Tag: ali amin gandapur

  • علی امین گنڈاپور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے بغیر پروٹوکول اڈیالہ جیل پہنچ گئے

    علی امین گنڈاپور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے بغیر پروٹوکول اڈیالہ جیل پہنچ گئے

    لاہور: علی امین گنڈاپور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے بغیر پروٹوکول اڈیالہ جیل پہنچ گئے۔

    جیل ذرائع کے مطابق خیبر پختون خوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئی ہے، علی امین بغیر سرکاری پروٹوکول اڈیالہ جیل پہنچے تھے جہاں بانی پی ٹی آئی سے ان کی ملاقات کانفرنس روم میں کروائی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں بانی پی ٹی آئی سے خیبر پختون خوا جیل منتقلی سے متعلق بھی بات ہوئی ہے۔

    واضح رہے کہ سیکیورٹی تھریٹ کے پیش نظر اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، اڈیالہ جیل کے باہر خار دار تار لگائی جا رہی ہے، اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے، اڈیالہ روڈ پر ناکے قائم کر دیے گئے ہیں۔

    جیل کے مرکزی دروازے پر ملاقاتوں پر پابندی کے بینر آویزاں کیے گئے ہیں، جیل حکام کے مطابق اڈیالہ جیل میں صرف متعلقہ افراد کو جانے کی اجازت ہے، میڈیا کی گاڑیوں کو جیل سے دو کلومیٹر دورکھڑے ہونے کی اجازت ہے۔

    صحافی اسد طور کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا

  • علی امین گنڈاپور کی وزیر اعظم شہباز شریف سے پہلی ملاقات، کے پی واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی

    علی امین گنڈاپور کی وزیر اعظم شہباز شریف سے پہلی ملاقات، کے پی واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی

    اسلام آباد: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے آج وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں انھوں نے صوبے کے 1500 ارب روپے کے واجبات کلیئر کرنے کا مطالبہ کیا۔

    ملاقات کے بعد احسن اقبال کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وزیر اعظم سے صوبے کی صورت حال پر گفتگو ہوئی، انھوں نے بھرپور تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے، معاشی صورت حال کا ہمیں بھی پتا ہے لہٰذا اس کو دیکھ کر ہی مطالبات کریں گے۔

    انھوں نے کہا بات چیت ہوگی تو سیاسی معاملات بھی بہتر ہوں گے، پاکستان ہمارا ملک ہے کے پی کے وسائل ملک کے لیے استعمال ہوئے، خوشی کی بات ہے۔ علی امین گنڈاپور نے وضاحت کی کہ ہمارا مؤقف یہ نہیں تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان کو فنڈز فراہم نہ کرے، ہمارا مؤقف تھا کہ جو انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے اس کی تحقیقات ہوں۔

    ن لیگی رہنما احسن اقبال نے اس موقع پر کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کے بعد کے پی واجبات کے مسائل حل کیے جائیں گے، وزیر اعظم نے وزارت خزانہ کے افسران کو ہدایت کی ہے واجبات کے مسائل حل کریں۔ اس سلسلے میں وفاقی وزارت خزانہ اور خیبر پختون خوا وزارت خزانہ کے افسران مل کر کام کریں گے۔

    انھوں نے کہا وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا نے قیدیوں سے متعلق بھی گفتگو کی، بے گناہ قید شہریوں کی رہائی سے متعلق بھی بات چیت ہوئی ہے۔ ہم سب اپنی سیاست کرتے رہیں گے لیکن ملک کے لیے خطرات کا مل کر مقابلہ کرنا ہے، پاکستان کے لیے ہر وہ کام کریں گے جس کی امید عوام ہم سے رکھتے ہیں۔

  • ساڈا حق ایتھے رکھ میرا نعرہ ہے: علی امین گنڈاپور

    ساڈا حق ایتھے رکھ میرا نعرہ ہے: علی امین گنڈاپور

    پشاور: خیبر پختون خوا کے نامزد وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ’ساڈا حق ایتھے رکھ‘ ہی نعرہ میرا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج پیر کو پشاور ہائیکورٹ کے باہر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پارٹی شمولیت کے لیے لیگل ٹیم معاملات دیکھ رہی ہے، حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔

    انھوں نے کہا ’ساڈا حق ایتھے رکھ‘ ہی میرا نعرہ ہے، وفاق سے خیرات نہیں اپنا حصہ مانگیں گے، خیبر پختون خوا کے حقوق وفاق کو ہر حال میں دینا ہوں گے۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا صوبے میں معاشی بحران ختم کرنے کے لیے اقدامات کریں گے، 2 سال میں معاشی مسائل بہت زیادہ ہو گئے ہیں، ان چیلنجز سے نمٹنے کی کوشش کریں گے۔

