ممبئی (21 اگست 2025): بھارتی عدالت نے آئندہ ہفتے بالی وڈ سُپر اسٹارز اکشے کمار اور ارشد وارثی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق اکشے کمار اور ارشد وارثی کی کامیڈی سے بھرپور فلم ’جولی ایل ایل بی 3‘ 19 سمبر 2025 کو ریلیز ہونے والی ہے اور سول جج کی عدالت نے اداکاروں کو اسی سلسلے میں 28 اگست کو طلب کیا ہے۔
وکلا واجد خان اور گنیش مہاسکے نے سول جج کی عدالت میں درخواست دائر کی اور الزام عائد کیا کہ فلم ’جولی ایل ایل بی 3‘ میں وکلا اور ججوں کے بارے میں نازیبا اور طنزیہ لطیفے کیے گئے ہیں لہٰذا اس کی ریلیز پر پابندی عائد کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: جولی ایل ایل بی 3 کا پہلا ٹیزر جاری
درخواست گزاروں نے فلم میں ججوں کیلیے لفظ ’مامو‘ کا حوالہ دیا اور اس کے استعمال پر سخت اعتراض کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس طرح کے الفاظ عدلیہ کے وقار کی توہین کے مترادف ہے۔
فلم کے ٹیزر پر اعتراض کرتے ہوئے وکلا نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا پر اس طرح کے پروموشنل ہتھکنڈے وکلا اور عدلیہ کی توہین کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلم کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے جس میں اکشے کمار اور ارشد وارثی نے وکلا کے بینڈ پہن کر اس کی تشہیر کی، اس وجہ سے الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے وکلا کی شبیہ کو داغدار کیا گیا اور فلم میں قانونی پیشہ کی توہین کی گئی ہے۔
درخواست گزاروں نے مزید کہا کہ جج جے جی پوار نے فلم کے پروڈیوسروں اور اداکاروں کو 28 اگست کو عدالت میں پیش ہونے کیلیے طلب کیا ہے۔
فلم کی کاسٹ میں سوربھ شکلا، امریتا راؤ، ہما قریشی اور انو کپور بھی ہیں۔ اسے سبھاش کپور نے ڈائریکٹ کیا ہے اور یہ جولی ایل ایل بی فرنچائز کا حصہ ہے۔