Tag: Albania

  • البانوی پارلیمنٹ میں اجلاس کے دوران اسموک بم چل گیا

    البانوی پارلیمنٹ میں اجلاس کے دوران اسموک بم چل گیا

    ترانہ: البانیہ کے پارلیمنٹ میں اجلاس کے دوران اسموک بم چل گیا، جس سے ایوان میں افراتفری مچ گئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق البانیہ کی پارلیمنٹ میں حکومتی ارکان اور اپوزیشن کے درمیان دو ماہ سے کشیدگی جاری ہے، تاہم اپوزیشن ارکان نے اس وقت تو حد کر دی جب انھوں نے ایوان میں اسموک بم چلا دیا۔

    جیسے ہی مکمل اجلاس شروع ہوا، سابق وزیر اعظم سلیجا بریشا کے گروپ سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹس نے احتجاج شروع کر دیا، اور اسمبلی کے داخلی دروازے پر ریپبلکن گارڈ سے ہاتھا پائی کی۔

    اپوزیشن اراکین کا احتجاج اسمبلی ہال میں بھرپور تصادم کی شکل اختیار کر گیا، اور انھوں نے کاغذوں اور کرسیوں کو آگ لگا دی، اور اسموک بم پھاڑ دیا جس سے ایوان میں زبردست ہلچل مچ گئی، اور پارلیمنٹ کا مکمل اجلاس شور شرابے کی نذر ہو کر ختم ہو گیا۔

    اپوزیشن کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں انھیں بولنے نہیں دیا جا رہا ہے، جب کہ حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ پارلیمنٹ میں کشیدگی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، پارلیمنٹ کی خاتون صدر لِنڈیتا نکولا نے اسمبلی میں آگ لگانے پر رکن پارلیمنٹ فلجامور نوکا کو اجلاس سے باہر نکال دیا۔

  • ترکی سے فرار ہونے والا کرپٹو کرنسی فراڈ کا ملزم گرفتار

    ترکی سے فرار ہونے والا کرپٹو کرنسی فراڈ کا ملزم گرفتار

    انقرہ: ترکی سے فرار ہونے والا کرپٹو کرنسی فراڈ میں مطلوب ملزم البانیہ میں گرفتار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترک وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ترک تجارتی پلیٹ فارم کرپٹو کرنسی ایکسچینج تھوڈیکس کا بانی البانیہ میں گرفتار کر لیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق 28 سالہ فاروق فتح عزیز اپنے گاہکوں کے 2 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ ترکی سے فرار ہو گیا تھا، خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ترکیہ نے گزشتہ سال اپریل میں مفرور تاجر کے لیے بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

    البانیہ نے انٹرپول کو مطلوب ملزم فاروق فتح عزیر کو ولورا شہر میں گرفتار کیا، ملزم کو جلد ترکی کے حوالے کر دیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ استنبول میں قائم تھوڈیکس ایکسچینج نے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے لگژری گاڑیاں تقسیم کرنے پر مبنی ایک مہم چلائی تھی، جس کے لیے مشہور ترک ماڈلز کا بھی سہارا لیا گیا، تاہم اپریل 2021 میں اچانک ایک پراسرار پیغام پوسٹ کرنے کے بعد اس تجارت کو معطل کر دیا گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ایکسچینج کے پاس 3 لاکھ 91 ہزار سرمایہ کاروں سے لیے گئے کم از کم 2 ارب ڈالر ہیں، کمپنی سے منسلک 60 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

    البانیہ پولیس کے مطابق فاروق فتح عزیر کو جنوبی البانیہ کے ایک چھوٹے سے قصبے حِمارا کے ایک ہوٹل سے گرفتار کیا گیا۔

  • گھریلو تشدد کا شکار خواتین کے لیے رہائش فراہم کرنے کا اعلان

    گھریلو تشدد کا شکار خواتین کے لیے رہائش فراہم کرنے کا اعلان

    جزیرہ بلقان کے ملک البانیا میں گھریلو تشدد کا شکار خواتین کو کم قیمت رہائش فراہم کرنے کا قانون منظور کرلیا گیا۔

    البانیا میں اقوام متحدہ خواتین (یو این ویمن) کے اشتراک سے ملک بھر میں کام کرنے والی 48 سول سوسائٹی کی تنظیمیں اس وقت ان خواتین کو کم قیمت رہائش فراہم کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہیں جو رہائش نہ ہونے کے سبب گھریلو تشدد کا شکار ہونے پر مجبور ہیں۔

    یہ خواتین اپنے شوہروں یا ساتھیوں کی جانب سے مستقل گھریلو تشدد کا شکار ہورہی ہیں اور اس رشتے سے اس لیے چھٹکارہ حاصل نہیں کرسکتیں کیونکہ ان کے پاس کوئی جائے رہائش نہیں۔

    ایسی خواتین کو رہائش فراہم کرنے کا بل گزشتہ سال پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا تھا جسے اب منظور ہونے کے بعد یو این ویمن کی معاونت بھی حاصل ہوگئی ہے۔

    رضا کارانہ بنیادوں پر گزشتہ کئی برسوں سے بے سہارا خواتین کے لیے شیلٹر ہاؤس چلانے والی معروف سماجی کارکن ایڈلرا کا کہنا ہے کہ عموماً خواتین کے پاس ذاتی گھر نہیں ہوتے، اگر وہ ناپسندیدہ رشتے سے جان چھڑانا چاہیں تو طلاق کے بعد رہائش سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں، بعد میں وہ معاشی طور پر اس قابل نہیں ہوتیں کہ گھر خرید سکیں یا کرائے کا گھر حاصل کرسکیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ رہائش نہ ہونا ہی خواتین کا پرتشدد رشتوں میں بندھے رہنا ایک بڑا سبب ہے تاہم انہیں امید ہے کہ اب نیا قانون ایسی خواتین کے لیے آسانیاں پیدا کرسکے گا۔

    شیلٹر ہاؤس میں رہنے والی ایک خاتون نے بتایا کہ کچھ عرصے تک شیلٹر ہاؤس میں رہنے کے بعد انہیں مجبوراً الگ گھر حاصل کرنا پڑا، مہنگی رہائش کے سبب ان کی کمائی کا بڑا حصہ کرائے کی نذر ہوجاتا ہے۔ ’کرایہ ادا کرنے کے لیے مجھے بعض اوقات بھوکا بھی رہنا پڑتا ہے‘۔

    انہیں امید ہے کہ اب حکومت کے اس اقدام کے بعد ان جیسی کئی خواتین کو باسہولت رہائش میسر آسکے گی۔