Tag: aleem khan

  • علیم خان سے جرمن سفیر کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

    علیم خان سے جرمن سفیر کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

    لاہور : استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان سے جرمنی کے سفیر الفریڈ گرینس نے ملاقات کی، اس موقع پر دونوں ممالک کے تعلقات اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں شخصیات کے درمیان پاکستان اور جرمنی کے مابین باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر گفتگو ہوئی، جرمن سفیر الفریڈ گرینس نے علیم خان سے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

    جرمن سفیر نے کہا کہ سال 2020ء سے پاک جرمن تجارت کا حجم 2.3 ارب یورو ہے، پاکستان سے ٹیکسٹائل، لیدر، گارمنٹس، سرجیکل آلات اور چاول جرمنی جاتے ہیں جبکہ جرمنی مشینری، کیمیکل اور صنعتی آلات پاکستان کو مہیا کرتا ہے۔

    صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے دونوں ملکوں میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافے پر زور دیا اور کہا کہ اقوام عالم میں جرمن قوم کی روایات لیڈر شپ اور قائدانہ صلاحیتوں پر مبنی ہیں۔

    الفریڈ گرینس نے کہا کہ پاکستان بالخصوص لاہور کی مہمان نوازی کا مداح ہوں۔ عبدالعلیم خان نے ان کا پاکستان میں خیرمقدم اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر عبدالعلیم خان نے جرمن سفیر الفریڈ گرینس کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

  • جہانگیر ترین وزارت عظمیٰ کے لیے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار ہوں گے: علیم خان

    جہانگیر ترین وزارت عظمیٰ کے لیے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار ہوں گے: علیم خان

    لاہور: علیم خان نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین وزارت عظمیٰ کے لیے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’خبر مہر بخاری کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے صدر استحکام پاکستان پارٹی علیم خان نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے لیے امیدوار جہانگیر ترین ہوں گے۔

    انھوں نے کہا پی ڈی ایم سے کوئی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوگی، بلکہ ان کے خلاف الیکشن لڑیں گے، چار سال پی ٹی آئی اور ایک سال پی ڈی ایم حکومت نے قوم کا بیڑا غرق کیا، عوام میں پی ٹی آئی اور موجودہ حکومت کے خلاف نفرت پائی جاتی ہے۔

    علیم خان نے کہا عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال چند روز میں حکومت سے مستعفی ہو جائیں گے، ہم عوام کو 300 یونٹ تک بجلی مفت دیں گے، یہ پارٹی منشور ہے، ہم اکثریت میں آئیں گے، عثمان بزدار اور فرح جیسے لوگوں سے جان چھڑائیں گے تو ملک آگے بڑھے گا۔

    کرپشن کا بازار چیئرمین پی ٹی آئی کے گھر جا کر ختم ہوتا تھا، علیم خان کے سنسنی خیز انکشافات

    انھوں نے مزید کہا کہ پرویز خٹک پی ٹی آئی کا حصہ تھے اگر وہ کہتے ہیں چیئرمین پی ٹی آئی نو مئی میں ملوث ہیں تو ان کے پاس معلومات ہوں گی، خٹک کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں، نو مئی کو جو کچھ ہوا وہ دہشت گردی سے زیادہ ہے، عدالتوں کو دیکھنا چاہیے کہ چیئرمین پی ٹی آئی ملوث ہیں یا نہیں۔

    صدر استحکام پاکستان پارٹی علیم خان کہتے ہیں سانحہ نو مئی میں ملوث افراد کی استحکام پاکستان پارٹی میں کوئی جگہ نہیں، ہم پی ٹی آئی کی بی ٹیم نہیں ہیں، نو مئی کے بعد میرے کردار کی ضرورت تھی، اور میں انتقام کے لیے سیاست میں نہیں آیا۔

  • کرپشن کا بازار چیئرمین پی ٹی آئی کے گھر جا کر ختم ہوتا تھا، علیم خان کے سنسنی خیز انکشافات

