Tag: aitraz hay

  • کہا گیانوازشریف اوربےنظیرکومیں نےوزیراعظم بنایا،گورنرپنجاب

    کہا گیانوازشریف اوربےنظیرکومیں نےوزیراعظم بنایا،گورنرپنجاب

    گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے اور غریب آدمی پس رہا ہے لیکن احساس پروگرام سے غریبوں کو ریلیف دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام’اعتراض ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف آیا، پارٹی کے لیے دن رات محنت کی، ڈکٹیٹر شپ کے خلاف جدوجہد میں شامل رہا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سے ہی مفاہمت کا حامی رہا ہوں، پارٹی میں کھل کر اپنی رائے دیتا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ پارٹی میں ہونے والی بحث کو میڈیا میں نہیں لانا چاہیے۔

    گورنر پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کو لوگوں نے 2023 تک کے لیے ووٹ دیا ہے، ہماری حکومت نے صحت کارڈ کی شکل میں بڑا کام کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن سارے ہی مشکل ہوتے ہیں، 2018 کا الیکشن بھی مشکل تھا اور آنے والا 2023 کا الیکشن بھی مشکل ہوگا، اپوزیشن اورحکومت مل کربیٹھے تاکہ اگلے الیکشن شفاف ہوں۔

    چوہدری محمد سرور نے دعویٰ کیا کہ میں نے بینظیر بھٹو کو کامیاب کرنے کے لیے ان کا بہت ساتھ دیا انہیں وطن واپسی میں مدد کی، جب کہ 2013کی انتخابی مہم میں کام کرکے نوازشریف کو کامیاب کرایا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ جب سے ن لیگ کو چھوڑا ہے شریف فیملی سے کوئی رابطہ نہیں تاہم ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے بہت سے رہنماؤں سے اچھے تعلقات ہیں۔

    چوہدری سرور نے وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عثمان بزدار کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

  • عید کے بعد اے پی سی نہیں، محرم الحرام دیکھ رہا ہوں، شیخ رشید

    عید کے بعد اے پی سی نہیں، محرم الحرام دیکھ رہا ہوں، شیخ رشید

    راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اپوزیشن میں کوئی دم خم نہیں ہے، عید کے بعد آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) نہیں محرم الحرام دیکھ رہا ہوں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ یہ مل کر نیب قوانین میں ترمیم لائیں گے اور اس میں ہماری جماعت بھی شامل ہوگی لیکن میں نیب قانون میں ترامیم کا حامی نہیں ہوں۔

    شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف میری جماعت کا آدمی ہے وہ تحریک نہیں چلائیں گے، جب تک شریف زندہ ہیں، ن لیگ کوئی نہیں چلا سکتا، دسمبر آگیا تو حکومت کے خلاف کوئی بھی تحریک بے کار جائے گی، دسمبر کے بعد تو نئے انتخابات کی تیاریاں شروع ہوجائیں گی، کوئی بے وقوف ہوگا جو دسمبر کے بعد حکومت گرانے کے لیے تحریک چلائے گا۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انجن اچھا ہو تو ٹوٹے پھوٹے ڈبے چل جاتے ہیں، ہمارے پاس انجن اچھا ہے ڈبے تھوڑے خراب ہیں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں مافیا کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا، ہماری حکومت میں بھی تین چینی کے مل مالک بیٹھے ہوئے ہیں، ہر حکومت میں چینی مافیا بیٹھے ہوتے ہیں، نیب آٹا چینی بحران پر حکومت کو بھی بلا سکتا ہے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے عمران خان کو فائدے کے بجائے نقصان پہنچایا، اس حکومت کی ایک ہی خوبی ہے وہ عمران خان ہیں، کابینہ میں عمران خان کے علاوہ کوئی سر اٹھا کر چلنے والا نہیں ہے۔

    کرونا کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ میرے بھائی کو کرونا ہوا تو میں نے سوچا میں بھی ٹیسٹ کرالوں، کرونا کے دوران میں نے موت کو قریب سے دیکھا، وبا نے مجھے بہت پریشان کیا اب بھی پریشان ہوں، تمام گھر والوں کو ہی کرونا ہوگیا تھا، بیماری کے دوران ایک کتاب لکھی ہے جبکہ بیماری کے دوران والدہ کی بہت یاد آئی۔

  • تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے مارچ کرنا چاہئے، شرمیلا فاروقی

    تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے مارچ کرنا چاہئے، شرمیلا فاروقی

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی کا کہنا ہے کہ خواتین مارچ سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ واضح ہے، تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے خواتین کو مارچ کرنا چاہئے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو کسی مقام پر آنے کے لیے بہت کوشش کرنی پڑتی ہے، عورت جدوجہد کے ذریعے ہی اس مقام تک پہنچی ہے۔

    شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ حکومت خواتین کے لیے پروگرام شروع کررہی ہے تو سراہتے ہیں، تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے مارچ ہونا چاہئے، خواتین کو اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنی چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ سیاسی رابطوں کا سو فیصد فائدہ ایم کیو ایم پاکستان کو ہوگا، پیپلزپارٹی دور میں روٹی کھانے کو ملتی تھی، اب تو سبزی بھی نہیں مل رہی ہے۔

    شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ ن لیگ ایم کیو ایم کو اپنے قریب کرنے کی کوشش کررہی ہے، بلدیاتی الیکشن قریب ہیں سیاست میں جوڑ توڑ چلتا رہتا ہے، ایم کیو ایم کے پاس ہمیشہ سے اتنی سیٹیں ہوتی ہیں وہ بارگین کرلیتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں زیادہ نشستوں کے لیے مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے درمیان جوڑ توڑ چل رہا ہے۔