Tag: aleem khan

  • وزیراعظم کی بہتر منصوبہ بندی ،’ پاکستان کوروناپرعالمی انڈیکس میں ترقی یافتہ ممالک سے بھی آگے نکل گیا’

    وزیراعظم کی بہتر منصوبہ بندی ،’ پاکستان کوروناپرعالمی انڈیکس میں ترقی یافتہ ممالک سے بھی آگے نکل گیا’

    لاہور: سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی بہتر منصوبہ بندی سے پاکستان کوروناپرعالمی انڈیکس میں ترقی یافتہ ممالک سے بھی آگے نکل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے پاکستان سےمتعلق اکانومسٹ سروے پر اپنے ٹوئٹ میں کہا وزیراعظم کی بہتر منصوبہ بندی سے عالمی سطح پر رینکنگ بہتر ہوئی، کوروناپرعالمی انڈیکس میں ترقی یافتہ ممالک سےبھی آگے نکل گیا، وزیر اعظم ویژن کے تحت پاکستان نےکورونا پربہتر اقدامات کئے، کوروناکےدوران مثبت پالیسیوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔

    عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اکانومسٹ کاگلوبل انڈیکس میں پاکستان کو84.4گریڈدینالائق تحسین ہے، الحمد اللہ کورونا کی تینوں لہروں کا احسن انداز میں سامنا کیا ہے، امید ہے مستقبل میں بھی کورونا کے چیلنجز سے بخوبی نمٹا جائے گا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا ہانگ کانگ ،نیوزی لینڈ کے بعد تیسرے نمبر پر آنا خوش آئندہے، المی جریدےبھی وزیراعظم کی کامیاب حکمت عملی کے معترف ہیں۔

    سینئر وزیر پنجاب کا کہنا تھا کہ کوروناکی شرح تسلی بخش ہےپھربھی شہریوں کو احتیاط یقینی بنانا ہوگی، شہری حفاظتی اقدامات کو یقینی بنا کر وزیر اعظم عمران خان کا ساتھ دیں۔

  • مایوس عناصر کی اے پی سی بھی مایوس کن رہی: وزیر اعلیٰ پنجاب

    مایوس عناصر کی اے پی سی بھی مایوس کن رہی: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے پھر ثابت کیا وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے، مایوس عناصر کی اے پی سی بھی مایوس کن رہی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں گندم اور آٹے کے اسٹاک و قیمتوں اور سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔

    عبد العلیم خان کا کہنا تھا کہ محکمہ خوراک آٹے کی مناسب سپلائی ہر قیمت پر یقینی بنا رہا ہے، نوٹیفائیڈ ریٹ پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے پھر ثابت کیا وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے، مایوس عناصر کی اے پی سی بھی مایوس کن رہی۔ اپوزیشن جماعتوں نے قومی مفادات کو یکسر فراموش کیا۔

    انہوں نے کہا کہ قوم کا پیسہ لوٹنے والے اے پی سی کے ناٹک سے گمراہ نہیں کر سکتے، عوام با شعور ہیں اور نا اہل و کرپٹ چہروں سے واقف ہیں۔ باشعور عوام کو مسترد شدہ عناصر دھوکا نہیں دے سکتے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں ملک کی ترقی و خوشحالی روکنے کے درپے ہیں، اپوزیشن کا منفی کردار افسوسناک ہے۔ ماضی کی طرح اے پی سی کا یہ ڈرامہ بھی ناکام رہا۔

    سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان کا کہنا تھا کہ اے پی سی کے ذریعے اپوزیشن کی منفی سیاست آشکار ہوگئی، اپوزیشن کی عوام میں رہی سہی ساکھ مکمل ختم ہو چکی ہے۔

  • ‘وزیر اعظم نے 2برس میں ملک کے اڑھائی ہزار ارب روپے بچائے’

    ‘وزیر اعظم نے 2برس میں ملک کے اڑھائی ہزار ارب روپے بچائے’