    نامزد وزیر اعلیٰ نے وعدہ کیا کہ نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار دیں گے، نوجوانوں کو اسکلز ٹریننگ دے کر اپنا کاروبار شروع کرائیں گے، جب کہ خواتین کے شرعی مسائل کے حل کے لیے انھیں مفت قانونی معاونت دی جائے گی۔

  • 9 مئی پر آج بھی وہی مؤقف ہے کہ یہ سب کچھ ہم نے نہیں کیا: علی امین گنڈاپور

    9 مئی پر آج بھی وہی مؤقف ہے کہ یہ سب کچھ ہم نے نہیں کیا: علی امین گنڈاپور

    پی ٹی آئی کے نامزد وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے 9 مئی پر آج بھی وہی مؤقف ہے کہ یہ سب کچھ ہم نے نہیں کیا۔

    پی ٹی آئی کے نامزد وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈا پور نے پشاور میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو ہم نے کچھ نہیں کیا تحقیقات ہوں گی تو پتہ چلے گا کہ 9 مئی کرایا گیا ہے۔

    علی امین گنڈا پور نے کہا کہ فیصل آباد میں رانا ثنااللہ کے گھر جانے سے روکا گیا مگر سرکاری املاک کی طرف جانے دیا گیا، پارٹی پالیسی یہ نہیں تھی کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا جائے، میں ڈی آئی خان میں تھا مگر میرے اوپر 9 اضلاع میں ایف آئی آرز درج ہوئیں، ایک بندہ ایک وقت میں پورے پاکستان میں کیسے ہوسکتا ہے؟۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں اب آگے بڑھنا ہے، 2 سال میں ملک کو معاشی طور پر نقصان پہنچا ہے، ہم کوئی انتقامی کارروائی نہیں کرینگے، کسی بھی ادارے میں جو لوگ ہیں وہ ہم میں سے ہی ہیں، ہم اصلاح کی کوشش کرینگے، ایسا نظام بنائیں گے کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔

    علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کرینگے، پی ایم پورٹل طرز پر سی ایم پورٹل بنائیں گے، کے پی کے حقوق کیلئے بھرپور کوششیں کرینگے، ہم خیرات نہیں مانگ رہے لوگوں کے حق کی بات کرینگے، کے پی کے عوام کو ایک روپیہ بھی نہ ملے اور میں خاموش رہوں یہ نہیں ہوسکتا۔

    علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ایوان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلوں گا، عوام نے انہیں بھی حلقے اور صوبے کے حق کی بات کیلئے بھیجا ہے، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے ساتھ عارضی طور پر بات چیت ہورہی ہے، قانونی ٹیم دو تین جماعتوں کے ساتھ بات چیت کررہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلے کا نشان جانے سے ہمیں ایک دھچکا لگا، خواتین ارکان کی بھی جدوجہد ہے اس لئے انکو بھی حق ملنا چاہیے، ہماری پہلی کوشش اپنی پارٹی کا پلیٹ فارم لینا ہے، اسمبلی میں کافی نئے ارکان آئے ہیں، کابینہ تشکیل کاعمل شروع ہوچکا جلد سفارشات بانی پی ٹی آئی کو بھجوائیں گے۔

    علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ صوبے کے حق کے لئے مارچ کرنے میں کوئی حرج نہیں، صوبے کے حق کے لئے ہر فورم پر جاؤں گا، امید ہے گھی سیدھی انگلی سے نکل آئے گا، زندگی میں کبھی تھانے نہیں گیا جتنے بھی کیس بنے وہ سب سیاسی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ تجارت کو بڑھانے کے لئے اقدامات کرینگے، 18 ویں ترمیم کے تحت حاصل تمام اختیارات کا استعمال کرینگے، معدنیات پہلی ترجیح ہوگی ساتھ میں سیاحت کا شعبہ بھی اہم ہے، سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اقدامات کرینگے۔

  • امین گنڈاپور کے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم

    امین گنڈاپور کے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم

    سرگودھا : انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے علی امین گنڈا پورمقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کردیں، پی ٹی آئی رہنما کو ایک دن کے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرگودھا کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا، عدالت نے علی امین گنڈا پورمقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کردیں۔

    عدالت نے علی امین گنڈا پور کا مقدمہ بھکر کی عام عدالت میں منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس ایک روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد ملزم کو بھکر عدالت میں پیش کرے۔

    قبل ازیں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں علی امین گنڈا پور کے خلاف بھکر میں چیک پوسٹ حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کو 3 روزہ ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا۔

