Tag: Ali Zafar

  • علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا مہم کا معاملہ،  میشا شفیع کی درخواست مسترد، جرمانہ عائد

    علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا مہم کا معاملہ، میشا شفیع کی درخواست مسترد، جرمانہ عائد

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے میشاء شفیع کی علی ظفر کی مدعیت میں درج ایف آئی اے کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست جرمانے کے ساتھ مسترد کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے میشا شفیع سمیت دیگر کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔

    عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں میشا شفیع سمیت 6 افراد کی درخواستیں جرمانے کے ساتھ خارج کر دیں، عدالت نے میشا شفیع سمیت درخواست گزاروں کو جرمانہ بھی کیا۔

    ملزمان نے علی ظفر کی مدعیت میں ایف آئی اے کے مقدمے کو چیلنج کررکھا تھا، عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    میشا شفیع کی جانب سے ایڈوکیٹ ثاقب جیلانی جبکہ علی ظفر کی جانب سے ایڈوکیٹ عمر طارق نے دلائل مکمل کیے تھے، ایف آئی اے نے علی ظفر کی درخواست پر سائبر کرائم دفعات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے ۔

    درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایف آئی اے نے حقائق کے برعکس مقدمہ درج کیا،ایف آئی اے نے ملزمان کا موقف لیے بغیر مقدمہ درج کیا،عدالت ایف آئی اے کی جانب سے درج مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے۔

    جس پر علی ظفر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج ہوا ملزمان ایف آئی اے کی جانب سے طلب کیے جانے کے باوجود پیش نہیں ہوٸے، ملزمان نے سوشل میڈیا پر علی ظفر کے خلاف منفی مہم چلا کر بدنام کرنے کی کوشش کی،عدالت ملزمان کی دائر درخواستیں خارج کرے۔

  • سوشل میڈیا مہم کیس : میشا شفیع کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    سوشل میڈیا مہم کیس : میشا شفیع کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    لاہور کی مقامی عدالت نے علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا مہم کیس میں میشا شفیع کی حاضری معافی اور ان کا پلیڈر مقرر کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضی ورک نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا، میشا شفیع کے وکیل نے درخواست میں موقف اپنایا کہ میشاء بیرون ملک مقیم ہیں لہٰذا حاضری کی معافی اور ان کی جگہ پلیڈر مقرر کرنے کی اجازت دی جائے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے میشاء شفیع اور ماہم جاوید کی حاضری معافی کی درخواستیں بلاجواز قرار دے کر مسترد کر دی تھیں۔

    اس کے علاوہ عدالت نے ملزمان کو 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروا کے پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہےعدالت نے ملزمہ عفت عمر، فیضان رضا، حسیم الزمان، فریحہ ایوب، علی گل اور لینا غنی کو بھی طلب کر رکھا ہے۔

    ایف آئی اے نے علی ظفر کی مدعیت میں میشا شفیع سمیت 8 ملزمان کے خلاف چالان پیش کیا تھا جس کے مطابق میشا شفیع سمیت ملزمان نے علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر جنسی ہراسانی کی مہم چلائی، مذکورہ ملزمان اپنی صفائی میں عدالت کے سامنے کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کرسکے۔

  • ہتک عزت کیس : گلوکارہ میشا شفیع کے قابل ضمانت وارنٹ جاری

    ہتک عزت کیس : گلوکارہ میشا شفیع کے قابل ضمانت وارنٹ جاری

    لاہور: علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر  علی ظفر مخالف مہم چلانے کا کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے میشا شفیع کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

    لاہور کی سیشن عدالت میں میشا شفیع ہتک عزت دعویٰ پر سماعت ہوئی،  جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے کیس پر سماعت کی،  عدالت کے روبرو پیش نہ ہونے پر میشا شفیع کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلعی کچہری کی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے گلوکارہ میشا شفیع کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے۔

    عدالت نے گلوکارہ میشا شفیع کو 50ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے، عدالت نے میشا شفیع کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کر دی۔

    ذرائع کے مطابق میشا شفیع کینیڈا میں ہونے کے باعث عدالت پیش نہیں ہوئیں بعد ازاں عدالت نے مقدمے کی سماعت 19 فروری تک ملتوی کردی۔

    عدالت نے آئندہ سماعت پر علی ظفر کے وکیل کو دلاٸل دینے کا حکم دے دیا، مقدمے میں نامزد ملزمہ عفت عمر، فیضان رضا، حسیم الزمان، فریحہ ایوب، علی گل اور لینا غنی نے پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی۔