    کرپشن کا بازار چیئرمین پی ٹی آئی کے گھر جا کر ختم ہوتا تھا، علیم خان کے سنسنی خیز انکشافات

    لاہور: استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) نے کہا ہے کہ کرپشن کا بازار چیئرمین پی ٹی آئی کے گھر جا کر ختم ہوتا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی، ان کی اہلیہ، فیض حمید، اور فرح خان کا کرپٹ ٹولہ معاملات چلاتا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’خبر مہر بخاری کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے صدر استحکام پاکستان پارٹی علیم خان نے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔ علیم خان نے کہا کرپٹ فائیو کا جو ٹولہ ہے اس میں فیض حمید بھی شامل تھے، فیض حمید کی الگ لائن بن گئی تھی وہ سمجھتے تھے آرمی چیف بن جائیں گے۔

    انھوں نے کہا ’’چیئرمین پی ٹی آئی پر ان کی اہلیہ کا مکمل کنٹرول ہے، مؤکل کے ذریعے یا ڈائریکٹ اس کا علم نہیں۔‘‘

    علیم خان نے کہا ’’مجھے نہیں معلوم ہو سکتا ہے کہ باجوہ بھی فیض حمید کو آرمی چیف بنانا چاہتے ہوں، فیض حمید بطور ڈی جی سی جو کام کر رہے تھے ہم اس کا حصہ رہے ہیں، اہم ملاقاتوں کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی میری یا جہانگیر ترین کی گاڑی استعمال کرتے تھے۔‘‘

    علیم خان نے کہا ’’چیئرمین پی ٹی آئی جنرل عاصم منیر کو بھی فیض حمید سمجھ رہے تھے، جب وہ ڈی جی آئی ایس آئی تھے تو چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کی تھی، جنرل عاصم منیر نے بشریٰ بی بی کے کرپشن کے ثبوت سامنے رکھے، دکھائے گئے ثبوت دستاویزی اور آڈیو دونوں ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ اپنی حدیں پار کر رہے ہیں، جنرل نے کہا آپ کا ذاتی ملازم نہیں ملک کے لیے کام کرتا ہوں۔‘‘

    علیم خان کے مطابق اعظم خان نے اپنی پسند کا ایک بندہ آئی بی میں رکھوایا جو پسند کی رپورٹ دیتا تھا، اعظم خان وہی پسند کی رپورٹ چیئرمین پی ٹی آئی کو دیتا تھا، کسی شخص کو عہدے سے نکالنے کے لیے وہی پسند کی رپورٹ لی جاتی تھی۔

  • جہانگیر ترین اور علیم خان کی نئی سیاسی جماعت سے متعلق مشاورت

    جہانگیر ترین اور علیم خان کی نئی سیاسی جماعت سے متعلق مشاورت

    لاہور: جہانگیر ترین اور علیم خان سمیت دیگر رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کا احوال سامنے آگیا،

    پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں جہانگیر ترین اور علیم خان نے اپنے اور ساتھیوں کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے مشاورت کی ہے جس میں نئی سیاسی جماعت بنانے یا پریشر گروپ سے متعلق گفتگو کی گئی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران شرکاء نے تجویز پیش کی کہ ہمیں پریشر گروپ بنانے کے بجائے نئی سیاسی پارٹی بنانی چاہیے۔

    شرکا کی رائے تھی کہ نئی سیاسی پارٹی بنانے سے ہم عوامی حقوق کا بہتر طریقے سے تحفظ کرسکیں گے۔

    ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ ملاقات میں موجود وزیراعظم کے معاون خصوصی عون چوہدری نے بھی نئی جماعت بنانے پر اصرار کیا۔

    تجویز میں کہا گیا کہ مزید رہنما تحریک انصاف چھوڑنا چاہ رہے ہیں اس لیے انہیں نیا پلیٹ فارم ملنا چاہیے، ذرائع کا کہنا ہے کہ بہت جلد جہانگیر ترین اہم سیاسی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرسکتے ہیں۔

