Tag: Alan Musk

  • ایکس (ٹوئٹر) کے تمام صارفین کیلئے اہم خبر

    ایکس (ٹوئٹر) کے تمام صارفین کیلئے اہم خبر

    اب ’ایکس‘ یعنی ٹوئٹر صارفین کو اس کے استعمال کے لیے ہر سال ایک مقررہ رقم ادا کرنا ہوگی، بصورت دیگر صارفین اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اب ’ایکس‘ یعنی ٹوئٹر صارفین کو اس کے استعمال کے لیے ہر سال 1 ڈالر کی سبسکرپشن رقم ادا کرنا ہوگی، گزشتہ ماہ ستمبر میں ایلون مسک نے عندیہ دیا تھا کہ تمام صارفین کو ایکس کے استعمال پر معقول فیس ادا کرنا ہوگی جس پر عمل درآمد کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک نے اس حوالے سے دلیل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کرنے سے’ایکس‘ پر موجود جعلی اور خودکار بوٹ اکاؤنٹ کو بلاک کر دے گا، اس نئے پروگرام کا مقصد سوشل پلیٹ فارم میں چیٹ بوٹس کی بھرمار کو روکنا ہے۔

    ٹوئٹر

    ایکس کمپنی نے ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ ’’17 اکتوبر، 2023 سے ہم نے ”نوٹ اے بوٹ“ کی آزمائش شروع کر دی ہے جو دو ممالک میں نئے صارفین کے لئے سبسکرپشن کا ایک نیا طریقہ ہے، یہ نیا ٹیسٹ اسپام، ہمارے پلیٹ فارم کی ہیرا پھیری اور بوٹ سرگرمی کو کم کرنے کے لیے پہلے سے اہم کوششوں کو تقویت دینے کیلئے تیار کیا گیا تھا۔

    بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایکس پر ناٹ اے بوٹ فیچر کی جانچ فی الحال نیوزی لینڈ اور فلپائن میں شروع کی گئی ہے۔ جہاں نئے ’ایکس‘صارفین سالانہ فیس ادا کیے بغیر ’ایکس‘استعمال نہیں کر سکتے۔ اس فیس کے بغیر آپ ’ایکس‘ پر پوسٹ، لائک، تبصرہ اور بک مارک بھی نہیں کرسکیں گے۔

    واضح رہے کہ جب سے ایلون مسک نے ٹوئٹر حاصل کیا ہے وہ اس کے لئے آمدنی کے نئے طریقے تلاش کر رہے ہیں۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق حصول کے بعد سے ایلون مسک کو ایکس کے لیے ہر سال تقریباً 1.2 بلین کا سود ادا کرنا پڑتا ہے۔

  • اب کمپیوٹر آپ کی سوچ کے مطابق کام کرے گا، لیکن کیسے؟

    اب کمپیوٹر آپ کی سوچ کے مطابق کام کرے گا، لیکن کیسے؟

    نئی دہلی : ٹیکنالوجی کی دنیا میں آئے دن جدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے دنیا سمٹ کر انسان کے ہاتھ میں آچکی ہے، اب اس سے زیادہ اور کیا ہوسکتا ہے کہ کچھ کہنے یا لکھنے کے بجائے صرف سوچنے پر ہی کمپیوٹر ہمارا مطلوبہ کام شروع کردے گا۔

    کمپیوٹر کی دنیا میں ایسا انقلاب آنے جا رہا ہے جس کے بعد انسانی دماغ اور کمپیوٹر آپس میں ربط ہوجائیں گے اور ہمارے سوچنے سے ہی کام ہوجایا کرے گا۔

    ایک رپورٹ کے مطابق عالمی ارب پتی صنعت کار ایلن مسک نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی کمپنی ’نیورا لنک‘ ایک سال کے اندر انسانی دماغ میں ایک ایسی چِپ نصب کر دے گی جس کے بعد دماغ اور چپ ایک دوسرے سے منسلک ہوکر بغیر کوئی کمانڈ لئے صرف سوچنے سے ہی کام کرنا شروع کر دیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق نیورا لنک نے ایک ایسا نیورل امپلانٹ تیار کیا ہے جو بغیر کسی بیرونی ہارڈویئر کے دماغ کے اندر چل رہی سرگرمی کو ویئرلیس سے براڈ کاسٹ کرسکتا ہے۔

    ایک انٹرویو کے دوران ایلن مسک نے بتایا کہ بندروں کے دماغ میں چپ نصب کرنے کا تجربہ کامیاب رہا ہے۔ بندروں پر تجربہ کے بعد ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہ تکنیک محفوظ اور قابل اعتماد ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ نیورا لنک ڈیوائس کو محفوظ طریقہ سے لگایا اور ہٹایا جا سکتا ہے۔ یہ تکنیک ان لوگوں کے لئے کافی فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے جو ریڑھ کی ہڈی کی پریشانی میں مبتلا ہیں اور طویل مدت سے بستر پر ہیں۔

    علامتی تصویر

    ایلن مسک نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہمارے پاس کسی ایسے شخص کو طاقت دینے کا موقع ہے جو چل نہیں سکتا یا پھر اپنے ہاتھ سے کام نہیں کرسکتا۔

    انہوں نے بتایا کہ نیورا لنک نے اپریل 2021 میں ایک بندر کے دماغ میں اپنی چپ نصب کی تھی، جس کے بعد بندر اپنے دماغ کا استعمال کر کے ویڈیو گیم کھیلنے کے اہل ہوگیا۔ بندر کے دماغ میں نصب ڈیوائس نے کھیلتے وقت معلومات فراہم کی جس کے سبب وہ جان پایا کہ کھیل کے دوران چال کس طرح چلنی ہے۔

