Tag: Aleem Dar

  • ویڈیو: علیم ڈار گیند لگنے پر غصے میں آگئے؟

    پاک نیوزی لینڈ دوسرے ون ڈے میچ کے دوران باؤنڈری لائن پر موجود فیلڈر نے تھرو کی تو گیند سیدھی علیم ڈار کے پاؤں پر جالگی۔

    کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو باآسانی 79 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

    نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب وسیم جونیئر نے تھرو کیا تو گیند سیدھی علیم ڈار کے جالگی جس کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔

    پی سی بی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ علیم ڈار نے گیند سے بچنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے ، امپائر کے گیند لگنے پر بیک اپ میں موجود بابر اعظم نے بھی سر پکڑ لیا۔

    علیم ڈار نے گیند لگنے پر بولرز کا سوئٹر زمین پر رکھ دیا جس سے بظاہر لگا کہ وہ غصے میں آگئے ہیں۔

    قومی ٹیم کے کھلاڑی نے بعدازاں علیم ڈار کے پاس جاکر ان کے پاؤں کو دیکھا اور فزیو کی طرح ان کے پیر کی مالش بھی کی ، ویڈیو میں کمنٹیٹر کو مسکراتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔

  • علیم ڈار کے دلکش اسٹروک کا آئی سی سی بھی معترف

    علیم ڈار کے دلکش اسٹروک کا آئی سی سی بھی معترف

    دنیا میں سب سے زیادہ بین الاقوامی میچز میں امپائرنگ کا اعزاز حاصل کرنے والے علیم ڈار کے دلکش اسٹروک نے آئی سی سی کو تعریف کرنے پر مجبور کردیا۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ابوظبی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے میچ سے قبل پاکستانی امپائر علیم ڈار کا کرکٹ شاٹ کھیلتے ہوئے ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا۔

    ویڈیو کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ علیم ڈار نے پچ پر کھڑے ہوکر ایک دلکش اسٹروک کھیلا، جس پر آئی سی سی نے لکھا کہ بہترین کوور ڈرائیو، خاص طور پر آخری والی۔

    ویڈیو کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آخری کوور ڈرائیو پاکستانی امپائر علیم ڈار کی ہے، ویڈیو میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، بھارتی قائد ویرات کوہلی ، سابق کینگروز قائد رکی پونٹنگ سمیت کئی مایہ ناز کھلاڑیوں کی کوور ڈرائیو کو ویڈیو کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ علیم ڈار نے 2009 سے 2011 تک لگاتار 3 سال بہترین امپائرکا ایوارڈ جیتا۔

    اس کے علاوہ امپائر علیم ڈار نے کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں 400 میچز میں امپائرنگ کرنے کا اعزاز اپنے نام کررکھا ہے، علیم ڈار 136 ٹیسٹ، 211 ون ڈے، 53 ٹی 20 میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں، ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی یہ اعدادوشمار مارچ دو ہزار اکیس کے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ICC (@icc)

     

  • آؤٹ یا ناٹ آؤٹ، علیم ڈار پر مارک وا اور شین وارن کی تنقید

    آؤٹ یا ناٹ آؤٹ، علیم ڈار پر مارک وا اور شین وارن کی تنقید

    ملیبرن: آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز مچل سینٹنر کا آؤٹ متنازع بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز مچل اسٹارک کی باؤنسر پر مچل سینٹنر کا آؤٹ متنازع بن گیا، سابق آسٹریلوی کھلاڑیوں نے علیم ڈار پر تنقید شروع کردی۔

    مچل سینٹنر کو مچل اسٹارک نے باؤنسر کرائی تو آسٹریلیا نے کیچ کی اپیل کی، آن فیلڈ امپائر مارکس ایرسمس کی جانب سے ناٹ آؤٹ دئیے جانے پر آسٹریلیا نے ریویو لیا، تھرڈ امپائر علیم ڈار نے بھی متعدد ری پلیز کے بعد ناٹ آؤٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔

    امپائر کی جانب سے فیصلہ دئیے جانے کے بعد آسٹریلوی کپتان ٹم پین امپائر سے الجھتے ہوئے دکھائی دئیے۔