    پریس کانفرنس میں تحریک انصاف سے لاتعلقی کرنے والے سیاستدان بھی موجود ہونگے، جہانگیر ترین جلد نئی پارٹی کی رجسٹریشن کی درخواست جمع کراسکتے ہیں۔

    چھینہ گروپ بھی متحرک ہوگیا، رابطے تیز

    دوسری جانب ملک غضنفر عباس چھینہ کی قیادت میں تحریک انصاف کا ہم خیال چھینہ گروپ متحرک ہوگیا ہے۔ ہم خیال چھینہ گروپ میں تحریک انصاف کے 12 ٹکٹ ہولڈرز شامل ہیں۔

    ارکان کی مشاورت کے بعد آئندہ ایک دو روز میں نیا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صوبائی وزیر غضنفر عباس چھینہ نے ترین گروپ اور دیگر سے بھی رابطے تیز کردیے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ملک غضنفر عباس چھینہ کا کہنا ہے کہ مستقبل کا فیصلہ تمام ہم خیال ارکان کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

  • علیم خان ن لیگ کی جانب سے نگراں وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کے لیے سرگرم ہو گئے

    لاہور: علیم خان ن لیگ کی جانب سے نگراں وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کے لیے سرگرم ہو گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سابق صوبائی وزیر عبد العلیم خان نگراں وزارت اعلیٰ کے لیے لابنگ کر رہے ہیں، وہ پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے نگراں وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کے لیے سرگرم ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سامنے اس وقت تین نام ہیں جن پر وہ نگراں وزیر اعلیٰ کے حوالے سے غور کر رہی ہے، ان ناموں میں سابق بیوروکریٹ احد چیمہ کا نام بھی شامل ہے، جب کہ نجم سیٹھی بھی دوبارہ وزارت اعلیٰ کے لیے کوشاں ہیں۔

    مسلم لیگ ن نے مذکورہ تینوں ناموں پر اپنے اتحادیوں سے بھی مشاورت کی ہے، نجم سیٹھی پر ایک اتحادی جماعت نے اپنے اعتراضات سے ن لیگ کو آگاہ کر دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اور اتحادیوں کی اس معاملے میں یہ رائے ہے کہ معاملہ الیکشن کمیشن جانے دیا جائے۔

    واضح رہے کہ تحریک انصاف حکومت میں علیم خان اور احد چیمہ نیب کی حراست میں رہے، اور علیم خان نے وزیر اعلیٰ نہ بنائے جانے اور کیسز کیے جانے پر ناراض ہو کر پی ٹی آئی چھوڑ دی تھی۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کی نامزدگی: علیم خان گروپ کیا کرنے جارہا ہے؟

    وزیراعلیٰ پنجاب کی نامزدگی: علیم خان گروپ کیا کرنے جارہا ہے؟

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مستعفی ہونے کی خبر نے پنجاب کی سیاست میں ہلچل مچارکھی ہے ، سیاسی صورت حال پر عبدالعلیم خان گروپ نے بھی اپنی حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب کے وزیراعلیٰ کے لئے پرویز الہیٰ کی حمایت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق علیم خان گروپ نے اپنی مشاورت مکمل کرلی ہے، آج اہم اعلان متوقع ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ علیم خان نے گزشتہ روز گروپ ممبران سے مشاورت مکمل کی اور طویل مشاورت کے بعد اپنی حکمت عملی کو ترتیب دے دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے وزیراعلیٰ پنجاب کی حمایت کے لئے (ق) لیگ اور (ن) لیگ نے علیم خان گروپ سے رابطہ کیا ہے، جس کے باعث علیم خان گروپ نہایت اہمیت اختیار کرگیا ہے۔

    دوسری جانب نئے وزیراعلیٰ پنجاب کی نامزدگی کے بعد جہانگیر ترین گروپ بھی میدان میں آچکا ہے، جہانگیر ترین نے اراکین کو مشاورتی عمل جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن، حکومت اور نامزد وزیراعلیٰ سے رابطے جاری رکھا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی: ترین گروپ میدان میں آگیا

