Tag: Ali Raza Abdi

  • علی رضا عابدی کے قتل اوردیگرواقعات پر ڈی آئی جی ساؤتھ عہدے سے برطرف

    علی رضا عابدی کے قتل اوردیگرواقعات پر ڈی آئی جی ساؤتھ عہدے سے برطرف

    کراچی : آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ساؤتھ کراچی جاوید عالم اوڈھو کو عہدے سے بر طرف کر کے ان کی جگہ شرجیل کھرل کو تعینات کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سید علی رضا عابدی کے بہیمانہ قتل، چینی قونصل خانے پر دہشت گردوں کے حملے اور ڈیفنس میں پراسرار دھماکے کی پے در پے وارداتوں کا آئی جی سندھ نے سختی سے نوٹس لیا ہے۔

    اس حوالے سے آئی جی سندھ سید کلیم امام نے وارداتوں پر قابو نہ پانے اور فرائض میں غفلت پر ڈی آئی جی ساؤتھ کراچی جاوید عالم اوڈھو کو عہدے سے ہٹا دیا، آئی جی سندھ نے یہ ذمہ داریاں شرجیل کھرل کو سونپ دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

    واضح رہے کہ 25دسمبر کی شام کوکراچی کے علاقے ڈیفنس میں اپنی رہائش گا ہ کے پاس متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے تھے انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ علی رضا عابدی کو منانے پہنچ گئے

    ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ علی رضا عابدی کو منانے پہنچ گئے

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے گھر پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم نے ناراض ارکان کو منانا شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے علی رضا عابدی سے ملاقات کی، اس موقع پر ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر کامران ٹسوری بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فاروق ستار کی علی رضا عابدی کے والد سے بھی بات ہوئی۔ اس موقع پر علی رضا عابدی نے اپنے تحفظات ڈاکٹر فاروق ستار کے سامنے رکھے۔

    اطلاعات کے مطابق علی رضا عابدی نے موقف اختیار کیا کہ جب تک ان کے تحفظات دور نہیں کیے جاتے ، وہ پارٹی میں واپس نہیں آئیں گے۔
    اُنھوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ پارتی میں سازشیں کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور پی ایس پی سے دوبارہ انضمام یا اتحاد نہ ہونے کو یقینی بنایا جائے ۔

    انھوں نے ملاقات میں یہ مطالبہ بھی کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان سے الگ ہونے والے اراکن صوبائی و قومی اسمبلی سے متعلق واضح موقف اختیار کیا جائے، جو لوگ پارٹی چھوڑ کر چلے گئے ہیں ،ان کی تنخواہیں رکوانے اور استعفوں کے لیے فوری کارروائی کی جائے ۔

    کمال ستار اتحاد کےباغی علی رضا عابدی نےاستعفیٰ دیدیا*

    یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سر زمین پارٹی کے الحاق اور ایک ہی منشور، نشان اور پلیٹ فورم سے الیکشن لڑنے کے اعلان کے بعد پارٹی میں پھوٹ پڑ گئی تھی۔

    اس موقع پر رضا علی عابدی نے ا یم کیوایم سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے اپنی نشست سے استعفے کا اعلان کر دیا تھا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر استعفے کی کاپی جاری کردی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پرویز مشرف اور ایم کیو ایم علیحدہ جماعتیں‌ ہیں، اتحاد ممکن نہیں، متحدہ پاکستان

    پرویز مشرف اور ایم کیو ایم علیحدہ جماعتیں‌ ہیں، اتحاد ممکن نہیں، متحدہ پاکستان

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ خواجہ اظہار الحسن کی دبئی میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف سے ملاقات ہوئی ہے تاہم میڈیا میں ہونے والی قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں اور متحدہ کا کسی بھی جماعت سے کوئی اتحاد زیر غور نہیں ہے۔

    متحدہ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رابطہ کمیٹی کے رکن اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن اور پرویز مشرف کی دبئی میں ہونے والی ملاقات ہوئی تھی۔

    ترجمان نے کہا کہ خواجہ اظہار الحسن کی اپنے مشترکہ دوستوں کے ہمراہ پرویز مشرف سے ملاقات ہوئی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور کراچی کی ترقی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس ملاقات میں کراچی اور مقامی نمائندوں کے اختیارات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاہم اس ملاقات کو غلط رنگ دے کر میڈیا پر جو خبریں نشر کی جارہیں وہ بے بنیاد ہیں اور اس کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔

    ایم کیو ایم کے ترجمان نے مزید کہا کہ ملاقات کے حوالے سے میڈیا پر شائع کیا جانے والا احمد رضا قصوری کا ویڈیو بیان اُن کی اپنی خواہش ہوسکتا ہے کیونکہ متحدہ کا کسی بھی جماعت سے کوئی اتحاد زیر غور نہیں ہے کیونکہ پرویز مشرف کی اپنی سیاسی جماعت ہے اور ایم کیو ایم ایک علیحدہ پارٹی ہے۔

    متحدہ پاکستان کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم میں مشاورت کا عمل مکمل جمہوری ہے اور رابطہ کمیٹی ہی تمام فیصلوں کا اختیار رکھتی ہے۔

    دوسری جانب آل پاکستان مسلم لیگ کے سنیئر رہنماء احمد رضا قصوری کا ایک ویڈیو پیغام سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے ’’پلس ون‘‘ فارمولا متعارف کروایا ہے۔

    اے پی ایم ایل کے رہنماء نے پلس ون فارمولے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم ایک حقیقت ہے جسے ختم کرنا ناممکن ہے۔ کراچی اور پاکستان کی بہتری کے لیے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو متحدہ کی قیادت سنبھال لینی چاہیے۔

    اس فارمولے کو مسترد کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان نے کے رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ویڈیو شیئر کی جس کے ساتھ انہوں نے واضح طور پر اس فارمولے کو مسترد کردیا ہے۔

    یاد رہے 22 اگست کو اشتعال انگیز تقریر اور میڈیا ہاؤسز پر حملے کے بعد پریس کانفرنس کے لیے آنے والے ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنونیئر اور رکن صوبائی اسمبلی و اپوزیشن لیڈر کو قانون نافذ کرنے والے پریس کلب سے حراست میں لیا تھا تاہم اگلے روز دونوں رہنماؤں سمیت متحدہ کی پوری قیادت نے بانی تحریک اور لندن رابطہ کمیٹی سے اظہارِ لاتعلقی کا اعلان کیا تھا۔

    بعد ازاں متحدہ پاکستان نے پارٹی جھنڈے سے بانی تحریک کا نام ہٹا دیا تھا اور اُن کے خلاف قومی اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد کی حمایت کی تھی جس میں ملک کے خلاف تقریر کرنے پر آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

    متحدہ پاکستان کی علیحدگی کے بعد مختلف سیاسی رہنماؤں اور تجزیہ نگاروں نے مؤقف پیش کیا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ پاک سرزمین پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان اور اے پی ایم ایل کا اتحاد ہوجائے گا جس کی قیادت سابق صدر پرویز مشرف کریں گے۔