    ایف آئی اے نے علی ظفر کی مدعیت میں میشا شفیع سمیت آٹھ ملزمان کے خلاف چالان پیش کررکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ میشا شفیع سمیت دیگر ملزمان نے علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی مگر ملزمان اپنے الزامات کے ٹھوس شواہد پیش نہیں کرسکے۔

  • ہتک عزت کیس : میشا شفیع کینیڈا واپس چلی گئیں

    ہتک عزت کیس : میشا شفیع کینیڈا واپس چلی گئیں

    لاہور : سیشن جج کی عدالت میں علی ظفر کی جانب سے ہتک عزت کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے موقع پر  عدالت سے استدعا کی گئی کہ میشا شفیع پاکستان میں نہیں ہیں ایمرجنسی میں کینیڈا جانا پڑا ۔

    تفصیلات کے مطابق ہتک عزت کیس میں فریق گلوکارہ میشا شفیع کینیڈا واپس چلی گئیں، ان کے وکیل نے عدالت سے ویڈیو لنک کے ذریعے جرح مکمل کرنے کی درخواست کی ہے۔

    سیشن کورٹ میں اداکار علی ظفر کے ہتک عزت کے دعوی پر سماعت شروع ہوٸی تو میشا شفیع کی جانب سے درخواست داٸر کی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ آج عدالت نے جرح مکمل کرنے کے لیے طلب کر رکھا تھا تاہم وہ دوبارہ کینیڈا واپس چلی گئی ہیں۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ میشا شفیع کی بیٹی کورونا میں مبتلا ہیں اورعدالت نے انہیں بھی گھر میں قرنطینہ ہونے کا مشورہ دیا ہے لہٰذا وہ پیش نہیں ہو سکتیں۔

    درخواست میں میشا شفیع نے استدعا کی کہ باقی جرح ویڈیو لنک کے ذریعے مکمل کی جاٸے، اس سلسلے میں عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوٸے علی ظفر کے وکلاء سے سات فروری کو جواب طلب کرلیا۔

    واضح رہے کہ گلوکار علی ظفر نے جنسی ہراسگی کے الزامات پر گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف عدالت میں سو کروڑ ہرجانہ کا دعویٰ داٸر کر رکھا ہے۔

  • ہتک عزت کیس : میشا شفیع کی والدہ صبا حمید کا عدالت میں بیان

    ہتک عزت کیس : میشا شفیع کی والدہ صبا حمید کا عدالت میں بیان

    لاہور کی عدالت میں گلوکار علی ظفر کے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوے پر سماعت ہوئی، گلوکارہ کی والدہ اداکارہ صباحمید پرجرح مکمل کرلی گئی۔

    اس موقع پر گلوکارہ کے وکیل اسد جمال نے کہا کہ مارچ میں چالان جمع کرایا گیا، میشا شفیع اور ماہم جمال دونوں ملک سے باہر تھیں، دونوں ملک سے باہر تھیں مگر عدالت میں پیش ہوگئیں۔

    عدالت نے پیشی کے لیے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا، گلوکارہ کے وکیل اسد جمال نے استدعا کی کہ عدالت مچلکے جمع کرانے کے حکم پر نظر ثانی کرے۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ میشا شفیع اپنے بچوں کے ساتھ کینیڈا میں مقیم ہیں، کورونا کی وجہ سے بھی وہ سفر نہیں کر پا رہی تھیں، گلوکارہ اور ماہم جمال نے واپس جانا ہے ہر بار پیش نہیں ہوسکتیں لہٰذا دونوں کوحاضری سے مستقل استثنیٰ دیا جائے۔

    سماعت کے دوران گلوکارہ میشا شفیع کی والدہ صباحمید پرجرح مکمل کرلی گئی، علی ظفر کے وکیل نے صبا حمید سے پوچھا کہ کیا میشا شفیع کینیڈا کی شہری ہیں ؟آخری بار پاکستان کب آئیں؟

    جس پر صبا حمید نے کہا کہ جی درست ہے ،آخری بار میشا ستمبر2020 میں پاکستان آئی تھی، وکیل نے کہا کہ کیا یہ درست ہے کہ فنکاروں کے درمیان حسد اور لڑائیاں ہوتی رہتی ہیں؟ تو صباحمید کا کہنا تھا کہ ہر ایک کا اپنا مقام ہے مگر ہوتی بھی ہوں گی مجھے پتہ نہیں۔

    وکیل علی ظفر نے پوچھا کہ کیا آپ کا داماد بھی میوزک انڈسٹری سے وابستہ ہے، جس پر انہوں نے کہا کہ جی ہاں وہ بھی اسی میوزک انڈسٹری سے ہے۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ میوزک انڈسٹری میں فرہاد ہمایوں پر میوزک چوری کرنے کا الزام تھا، صبا حمید نے کہا کہ جی مجھے پتہ ہے اس کے خلاف بھی درخواست تھی۔