    تھرڈ امپائر علیم ڈار کے فیصلے پر سابق آسٹریلوی کھلاڑیوں نے بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امپائر نے غلط فیصلہ دیا ہے، علیم ڈار کو مختلف زاویوں سے دیکھنا چاہئے تھا۔

    متنازع آؤٹ پر سوشل میڈیا پر بھی بحث شروع ہوگئی، کچھ صارفین کی رائے کے مطابق علیم ڈارنے بالکل ٹھیک فیصلہ دیا ہے جبکہ کسی کا کہنا ہے کہ یہ آؤٹ تھا امپائر نے جلد بازی میں فیصلہ دے دیا۔

    مزید پڑھیں: ٹم پین کی وکٹ نے ڈی آر ایس سسٹم پر سوال اٹھادیا

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی آسٹریلوی کپتان ٹم پین 79 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جو ڈی آر ایس سسٹم کے تحت آؤٹ قرار دیا گیا لیکن آسٹریلوی کپتان نے ڈی آر ایس سسٹم پر سوال اٹھادیا تھا۔

    ٹم پین کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ گیند جس لینتھ پر پچ ہوئی اور بولرز آراؤنڈ کا وکٹ بولنگ کررہا تھا تو گیند کا وکٹ کی لائن میں آنا میرے لیے حیران کن تھا۔

    دوسری جانب کچھ کمنٹیٹر نے ویگنر کی بال پر یہ یقین کرنا مشک لہے کہ گیند اتنی تیزی سے کاٹ کھا کر وکٹ کی لائن سے ٹکرا جاتی ہے اور مڈل اسٹمپڈ ہٹ کرتی ہے۔

  • علیم ڈار ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ میچ سپروائز کرنے والے امپائر بن گئے

    علیم ڈار ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ میچ سپروائز کرنے والے امپائر بن گئے

    پرتھ: پاکستانی امپائر علیم ڈار نے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ میچ سپروائز کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی امپائر علیم ڈار ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ میچ سپروائز کرنے والے امپائر بن گئے، علیم ڈار نے ویسٹ انڈیز کے اسٹیو بکنر کا سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کرنے کا ریکارڈ توڑ کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

    آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان پرتھ میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ میں علیم ڈار نے یہ اعزاز حاصل کیا، علیم ڈار کیریئر کے 139ویں ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کررہے ہیں۔

    علیم ڈار کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ سپروائز کرنا زندگی کا بہترین لمحہ ہے جس کے احساسات کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا، گھروالوں، دوستوں اور مداحوں کا بہت مشکور ہوں جو ہر وقت میری کامیابی کے لیے دعاگو رہتے ہیں۔

    واضح رہے کہ علیم ڈار تین مرتبہ آئی سی سی کے بہترین امپائر کا ایوارڈ بھی چیت چکے ہیں۔

    علاوہ ازیں علیم ڈار سب سے زیادہ ون ڈے میچ سپروائز کرنے سے بھی 2 میچ کی دوری پر ہیں، علیم ڈار اب تک 207 ون ڈے میچ میں امپائرنگ کرچکے ہیں، روڈی کوئٹنزن کا 209 میچز کا ریکارڈ ہے۔

    علیم ڈار کو سب سے زیادہ 46 ٹی ٹوینٹی میچز میں بھی ذمہ داریاں نبھانے کا اعزاز حاصل ہے۔

  • عالمی شہرت یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

    عالمی شہرت یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

    لاہور: پاکستانی امپائر علیم ڈار نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز سپروائز کرنے کا اسٹیو بکنر کا ریکارڈ برابر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی امپائرعلیم ڈار نے 128 ٹیسٹ میچ مکمل کرلئے اور سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز سپروائز کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

    آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشیز کا دوسرا ٹیسٹ ان کے کیرئیر کا ایک سو اٹھائیسواں ٹیسٹ میچ ہے، علیم ڈار سے پہلے یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے مشہور امپائر اسٹیوبکنر کے پاس تھا۔

