Tag: ajk elections

  • آزاد کشمیر انتخابات سےمتعلق بھارتی بیانات مسترد

    آزاد کشمیر انتخابات سےمتعلق بھارتی بیانات مسترد

    اسلام آباد: پاکستان نے آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق بھارتی بیانات کو مسترد کردیا۔

    دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارتی دفترخارجہ کی جانب سے آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے بیان پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا، پاکستان نے بھارتی دفتر خارجہ کے الزامات مسترد کردئیے۔

    ترجمان دفترخارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو بتایا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات سے متعلق بھارتی بیان حقائق کے منافی ہے، آزاد کشمیر کے عوام آزادانہ انتخابات سے مستفید ہو رہے ہیں جب کہ مقبوضہ کشمیر بھارتی قبضے میں خون میں نہایا ہوا ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ بھارتی ناظم الامور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف ایک مرتبہ پھر واضح کیا اور کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی قبضے کے حقائق چھپا نہیں سکتا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت نے اپنے گھناؤنے ڈیزائن کی تکمیل کی خاطر مقبوضہ کشمیر میں دہائیوں سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی۔

  • لیگی امیدوار نے حدیں پار کردیں، بھارت سے مدد مانگنے کی دھمکی

    لیگی امیدوار نے حدیں پار کردیں، بھارت سے مدد مانگنے کی دھمکی

    مظفر آباد: حلقہ ایل اے 35 جموں 2 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد اسمعٰیل گجر نے شکست کے خوف سے بھارت سے مدد مانگنے اور حالات خراب کرنے کی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق حلقہ ایل اے 35 جموں 2 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد اسمعٰیل گجر نے حدیں پار کردیں اور دشمن کی زبان بولنے لگے۔

    لیگی امیدوار نے شکست کے خوف سے بھارت سے مدد مانگنے اور حالات خراب کرنے کی دھمکی دے دی۔

    انہوں نےکہا کہ الیکشن میں حرکتیں کیں تو بھارت کو پکاروں گا، حالات خراب ہوئے، لوگ مرے تو ذمہ دار انتظامیہ ہوگی، ہمارا کیمپ اکھاڑا گیا، ہم دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔

    محمد اسمعٰیل گجر کا کہنا تھا کہ میں بھارت کو پکاروں گا، آپ سے اچھے وہ ہیں۔

  • مقبوضہ اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں فرق صاف ظاہر ہے: وزیر خارجہ

    مقبوضہ اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں فرق صاف ظاہر ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں فرق صاف ظاہر ہے، کیا بھارت مقبوضہ کشمیر الیکشن میں غیر جانبدار مبصروں کو جانے کی اجازت دے گا؟

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انتخابات کے دوران سیاسی قیادت کا بڑا حصہ قید میں ہوتا ہے، یہاں آزاد کشمیر الیکشن میں گہما گہمی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فرق صاف ظاہر ہے، مقبوضہ کشمیر میں انتخابات میں ہو کا عالم ہوتا ہے، کیا بھارت مقبوضہ کشمیر الیکشن میں غیر جانبدار مبصروں کو جانے کی اجازت دے گا؟

    انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت مخالف جماعت حکومت کرتی رہی، لوگوں کو واضح رجحان تحریک انصاف کی طرف دکھائی دیتا ہے۔ بیلٹ باکس کھلے گا تو نتیجہ سامنے آئے گا۔ ووٹر زمینی حقائق دیکھ کر فیصلہ کرتا ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ٹکٹوں کے لیے بڑی تعداد میں درخواستیں آئیں، اپوزیشن جماعتیں آزاد کشمیر گئیں اپنی انتخابی مہم چلائیں، امید ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کا فیصلہ تحریک انصاف کے حق میں ہوگا۔

  • آزاد کشمیر انتخابات 2021: فائرنگ سے تحریک انصاف کارکن جاں بحق

    آزاد کشمیر انتخابات 2021: فائرنگ سے تحریک انصاف کارکن جاں بحق

    مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کے موقع پر فائرنگ سے پاکستان تحریک انصاف کا 1 کارکن جاں بحق اور 2 زخمی، جبکہ فائرنگ کے ایک اور واقعے میں ایک امیدوار کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں انتخابات کے موقع پر پرتشدد واقعات کا سلسلہ بھی جاری ہے، چڑھوئی میں فائرنگ سے پاکستان تحریک انصاف کا کارکن محمد ظہیر جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے تحریک انصاف کا ایک اور کارکن رمضان زخمی ہوا ہے جبکہ سر پر ڈنڈے لگنے سے بھی ایک تحریک انصاف کارکن زخمی ہوا، دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب انتخابی حلقے ایل اے 10 کوٹلی 3 کے متعدد پولنگ اسٹیشنز کے قریب فائرنگ ہوئی، پولنگ اسٹیشنز 91، 92، 93، 94، 95 اور 101 میں فائرنگ کی گئی۔

    فائرنگ سے پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد یاسین کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا، پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر تاج حیدر نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو شکایت جمع کروادی۔

