Tag: AJk election2021

  • آزاد کشمیر الیکشن:  بڑے بڑے سیاسی برج الٹ گئے

    آزاد کشمیر الیکشن: بڑے بڑے سیاسی برج الٹ گئے

    مظفر آباد: آزاد کشمیر الیکشن میں تحریک انصاف کے سونامی نے بڑے بڑے سیاسی برج الٹ دیئے، متعدد لیگی وزرا کو اپنے سیٹوں سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق غیر حتمی وغیر سرکاری نتائج کے مطابق حلقہ ایل اے پندرہ باغ میں تحریک انصاف کے امیدوار سردار تنویر الیاس نے لیگی وزیر مشتاق منہاس کو شکست سے دوچار کردیا، پی ٹی آئی کے تنویر الیاس 19825ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔

    تحریک انصاف کےمرکزی رہنما بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ایل اے تین میرپور پر لیگی وزیرچوہدری محمد سعید کو پچھاڑا، غیر سرکاری وغیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے سلطان محمود چوہدری 18462 ووٹوں سے کامیاب ہوگئے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے چوہدری محمد سعید 15343 ووٹ لے سکے۔

    اسی طرح ایل اے ون میرپور پر تحریک انصاف کے اظہر صادق نے لیگی وزیر چوہدری مسعود خالد کو شکست سے دوچار کیا، غیرسرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے اظہر صادق 14233 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے مسلم لیگ ن کے چوہدری مسعود خالد نے 4609 ووٹ حاصل کرسکے۔

    یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر الیکشن، پی ٹی آئی نے سادہ اکثریت حاصل کرلی

    ایل اے چار میرپورپر تحریک انصاف کے چوہدری ارشد نےبھی نوازلیگ کے سابق وزیر چوہدری رخسار کوہرایا۔

    دوسری جانب لیگی نائب صدر مریم نواز نے آزاد کشمیر الیکشن کے نتائج کو ماننے سے انکار کردیا ہے، مریم نواز کا کہنا تھا کہ نتائج تسلیم نہیں کیےنہ کروں گی، میں نے تو دوہزار اٹھارہ کےالیکشن کے نتائج بھی تسلیم نہیں کیے، اس جعلی حکومت کو نہیں مانا، ورکراور ووٹرز کوشاباش دی،بےشرم دھاندلی پر کیالائحہ عمل ہوگا؟ جماعت جلد فیصلہ کرے گی۔

  • آزادکشمیر الیکشن: کس جماعت نے کتنے ووٹ حاصل کئے؟

    آزادکشمیر الیکشن: کس جماعت نے کتنے ووٹ حاصل کئے؟

    مظفرآباد: پاکستان تحریک انصاف نے آزاد کشمیر الیکشن کا معرکہ سر کرلیا، کس جماعت نے کتنے ووٹ حاصل کئے؟ اعدادوشمار جاری کردئیے گئے۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی نے سب سے زیادہ 6 لاکھ 13ہزار590 ووٹ حاصل کیے، پی ٹی آئی کےحاصل ووٹوں کی شرح کل ووٹوں کا32.5فیصدبنتی ہے۔

    آزاد کشمیر میں حکومت کرنے والی مسلم لیگ بُری طرح شکست سے دوچار ہوئی، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) صرف چھ سیٹوں پر کامیاب ہوسکی۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق ن لیگ نے4لاکھ 91ہزار91 ووٹ حاصل کیے،ن لیگ کےحاصل ووٹوں کی شرح کل ووٹوں کا25.65 فیصدبنتی ہے، پیپلز پارٹی 3لاکھ 49 ہزار895 ووٹ حاصل کیے جوکہ مجموعی ووٹوں کا 18.28فیصد ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر الیکشن، پی ٹی آئی نے سادہ اکثریت حاصل کرلی

    ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق مسلم کانفرنس نےایک لاکھ 53ہزار 861 ووٹ حاصل کئے، آزاد کشمیر الیکشن میں مسلم کانفرنس کےحاصل ووٹوں کی شرح کل ووٹوں کا8.4فیصد ہے۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق آزاد امیدواروں نےایک لاکھ 33 ہزار 136 ووٹ حاصل کیے، آزادامیدواروں کےحاصل ووٹوں کی شرح کل ووٹوں کا6.95 فیصدبنتی ہے، تحریک لبیک آزادکشمیر نے94 ہزار 487 ووٹ حاصل کیے،تحریک لبیک کےحاصل ووٹوں کی شرح کل ووٹوں کا4.94فیصدبنتی ہے۔