    لاہور : سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے 2برس میں ملک کے اڑھائی ہزار ارب روپے بچائے، عمران خان ملک گیر تبدیلی کی طرف گامزن ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے وزیر اعظم کے حالیہ اقدامات پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا وزیر اعظم نے 2برس میں ملک کے اڑھائی ہزار ارب روپےبچائے، ماضی کی نا اہلی اور ملی بھگت قومی خزانے کوبھاری نقصان پہنچا رہی تھی۔

    عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکمت عملی،بصیرت اور قابلیت ثابت ہوگئی، ریکوڈک،کار کےاورجی آئی ڈی سی میں بھاری بچت کی گئی، آئی پی پی اوردیگرمنصوبوں میں نئے معاہدے عمران خان کااصل وژن ہے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ بد عنوانی اور لوٹ مارروک کرقومی خزانے کا تحفظ یقینی بنایا گیاہے، گیس سرچارج کیس میں کامیابی سےنجی کمپنیوں سے 400ارب کی وصولی ہوگی۔

    وزیراعظم کےاقدامات سے نئےپاکستان کی تعمیرہونے جارہی ہے، بچائی گئی رقم 3برس کےترقیاتی بجٹ سےبھی زیادہ ہے، عمران خان ملک گیرتبدیلی کی طرف گامزن ہیں، ترسیلات زر میں اضافہ خوش آئند ہے، معیشت مستحکم ہوگی۔

  • کوٹ لکھپت جیل کے نئے منصوبے دیگر جیلوں کیلئے رول ماڈل ہیں،علیم خان

    کوٹ لکھپت جیل کے نئے منصوبے دیگر جیلوں کیلئے رول ماڈل ہیں،علیم خان

    لاہور : وزیر خوراک علیم خان نے کوٹ لکھپت جیل کے دورے کے موقع پر کہا کہ کوٹ لکھپت جیل کے نئے منصوبے دیگر جیلوں کیلئے رول ماڈل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خوراک پنجاب پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علیم خان نے بدھ کے روز سینئر افسران کے ہمراہ کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کیا، اور شجر کاری مہم کے سلسلے میں جیل میں پودا بھی لگایا۔

    ماحولیاتی تبدیلی کے سلسلے میں علیم خان نے کوٹ لکھپت جیل میں پانچ سو درخت لگانے کا عطیہ دیا، اس موقع پر سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ قیدیوں کو روزمرہ کی بنیادی سہولتیں ملنی چاہیئں۔

    علیم خان کا کہنا تھا کہ کوٹ لکھپت جیل کے نئے منصوبے دیگر جیلوں کےلیے رول ماڈل ہیں، انہوں نے جیلوں کی اپ گریڈیشن کا عمل تیز کرنے کےلیے افسران کا ہدایت بھی جاری کی۔

    اس سے قبل علیم خان کا کہنا تھا کہ ملک میں مشکلات اور چیلنجز کے باوجود ترقی کا سفر جاری ہے،وزیر اعظم کا وژن ملک کو ترقی وخوشحالی سے ہمکنار کر رہا ہے۔

    انہوں نے بتایا تھا کہ جون میں ساڑھے 17 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی،ٹیلی کام،مائیکرو فنانس بینکنگ پراجیکٹ میں زیادہ سرمایہ کاری ہوئی،بھاری سرمایہ کاری وزیر اعظم کی شخصیت پراعتماد کا اظہار ہے۔

  • عمران خان کا دورہ امریکا تاریخ ساز اورملکی مفادات پرسنگ میل ثابت ہوگا، علیم خان

    عمران خان کا دورہ امریکا تاریخ ساز اورملکی مفادات پرسنگ میل ثابت ہوگا، علیم خان

    لاہور : سابق سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا پہلی مرتبہ کسی وزیر اعظم نےمسئلہ کشمیر پر واضح آواز اٹھائی ، عمران خان کادورہ امریکاتاریخ ساز اور ملکی  مفادات پرسنگ میل ثابت ہوگا، بھارت کو بھی مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے حوالے سے کہا عمران خان کادورہ امریکاتاریخ ساز اورملکی مفادات پرسنگ میل ثابت ہوگا، پہلی مرتبہ کسی وزیر اعظم نےمسئلہ کشمیر پر واضح آواز اٹھائی۔

