Tag: ALABAMA

  • الاباما میں برف باری کا 143 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    الاباما میں برف باری کا 143 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    الاباما: امریکا کی جنوب مغربی ریاستوں میں برفانی طوفان سے نظامِ زندگی درہم برہم ہو گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست الاباما میں برف باری کا 143 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، جہاں 6 انچ تک برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔

    اس سے قبل الاباما میں 1963 میں 2.7 انچ برف باری ریکارڈ کی گئی تھی، دوسری طرف امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں بھی شدید برف باری کے باعث اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔

    شدید برفباری کی وجہ سے مختلف حادثات میں 9 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، اور برفانی طوفان کی وجہ سے 3 ہزار 200 پروازیں منسوخ ہو گئیں، 8 ہزار سے زائد صارفین کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

    لاس اینجلس کے جنگلات میں نئی آگ لگ گئی، ہزاروں افراد کو انخلا کا حکم

    نیشنل ویدر سروس نے جنوبی مغربی ریاستوں میں 3 کروڑ لوگوں کو برفانی طوفان کی وارننگ جاری کر دی ہے، ریاست کولوراڈو میں پارہ منفی 39 ڈگری تک گر گیا ہے، لوزیانا، الاباما، جارجیا، فلوریڈا اور مسی سپی میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

  • بیٹے کو اسکول سے پیدل گھر جانے کی سزا دینے والی ماں نے دل دہلا دینے والی غلطی کر دی

    بیٹے کو اسکول سے پیدل گھر جانے کی سزا دینے والی ماں نے دل دہلا دینے والی غلطی کر دی

    الاباما: امریکی ریاست الاباما میں ایک ماں پر اس وقت قیامت ٹوٹ پڑی جب بیٹے کو اسکول سے پیدل گھر جانے کی سزا دینے کے بعد اس نے دل دہلا دینے والی غلطی کر دی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست الاباما میں ایک خاتون نے 7 سالہ بیٹے کو سزا کے طور پر اسکول سے گھر پیدل جانے کو کہا، لیکن حادثاتی طور پر اس نے بیٹے پر گاڑی چڑھا دی۔

    پولیس حکام کے مطابق سرائے ریچل جیمز 9 فروری کو اپنے بیٹے کو اسکول لینے گئیں، انھیں پرنسپل نے بتایا کہ ان کے بیٹے نے اسکول میں بدتمیزی کا مظاہرہ کیا تھا، جس پر خاتون نے بیٹے کو نظم و ضبط سکھانے کا فیصلہ کیا۔

    خاتون نے کار اسکول سے کچھ فاصلے پر آنے کے بعد روکی اور اپنے بیٹے کو بقیہ 8 بلاکس تک پیدل چلنے کا حکم دیا، لڑکے کو گاڑی سے اتر کر پیدل چلنا پڑا، لیکن جیسے ہی وہ چلنے لگا، اس نے دوڑ کر اچانک گاڑی کے دروازے کا ہینڈل پکڑنے کی کوشش کی، جب کہ اس وقت گاڑی بھی چل پڑی تھی۔

    خاتون نے اس وقت غلطی سے گاڑی کی رفتار تیز کر دی جس کی وجہ سے اس کا بیٹا کار کے ساتھ گھسیٹنے لگا اور وہ نیچے گرا اور پچھلا ٹائر اس پر سے گزر گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس حادثے کے بعد بچے کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا، خوش قسمتی سے بچے کو اتنی چوٹ نہیں آئی جتنی اس صورت حال میں آ سکتی تھی۔

    باپ نے معصوم بیٹی کو کیوں قتل کیا؟

    پولیس اور تفتیش کاروں کا خیال تھا کہ یہ واقعہ ایک حادثہ تھا، جو بچے کو سزا دینے کی وجہ سے پیش آیا، تاہم 27 سالہ ماں پر بچوں کے ساتھ بدسلوکی کا الزام عائد کیا گیا ہے اور اسے 50,000 ڈالر کی ضمانت پر رہا کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی میں ایک 53 سالہ خاتون بھی تھیں، جن پر بھی ایک بچے کی جان خطرے میں ڈالنے کا الزام لگایا گیا اور انھیں بھی ضمانت 500 ڈالر کے عوض ملی۔ پولیس نے خاتون کو اسپتال میں زیر علاج زخمی بیٹے سے ملنے سے روک لیا ہے۔

  • ہرن حادثاتی طور پر کلاس روم پہنچ گیا، پھر کیا ہوا؟ ویڈیو وائرل

    ہرن حادثاتی طور پر کلاس روم پہنچ گیا، پھر کیا ہوا؟ ویڈیو وائرل

    الاباما: امریکی ریاست الاباما میں ایک ہرن کے اسکول کی کھڑکی سے کلاس روم میں داخل ہونے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریاست الاباما کے ایک ایلیمنٹری اسکول میں سیکیورٹی کیمرے میں ایک دل چسپ ویڈیو ریکارڈ ہوئی ہے، جس میں ایک ہرن کو کلاس روم کی کھڑکی سے ٹکراتے ہوئے اندر داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ایورگرین ایلیمنٹری اسکول کے منتظمین نے فیس بک پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پیر کو ہمیں غیر متوقع طور پر یہ ویڈیو ملی جس سے ہمیں پتا چلا کہ ایک ہرن کلاس روم کی کھڑکی سے تیز رفتاری سے داخل ہوا تھا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کلاس روم کے چکنے فرش پر ہرن اپنے پاؤں نہیں ٹکا پا رہا تھا، اور پھسل رہا تھا۔