    آج پنجاب کی سیاست میں بڑی پیش رفت بھی دیکھنے کو ملی ہے جہاں مسلم لیگ ق، اپوزیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے ہم خیال چھینہ گروپ سے رابطہ کیا ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف ہم خیال گروپ نے اپنا مشاورتی اجلاس آج طلب کر لیا ہے، ہم خیال غضنفر عباس چھینہ گروپ کا مشاورتی اجلاس آج دوپہر ہوگا، جس میں عثمان بزدار کےاستعفے اور پرویزالہیٰ کی نامزدگی کی صورتحال کاجائزہ لیاجائےگا۔

  • حکومت کی علیم خان کو منانے کی کوشش تیز

    حکومت کی علیم خان کو منانے کی کوشش تیز

    اسلام آباد : گورنر سندھ عمران اسماعیل کے بعد وفاقی وزرا نے علیم خان سے رابطہ کرکے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے علیم خان کو منانے کی کوشش تیز کردیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کے بعد وفاقی وزرا فواد چوہدری، پرویزخٹک اورعامر کیانی نے علیم خان سے رابطہ کیا۔

    جس میں وفاقی وزرا نے علیم خان تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

    ذرائع کے مطابق علیم خان آج ترین گروپ کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کریں گے، جہانگیرترین گروپ کا اہم مشاورتی اجلاس آج لاہور میں ہوگا۔

    اجلاس میں عون چوہدری رہنماؤں کوچوہدری برادران سےملاقات پراعتماد میں لیں گے۔

    یاد رہے گذشتہپ ہفتےعبدالعلیم خان نے لندن میں جہانگیر ترین اور نواز شریف سے ملاقاتیں کی تھیں ، جس میں سیاسی صورتحال پر سمیت وزیراعلی پنجاب کو تبدیل کرنے سے متعلق اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    نوازشریف سے ملنے کیلئےعلیم خان عقبی دروازے سے داخل ہوئے، جس میں علیم خان نے پی ٹی آئی ایم پی ایز کو بھی ن لیگ کے ٹکٹ دینے کا کہا تھا۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد نے سیاسی ایوانوں میں ہلچل مچا رکھی ہے، ایک جانب حکومت پارلیمنٹ میں اپنے نمبر پورے کرنے کی فکر میں ہے تو اپوزیشن بھی اپنا پورا زور لگائے ہوئے ہے۔

  • علیم خان اور نواز شریف کی  خفیہ ملاقات ، بڑا انکشاف سامنے آگیا

    علیم خان اور نواز شریف کی خفیہ ملاقات ، بڑا انکشاف سامنے آگیا

    لاہور : پی ٹی آئی کے ناراض رہنما علیم خان کے لندن جانے سے قبل شہباز شریف سے ملاقات کا انکشاف سامنے آیا، ملاقات شہباز شریف نے نواز شریف کی علیم خان سے ٹیلی فون پربات کرائی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سیاسی محاذ پر ہل چل مچی ہوئی ، ایسی صورتحال میں ایک انکشاف سامنے آیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ناراض رہنما علیم خان نے لندن جانے سے قبل شہباز شریف سے ملاقات کی۔

    ذرائع نے بتایا کہ علیم خان اور شہبازشریف کی ملاقات لندن جانے سے ایک روز قبل مشترکہ دوست کےگھر پر ہوئی، ملاقات دن ایک بجے سے 3بجے کے درمیان ملاقات کی گئی۔

    دوران ملاقات شہباز شریف نے نواز شریف کی علیم خان سے ٹیلی فون پربات کرائی اور ملاقات کا گرین سگنل ملنے کے بعد علیم خان لندن روانہ ہوئے۔

    یاد رہے پی ٹی ائی کےناراض ایم پی اے عبدالعلیم خان نے لندن میں مسلم لیگ نون کےقائد نوازشریف سے خفیہ ملاقات کی تھی ، ملاقات کےلیے علیم خان کو میاں صاحب کےگھر کے عقبی درازے سے داخل کروایا گیا۔

