Tag: Algeria

  • کوبرا سے ایک میٹر دوری پر انٹرنیشنل فوٹوگرافر نے اپنے خوف پر قابو کیسے پایا؟ ویڈیو وائرل

    کوبرا سے ایک میٹر دوری پر انٹرنیشنل فوٹوگرافر نے اپنے خوف پر قابو کیسے پایا؟ ویڈیو وائرل

    خطرناک کوبرا سانپ کے پاس بیٹھ کر اس کی فوٹوگرافی کرنا دیکھنے میں جتنا آسان اور سنسنی خیز لگتا ہے، کرنے میں اتنا آسان نہیں، بلکہ یہ ایک خطرناک کام ہے جس میں جانی نقصان بھی ہو سکتا ہے۔

    یہی وجہ ہے کہ ایک فوٹوگرافر ایسے موقع پر زبردست خوف کا شکار ہوگا اگر اس سے محض ایک میٹر کی دوری ایک خطرناک کوبرا سانپ پھن پھیلائے چوکنا کھڑا ہو۔

    الجزائر میں سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس نے لوگوں کو حیران کر دیا ہے، اس میں ایک انٹرنیشنل الجزائری فوٹوگرافر جمال حاج عیسیٰ کوبرا سانپ کی بہت قریب سے تصویر اور ویڈیو بناتا دکھائی دیتا ہے۔

    جمال عیسیٰ نے جنوبی الجزائر کی ریاست بسکرا میں ایک کوبرا سانپ کی تصویر کھینچی، جس پر اس کی دلیری اور پیشہ ورانہ مہارت نے سوشل میڈیا صارفین کو اپنی طرف متوجہ کیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کوبرا سانپ پھن پھیلائے کسی بھی لمحے حملہ کر سکتا تھا، تاہم فوٹو گرافر جمال نے اپنے خوف پر قابو پانے کے لیے خود کو زیادہ سے زیادہ پر سکون رکھا، اور ذہن سے سانپ کے حملے کا خوف نکال کر اپنی ساری توجہ سانپ کی تصویر لینے پر مرکوز رکھی۔

    الجزائر کے جمال حاج عیسیٰ کا شمار افریقی براعظم کے بہترین وائلڈ لائف فوٹوگرافرز میں ہوتا ہے، ان کی اور ایک شیر کی ایک تصویر ایک سال قبل بین الاقوامی اخبارات کی سرخیوں میں رہی تھی۔

  • یہ پرندہ مسلمان ملک کے لیے خطرہ بن گیا

    یہ پرندہ مسلمان ملک کے لیے خطرہ بن گیا

    یہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے کہ الجزائر میں ماحولیاتی ادارے نے مینا نامی مشہور پرندے کے پھیلاؤ پر نہایت تشویش کا اظہار کیا ہے اور ماحولیاتی نظام ہی نہیں بلکہ انسانوں کے لیے بھی اس کے پھیلاؤ کے سلسلے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ مینا ماحولیاتی نظام اور انسانوں کے لیے خطرناک ہے، یہ خاص طور پر زرعی فصلوں کے لیے خطرناک سمجھا جاتا ہے، کیوں کہ یہ اناج، پھل سبزیوں کو کھا جاتا ہے اور انھیں نقصان پہنچاتا ہے، اس طرح کسانوں کو بہت نقصان پہنچاتا ہے، یہ پرندہ جنگلات پر حملہ آور ہوتا ہے، اور اسے عالمی ادارہ ماحولیات کی طرف سے دنیا کے تین خطرناک ترین پرندوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

    الجزائر میں پرندوں کی افزائش کے فروغ کے لیے ایسوسی ایشن کے دفتر کے ایک رکن مصطفی عادل غریب نے وضاحت کی کہ ایسوسی ایشن کے ایک ممبر نے دارالحکومت الجزائر میں مینا پرندے کی موجودگی دیکھی ہے، اور اس سے قبل پڑوسی ممالک میں اس کے پھیلاؤ کو دیکھا گیا تھا۔

    ترجمان نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے ایک رکن نے فیلڈ ٹرپ کے دوران ایک جوڑے کو دیکھا اور ان کی تصاویر بھی لیں، جیسے ہی ہم نے اسے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر اپنے صفحات پر شائع کیا تو مختلف متعلقہ محکموں نے ہم سے براہ راست رابطہ کیا اور انھوں نے فوری جواب دیا۔