    علیم ڈار کا کہنا ہے کہ 128ٹیسٹ میچزکی امپائرنگ کرنےپراللہ کاشکرگزارہوں، اس سے پہلے یہ اعزاز اسٹیو بکنر کے پاس تھا، جو میرے رول ماڈل ہیں، اعزاز حاصل کرنے پر اہل خانہ، مداحوں اور کلب کا شکر گزار ہوں۔

    مزید پڑھیں : عالمی شہرت یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار عالمی ریکارڈ کے قریب پہنچ گئے

    خیال رہے علیم ڈار کو جنوبی افریقہ کے روڈی کوٹزن کے سب سے زیادہ 209 ون ڈے کا عالمی ریکارڈ برابر کرنے کے لیے بھی 4 ایک روزہ میچ سپروائز کرنا ہوں گے۔

    واضح رہے کہ ایوارڈ یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار نے ایک روزہ میچز کی ڈبل سنچری رواں سال مئی کے پہلے ہفتے میں مکمل کرلی تھی۔ یہ کارنامہ انہوں نے آئرلینڈ میں جاری سہ فریقی سیریز کے دوران ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ میں امپائرنگ کرتے ہوئے دیا۔

    جھنگ سے تعلق رکھنے والے 50 سالہ علیم ڈار نے 200 ون ڈے میچز مکمل کرنے پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی شائقین کرکٹ اور میڈیا نے ہمیشہ بہت سپورٹ کیا۔

  • عالمی شہرت یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار عالمی ریکارڈ کے قریب پہنچ گئے

    عالمی شہرت یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار عالمی ریکارڈ کے قریب پہنچ گئے

    لاہور: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کرکٹ امپائر علیم ڈار اعلیٰ اعزازات اپنے نام کرنے کے بعد اب عالمی ریکارڈ کے قریب پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق علیم ڈار اگلے چند ماہ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل میچز کو سپروائز کرنے والے پہلے پاکستانی امپائر بن سکتے ہیں۔

    پاکستانی امپائر انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ایشز سیریز کے دو ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ ایشز سیریز کا دوسرا ٹیسٹ انکے کیریئر کا 128 واں ٹیسٹ میچ ہوگا جس کے ساتھ ہی وہ ویسٹ انڈیز کے مشہور امپائر اسٹیوبکنر کا سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز سپروائز کرنےکا عالمی ریکارڈ برابر کردیں گے۔

    علیم ڈار کو جنوبی افریقہ کے روڈی کوٹزن کے سب سے زیادہ 209 ون ڈے کا عالمی ریکارڈ برابر کرنے کے لیے بھی 4 ایک روزہ میچ سپروائز کرنا ہوں گے۔

    واضح رہے کہ ایوارڈ یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار نے ایک روزہ میچز کی ڈبل سنچری رواں سال مئی کے پہلے ہفتے میں مکمل کرلی تھی۔ یہ کارنامہ انہوں نے آئرلینڈ میں جاری سہ فریقی سیریز کے دوران ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ میں امپائرنگ کرتے ہوئے دیا۔

    علیم ڈار کی امپائرنگ کے 200 انٹرنیشنل میچز مکمل

    جھنگ سے تعلق رکھنے والے 50 سالہ علیم ڈار نے 200 ون ڈے میچز مکمل کرنے پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی شائقین کرکٹ اور میڈیا نے ہمیشہ بہت سپورٹ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پراعتماد کیا اور میں جب تک فٹ رہا یہ کام کرتا رہوں گا۔200 ون ڈے میچز کے علاوہ علیم ڈار نے 125 ون ڈے اور 43 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی ایمپائرنگ کے فرائض سرانجام دئیے ہیں۔

    وہ 2009 سے 2011 کے درمیان تین مرتبہ آئی سی سی کی جانب سے بہترین امپائر قرار پائے۔ انہیں پرائزف پرفارمنس سمیت کئی ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے۔