    وکیل علی ظفر نے سوال کیا کہ کیا آپ ان خواتین کو جانتی ہیں جنہوں نے کہا کہ ان کو بھی ہراساں کیا گیا ؟  جس کے جواب میں صبا حمید نے کہا کہ ذاتی حیثیت میں نہیں جانتی مگر دوستوں سے ان کے بارے میں سنا ہے۔

    ایک اور سوال کہ کیا یہ درست ہے کہ مختلف خواتین نے میشا شفیع کو ہراساں کیے جانے کا بتایا جس پر میشا شفیع کی والدہ نے کہا کہ مختلف خواتین نے میشا کو بتایا میں بھی اس موقع پر موجود تھی۔

    وکیل علی ظفر کا کہنا تھا کہ مختلف خواتین کو ہراساں کیے جانے کا الزام لگایا گیا مگر کسی نے ابھی تک شناخت نہیں کیا، بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کردی۔

  • میشا شفیع کی غیر حاضری: عدالت نے وکیل کو نیا حکم جاری کردیا

    میشا شفیع کی غیر حاضری: عدالت نے وکیل کو نیا حکم جاری کردیا

    لاہور : سیشن عدالت نے گلوکارعلی ظفر کی جانب سے داٸر کردہ ہتک عزت کیس میں میشا شفیع کی عدم پیشی پر  ان کے وکلاء سے جواب طلب کرلیا۔

    تفصیل کی سیشن عدالت میں گلوکارہ میشا شفیع کو عدالت میں طلب کرنے کے لیے درخواست کی سماعت ہوئی، سیشن عدالت کے جج نے گلوکا رہ سمیت دیگر فریقین کے وکلاء سے جواب طلب کرلیا۔

    سیشن عدالت نے وکلا کو یکم دسمبر تک جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے، اس موقع پر علی ظفر کے وکیل نےکہا کہ میشا شفیع عدالت میں پیش نہیں ہو رہیں۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ میشا شفیع نے ویڈیو لنک سے جرح کی درخواست دائر کر رکھی ہے جبکہ میشا شفیع آئندہ ہفتے کنسرٹ میں پرفارم کرنے دبئی جا رہی ہیں۔

    درخواست گزار نے کہا کہ اگر میشا شفیع دبئی جا سکتی ہیں تو پاکستان آکر عدالت میں بھی پیش ہو سکتی ہیں ،لہٰذاعدالت میشا شفیع کو پیش ہونے کا حکم جاری کرے۔

    یاد رہے کہ گلوکارہ میشا شفیع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا تھا کہ میں 28 تاریخ کو دبئی ایکسپو میں کنسرٹ کے لیے آرہی ہوں۔

    واضح رہے کہ علی ظفر کیس میں میشا شفیع عدالت کو مسلسل حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دے چکی ہیں۔عدالت نے مستقل حاضری کی میشا شفیع کی درخواست بھی مسترد کردی تھی۔

    عدالت نے انہیں بلایا تھا تو میشا شفیع نے کہا تھا کہ سفری اخراجات نہیں کرسکتی، علی ظفر کی جانب سے سفری اخراجات اٹھانے کی پیشکش پر بھی وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئی تھیں۔

  • یہ کیا لیول ہے بھائی آصف علی؟ علی ظفر بھی گرویدہ ہوگئے

    یہ کیا لیول ہے بھائی آصف علی؟ علی ظفر بھی گرویدہ ہوگئے

    لاہور : ورلڈ ٹی ٹوئنٹی2021 میں افغانستان کیخلاف شاندار کامیابی اور ایونٹ میں مسلسل تیسری فتح کے بعد ہر پاکستانی خوشی سے سرشار ہے اور آصف علی کی کارکردگی پر ان کو خراج تحسین پیش کررہا ہے۔

    اسی جذبے سے سرشار پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر نے ٹیم پاکستان کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور خصوصاً آصف علی کی کارکردگی کو سراہا۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے مبارک بادوں کا تانتا بندھ گیا۔

    آصف علی نے پاور ہٹنگ کا شاندار مظاہرہ کیا جس پر وزیراعظم عمران خان نے ٹیم کو مبارکباد دی، اس کے علاوہ گلوکار و اداکار علی ظفر بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آصف علی کی تعریف میں ایک آڈیو پیغام ٹوئٹر پر جاری کیا۔

    علی ظفر نے کہا کہ "یہ کانفیڈنس کا کیا لیول ہے بھائی آصف علی” ایک بندہ کریز پر آتا ہے سنگل نہیں لیتا اور کہتا ہے کہ بھائی حاضر ہے اور پھر ٹھک ٹھک ٹھک چار چھکے مار کر میچ جتوا دیتا ہے کوئی ڈاؤٹ نہیں اس کے دماغ میں، یہ کیا لیول ہے بھائی۔‘