    مینا پرندے کے خطرے کے بارے میں عادل غریب نے بتایا کہ ہم نے پہلی بار الجزائر میں اس پرندے کی موجودگی کا پتہ چلایا ہے، یہ پرندہ ہزاروں کے گروہوں میں حملہ کرتا ہے، ایک غیر ملک میں فلمائی گئی ایک ویڈیو کے مطابق اس کے گروہ میں شامل پرندوں کی کی تعداد 5000 تک پہنچ جاتی ہے۔

    پرندوں کی افزائش کے لیے ایسوسی ایشن کے ایک رکن نے کئی تجاویز اور اقدامات تجویز کیے جو ان کے مطابق اس پرندے کے خطرے کو کم کرنے کے لیے اٹھائے جانے چاہئیں۔

  • دنیا کی تیسری اور افریقہ کی سب سے بڑی مسجد کا افتتاح

    دنیا کی تیسری اور افریقہ کی سب سے بڑی مسجد کا افتتاح

    الجزائر میں دنیا کی تیسری اور افریقہ کی سب سے بڑی مسجد کا افتتاح کردیا گیا، الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون نے الجزائر کی جامع مسجد کا باضابطہ افتتاح کیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس مسجد کو پہلی مرتبہ اکتوبر 2020 میں نمازیوں کیلیے کھولا گیا تھا لیکن صدرعبدالمجید تبون کورونا میں مبتلا ہونے کے باعث شریک نہیں ہوسکے تھے، اس وسیع وعریض مسجد میں ایک لاکھ 20 ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے۔

    اس خوبصورت مسجد کی خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں دنیا کا بلند ترین مینار بھی موجود ہے جس کی اونچائی 267 میٹر ہے۔ مینار میں لفٹس اور دیکھنے کیلیے ایک پلیٹ فارم نصب ہے جہاں سے دارالحکومت اور خلیج الجزائر کا نظارہ کیا جا سکتا ہے۔

    مقامی طور پر جامع الجزائر کے نام سے معروف یہ جدید انفراسٹرکچر تقریبا 70 ایکڑ تک پھیلا ہوا ہے، تاہم یہ رقبہ سعودی عرب میں مقدس ترین مقامات مکہ اور مدینہ منورہ کی مساجد سے کم ہے۔

    جامع الجزائر کی لاگت 800 ملین ڈالر سے زیادہ ہے اور اس کی تعمیر 7 سال کے عرصے میں مکمل کی گئی، مسجد کے اندرونی حصے کو اندلس کے انداز میں لکڑی، سنگ مرمر اوردیگر قیمتی اشیا سے سجایا گیا ہے۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ نے خبردار کردیا

    خیال رہے عبدالمجید تبون کی صدارت کی مدت باضابطہ طور پر اس سال کے آخر میں ختم ہوجائے گی تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ وہ دوسری مدت کے لیے انتخاب لڑیں گے یا نہیں۔

  • ہزاروں گاڑیاں، دس ہزار باراتی، ہنی مون ٹکٹس، موکا نامی غریب نابینا کی شادی نے دنیا کو حیران کر دیا

    ہزاروں گاڑیاں، دس ہزار باراتی، ہنی مون ٹکٹس، موکا نامی غریب نابینا کی شادی نے دنیا کو حیران کر دیا

    شمال افریقی ملک الجزائر کی ایک تاریخی شادی نے لوگوں کو ورطہ حیرت میں ڈالا ہوا ہے، جب ایک مفلس نابینا کی شادی میں ہزاروں لوگ بینڈ باجوں کے ساتھ شرکت کے لیے پہنچ گئے، اور دولھے کے لیے ہنی مون کے کئی ٹکٹس بھی پیش کر دیے۔

    دراصل الجزائر کے صوبے حنشلہ سے تعلق رکھنے والے ایک نہایت غریب پیدائشی نابینا شہری شمس الدین عرف موکا نے جب اپنے درزی کے سامنے ایسے ہی اپنی غربت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھ غریب کی شادی میں کون شرکت کرے گا‘‘ تو انھیں گمان بھی نہیں تھا کہ ان کی شادی نہ صرف ان کے لیے بلکہ پورے الجزائر کے لیے ایک یادگار موقع بننے والی ہے۔

