Tag: Ali Geelani

  • لاکھوں بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں انتخابی ڈرامہ قابل اعتبار نہیں، سید علی گیلانی

    لاکھوں بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں انتخابی ڈرامہ قابل اعتبار نہیں، سید علی گیلانی

    سری نگر:مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ 10لاکھ بھارتی افواج اور نیم فوجی فورسز کی موجودگی میں انتخابی ڈرامے کی کوئی اعتباریت اوروقعت نہیں ہے ۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ انتخابی ڈرامہ جمہوری عمل کے بجائے محض ایک فوجی مشق ہے لیکن بھارت اس کو اپنے جبری قبضے کے حق میں جواز کے طور پر پیش کرکے عالمی برادری کو گمراہ کررہاہے۔

    انہوں نے نام نہاد بھارتی پارلیمانی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ اور حلقے کے پولنگ والے علاقوں میں مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم حصولِ حقِ خودارادیت کے لیے عظیم اور بے مثال قربانیاں پیش کررہی ہے اور ان قربانیوں کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ عوام ہر اس عمل سے دور رہیں جو آزادی کے سفرکو طویل بنائے اور جس سے ان قربانیوں پر حرف آئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے سری نگر پارلیمانی انتخابات کے دوران میں جس جذبے، حوصلے اور یکسوئی کا مظاہرہ کیا ہے اس کوایک بار پھر دہرانے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کویہ واضح پیغام جائے کہ انتخابی ڈرامے رائے شماری کانعم البدل نہیں ہوسکتے جس کا کشمیری قوم کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر وعدہ کیا گیا ہے اور جس کے لیے کشمیری عوام جدوجہد کررہے ہیں۔

    حریت چیئرمین نے کہاکہ ووٹ ڈالنا ہمارے شہداءکے روح کو اذیت پہنچانے کا موجب بنتا ہے اور بھارت اس کو بین الاقوامی فورمز پر ایک کارڈ کے طور استعمال کرتا ہے اور دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے ساتھ خوش ہیں اور انتخابات میں حصہ لے کر وہ جبری اور فرضی الحاق کی توثیق کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب بھارت نے کشمیریوں کے خلاف ہر محاذ پر جنگ چھیڑ رکھی ہے، کسی فرد کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ قوم کے اجتماعی مفاد کے ساتھ غداری کرکے دشمن کے خاکوں میں رنگ بھرنے کے لیے انتخابی ڈراموں میں حصہ لے یا ووٹ ڈالے۔

  • جموں وکشمیر بھارتی حکمرانوں کی جاگیرنہیں، حریت رہنما

    جموں وکشمیر بھارتی حکمرانوں کی جاگیرنہیں، حریت رہنما

    سری نگر:مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے قابض انتظامیہ کی طر ف سے جموں سرینگر ہائی وے کو ہفتے میں دو دن عوام کے لیے بند کرنے اور صرف فوجی نقل و حرکت کیلئے مخصوص کرنے کے آمرانہ حکم نامے کی شدید مذمت کی ہے ۔

    کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی حکمرانوں کوخبردار کیاکہ پوری وادی کشمیر کو قبرستان میں تبدیل کرنے کے بعد اب عام لوگوں کی گردنوں پر پھندا ڈال کر انہیں تڑپنے پر مجبور کرنے کے بھیانک نتائج نکلیں گے ۔

    انہوں نے کہاکہ جموںوکشمیر بھارتی حکمرانوں کی جاگیر نہیں اور کشمیری عوام ان کے غلام نہیں ہیں کہ جب جو چاہیں وہ بغیر پوچھے لوگوں کو عذاب وعتاب میں مبتلا کر دیں۔انہوں نے کہا کہ آمدورفت کے ذرائع انسان کے روزمرہ کے معمولات کے لیے ہی نہیں، بلکہ ہنگامی حالات، خوشی اور غمی کے موقعوں پر بھی استعمال کئے جاتے ہیں اور لوگوں کی بنیادی ضروریات پر قدغن لگانا فسطائیت، سفاکیت اور چنگیزیت کی بدترین مثال ہے۔

