شہری بھی شامل ہیں۔

    دارالحکومت صنعا سمیت عدن اور دیگرشہروں میں اتحادی بمباری اور باغیوں کی جانب سے گولہ باری شدت اختیار کرگئی ہے، شدید بمباری کے باعث ریڈکراس کے امدادی طیارے صنعا نہیں پہنچ سکے۔

    اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ یمن میں ہرگزرتے دن کے ساتھ بحران میں شدت آرہی ہے، اقوام متحدہ کے مطابق دوہفتے کی لڑائی میں پانچ سو سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں، مختلف علاقوں میں غذائی اشیاء، پانی اوردواؤں کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور اگرفوری طورپر امدادی کارروائیاں شروع نہ کی گئیں تو بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔

    یمن میں جاری پرتشدد واقعات اورجھڑپوں میں ہلاک افراد کی صحیح تعداد سامنے نہیں آسکی ہے لیکن سعودی عرب کی زیرقیادت اتحادی فوج کے حملوں کے بعد سے تین لاکھ سے زائد یمنی بے گھر ہوگئے ہیں۔

  • خیبرایجنسی: فورسز کی فضائی کارروائی، 15دہشت گرد ہلاک

    خیبرایجنسی: فورسز کی فضائی کارروائی، 15دہشت گرد ہلاک

    خیبر ایجنسی: فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے پندرہ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

    شمالی وزیرستان میں آپریشن ضربِ عضب کامیابی سے جاری ہے تاہم دیگر علاقوں میں بھی دہشتگردوں کی سرکوبی کے لئے پاک فوج کی کارروائیاں جاری ہیں، خیبر ایجنسی میں تازہ کارروائی کے دوران پندرہ دہشتگرد ہلاک کردیئے گئے جبکہ کارروائی میں دہشتگردوں کے تین ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    اس سے قبل خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کے علاقے ملک دین خیل اور کوہی شیر حیدر میں پاکستانی جیٹ طیاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس میں دوشدت پسند ہلاک اور آٹھ کے زخمی ہوگئے۔

    جون دو ہزار چودہ میں شروع کیا گیا آپریشن ضربِ عضب کامیابی سے جاری ہے ، پاک فوج کی جانب سے آپریشن ضربِ عضب میں اب تک نو سو سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے، متعدد بارودی سرنگیں بنانے کی فیکٹریاں تباہ کر دی گئیں ہیں جبکہ بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی پکڑا جا چکا ہے۔

  • آپریشن ضرب عضب:جیٹ طیاروں کی بمباری، 28دہشتگرد ہلاک

    آپریشن ضرب عضب:جیٹ طیاروں کی بمباری، 28دہشتگرد ہلاک

    شمالی وزیرستان : آپریشن ضرب عضب کے دوران شمالی وزیرستان کے علاقے وادی شوال میں بمباری کے نتیجے میں غیرملکیوں سمیت مزید اٹھائیس دہشتگرد مارے گئے،چھ مزید ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔

    آپریشن ضرب عضب کی کارروائیاں کامیابی سے جاری ہے، پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب کے دوران شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں دہشتگردوں کے مزید چھ ٹھکانے تباہ کردیئے، کارروائی میں غیر ملکیوں سمیت اٹھائیس دہشتگرد مارے گئے۔

    پاک فوج بویا اور دیگان پر بھی مکمل کنٹرول حاصل کرچکی ہے، جو دہشتگردوں کے اہم مراکز کے طور پر جانے جاتے تھے، میرعلی میں سرچ آپریشن کے دوران بارودی سرنگیں بنانے والی فیکٹری، بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی ہیں۔