    ہرن کلاس روم میں داخل تو ہو گیا تھا لیکن چکنے فرش نے اسے بہت پریشان کیا اور وہ کئی گھنٹوں تک خود کو سنبھالنے کی جدوجہد کرتا رہا، اور پھر آخر کار جس تیزی سے کھڑکی سے داخل ہوا تھا اسی طرح واپس بھاگ گیا۔

  • امریکا پر سیاہ آفت ٹوٹ پڑی

    امریکا پر سیاہ آفت ٹوٹ پڑی

    الاباما: امریکی ریاستوں الاباما اور جارجیا میں آندھی نے وسیع پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاستوں الاباما اور جارجیا میں اچانک پیدا ہونے والے ہوا کے بگولوں کی زد میں آ کر 5 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    قومی موسمیاتی سروس کا کہنا ہے کہ الاباما میں 7 مختلف مقامات پر جمعرات کو آندھی اور بگولوں نے تباہی مچائی، جمعے کو دیگر جنوبی ریاستوں کو بھی خطرہ لاحق ہے۔

    الاباما میں کال ہون کاؤنٹی پولیس چیف نے بتایا کہ بگولوں کی زد میں آتے ہوئے کم سے کم 5 اموات ہوئی ہیں، متعدد افراد زخمی ہو چکے ہیں، کئی مکانات، عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

    امریکا میں ہزاروں کمسن بچے زیر حراست

    الاباما ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ طوفان نے سیکڑوں گھر تباہ کر دیے ہیں۔

    ریاست الاباما میں تباہی مچانے کے بعد آندھی نے جمعے کی صبح کو جارجیا کے شہر نیونن کا رخ کیا، جہاں اس نے بڑے پیمانے پر گھروں اور عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق یہ آندھی طوفانوں کے ایک خطرناک سسٹم کا حصہ تھا، جو الاباما کے شہر برمنگھم کے جنوب میں منڈلا رہا ہے۔ یہ طوفان ایک لانگ ٹریک سُپر سیل ہے جس نے وسطی الاباما کی کئی کاؤنٹیز میں متعدد آندھیاں پیدا کیں۔

    اس سسٹم نے امریکی ریاست تک پہنچنے سے قبل 100 میل کی رفتار سے سفر کیا تھا، ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ نامساعد موسمی حالات سے تقریباً 55 لاکھ افراد متاثر ہوں گے۔

    رپورٹس کے مطابق آندھی کے باعث پیل ہام شہر میں 30 تا 50 عمارتیں متاثر ہوئیں، مکانات کی چھتیں اڑ گئیں، درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے۔

  • امریکی ریاستوں کا شامی مہاجرین کوپناہ دینے سے انکار

    امریکی ریاستوں کا شامی مہاجرین کوپناہ دینے سے انکار

    امریکی ریاست الابامہ کے گورنر رابرٹ بنٹلے نے فرانس میں ہونے والے دہشت گردوں حملوں سے خوفزدہ ہوکرامریکی ریاستوں میں شامی مہاجرین کی آمدپرپابندی پرغور شروع کردیا ہے۔

    پیرس میں گزشتہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب ہونے والے دھماکوں میں 132 افرد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے ، ابتدائی تحقیقاتی رپورٹس کے مطابق حملہ آور شامی مہاجرین کے روپ میں فرانس میں داخل ہوئے۔

    گورنر بنٹلے کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی ایسی پالیسی کی حمایت نہیں کریں گے جس سے الابامہ کے شہریوں کی سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی شامی پناہ گزین کو الابامہ میں پناہ نہیں دی جائے گی اور اس سلسلے میں انہوں نے وفاقی حکومت سے بات کرنے کی تیاری کرلی ہے۔

    الابامہ کے گورنراس معاملے میں اکیلے نہیں ہیں بلکہ امریکہ کی ایک اور ریاست مشی گن کے گورنر رک سنائڈر نے بھی اسی قسم کے اندیشوں کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شامی پناہ گزین کومکمل اسکریننگ سے قبل مشی گن میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ مشی گن کی امیگرینٹس کو خوش آمدید کہنے کی طویل تاریخ ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے لیکن ہماری پہلی ترجیح ہمارے شہریوں کی حفاظت ہے۔

    اس سے قبل ڈپٹی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کا کہنا تجا کہ امریکہ 10 ہزارشامی مہاجرین کو پناہ دینے کی پالیسی پر عمل درآمد کرے گا۔

    ان کاکہنا تھا امریکہ کے پاس دنیا میں سب سے مہنگا اسکریننگ سسٹم ہے جس کی مدد سے شامی پناہ گزینوں کو جانچ کے عمل سے گزارنے کے بعد ہی امریکہ میں داخلہ دیا جائے گا۔