    مسک نے کہا کہ چپ نصب کئے جانے کے باوجود بندر میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آ رہی تھی اور وہ دور سے ہی ویڈیو گیم کھیل رہا ہے۔

    خیال رہے کہ نیورا لنک چھوٹے لچک دار دھاگوں سے وابستہ ایک چپ ہوتی ہے، جسے روبوٹ کے ذریعے دماغ میں سی دیا جاتا ہے۔ یہ ڈیوائس دماغ سے پیدا ہونے والی لہروں کی شناخت کرکے اس سے منسلک ہوجاتی ہے اور سوچ کے مطابق کام کرنے لگتی ہے۔

  • بٹ کوائن کی قیمت میں اضافہ کیوں ہوا ؟؟ جانیے

    بٹ کوائن کی قیمت میں اضافہ کیوں ہوا ؟؟ جانیے

    کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا اور اس کی وجہ ٹیسلا کے بانی ایلن مسک کا ایک بیان ہے، ان کے بیان نے ایک بار پھر اس کرنسی کی قدر میں اضافہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایلون مسک کے یہ کہنے کے بعد کہ ٹیسلا دوبارہ بٹ کوائن کو ادائیگی کے طور پر قبول کرنا شروع کر دے گا، بٹ کوائن 30ہزار ڈالر کی حد سے تجاوز کر گیا ہے۔

    برقی کار بنانے والی والی کمپنی ٹیسلا نے مئی میں کہا تھا کہ وہ اب خریداریوں کے لیے کرپٹو کرنسی قبول نہیں کرے گی۔ اس نے بٹ کوائن کی مائننگ کو وجہ بتاتے ہوئے اس کے ماحولیاتی اثرات پر خدشات کا حوالہ دیا تھا کیونکہ اس عمل میں بجلی کی بڑی مقدار استعمال ہوتی ہے۔

    ایسا اس وقت کہا گیا تھا جب ابھی دو ماہ پہلے ہی کمپنی نے دنیا کی سب سے بڑی ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن میں ادائیگی قبول کرنا شروع کی تھی۔ ایلون مسک نے بی ورڈ کرپٹوکرنسی کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ کافی امکان ہے کہ کہ ٹیسلا بٹ کوائن کو دوبارہ قبول کرنا شروع کر دے گا۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ بٹ کوائن کی مائننگ میں فوسل فیول یا زمین میں دبے ہوئے ایندھن کے استعمال کی تحقیقات کر رہے ہیں میں اس بات کی تصدیق کرنے کے لئے تھوڑا سی زیادہ مستعدی چاہتا تھا کہ قابل تجدید توانائی کے استعمال کا سب سے زیادہ امکان 50 فیصد تک یا اس سے زیادہ ہے اور اس نمبر میں اضافے کی طرف رجحان دیکھا گیا ہے اور اگر ایسا ہے تو ٹیسلا بٹ کوائن کو قبول کرنا دوبارہ شروع کر دے گا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ٹیسلا کے کچھ سرمایہ کاروں اور ماحولیات کے ماہرین نے اس سال کے شروع میں بٹ کوائن کو ادائیگی کے طور پر قبول کرنے کے ٹیسلا کے فیصلے پر شدید تنقید کی تھی۔

    اس تنازع کو اس طرح دیکھا گیا کہ ماحول دوست بجلی کی گاڑیاں توانائی کا بہت زیادہ استعمال کرنے والی کرپٹو کارنسی کے ذریعے خریدی جا رہی ہیں۔ اگرچہ بٹ کوائن کی مائننگ میں بڑی مقدار میں بجلی استعمال ہوتی ہے لیکن تشویش اس بات پر بھی ظاہر کی گئی کہ آیا توانائی فوسل فیول سے حاصل کی جاتی ہے یا قابل تجدید ذرائع سے۔

    ایلون مسک پر اس وجہ سے بھی تنقید کی گئی کہ وہ اپنی مقبولیت اور دنیا کے امیر ترین لوگوں میں سے ایک ہونے کی حیثیت سے کرپٹو کرنسیوں کی حمایت کر رہے ہیں۔

    بی ورڈ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ٹیسلا اور ان کی راکٹ کمپنی سپیس ایکس کی ملکیت میں تو بٹ کوائن ہیں ہی، لیکن ان کے پاس ذاتی طور پر بھی بٹ کوائن، ایتھریئم اور ڈوجکوئن جیسی کریپٹو کرنسیاں ہیں۔

    انھوں نے ان الزامات پر بھی بات کی کہ وہ مصنوعی طور پر کرپٹو کرنسیوں کی قیمتیں بڑھا کر پھر انھیں بیچ دیتے ہیں، میں شاید پمپ کروں لیکن میں ڈمپ نہیں کرتا۔ میں یقینی طور پر قیمت میں اضافہ کرنے کے بعد اس کی فروخت پر یقین نہیں رکھتا۔ میں بٹ کوائن کو کامیاب دیکھنا چاہتا ہوں۔

    بی ورڈ کانفرنس کے دیگر مقررین میں ٹویٹر کے چیف ایگزیکٹو جیک ڈورسے اور اے آر کے انویسٹمنٹ مینجمنٹ کی باس کیتھی ووڈ بھی شامل تھیں۔

    کوائن ڈسک ویب سائٹ کے مطابق ان کے بیان کے بعد بٹ کوائن کی قیمت میں چھ فیصد اضافہ دیکھا گیا اور وہ 31 ہزار 952 ڈالر تک پہنچ گیا، جبکہ ایتھیریئم 10 اعشاریہ چھ فیصد اضافے کے ساتھ ایک ہزار 979 ڈالر پر آ گیا۔