  • بتائیے میرے پشتو گانے میں  یہ کونسی گلوکارہ ہیں؟ علی ظفر کا سوال

    بتائیے میرے پشتو گانے میں یہ کونسی گلوکارہ ہیں؟ علی ظفر کا سوال

    معروف گلوکار و اداکار علی ظفر نے اپنے نئے آنے والے پشتو گانے سے متعلق مداحوں سے اہم سوال کیا ہے۔

    علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے نئے آنے والے پشتو گانے کی ایک جھلک شیئر کی جس میں گلوکار کے ساتھ ایک خاتون گلوکارہ کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

    ٹوئٹر پر شیئر تصویر میں علی ظفر کا چہرہ واضح طور پر نظر آرہا ہے جبکہ خاتون گلوکارہ کو چہرے کو ٹولز کے زریعے دھندلا کردیا گیا ہے۔

    معروف گلوکار نے اپنے ٹوئٹ میں مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’جو بھی مجھے میرے نئے گانے کا نام اور میرے ساتھ گانے میں خاتون گلوکارہ کا نام بتائے گا؟ میں اُس کا نام خصوصی طور پر اپنے ٹوئٹ میں مینشن کروں گا۔‘

    گلوکار کی جانب سے سوال پوچھنے پر صارفین کی بڑی تعداد کا کہنا ہے کہ علی ظفر کے ساتھ اس گانے میں پشتو گلوکارہ ‘گُل پانڑہ’ جلوہ گر ہوں گی، تاہم ابھی تک علی ظفر کی جانب سے خاتون گلوکارہ اور گانے کا نام نہیں بتایا گیا ہے۔

  • ’میں اُڑا‘ علی ظفر کا ملی نغمہ سوشل میڈیا پر چھا گیا

    ’میں اُڑا‘ علی ظفر کا ملی نغمہ سوشل میڈیا پر چھا گیا

    معروف پاکستانی گلوکار و موسیقار علی ظفر نے پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اپنا نیا گانا ریلیز کردیا ہے۔

    چند روز قبل گلوکار علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی تصاویر شیئر کی تھی ، جس میں انہیں ہاتھ میں گیٹار تھامے دیکھا گیا تھا جبکہ عقب میں طیارے بھی موجود تھے۔

    علی ظفر نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں ’میں اُڑا‘ اور ’کمنگ سون‘ لکھا تھا، جس پر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ جلد ہی گلوکار کا نیا گانا آنے والا ہے، تاہم آج گلوکار نے پاکستان ایئر فورس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اپنا گانا ٹوئٹر پر ریلیز کیا۔

    اس موقع پر علی ظفر کا کہنا تھا کہ فضاؤں میں ہمارے بہادر جنگجوؤں کے لیے گانا انتہائی سنسنی خیز تجربات میں سے ایک ہے، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے علی ظفر کے خوبصورت گانے کو بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

     

  • گلوکار علی ظفر کی فیملی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

    گلوکار علی ظفر کی فیملی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

    لاہور : ملک کے معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر کی اپنی والدہ کے پاؤں دباتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر کے چھوٹے بھائی، دانیال ظفر نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اپلوڈ کی ہے جسے صارفین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

    مختصر ویڈیو اور تصاویر کی ایپ انسٹا گرام پر دانیال ظفر کی شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ اپنے بڑے بھائی علی ظفر اور والدہ کے ساتھ بیٹھے ٹی وی دیکھ رہے ہیں۔

    انسٹا اسٹوری میں علی ظفر اپنی والدہ کے پاؤں دبا رہے ہیں اور یہ تینوں مل کر رمضان کے دوران نجی چینل پر نشر ہونے والی  دانیال ظفر کی اسپیشل سیریز دیکھ رہے ہیں جبکہ دانیال ظفر بغیر پوچھے اور بتائے بڑے بھائی اور والدہ کی ویڈیو بنا رہے ہیں۔

    معلوم ہونے پر علی ظفر ویڈیو میں دانیال سے کہہ رہے ہیں کہ ویڈیو بنانے سے پہلے پوچھ تو لیا کرو جبکہ ان دونوں فنکاروں کی والدہ کو بھی اچانک اپنی ویڈیو بننا کچھ خاص پسند نہیں آیا اور وہ کیمرے سے منہ چھپا رہی ہیں۔

    دانیال اور علی ظفر کی یہ فیملی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے خوب وائرل ہو گئی ہے جس پر اُن کے مداح دانیال کی اداکاری کی اور علی ظفر کے والدہ کے پاؤں دبانے پر خوب تعریفیں کررہے ہیں۔