    دونوں رہنماؤں نے پنجاب میں جوڑ توڑ اور ائندہ کےانتخابات پر بات چیت کی ، اس ملاقات میں علیم خان کے دوست اورنون لیگ پنجاب کےصدر راناثناٗ اللہ کا اہم کردار رہا۔

    یاد رہے اس سے قبل علیم خان پی ٹی آئی کے مختلف ارکان پنجاب اسمبلی کو فون کرکے یہ کہہ چکے تھے کہ وہ لندن میں نوازشریف سے ملکر ائندہ انتخابات میں نون لیگ کی ٹکٹوں کی گارنٹی لیکر آئیں گے۔

  • ملک کی بدلتی سیاسی صورتحال ، علیم خان کی  لندن میں نواز شریف سے خفیہ ملاقات

    ملک کی بدلتی سیاسی صورتحال ، علیم خان کی لندن میں نواز شریف سے خفیہ ملاقات

    لندن : پی ٹی آئی کے ناراض رہنما عبدالعلیم خان کی سابق وزیراعظم نوازشریف سے خفیہ ملاقات ہوئی ، ملاقات میں ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے اہم کردار ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے ناراض رہنما عبدالعلیم خان کی لندن میں سابق وزیراعظم نوازشریف سے خفیہ ملاقات ہوئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات نواز شریف کے گھر پر مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 6 بجےہوئی، نوازشریف سے ملنے کیلئےعلیم خان عقبی دروازے سے داخل ہوئے۔

    ذرائع نے بتایا کہ علیم خان نے پی ٹی آئی ایم پی ایز کو بھی ن لیگ کے ٹکٹ دینے کا کہا تھا تاہم نواز شریف سے ملاقات میں جہانگیرترین شریک نہیں تھے۔

    ذرائع کے مطابق علیم خان کی ملاقات میں ن لیگ پنجاب کےصدرراناثنااللہ کااہم کردارہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز عبدالعلیم خان اورجہانگیر ترین کی لندن میں ملاقات ہوئی تھی ، ملاقات میں سیاسی صورتحال پر سمیت وزیراعلی پنجاب کو تبدیل کرنے سے متعلق اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

    دونوں شخصیات نے نمبرنگ کیساتھ ساتھ تحریک عدم اعتماد وزیراعلی پنجاب کے خلاف لانے سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ لیا۔

    جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان کا اکٹھے جمعہ کی رات یا ہفتے کو پاکستان آنے کا امکان ہے، دونوں شخصیات پاکستان واپس آکر پاور شو کریں گی اور مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی جائے گی۔

  • جہانگیر ترین، علیم خان لندن سے اکھٹے کب پہنچیں گے؟

    جہانگیر ترین، علیم خان لندن سے اکھٹے کب پہنچیں گے؟

    اسلام آباد: ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن میں عبدالعلیم خان کی جہانگیر ترین سے ملاقات ہو گئی ہے، جس میں ملک میں سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما علیم خان لندن میں اپنی رہائش گاہ گئے تھے، آج انھوں نے جہانگیر ترین کےساتھ طے شدہ ملاقات کی، جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو تبدیل کرنے سے متعلق اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین اور علیم خان دونوں کا اکٹھے جمعہ کی رات یا ہفتے کو پاکستان آنے کا امکان ہے، دونوں شخصیات پاکستان واپس آ کر پاور شو اور مشترکہ پریس کانفرنس کریں گی۔

    آج لندن میں ہونے والی ملاقات میں دونوں شخصیات نے مل کر آئندہ فیصلے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین اور علیم خان نے نمبرنگ سے متعلق بھی جائزہ لیا، وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے سے متعلق معاملات پر غور کیا۔

    ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں وفاق میں لائی گئی تحریک عدم اعتماد سے متعلق بھی معاملات زیر غور رہے۔