    موکا اپنی والدہ کے ہمراہ درزی کے پاس شادی کا سوٹ سلوانے گیا تھا، اس نے درزی سے کہا کہ وہ اپنی شادی سے ماں اور ہونے والی بیوی کو خوش دیکھنا چاہتا ہے۔ موکا کے جانے کے بعد درزی نے سوشل میڈیا پر موکا کی تصویر کے ساتھ اس پیغام کو شیئر کر دیا، اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ وائرل ہو گیا۔

    حیرت انگیز بات یہ تھی کہ صرف الجزائری ہی نہیں بلکہ پڑوسی ملکوں تیونس اور لیبیا سے بھی لوگ اس شادی میں شرکت کے لیے پہنچ گئے، جن میں بچے بڑے اور خواتین سب شامل تھے، لوگوں نے موکا کے گھر کو تحائف، گھریلو سامان، زیورات سے بھر دیا، 2 ہزار سے زیادہ کاروں میں لوگ آئے، 100 سے زیادہ موٹر سائیکلوں پر لوگ آئے، اور 50 کے قریب گھڑ سوار تھے، شادی میں شریک لوگوں کی تعداد دس ہزار کے قریب تھی۔

    کئی میوزک بینڈز بھی اس شادی کو منانے کے لیے پہنچ گئے، لوگوں نے سڑکوں پر رقص کیا، دولھے کو کندھوں پر اٹھا کر دلھن کے گھر لے گئے، دولھا دولہن کو لوگوں نے ترکی اور تیونس کے ہنی مون ٹکٹس بھی فراہم کر دیے۔

  • الجزائر: تین بھائیوں نے بیویوں کو ایک ساتھ طلاق دے دی

    الجزائر: تین بھائیوں نے بیویوں کو ایک ساتھ طلاق دے دی

    الجزائر: شمالی افریقی ملک الجزائر میں تین بھائیوں نے بیویوں کو ایک ساتھ طلاق دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق مقامی میڈیا نے بتایا ہے کہ الجزائر میں تین بھائیوں نے مبینہ طور پر اپنی بوڑھی ماں کی دیکھ بھال میں ناکامی پر اپنی بیویوں کو ایک منٹ سے بھی کم وقت میں طلاق دے دی۔

    گلف نیوز نے مقامی میڈیا رپورٹس کے حوالے سے بتایا کہ تینوں بھائی جب کام کام سے گھر واپس آئے تو انھوں نے دیکھا کہ ان کی بیویوں کی جگہ پڑوسی خاتون ان کی بیمار ماں کو نہلا رہی ہے، یہ دیکھ کر وہ سخت طیش میں آ گئے اور ایک ہی وقت میں تینوں نے انھیں طلاق دے دی۔

    رپورٹ کے مطابق بوڑھی ماں کی ایک بیٹی ہفتے میں دو بار ان کی دیکھ بھال کے لیے آ جاتی تھی، لیکن حال ہی میں کینسر میں مبتلا ہونے والے شوہر کی دیکھ بھال کی وجہ سے نہیں آ سکی تھی۔

    اس پر تینوں بھائیوں نے اپنی بیویوں سے کہا کہ وہ ان کی ماں کا خیال رکھیں، لیکن انھوں نے اس سے انکار کر دیا، معاملات مزید خراب تب ہوئے جب بھائیوں نے دیکھا کہ بوڑھی ماں کو بیویوں نے پڑوسیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔

  • پانی کے کنوئیں موت کا گڑھا بن گئے، تصاویر وائرل

    پانی کے کنوئیں موت کا گڑھا بن گئے، تصاویر وائرل

    الجزائر : مراکش میں پانچ سالہ بچے ریان کی افسوسناک موت کے بعد الجزائر میں سوشل میڈیا کے صارفین نے غیرآباد اور  پرخطر کنوؤں کوبند کرنے کے لیے سوشل میڈیا پرمہم شروع کی ہے جہاں بھی پرخطر کنواں ہو وہ اسے بند کرادے ہیش ٹیگ بن گیا۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق الجزائر میں کئی علاقوں میں جگہ جگہ کنویں کھلے ہوئے ہیں، مذکورہ کنوئیں کاشتکاروں نے پانی کے بحران سے نمٹنے کے لیے کھودے ہوئے ہیں جو موت کے گڑھے بن گئے۔

