Tag: Aisha Farooqui

  • پاکستان نے کلبھوشن معاملے پر بھارت کوایک اور موقع دینے کیلئے رابطہ ‌کرلیا ،جواب کا انتظار

    پاکستان نے کلبھوشن معاملے پر بھارت کوایک اور موقع دینے کیلئے رابطہ ‌کرلیا ،جواب کا انتظار

    اسلام آباد : ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کلبھوشن معاملے پربھارت کوایک اور موقع دینے کیلئے رابطہ کیا، بھارت کے جواب کا انتظار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کل یوم استحصال کشمیر منایا گیا، وزیراعظم عمران خان نے قانون ساز اسمبلی سے خطاب بھی کیا، 14اگست کو سید علی گیلانی کو نشان پاکستان سے نوازا جائے گا۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے لاکھوں کشمیریوں کو فوجی محاصرے میں رکھا ہواہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حل طلب ہے، سلامتی کونسل کامباحثہ واضح کرتا ہے کہ مسئلہ کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں،ترجمان

    عائشہ فاروقی نے کہا کہ وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر صورتحال پرنوٹس کا مطالبہ کیا اور دوست ممالک اورعالمی برادری مسئلے کےحل میں سنجیدگی دکھارہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں کل مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ظلم کیخلاف آوازیں اٹھائی گئی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یکطرفہ اقدام کو یکسر مسترد کیا گیا، ترکی، او آئی سی انسانی حقوق کمیشن نےبھی مقبوضہ کشمیرصورتحال پر اظہار یکجہتی کیا جبکہ ہیومن رائٹس واچ نے بھی بھارتی غیرقانونی اقدامات سے متعلق بیان دیا۔

    ترجمان نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کا بانی رکن ہے، ہمارےاوآئی سی ممالک سے قریبی تعلقات ہیں، اوآئی سی نےتسلسل سے جموں و کشمیر مسئلے کی حمایت کی، 5اگست 2019 سے پاکستان نے کشمیر پر اوآئی سی کے ساتھ 3اجلاس کیے ، جس میں او آئی سی نے کشمیر پر مضبوط بیانات دیے۔

    عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کی او آئی سی سے توقعات موجودہیں ، چاہتے ہیں کہ اوآئی سی اپناقائدانہ کرداراداکرے ، سعودی عرب سے ہمارے قریبی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان کےسیاسی نقشےکےاجراپراراکین پارلیمان کوپہلےاعتمادمیں لیاگیا ، پاکستان اورعوام کو او آئی سی سے زیادہ توقعات ہیں۔

    ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان نے کلبھوشن معاملےپربھارت کوایک اور موقع دینے کیلئے رابطہ کیا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے کلبھوشن کا وکیل مقرر کرنے کیلئے رابطے کا حکم دیا تھا، عدالتی حکم کے مطابق بھارت سے رابطہ کیا گیاہے، کلبھوشن یادیو معاملےپربھارت کے جواب کا انتظار ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اور دہشت گردوں کومدد فراہم کرنےکی بھی مذمت کرتے ہیں، دونوں ملکوں کوایسےمعاملات کیلئے بہتر تعاون اور کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے، افغان آرمی کوبن شاہی میں بارڈرفلیگ میٹنگ کا کہاگیا ، پاکستان سرحدپارکسی بھی حملے کابھرپور جواب دینے کیلئے پرعزم ہے۔

  • عائشہ فاروقی ترجمان دفتر خارجہ مقرر

    عائشہ فاروقی ترجمان دفتر خارجہ مقرر

    اسلام آباد: عائشہ فاروقی کو ترجمان دفتر خارجہ مقرر کردیا گیا جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہیوسٹن میں پاکستان کی سابق قونصل جنرل عائشہ فاروقی کو ترجمان دفتر خارجہ مقرر کردیاگیا، انہوں نے بطور ترجمان دفتر خارجہ عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

    عائشہ فاروقی امریکی شہر ہیوسٹن میں پاکستان کی قونصل جنرل رہ چکی ہیں اور انہیں ڈاکٹر فیصل کی جگہ ترجمان دفتر خارجہ تعینات کیا گیا ہے۔

    عائشہ فاروقی بطور سفارتکار فرانس، مصر، برطانیہ، ترکی اور امریکا میں خدمات انجام دے چکی ہیں اس کے علاوہ وہ وزارت خارجہ میں بھی ذمہ داریاں نبھا چکی ہیں۔

    مزید پڑھیں: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل جرمنی میں پاکستانی سفیر نامزد

    واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان نے 21 ممالک کے سفیروں، ہائی کمشنروں اور قونصل جنرلز کے تبادلے کیے تھے، ڈاکٹر فیصل کو جرمنی میں پاکستان کا سفیر نامزد کیا گیا تھا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق رحیم حیات قریشی ایران میں پاکستان کے سفیر جبکہ شفقت علی خان روس میں پاکستانی سفیر کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

    اس کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری محمد ندیم خان کو یونان، جرمنی میں سفیر جوہر سلیم کو اٹلی، ڈی جی یورپ ملک محمد فاروق کو پولینڈ، برلن میں موجود مریم مدیحہ آفتاب کو بلغاریہ جب کہ ترکی میں تعینات منسٹر سید علی اسد گیلانی کوازبکستان میں سفیر تعینات کیا گیا تھا۔

  • قونصل جنرل عائشہ فاروقی کی ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے جیل میں ملاقات

    قونصل جنرل عائشہ فاروقی کی ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے جیل میں ملاقات

    ہیوسٹن: قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے جیل میں ملاقات کی ، جس کے بعد قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی موت کےبارےمیں اطلاعات گمراہ کن ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی قید میں چھیاسی سال کی سزا کاٹنے والی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی موت کی افواہیں دم توڑ گئیں، ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے فورٹ ورتھ ایف ایم سی کارزویل میڈیکل سینٹر کا سرکاری دورہ کیا اور ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے دو گھنٹے طویل ملاقات کی۔

    ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل خانے سے پریس ریلیز میں ڈاکٹر عافیہ کے انتقال سے متعلق خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کیا گیا۔

    پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی کی ڈاکٹرعافیہ سے ملاقات اسپتال میں قائم حراستی سیل میں ہوئی، جہاں وہ زیرعلاج ہیں۔

    قونصل جنرل عائشہ فاروقی کی14 ماہ میں ڈاکٹرعافیہ سے چوتھی ملاقات ہے۔

    یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر گزشتہ کئی روز سے افواہیں گرم تھیں کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی امریکی حراستی مرکز میں انتقال کر گئی ہیں، جس پر ڈاکٹر عافیہ کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے قونصل جنرل عائشہ فاروقی سے رابطہ کرکے ڈاکٹرعافیہ کی صحت کے حوالے سے آگاہ کرنے کی درخواست کی تھی۔

    خیال رہے کہ ڈاکٹرعافیہ صدیقی کو افغانستان میں امریکی حکومتی و سیکیورٹی اہلکاروں پر قاتلانہ حملے کے الزام میں نیویارک کی وفاقی عدالت نے 2010 دس میں چھیاسی برس قید کی سزا سنائی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