Tag: ali-jahangir-siddiquis

  • علی جہانگیرصدیقی کی امریکا میں سفیر تعیناتی ،وفاقی حکومت سے جواب طلب

    علی جہانگیرصدیقی کی امریکا میں سفیر تعیناتی ،وفاقی حکومت سے جواب طلب

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے علی جہانگیر صدیقی کو امریکہ میں پاکستانی سفیر تعینات کرنے کے خلاف درخواست پروفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے علی جہانگیر صدیقی کو امریکا میں بطور پاکستانی سفیر تعینات کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

    درخواست گزار جاوید اقبال جعفری نے موقف اختیار کیا کہ علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی طریقہ کار اور میرٹ کے برعکس کی گئی، علی جہانگیر صدیقی کی تعلیمی قابلیت بی اے ہے اور سفارتکاری کا تجربہ نہ ہونے کے سبب ملکی مفادات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    دائر درخواست میں کہا گیا کہ امریکہ جیسے ملک میں سینئر اور تجربہ کار سفارتکار کی تعیناتی سے قبل پارلیمنٹ اور کابینہ کی منظوری میں ہی ملکی مفاد وابستہ ہے، میرٹ کے برعکس علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیا جائے ۔

    عدالت نے وفاقی حکومت، وفاقی سیکرٹری کابینہ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سے جواب طلب کر لیا۔

    یاد رہے کہ 22 مارچ کو امریکا میں نامزد پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نیب کی تین رکنی تحقیقاتی ٹیم کے روبرو  پیش  ہوئے اور سوالات کے جوابات دیئے۔

    نیب کی تفتیشی ٹیم نے علی جہانگیر صدیقی کو ایک سوال نامہ دیا، جس میں ان کی کمپنیوں اور شئیرز کی خریدوفروخت کے حوالے سے 45 سوالات درج ہیں اور کہا گیا کہ  دو ہفتے کے اندر  ان کے جوابات فراہم کریں۔

    نیب ذرائع کے مطابق علی جہانگیر صدیقی پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی کمپنیوں کے حصص کی خرید و فروخت میں بے ضابطگی کی، ایزگارڈ نائن میں منی لانڈرنگ اور انسائڈر ٹریڈنگ کا الزام ہے جبکہ ایگری ٹیک شیئرز میں بھی انسائڈرٹریڈنگ کی انکوائری ہو رہی ہے۔

    واضح رہے چندروز قبل حکومت پاکستان نے پاکستان میں امریکہ کے سفیر اعزاز چوہدری کی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد علی جہانگیرصدیقی کوسفیر نامزد کیا تھا۔

    سابق سفیروں نے علی جہانگیر صدیقی کی بطور سفیرِ امریکہ نامزدگی کی مخالفت کی تھی  جبکہ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے بھی کڑی تنقید کی گئی۔

    خیال رہے کہ علی جہانگیر صدیقی ملک کے معروف کاروباری گروپ جے ایس گروپ کے مالک جہانگیر صدیقی کے صاحبزادے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • علی جہانگیرامریکامیں بطور سفیرتعیناتی کیس، وفاق کوکل تک تحریری جواب جمع کرانے کاحکم

    علی جہانگیرامریکامیں بطور سفیرتعیناتی کیس، وفاق کوکل تک تحریری جواب جمع کرانے کاحکم

    اسلام آباد : علی جہانگیر صدیقی کی امریکا میں بطورپاکستانی سفیر تعیناتی سے متعلق سماعت میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاق کو کل تک تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دےدیا۔

    تفصیال ت کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ میں علی جہانگیر صدیقی کی امریکا میں بطور پاکستانی سفیرتعیناتی سےمتعلق سماعت سنگل رکنی بنچ جسٹس اطہرمن اللہ نے کی۔

    دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل راشد حنیف نےعدالت کو بتایاکہ درخواست قبل ازوقت ہے،علی جہانگیرکی بحیثیت امریکی سفیرتعینانی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔

    جس پر جسٹس اطہر  من اللہ نے استفسار کیاکہ ٹھیک ہےتوآپ کےبیان کوریکارڈ کاحصہ بنالوں؟یہ حساس معاملہ ہے۔

    جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ کیریئرڈپلومیٹس کوکیوں نظراندازکیا گیا؟عدالت کو مطمئن نہیں کریں گے تو سیکرٹری خارجہ کو بلائیں گے پبلک انٹرسٹ کا کیس ہے، آج ہی عدالت کو وفاق تحریری جواب دے۔

    عدالت نے ڈپٹی اٹارٹی جنرل کو کل تک وفاق کا تحریری جواب اورمؤقف جمع کرانے کاحکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔


    مزید پڑھیں  :عدالت نےعلی جہانگیرصدیقی کوامریکہ میں سفیرتعینات کرنے پرجواب طلب کرلیا


    اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے علی جہانگیر صدیقی کو امریکہ میں پاکستانی سفیر تعینات کرنے سے متعلق درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے اٹارنی جنرل، سیکرٹری کابینہ ڈویژن، سیکرٹری خارجہ، وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری سمت علی جہانگیرصدیقی کو نوٹسز جاری کے فریقین سے جواب طلب کرلیا تھا۔

    گزشتہ ماہ علی جہانگیر صدیقی کی امریکا میں بطور سفیر تعیناتی کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر  کی گئی تھی، درخواست میں کہا گیا تھا کہ علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی کا طریقہ کار میرٹ کے برعکس ہے۔ انہیں سفارت کاری کا تجربہ نہ ہونے سے ملکی مفادات کا نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ملکی مفاد کا تقاضا ہے کہ امریکا جیسے ملک میں سینئر اور تجربہ کار سفارت کار کی تعیناتی عمل میں لایا جائے۔

    دائر کردہ درخواست میں کہا گیا کہ امریکا جیسے ملک میں تجربہ کار سفارت کار کی تعیناتی عمل میں لائی جائے۔ تعیناتی میرٹ کے برعکس ہونے کی بنا پر کالعدم قرار دی جائے۔


    مزید پڑھیں :  علی جہانگیر صدیقی کی بطور سفیر تعیناتی کے خلاف درخواست دائر


    خیال رہے کہ 8 مارچ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بزنس مین جہانگیرصدیقی کے صاحبزادے علی جہانگیرصدیقی کو امریکہ میں پاکستان کا سفیر تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔

    سابق سفیروں نے علی جہانگیر صدیقی کی بطور سفیرِ امریکہ نامزدگی کی مخالفت کی تھی  جبکہ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے بھی کڑی تنقید کی گئی۔

    خیال رہے کہ علی جہانگیر صدیقی ملک کے معروف کاروباری گروپ جے ایس گروپ کے مالک جہانگیر صدیقی کے صاحبزادے ہیں جبکہ جہانگیر صدیقی پر کرپشن کے الزمات بھی ہیں جس کی تحقیقات قومی احتساب بیورو (نیب) میں جاری ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