    متعلقہ اداروں کی جانب سے کنوؤں کے خطرات سے عوام کو بچانے کے لیے کوئی اص اقدامات نہیں کیا جارہے جس کی وجہ سے اکثر سانحات رونما ہورہے ہیں۔

    مراکشی بچے کے المیے کے تناظر میں الجزائر کے مشرقی صوبے المسیلہ کے حکام نے کاشتکاروں اور کنوؤں سے پانی نکالنے والوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کسی المیے سے بچنے کے لیے کنویں بند کردیں۔

    الجزائرمیں سوشل میڈیا صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ مراکش کے المیے سے بچنے کے لیے غیرمنظم کنوؤں کے خطرات کا سدباب کیا جائے خود الجزائر میں بھی تین برس قبل مراکش جیسا واقعہ پیش آچکا ہے۔

    متعددعرب ملکوں نےغیر محفوظ اورغیر منظم کنوؤں کے خطرات سے بچنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔

    سعودی وزارت ماحولیات و پانی و زراعت اب تک 2450 غیر آباد کنویں بند کراچکی ہے۔ سعودی وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے اس حوالے سے ایک فون نمبر مختص کیا ہے جس پر مقامی شہری غیر آباد کنوؤں کے حوالے سے رپورٹ کرسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : پانچ دن کا ریسکیو آپریشن مراکشی بچے کی دردناک موت کی خبر پر ختم (ویڈیوز)

    یاد رہے کہ مراکش میں ایک کنویں میں گزشتہ چار روز سے پھنسا ہوا ایک پانچ سالہ بچہ امدادی حکام کی کوششوں کے باوجود ہلاک ہوگیا ہے۔

    ریان نامی اس بچے کو کنویں سے نکالنے کی کوششوں پرسب کی توجہ مرکوز تھی اور سینکڑوں لوگ اس کنویں پر پہنچ گئے تھے اور ہزاروں لوگ انٹرنیٹ پر اس حوالے سے لمحہ بہ لمحہ خبریں پڑھ رہے تھے۔

  • صحرا نے برف کی چادر اوڑھ لی

    صحرا نے برف کی چادر اوڑھ لی

    شمالی افریقی ملک الجزائر کے صحرائے کبریٰ نے تاحد نگاہ برف کی چادر تان لی ہے، گزشتہ 40 سال میں یہ منظر پانچویں مرتبہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق الجزائری فوٹو گرافر کریم بوشتاتہ نے انسٹاگرام پر صحرائے کبریٰ کے علاقے عین الصفرا کی تصاویر شیئر کی ہیں۔

    صحرائے کبریٰ انتہائی گرم علاقہ ہے جو کم و بیش 11 افریقی ممالک میں لگتا ہے جن میں الجزائر، لیبیا، مصر، ماریطانیہ، مراکش اور دیگر شامل ہیں۔

    یہ دنیا کا سخت ترین اور دشوار گزار علاقہ مانا جاتا ہے جہاں درجہ حرارات 50 سینٹی گریڈ سے تجاوز کر جاتا ہے۔

    تاہم صحرائے کبریٰ میں ان دنوں درجہ حرارت منفی 2 ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ریت پر برف کی تہہ جم گئی ہے۔

  • الجزائر کے جنگلات میں آگ سے جانی نقصان بڑھ گیا

    الجزائر کے جنگلات میں آگ سے جانی نقصان بڑھ گیا

    الجزائر: شمالی افریقی ملک الجزائر کے جنگلات میں لگی آگ میں انسانی جانوں کا نقصان بڑھ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الجزائر کے جنگلات میں لگی آگ کے نتیجے میں اموات کی تعداد 65 تک پہنچ گئی، جن میں 28 فوجی اور 37 شہری شامل ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگلات میں بھڑکتی آگ بجھانے کی کوششوں میں اٹھائیس فوجی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، الجزائر سرکاری ٹی وی کے مطابق آگ سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں دارالحکومت الجزائر سے تقریباً 100 کلومیٹر مسافت پر واقع صوبہ تزی اوزو سرفہرست ہے۔

    الجزائر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملک کے 18 صوبوں میں 71 مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے، تزی اوزو میں 22 مقامات پر، شمال مشرقی ساحلی پٹی کے صوبوں بیجایا اور تاریف میں 13 مقامات اور صوبہ جیجل میں 11 مقامات پر لگی آگ کے خلاف جدوجہد جا رہی ہے۔