    عبدالعلیم خان کا کہنا تھا وزیر اعظم کا دورہ عالمی تعلقات میں نئے باب کا اضافہ کرے گا، امریکی فورم پرعمران خان نےبا وقار انداز میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔

    پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا قومی لباس زیب تن کر کے عمران خان نےسب کاسرفخر سے بلند کر دیا، پہلی مرتبہ پاکستانی وزیر اعظم نےپرچیوں کےبغیر بےباک گفتگو کی، بھارت کو بھی مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی ، امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان بھارت کے مابین ثالثی کی پیش کش کی۔.

    مزید پڑھیں : امریکی صدر نے کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کر دی

    صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ عمران خان اور میں دونوں نئے لیڈرز ہیں، مسئلہ کشمیر پر دونوں لیڈرز بڑا کردار ادا کر سکتے ہیں، کشمیر اور افغانستان کا مسئلہ حل ہوگا تو پورے خطے میں خوش حالی ہوگی۔

    ملاقات کے بعد امریکی صدر نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کا امریکا میں خیرمقدم کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے میں کوئی کردار ادا کر سکتا ہوں تو بہت خوشی ہوگی، پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات کا علم ہے، ملاقات میں پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے لیے بھی بات ہوگی۔

  • علیم خان کے خلاف آف شورکمپنیز اورزائد اثاثہ جات پرسماعت آج ہوگی

    علیم خان کے خلاف آف شورکمپنیز اورزائد اثاثہ جات پرسماعت آج ہوگی

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کے خلاف آف شورکمپنیز اورزائد اثاثہ جات پر سماعت آج ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق جیل سے رہائی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کے خلاف پہلی بار کیس کی سماعت ہوگی۔

    علیم خان آج احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوں گے، وہ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے ہوئے ہیں۔

    عبدالعلیم خان کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

    خیال رہے کہ رواں ماہ 15 مئی کو لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور صوبہ پنجاب کے سابق سینیئر وزیرعلیم خان کی ضمانت کی درخواست منظور کی تھی۔

    جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل بینچ نے علیم خان کو دس دس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم بھی دیا تھا۔

    علیم خان کو نیب نے آمدن سے زائد اثاثے رکھنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات میں رواں برس فروری میں گرفتار کیا تھا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پنجاب کابینہ میں سینیئر وزیر کے عہدے پر فائز تھے اور بلدیات کے محکمے کا قلمدان بھی ان کے پاس تھا۔علیم خان نے نیب کی جانب سے گرفتاری پر اپنے صوبائی عہدوں سے استعفیٰ دیا تھا۔

  • تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو جیل سے رہا کردیا گیا

    تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو جیل سے رہا کردیا گیا

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا ، شعیب صدیقی نے کہا علیم خان کے خلاف نیب کوئی ثبوت پیش نہ کرسکی، نیب قوانین میں ترامیم کی ضرورت ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق ایم پی اے شعیب صدیقی روبکار لے کر کوٹ لکھپت جیل پہنچ گئے، روبکار جیل حکام نے موصول کئے ، جس کے بعد علیم خان کو جیل سے رہا کردیا گیا۔

    اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سینئیر رہنما عبدالعلیم نے عدالتی فیصلے کے مطابق 10 ، 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرائے تھے ، مچلکے احتساب عدالت میں جمع کرائےگئے۔

    بعد ازاں احتساب عدالت نے ضمانتی مچلکوں کی تصدیق کاعمل مکمل ہونے علیم خان کی رہائی کے روبکارجاری کردیئے، پی ٹی آئی رہنما شعیب صدیقی کا کہنا تھا علیم خان نے پہلے دن استعفیٰ دیكر مثال قائم كی، آج رہا ہوگئے، جس نے كرپشن كی اسے ضرور پكڑیں مگر پہلے تحقیقات كریں ، علیم خان كو نہ صرف اہلخانہ بلکہ لوگوں كی خدمت سے دورركھاگیا۔

    گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کے ضمانت کیس کا 9 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری  کیا تھا ،  تحریری فیصلے میں عدالت نے قرار دیا تھا کہ علیم خان کی درخواست ضمانت منظور کی جاتی ہے، علیم خان دس دس لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکے جمع کرائیں۔

    عدالت نے قرار دیا کہ انویسٹمنٹ کرنے والے کسی شخص نے عبدالعلیم خان کے خلاف بطور گواہ بیان نہیں دیا۔ علیم خان کے اثاثے ان کی وزارت سے پہلے یا بعد کے ہیں اس دوران کے نہیں۔

     مزید  پڑھیں:  عبدالعلیم خان کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

    عدالتی فیصلے کے مطابق برطانیہ میں علیم خان کے فلٹیس بارے میں ابھی تک ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے جبکہ نیب نے ابھی تک عبدالعلیم خان کے خلاف ریفرنس دائر نہیں کیا۔ علیم خان نے الیکشن کمیشن میں اثاثے ظاہر کئے اس وقت ان کے خلاف کسی نے شکایت بھی نہیں کی۔

    عدالت نے قرار دیا کہ بغیر ٹھوس شواہد کے کسی کو بلا جواز جیل میں نہیں رکھا جاسکتا۔

    یاد رہے  لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے عبدالعلیم خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے علیم خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا۔

    بعد ازاں علیم خان نے پر رہائی ملنے کے بعد میڈیا سے گفتگو  میں کہا تھا ایک روپے کی بھی اگر کرپشن کی ہو تو سیاست چھوڑ دوں گا،  مجھ سے کسی نے نا انصافی کی تو انصاف مجھے اللہ ہی دیں گے، قانون میں سقم ہے، تفتیش تک جیل میں ڈالنا بہت بڑا ظلم ہے۔

    واضح رہے 6 فروری کو نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اورآف شورکمپنیوں کیس میں پنجاب کے سینئر وزیرعبدالعلیم خان کو گرفتار کیا تھا۔

  • علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 27 مئی تک توسیع

    علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 27 مئی تک توسیع

    لاہور: احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور آف شور کمپنی کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں27 مئی تک توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات اور آف شور کمپنی کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کے رہنما علیم خان کوجوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر آج احتساب عدالت کے جج نجم الحسن کے روبرو پیش کیا گیا۔

    عدالت میں سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آف شورکمپنیوں کا ریکارڈ منگوانے کے لیے یواے ای لیٹرلکھے ہیں۔

    نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ کمپنیوں کا ریکارڈ آتے ہی ریفرنس دائرکردیا جائے گا جس پروکیل علیم خان نے کہا کہ خط کا جواب 25 برسوں میں نہ آئے توپھرکیا بنے گا۔

    تحریک انصاف کے رہنما کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوشن کے پاس ریفرنس پیش کرنے کے لیے ثبوت نہیں ہیں۔

    احتساب عدالت نے نیب سے حتمی رپورٹ طلب کرتے ہوئے علیم خان کے خلاف کیس کی سماعت 27 مئی تک ملتوی کردی۔

    عدالت میں گزشتہ سماعت پر نیب پراسیکیوٹر اور علیم خان کے وکلا نے دلائل پیش کیے۔ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق تحقیقات کافی حد تک مکمل ہو گئی ہیں۔

    نیب وکیل کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنما کے خلاف ریفرنس دائرکرنے سے پہلے چیئرمین نیب سے منظوری لی جائے گی۔

    علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30 اپریل تک توسیع

    یاد رہے کہ علیم خان کو 6 فروری کو آمدن سے زائد اثاثے اور آف شور کمپنیاں بنانے کے الزام میں نیب نے گرفتار کیا تھا، نیب کی جانب سے گرفتاری کے بعد علیم خان نے صوبائی وزارت کے عہدے سے اپنا استعفیٰ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھجوا دیا تھا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کا کہنا تھا کہ مقدمات کا سامنا کریں گے، آئین اور عدالتوں پر یقین رکھتے ہیں۔

  • علیم خان کی رہائی کے لیے درخواست ضمانت پر سماعت آج ہوگی

    علیم خان کی رہائی کے لیے درخواست ضمانت پر سماعت آج ہوگی

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کی رہائی کے لیے درخواست ضمانت پر آج سماعت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کی رہائی کے لیے درخواست ضمانت پر سماعت ہوگی۔

    عدالت نے گزشتہ سماعت کے دوران علیم خان کے وکیل سے استفسار کیا تھا کہ نیب نے کس بنیاد پر آپ کے موکل کے خلاف انکوائری شروع کی؟۔

    تحریک انصاف کے وکیل نے بتایا کہ آمدن سے زائد اثاثے اور آف شور کمپنیز کا الزام لگا کر انکوائری شروع کی۔

    لاہور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ آپ کے موکل پر نیب نے الزام لگایا ہے کہ انہوں نے بطور ممبر پنجاب اسمبلی اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے اثاثے بنانے، آپ یہ بتائیں علیم خان کس دورانیے میں ممبر صوبائی اسمبلی رہے ہیں؟

    علیم خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 2003 سے 2007 تک علیم خان وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی رہے، 2000 سے 2003 تک سیکرٹری کوآپریٹو سوسائٹی کا عہدہ بھی تھا

    لاہور ہائی کورٹ نے آف شورکمپنیوں کا ریکارڈ میہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست ضمانت پر سماعت 6 مئی تک ملتوی کردی۔

  • علیم خان کی  ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی قیمتی گھڑی کوٹ لکھپت جیل سے چوری

    علیم خان کی ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی قیمتی گھڑی کوٹ لکھپت جیل سے چوری

    لاہور : کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید پی ٹی آئی رہنماء علیم خان کی قیمتی گھڑی چوری ہوگئی، عبدالعلیم خان نے جیل حکام کو ذمہ دار قرار دیا جبکہ جیل ذرائع نے واقعہ کو علیم خان کی ذاتی غفلت قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء عبدالعلیم خان کی قیمتی گھڑی کوٹ لکھپت جیل سے چوری ہوگئی، جس پر جیل میں کھلبلی مچ گئی۔

    آئی جی جیل خانہ جات نے واقعہ کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے ، ذرائع کے مطابق گھڑی کی مالیت ڈیڑھ کروڑ روپے ہے، علیم خان کو یہ گھڑی ان کے والد نے تحفے میں دی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے عبدالعلیم خان نے جیل حکام کو ذمہ دار قرار دیا ہے، جیل مینوئل کے مطابق قیدی قیمتی اشیا نہیں رکھ سکتے جبکہ جیل ذرائع نے واقعہ کو علیم خان کی ذاتی غفلت قرار دیا ہے، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔

    یاد رہے لاہور کی احتساب عدالت میں عبدالعلیم خان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور آف شور کمپنی کیس کی سماعت ہوئی ، علیم خان کو جج جواد الحسن کے روبرو پیش کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 مئی تک توسیع

    عدالت نے نیب سے استفسار کیا کہ حتمی رپورٹ کب جمع کروائیں گے، جس پر نیب پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ابھی رپورٹ تیار ہو رہی ہے۔ عدالت نے دوبارہ پوچھا کہ بندہ جیل میں ہے، بتائیں رپورٹ کب تک پیش کرنی ہے۔

    نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ کیس کے بہت سے ملزمان ملک سے فرار ہیں، اس لیے تفتیش مکمل نہیں ہوئی۔

    عدالت نے عبدالعلیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 مئی تک توسیع کرتے ہوئے نیب کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر رپورٹ جمع کروائی جائے۔