    سیدعلی گیلانی نے کہا کہ ہٹلر اور ہلاکو خان نے بھی ایسے بے رحمانہ اور عام لوگوں کو تختہ مشق بنانے والے اقدامات نہیں کئے ہوں گے جو بی جے پی کے انتہا پسند اور متعصب حکمران جمہوریت کا مکھوٹا پہن کر بڑی ڈھٹائی سے انجام دے رہے ہیں۔

    انہوں نے واضح کیا کہ ایسے آمرانہ فیصلے کشمیری عوام کو ہر گز قبول نہیں ۔ حریت چیئرمین نے کہاکہ کشمیری عوام کی اس سے بڑی بدقسمتی اور بدنصیبی اورکیا ہوگی کہ انہیں جو علاقے کے پشتینی مکین ہیں، ان ہی کو خوشی یا غمی کے لیے اپنے ہی وطن کی زمین استعمال کرنے کے لیے قابض افسروں اور بیرو کریٹس سے اجازت لینی پڑے گی۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کو اپنے گھر میں ہی قید کر کے بھارت سے آئے ہوئے فوجیوں کو بغیر کسی خلل کے پوری آزادی سے کشمیر کے اطراف واکناف میں آمد ورفت کی کھلی چھوٹ ہوگی۔

    سیدعلی گیلانی نے انسانی حقوق کی علمبردارتنظیموں ، اقوامِ عالم کے ذی حس اداروں اور خود بھارت کے حساس شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے ظالمانہ اور جابرانہ اقدامات کے خلاف کشمیریوں کا ساتھ دے کر ان انسانیت کُش اقدامات کی حوصلہ شکنی کرنے میں ہماری مدد کریں۔

    انہوں نے اس مسئلہ کو انتہائی سنگین اور غیر معمولی اہمیت کا حامل واقعہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس کے خلاف تمام مکتبہ ہائے فکر کے افراد، تنظیموں ، گروپوں، تاجروں، ٹرانسپورٹروں اور وکلاءسے مشاورت کے بعد مشترکہ طور پرآئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

  • بھارتی حکومت سے شہدا کے خون کی قیمت طلب نہ کریں: علی گیلانی

    بھارتی حکومت سے شہدا کے خون کی قیمت طلب نہ کریں: علی گیلانی

    سرینگر : کل جماعتی حریت کانفرنس کے سربراہ سید علی گیلانی نے کشمیر میں خون خرابے کا ذمہ دار بھارت کو قرار دے دیا‘ یہ بھی کہا کہ حکومت سے شہدا کے خون کی قیمت طلب نہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ریاست میں جاری خون خرابے پر سخت افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کا ذمہ دار بھارتی حکومت کوقراردیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی حکومت کشمیر کے حوالے سے ضد اور ہٹ دھرمی کی پالیسی پر قائم ہے۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے کولگام میں شہید ہونے والے نوجوانوں جنید متو اور عادل احمد میرکے نماز جنازہ سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکے مقدس خون کا تقاضا ہے کہ ہم ان کے چھوڑے ہوئے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا حق ادا کریں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان شہدا کے خون کی قیمت ظالم اور جابر سے مراعات کے عوض طلب نہ کریں، یہی ہمارے لیے شہداءکے حق میں بہترین خراج ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال کشمیر میں برہان وانی کی شہادت کےبعد بھارت کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں شدت آگئی تھی اور تحریکِ آزادی کی عوامی جدوجہد میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

    بھارت نے کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے وادی میں تشدد کا راستہ اختیار کیا اور نہتے مظاہرین پر پیلٹ گنوں کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے سبب عالمی سطح پر بھارت کو مذمت کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ کچھ دن قبل آرمی چیف قمر باجوہ نے بھارتی جارحیت کا کامیابی سے مقابلہ کرنے پر کشمیریوں کی جرات کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ معصوم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے حمایت جاری رکھیں گے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