    الجزائری وزیر داخلہ کامل بلجود نے بتایا تھا کہ آگ پیر 9 اگست کو بھڑکی تھی، انھوں نے اس کی ذمہ داری ایسے افراد پر ڈالی تھی جو مجرمانہ ذہنیت کے حامل ہیں، اور آگ بھڑکانے میں دل چسپی رکھتے ہیں۔

    واضح رہے کہ اس وقت دنیا کے مختلف ممالک میں جنگلوں میں آگ بدستور بے قابو ہے، یورپ، امریکا اور شمالی افریقا کے بعض ممالک میں جنگلاتی آگ سے شدید جانی و مالی نقصان ہو چکا ہے، مختلف بستیوں کو خالی کرایا جا رہا ہے تا کہ انسانوں کی زندگیاں بچائی جا سکیں۔

  • الجزائر : صدر نے پارلیمنٹ تحلیل کردی، جلد انتخابات کا اعلان

    الجزائر : صدر نے پارلیمنٹ تحلیل کردی، جلد انتخابات کا اعلان

    الجزائر کے صدر نے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کو تحلیل کر کے قبل از وقت انتخابات کا اعلان کردیا، صدر عبدالمجید تبون نے کہا کہ ہم جلد ہی پارلیمانی انتخابات کا آغاز کریں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی افریقی ملک الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون نے پارلیمنٹ کو تحلیل کردیا ہے اور جلد از جلد پارلیمانی انتخابات کا اعلان کیا ہے۔

    جزائری ٹیلیویژن پر نشر ہونے والے قوم سے اپنے خطاب میں عبدالمجید تبون نے کہا کہ میں نے قومی ایوان نمائندگان کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ ہم جلد ہی انتخابات کا آغاز کریں گے۔

    صدر نے کہا کہ انتخابات کے ذریعہ نوجوان طبقے کو پارلیمنٹ میں داخل ہونے کا موقع میسر آئے گا۔ عبدالمجید تبون نے آئندہ چند دنوں میں حکومتی عہدوں میں ردو بدل کا بھی اعلان کرتے ہوئے مزید کہا کہ متعدد وزراء کی کارکردگی انتہائی خراب رہی ہے۔

    قابل ذکر بات یہ ہے کہ الجزائر میں گزشتہ پارلیمانی انتخابات مئی2017 میں ہوئے تھے جبکہ نئے الیکشن کا شیڈول سنہ 2022 کا ہے۔

  • 2 ہزار سال قدیم رومی حمام جو آج بھی عوام کے لیے کھلا ہے

    2 ہزار سال قدیم رومی حمام جو آج بھی عوام کے لیے کھلا ہے

    شمالی افریقی ملک الجزائر میں 2 ہزار سال قدیم رومی حمام آج بھی فعال ہے اور مقامی و غیر ملکی افراد کی بڑی تعداد یہاں کا رخ کرتی ہے۔

    قدیم ادوار میں گرم حمام کئی خطوں میں پائے جاتے تھے جو روزمرہ زندگی کا لازمی جزو ہوتے تھے۔ حمام ایک سماجی حیثیت رکھتے تھے جو لوگوں کی جسمانی صحت پر بھی مفید اثرات مرتب کرتے تھے۔

    ایسا ہی ایک قدیم حمام الجزائر میں بھی موجود ہے جو آج بھی فعال ہے۔ ایک زمانے میں الجزائر میں رومی حکومت کیا کرتے تھے، یہ قدیم حمام اسی دور کی یاددگار ہے۔ اس حمام کو قومی ثقافتی ورثے میں شامل کیا جا چکا ہے۔

    الجزائر کے شمالی حصے میں الہما نامی قصبے میں واقع یہ حمام سطح سمندر سے 4 ہزار 9 سو 21 فٹ بلند ہے۔ یہاں کا پانی نہایت صاف شفاف اور معدنیات سے بھرپور ہے۔

    یہاں 70 سینٹی گریڈ تک گرم پانی گٹھیا، جلدی امراض اور سانس کے امراض میں افاقہ کرتا ہے جبکہ یہاں فزیو تھراپسٹ بھی موجود ہیں جو مساج اور ہائیڈرو تھراپی کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔

    حمام میں خواتین کے لیے بھی علیحدہ حصہ مخصوص ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ہر سال 7 لاکھ کے قریب افراد یہاں کا رخ کرتے ہیں اور یہاں کی سہولیات سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