    خیال رہے کہ آج آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 53 میں سے 45 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں جس کے لیے پولنگ جاری ہے۔

  • آزادکشمیرالیکشن  : ‘کشمیری عوام نے عمران خان کو اپنا پسندیدہ ترین لیڈرقرار دے دیا’

    آزادکشمیرالیکشن : ‘کشمیری عوام نے عمران خان کو اپنا پسندیدہ ترین لیڈرقرار دے دیا’

    اسلام آباد : گیلپ سروے میں آزادکشمیرالیکشن میں تحریک انصاف سب سے مقبول جماعت قرار پائی جبکہ کشمیری عوام نے عمران خان کو اپنا پسندیدہ ترین لیڈرقرار دے دیا۔

    آزادکشمیرالیکشن میں گیلپ سروے کی عوامی رجحان پر مبنی سروے رپورٹ جاری کردی گئی ہے ، گیلپ پاکستان کےسروے میں تحریک انصاف سب سے مقبول جماعت قرار پائی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی 44 فیصد حمایت کے ساتھ کشمیریوں کی سب سے پسندیدہ جماعت ہے جبکہ ن لیگ 12 فیصد اور پیپلزپارٹی کوصرف 9 فیصدعوام کی حمایت حاصل ہیں۔

    گیلپ سروے کے مطابق ن لیگ اورپیپلزپارٹی کومشترکہ طورپرصرف 21فیصدعوام کی حمایت حاصل ہے جبکہ تحریک انصاف تنہا 44فیصدحمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

    گیلپ سروے میں کشمیری عوام نےعمران خان کواپناپسندیدہ ترین لیڈرقراردےدیا ہے ، آزادکشمیرکی 67فیصدعوام نےعمران خان کواپناپسندیدہ لیڈرقراردیا، بلاول بھٹو 49،شہبازشریف 48فیصدحمایت حاصل کرسکے جبکہ مریم نوازکوصرف 44فیصدلوگوں کی حمایت حاصل ہوئی۔

    سروے کے مطابق کشمیری عوام کی اکثریت کی رائے میں 25جولائی الیکشن شفاف ہوں گے۔

  • "نوازشریف اور عوام کےدرمیان سے ہٹ جائیں”

    "نوازشریف اور عوام کےدرمیان سے ہٹ جائیں”

    بلوچ/ آزاد کشمیر: نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے مخالفین کو خبردار کیا کہ آزاد کشمیر الیکشن چوری کیا تو ایسانقصان ہوگا کہ زمین کے نیچے بھی منہ چھپانےکی جگہ نہیں ملےگی۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقے بلوچ میں انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے ایک بار پھر وفاقی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نوازشریف کو وزارت عظمیٰ سے ہٹادیا، مقدمات بنائے گئے، انہیں جیل میں ڈال دیا ،جیل میں قتل کی سازش بھی کی، مگر جعلی حکومت کے تین سال بعد بھی عمران خان کی صبح شام نواز شریف سےہوتی ہے، صبح سے شام ،رات صرف یہی پلاننگ ہوتی ہے نوازشریف کو کیسےروکناہے۔مریم نواز نے کہا کہ اگر انسانی پلاننگ سے نوازشریف کو روکاجاسکتا تو کوئی نام لیوا نہ ہوتا، آج پاکستان اور کشمیر میں جہاں جہاں گئی لوگوں نے نوازشریف کی آواز پر لبیک کہا، نوازشریف کیساتھ اللہ کےبعد اسکی بیٹی سپاہی بن کر کھڑی ہے، عمران خان تم نواز شریف کو عوام کےدلوں سےنہیں نکال سکے، پروپیگنڈے، جھوٹ، الزامات کےباوجود آج یہ پہلےسے بڑھ کر نوازشریف کیساتھ ہیں۔

    بلوچ میں انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ قائد مسلم لیگ لندن اور یہ یہاں ایک پیج پربیٹھےہیں، آج آپ موجود نہیں مگر کشمیر کے چپے چپے پر نواز شریف کے نام لیوا موجود ہیں، الیکشن چوری کے باوجود نواز شریف لندن بیٹھ کر انکےگھر گھس کر انکو مارتا ہے۔

    اس موقع پر مریم نواز نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے یہ نعرہ تو سنا ہوگا کہ جب عمران خان آئےگا تو نیا پاکستان بنے گا، اب نیا نعرہ سن لے، اب آیا عمران اور بِکے گا سارا پاکستان۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران کو اگلا الیکشن ہارتے ہوئے نظر آرہاہے تو الیکشن ریفارمز یاد آگئے، الیکشن ریفارمز صرف ایک ہوتا ہے اور وہ ہے عوام کی طاقت،
    آپ لوگ نوازشریف اور عوام کےدرمیان سے ہٹ جائیں، خبردار کررہی ہوں کہ الیکشن چوری کیاتو ایسانقصان ہوگا زمین کے نیچے بھی منہ چھپانےکی جگہ نہیں ملےگی، انشااللہ 25جولائی کو آزاد کشمیر کی وادیوں میں شیر دھاڑے گا۔