  • ورلڈ کپ فائنل کے لئے امپائرز اور آفیشلز کا اعلان، علیم ڈار بھی پینل میں شامل

    ورلڈ کپ فائنل کے لئے امپائرز اور آفیشلز کا اعلان، علیم ڈار بھی پینل میں شامل

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل کے لئے امپائرز اور آفیشلز کا اعلان کر دیا، سری لنکا، جنوبی افریقہ، پاکستان اور آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے امپائرز اپنے فرائض انجام دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ2019کے فائنل میچ کے لئے امپائرز اور آفیشلز کا اعلان کردیا ہے۔

    آئی سی سی اعلامیہ کے مطابق سری لنکا کے کمار دھرما سینا اور جنوبی افریقہ کے مارئس ایرسمس ان فیلڈ امپائر ہوں گے۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا کے روڈٹکرتیسرے امپائراور پاکستان کے علیم ڈار چوتھے امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔

    آئی سی سی کی جانب سے سری لنکا کے رنجن مدوگالے کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ  آئی سی سی ورلڈ کپ2019کا فائنل چودہ جولائی کولارڈز میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا کے ” کمار دھرما سینا “ اور جنوبی افریقا کے ’’ ماریس ایراسمس میچ کے امپائر فیلڈ تھے جبکہ تھرڈ ایمپائر نیوزی لینڈ کے ” کرس گیفینی “ اور فورتھ آفیشل کے فرائض علیم ڈار نے انجام دیئے تھے اور میچ ریفری سری لنکا کے راجن تھے۔

  • علیم ڈار کی امپائرنگ کے 200 انٹرنیشنل میچز مکمل

    علیم ڈار کی امپائرنگ کے 200 انٹرنیشنل میچز مکمل

    لاہور: بین الاقوامی شہرت یافتہ امپائر علیم ڈار کے 200 انٹرنیشنل میچز بطور امپائر مکمل ہوگئے، پی سی بی نے انہیں اہم سنگ میل مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔

    تفصیلات کے مطابق امپائرنگ کے فرائض انجام دیتے ہوئے علیم ڈار کے 200 انٹرنیشنل میچز مکمل ہوگئے۔ اس موقع پر علیم خان کا کہنا تھا کہ 200 میچز مکمل ہونے پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا مشکور ہوں جس نے مجھ پر اعتماد کیا۔ پاکستانی شائقین کرکٹ اور میڈیا نے ہمیشہ سپورٹ کیا۔ جب تک فٹ رہا امپائرنگ کرتا رہوں گا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی علیم ڈار کو مبارکباد دی، پی سی بی کے مینجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کا کہنا تھا کہ علیم ڈار ایلیٹ امپائرنگ میں پاکستان کا اثاثہ ہیں۔

    علیم خان 6 فروری 1968 کو جھنگ میں پیدا ہوئے، علیم خان نے فرسٹ کلاس کرکٹ بھی کھیلی مگر ان کی وجہ شہرت امپائرنگ بنی۔

    انہوں نے بطور امپائر اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز 16 فروری 2000 کو گجرانوالا میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین ہونے والے میچ سے کیا۔ سنہ 2002 میں وہ آئی سی سی کے امپائرز کے بین الاقوامی پینل کا حصہ بن گئے۔

    سنہ 2003 میں انہوں نے پہلی بار ورلڈ کپ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اپریل 2004 میں وہ آئی سی سی کے ایلیٹ پینل کا حصہ بنے، وہ اس پینل کا حصہ بننے والے پہلے پاکستانی تھے۔

    انہیں 2009، 2010 اور 2011 میں آئی سی سی کی جانب سے سال کا بہترین امپائر قرار دیا گیا۔ 2011 میں حکومت پاکستان نے انہیں تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا۔

  • پاکستانی امپائر علیم ڈار نے ورلڈ ریکارڈ پر توجہ مرکوز کر لی

    پاکستانی امپائر علیم ڈار نے ورلڈ ریکارڈ پر توجہ مرکوز کر لی

    لاہور: بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار نے کہا ہے کہ میں‌مکمل فٹ ہوں، ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. علیم ڈار کا کہنا تھا کہ 2019 کا ورلڈکپ میرا پانچواں ورلڈ کپ ہے، توجہ اس پر مرکوز ہے.