  • آزاد کشمیر الیکشن، پی ٹی آئی نے سادہ اکثریت حاصل کرلی

    آزاد کشمیر الیکشن، پی ٹی آئی نے سادہ اکثریت حاصل کرلی

    مظفرآباد: آزاد کشمیر میں بھی تبدیلی آگئی، کشمیری عوام باری باری کھیلنے والی سیاسی جماعتوں کو مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو سادہ اکثریت دلادی۔

    اے آر وائی نیوز کو آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی تمام نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے ہیں، جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے آزاد کشمیر الیکشن کا میدان مارلیا ہے۔

    پی ٹی آئی نے45میں سے25نشستیں جیت لیں، پاکستان پیپلزپارٹی گیارہ نشستوں کےساتھ دوسرے نمبرپر جبکہ حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ کو بُری طرح شکست ہوئی اور وہ صرف چھ نشستیں حاصل کرسکی۔

    مسلم کانفرنس اور جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے حصے میں ایک ایک نشست آئی۔

    آزاد کشمیر الیکشن میں تاریخی فتح پر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے شہر شہر جشن منایا جارہا ہے۔

    الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق الیکشن میں پولنگ کا ٹرن آؤٹ 58 فیصد رہا۔

    پی ٹی آئی رہنماؤں کی عوام کو مبارک باد

    آزاد کشمیر انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے پر تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عوام کو مبارکباد دی ہے، وفاقی وزیر مراد سعید نےکہا کہ آزاد کشمیر کےعوام نےعمران خان کےحق میں فیصلہ سنادیا۔

    سینیٹر فیصل جاویدنےکہا کہ ن لیگ کے بیانیےکو کشمیریوں نےمسترد کردیا

    شہباز گل نے تاریخی کامیابی پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا اسلامی فلاحی ریاست کا ایجنڈا اب کشمیر تک جائےگا۔

    آزاد کشمیر الیکشن میں سادہ اکثریت حاصل کرنے پر عثمان ڈار نےکہا کہ کشمیریوں کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی فتح کشمیریوں کی عمران خان سےمحبت اوربیانیےکی جیت ہے۔

     

  • وزیراعظم آج مظفر آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرینگے

    وزیراعظم آج مظفر آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرینگے

    مظفرآباد: آزاد کشمیر الیکشن میں سیاسی گہما گہمی جاری، وزیراعظم عمران خان آج یونیورسٹی گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرینگے۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز بھمبر اور میرپور میں کامیاب جلسوں کے بعد آج وزیراعظم عمران خان یونیورسٹی گراؤنڈ مظفرآباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے۔

    اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ شاہ محمود قریشی، شیخ رشید اوردیگررہنما بھی مظفر آباد روانہ ہونگے۔

    گذشتہ روز وزیراعظم نے بھمبر اور میرپور میں کامیاب جلسے کئے، وزیراعظم عمران خان نے بھمبر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑ رہے ہیں،قوم حق اور سچ کے نظریئے کے ساتھ بنتی ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی مظالم کیخلاف کھڑے ہیں ہمیں ان پر فخر ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم ظلم اورپرانے نظام کےخلاف جہادکر رہےہیں، عوام کی طاقت سے مافیا کو شکست دوں گا اور نیاپاکستان بناکر دکھاؤں گا، کپتان کو مقابلہ کرنا آتا ہے، آنے والے دنوں میں مقبوضہ کشمیر کو آزاد دیکھیں گے‘۔

    وزیراعظم نے جلسہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا ختم نہیں ہوا، اس لئے سب ماسک لازمی پہنیں، کیونکہ صرف ماسک پہن کر ہی کرونا سے بچا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ پچیس جولائی کو آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے لئے پولنگ ہونے جارہی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ(ن) کا پی ٹی آئی سے کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