    پولیس کی جانب سے علی امین گنڈا پور کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ علی امین گنڈا پور کے وکیل نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ کیس عام عدالت میں منتقل کیا جائے۔

    عدالت نے وکلا کے دلال سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا، جو بعد میں سنا دیا گیا۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کے خلاف ضلع بھکر میں مقدمہ درج ہے۔

    بعد ازاں پولیس علی امین گنڈا پور کولے کر بھکر کے لیے روانہ ہوگئی اس موقع پرعدالت کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی۔

  • علی امین گنڈاپور کا 2روزہ راہداری ریمانڈ منظور

    علی امین گنڈاپور کا 2روزہ راہداری ریمانڈ منظور

    اسلام آباد : ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی عدالت نے سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور کا دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔

    علی امین گنڈاپور کا راہداری ریمانڈ لینے کے لیے بھکر پولیس اسلام آباد کچہری پہنچی جہاں ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان کی عدالت میں علی امین گنڈا پور کو پیش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی عدالت نے ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان نے علی امین گنڈاپور کے خلاف 3مختلف مقدمات کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

    فیصلے کے مطابق علی امین گنڈا پور پر ناقابلِ ضمانت دفعات کے تحت تھانہ سرائے مہاجر بھکر میں پہلا مقدمہ درج ہے، سرائے مہاجر بھکر پولیس کی استدعا پر علی امین گنڈاپور کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے۔

    اس کے علاوہ دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج دوسرے مقدمے میں علی امین کا2روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے۔ علی امین گنڈاپور کو 15اپریل کو متعلقہ اے ٹی سی میں پیش کیا جائے۔

    تفصیلی فیصلے کے مطابق بھکر میں درج تیسرے مقدمے میں علی امین گنڈاپور کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے، علی امین کیخلاف تیسرا مقدمہ تھانہ سرائے مہاجر بھکر میں پنجاب اسلحہ آرڈیننس کے تحت درج ہے۔

  • علی امین گنڈا پور ایک دن کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    علی امین گنڈا پور ایک دن کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    اسلام آباد کی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کا ایک دن کا ریمانڈ د یتے ہوئے انہیں کل اے ٹی سی میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے رہنما علی امین کیخلاف تھانہ گولڑہ میں دائرمقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے علی امین گنڈاپور کو ایک دن کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، علی امین گنڈاپور کو کل انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

    عدالت کے روبرو بیان دیتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ مجھ پر چادر ڈالی گئی ہے جس سے میری سانس بند ہو رہی ہے،

    سماعت کے آغاز پر سرکاری وکیل عدنان نے عدالت کو علی امین گنڈا پور پر لگائے گئے انتہائی سنجیدہ نوعیت کے الزامات پڑھ کر سنائے، جس میں کہا گیا ہے کہ علی امین نے آڈیو میں امن و امان قائم کرنے والے اداروں میں خوف و ہراس پیدا کیا۔

    سرکاری وکیل نے بتایا کہ علی امین گنڈا پور نے آڈیو میں اسلام آباد پر قبضہ کرنے کی بات اور کارکنوں کو اسلحہ جمع کرنے کی ہدایات دیں، یہ تمام دفعات ناقابل ضمانت ہیں، قانون کے مطابق علی امین گنڈا پور کو عمر قید کی سزا بنتی ہے۔

    پراسیکیوٹرعدنان نے کہا کہ 22ای میں تو کم سے کم 15دن تک ریمانڈ لیاجاسکتا ہے، جس کے جواب میں عدالت کا کہنا تھا کہ آپ نے تو صرف 5دن کا ریمانڈ مانگا ہے، پراسیکیوٹرعدنان کی جانب سے مختلف کیسز کے حوالے دیے گئے۔

    اس کے بعد علی امین گنڈاپور کے وکیل بابر اعوان نے اپنے دلائل شروع کیے اور بتایا کہ ایف آئی آر میں تاریخ دیکھیں واقعہ2022کاہے،ایک مجسٹریٹ ہے جس نے مقدمہ درج کروایا ہے، پولیس والا جو دھمکی سے ڈرا اس نے بھی مقدمہ نہیں دیا۔

    انہوں نے کہا کہ میں الزامات کی تفصیل اپنی عینک سے پڑھنا چاہوں گا، علی امین گنڈا پور پرالزامات بے بنیاد ہیں، علی امین گنڈا پور نے جنہیں دھمکایا انہوں نے کیس نہیں کیا، انہیں یہ کیسے پتا چلا کہ یہ آڈیو علی امین گنڈا پور کی ہے؟