    تین بار آئی سی سی کی جانب سے بہترین امپائر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے امپائرعلیم ڈار  نے کہا کہ سابق امپائر اسٹیو  بکنرکا ورلڈر یکارڈ توڑنے کے لئے  صرف تین میچز باقی ہیں.

    6 فروری، 1968 کو جھنگ میں پیدا ہونے والے علیم سرور ڈار نے یوں‌ تو فرسٹ کلاس کرکٹ بھی کھیلی، مگر ان کی شہرت کی وجہ امپائرنگ بنی.

    انھوں نے اپنا بہ طور امپائر اپنے بین الاقوامی کیریر کا آغاز 16 فروری 2000 کو  گوجرانوالا پاکستان اور سری لنکا کے مابین ہونے والے میچ سے کیا. سن 2002 میں وہ آئی سی سی کے امپائر کے بین الاقوامی پینل کا حصہ بن گئے.

    سن 2003 میں انھوں نے پہلی بار ورلڈ کپ میں اپنی صلاحیتوں‌کا مظاہرہ کیا. اپریل 2004 میں وہ آئی سی سی کے ایلیٹ پینل کا حصہ بنے، وہ اس کا پینل کا حصہ بننے والے پہلے پاکستانی تھے.

    انھیں2009، 2010 اور 2011 میں‌ آئی سی سی کی جانب سے سال کا بہترین ایمپائر قرار دیا گیا. 2011 میں حکومت پاکستان انھیں تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا.

  • امپائرعلیم ڈار کا ڈیم فنڈز میں 10 ہزار ڈالرز دینے کا اعلان

    امپائرعلیم ڈار کا ڈیم فنڈز میں 10 ہزار ڈالرز دینے کا اعلان

    لاہور: امپائر علیم ڈار نے ڈیم فنڈز میں 10 ہزار ڈالرز دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امپائر علیم ڈار نے ڈٰیم فنڈز میں 10 ہزار ڈالرز دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اور بیرون ملک پاکستانی ڈٰیم فنڈز میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالیں، چیف جسٹس اور وزیر اعظم نے ڈیم فنڈز قائم کرکے احسن قدم اُٹھایا ہے۔

    علیم ڈار نے کہا کہ یہ ڈیمز ہمارے لیے اور ہماری آنے والی نسلوں کے لیے بہت بڑا تحفہ ہیں، اوورسیز پاکستانی ڈیمز فنڈز میں زیادہ سے زیادہ حصہ ڈالیں یہ ایک صدقہ جاریہ بھی ہے،

    سپریم کورٹ ڈیم فنڈ میں 6 جولائی سے اب تک مختلف بینکوں کے اکاؤئنٹس میں ایک ارب 98 کروڑ 76 لاکھ 48 ہزار866 روپے جمع ہوچکے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق رقم کا زیادہ حصہ پاکستان سے ہی جمع ہوا، پاکستانیوں نے فنڈ میں ایک ارب91 کروڑ جمع کرائے ، پاکستان میں صرف ایس ایم ایس سروس سے 5 کروڑ 75 لاکھ اکھٹے ہوئے۔

    واضح رہے گذشتہ روز وزیراعظم پاکستان نے اپنے خطاب میں ڈیم بنانے کے لیے قوم سے مدد مانگی تھی اور پیغام میں کہا تھا پاکستان بہت سے مسائل کا شکار ہے مگر سب بڑا مسئلہ پانی کی کمی ہے، ڈیم بنانا ناگزیر ہوگیا ہے، ڈیم نہ بنائے تو 2025میں پاکستان میں خشک سالی شروع ہوجائے گی، پاکستان میں قحط پڑسکتا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے اپیل کی ڈیم بنانے کے لئے آج سے جہاد کرنا ہے، اوورسیز پاکستانی کم ازکم ایک ہزارڈالر ڈیم فنڈز میں بھیجیں۔چیف جسٹس اورپرائم منسٹر فنڈزکو ضم کیا جارہا ہے، یقین دلاتا ہوں قوم کے پیسے کی خود حفاظت خود کروں گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاہد خان آفریدی نے کہا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈیم فنڈز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، ایک ہزار ڈالر صرف ہمارے لیے نہیں بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے ہے۔