Tag: Al Saudia

  • سعودی عرب: ٹکٹ خریدنے کے ساتھ ویزا بھی ملے گا

    سعودی عرب: ٹکٹ خریدنے کے ساتھ ویزا بھی ملے گا

    ریاض: سعودی عرب میں سیاحتی ویزوں کے حوالے سے نیا اعلان کردیا گیا، 96 گھنٹوں کے ویزے پر عمرہ بھی کیا جاسکے گا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عریبین ایئر لائنز (السعودیہ) کے ترجمان عبد اللہ الشہرانی کا کہنا ہے کہ سیاحت اور عمرے کی غرض سے سعودی عرب آنے والوں کے لیے ویزے کی سہولت جلد فراہم کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ مملکت آنے کے لیے ٹکٹ خریدتے وقت 96 گھنٹے کا ویزا جاری کروایا جا سکے گا۔

    ترجمان کے مطابق سعودی وژن 2030 کے تحت السعودیہ کی پروازوں کے مسافروں کو ٹکٹ خریدتے وقت سیاحتی ویزا جاری کروانے کی سہولت دی جائے گی۔

    اس حوالے سے ڈیجیٹل سسٹم کو جلد مؤثر کیا جائے گا، سعودی وژن کے مطابق مملکت زیادہ سے زیادہ تعداد میں سیاحوں کو اپنے ہاں آنے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سیاحتی ویزے کا دورانیہ چار دن کا ہوگا، اس پر عمرہ بھی کر سکتے ہیں، تقریبات اور پروگراموں میں شرکت کی جا سکتی ہے۔ سعودی عرب کے کسی بھی شہر آ جا سکتے ہیں۔

    السعودیہ نے اس سلسلے میں متعدد سرکاری اداروں مثلاً وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، وزارت حج و عمرہ اور ضیوف الرحمان پروگرام سے تعاون حاصل کیا ہے۔

    عبداللہ الشہرانی کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال کے دوران بین الاقوامی پروازوں میں 40 فیصد اضافہ کیا جائے گا جبکہ داخلی پروازوں کے لیے 5 لاکھ مزید نشستیں بڑھائی جائیں گی۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ سنہ 2023 کے دوران السعودیہ کے فضائی بیڑے میں 10 نئے طیاروں کا اضافہ ہوگا، سات ایئر بسز 321 نیو اور 3 بوئنگ شامل کیے جائیں گے۔

  • السعودیہ نے مسافروں کو خوشخبری سنا دی

    السعودیہ نے مسافروں کو خوشخبری سنا دی

    ریاض: سعودی عرب کی ایئر لائن السعودیہ نے خلیجی ممالک کے باشندوں کو ٹکٹوں میں 30 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عریبین ایئر لائنز (السعودیہ) نے جدہ سیزن کے لیے جی سی سی ممالک کے باشندوں کو ٹکٹوں میں 30 فیصد تک رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔

    کسی بھی خلیجی ملک سے آنے والے وزیٹرز کو 30 فیصد تک رعایت دی جائے گی، السعودیہ نے رعایت کا فیصلہ سعودی محکمہ سیاحت کے ساتھ شراکت کے تحت کیا ہے۔

    السعودیہ قومی فضائی کمپنی کی حیثیت سے جدہ سیزن کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے، جدہ سیزن 2022 کے اسپانسرز میں سے بھی ایک ہے۔

    کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 30 فیصد تک رعایت کی پیشکش 16 جون 2022 سے شروع ہوچکی ہے، جولائی کے آخر تک بکنگ کروائی جا سکتی ہے۔

    السعودیہ کا کہنا ہے کہ جو لوگ اس پیشکش سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہوں وہ السعودیہ کی ویب سائٹ اور اسمارٹ فون پر ایپ اور رجسٹرڈ ٹریولنگ ایجنسیوں کے ذریعے بکنگ کروا سکتے ہیں۔