    وکیل بابر اعوان نے کہا کہ مریم نواز کی آڈیوز آئیں ان پر کتنے پرچے ہوئے؟ علی امین گنڈا پور کی آڈیو پراُس وقت پرچہ کیوں نہیں دیا گیا، کلبھوشن کو سزا نہیں دے سکے، علی امین کے خلاف محاذ کھول لیا، بہت سی ایپس ہیں جن کے ذریعے آوازیں بنائی جارہی ہیں، کیسے فیصلہ کیا گیا کہ یہ علی امین گنڈا پور کی آواز ہے؟

    عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کا ایک دن کا ریمانڈ دیتے ہوئے پولیس کے حوالے کردیا، جبکہ عدالت نے تحریک انصاف کے وکلاء کا مؤقف تسلیم کر تے ہوئے حکم دیا کہ علی امین گنڈا پور کو کل اے ٹی سی میں پیش کیا جائے۔

  • علی امین گنڈا پور کی پیشی : منہ پر چادر ڈال کر لایا گیا

    علی امین گنڈا پور کی پیشی : منہ پر چادر ڈال کر لایا گیا

    اسلام آباد : پی ٹی آئی کے گرفتار رہنما علی امین گنڈا پور کو عدالت میں پیش کردیا گیا، ان کو بھی فواد چوہدری کی طرح جیل سے منہ پر چادر ڈال کر لایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کی پیشی کے موقع پران کےبھائی فیصل امین گنڈاپور ایف ایٹ کچہری پہنچ گئے۔

    اس موقع پر وکیل بابراعوان ،شہزاد وسیم ،اعظم سواتی بھی اسلام آباد کچہری پہنچ گئے، علی امین گنڈا پورکیخلاف تھانہ گولڑہ میں دو مقدمات درج ہیں۔

    مقدمے میں علی امین گنڈا پور کے ساتھی اسد خان کو بھی نامزد کیا گیا ہے، ملزمان نے آڈیو میں کہا کہ اگرعمران خان کو گرفتار کیا گیا تو اسلام آباد پر قبضہ کر لیں گے۔

    ایف آئی آر کے متن میں لکھا ہے کہ ملزمان نے کہا کہ اسلام آباد سے ہم اس حکومت کو ٹیک اوور کر لیں گے۔

  • عدالت نے علی امین گنڈاپور کی درخواست ضمانت خارج کر دی، اشتہاری قرار دینے کی کارروائی

    عدالت نے علی امین گنڈاپور کی درخواست ضمانت خارج کر دی، اشتہاری قرار دینے کی کارروائی

    اسلام آباد: عدالت نے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ کورٹ تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیس میں علی امین گنڈا پور کو مسلسل غیر حاضری پر اشتہاری قرار دینے جا رہی ہے۔

    اس کیس میں آج ہفتے کو راجہ خرم نواز عدالت میں پیش ہوئے جب کہ علی نواز اعوان پیش نہیں ہوئے، علی نواز اعوان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی گئی۔

    مقدمے میں علی امین گنڈا پور کو مسلسل غیر حاضری پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا، علی امین کی درخواست ضمانت بھی خارج کر دی گئی ہے۔

    سول جج رانا مجاہد رحیم نے اس کیس کی سماعت 12 اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔

  • علی امین گنڈاپور کے بھائی نااہل قرار ، وفاقی وزیر پر عوامی اجتماعات سے خطاب پر پابندی عائد

    علی امین گنڈاپور کے بھائی نااہل قرار ، وفاقی وزیر پر عوامی اجتماعات سے خطاب پر پابندی عائد

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کے بھائی عمر امین کو نااہل قرار دےدیا اور وفاقی وزیر کو عوامی اجتماعات سے خطاب سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مختصر فیصلہ جاری کردیا ، جس میں الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کے بھائی عمر امین کو نااہل قرار دے دیا۔

    عمر امین گنڈا پور کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نااہل کیا گیا ، عمرامین گنڈاپورڈی آئی خان سے پی ٹی آئی کے تحصیل میئر کے امیدوار ہیں۔

    چیف الیکشن کمشنر نے علی امین گنڈاپور کو 50 ہزارروپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کو عوامی اجتماعات سے خطاب سے روک دیا۔

    الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کو ڈی آئی خان میں داخلے کی اجازت دے دی تاہم وہ کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

    فیصلے کے مطابق علی امین گنڈا پور صرف گھریلو تقریبات میں شریک ہوسکیں گے تاہم پھر خلاف ورزی کی تو سخت کاروائی ہوگی۔

    یاد رہے 3 روز قبل الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے خلاف ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    اس سے قبل الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کو خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران ضلع بدر کرنے کا حکم دیا تھا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال جولائی میں الیکشن کمیشن نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے دوران بھی وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈاپور پر انتخابی جلسوں اور ریلیوں میں شرکت اور تقاریر پر پابندی لگادی تھی۔