Tag: Ali Zafar

  • گلوکار علی ظفر کا فنکاروں کی مدد کا اعلان

    گلوکار علی ظفر کا فنکاروں کی مدد کا اعلان

    کراچی: معروف پاکستانی گلوکار علی ظفر نے فنکاروں کی مدد کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گلوکار علی ظفر نے کراچی آرٹس کونسل کے ساتھ مل کر فنکاروں کی مدد کا اعلان کردیا، ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث فنکار، موسیقار اور ٹیکنیشنز مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

    علی ظفر نے کہا کہ کراچی آرٹس کونسل اور علی ظفر فاؤنڈیشن مل کر مستحق فنکاروں کی مدد کریں گے۔

    گلوکار علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اپیل کی کہ ’کرونا کے باعث سے شوبز فنکار کام نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں، شوز ہوتے ہیں تو اسٹیج لگتا ہے اور مداح آتے ہیں لیکن کرونا کی وجہ سے یہ سب بند ہوچکا ہے۔

    علی ظفر نے کہا کہ میرا تعلق شوبز سے ہے اسی لیے فنکاروں کے حوالے سے ہی بات کررہا ہوں، انہوں نے کہا کہ تماشائی تب اکٹھا ہونا شروع ہوں گے جب کرونا ویکسین آجائے گی اور کرونا کیسز ختم ہوجائیں گے لیکن یہ بہت بعد کی بات ہے اس کے باعث ٹیکنیشنز اور فنکاروں کے لیے گزارہ کرنا بہت مشکل ہوتا جارہا ہے۔

    گلوکار نے کہا کہ میری فاؤنڈیشن پنجاب میں کئی ہفتوں سے موسیقاروں کو کھانا بھجوا رہی ہے اب ہم نے ایک اور فلاحی تنظیم کے ساتھ مل کر اہم اقدام اٹھایا ہے کہ اب موبائل فون کے ذریعے گھر بیٹھے ان افراد کو پیسے پہنچائے جارہے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ کراچی میں آرٹس کونسل بہت اچھا کام کررہی ہے،علی ظفر فاؤنڈیشن اور ایک اور فلاحی تنظیم نے مل کر کراچی کے فنکاروں کا ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کردیا ہے، ضرورت مند موسیقار، ٹیکنیشنز اور آرٹسٹ کی مدد کی جائے گی۔

    علی ظفر نے بجٹ میں آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ میں اضافے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپیل کی کہ آپ فوری طور پر اس فنڈ کا اجرا کریں اور فاؤنڈیشن یا کسی بھی طرح مل کر ایک سسٹم بنالیں تاکہ گھر بیٹھے کرونا سے متاثرہ فنکاروں کی فوری مدد کی جاسکے۔

  • سوشل میڈیا ٹرینڈ #MeAt20 : کیا آپ جانتے ہیں‌ یہ مشہور شخصیت کون ہیں؟

    سوشل میڈیا ٹرینڈ #MeAt20 : کیا آپ جانتے ہیں‌ یہ مشہور شخصیت کون ہیں؟

    کرونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے اربوں صارفین گھروں میں محدود ہیں اور وہ اپنے وقت کو اچھا گزارنے کے لیے مختلف کام کرتے ہیں جن میں سب سے اہم سوشل میڈیا کا استعمال ہے۔

    ایسے وقت میں ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کے لیے لوگ مختلف کام کررہے ہیں جس میں سوشل میڈیا کے دلچسپ ٹرینڈ بھی ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر گزشتہ روز سے چلنے والا ٹرینڈ #MeAt20 دنیا بھر میں خاصہ مقبول ہوا اور اب پاکستان میں بھی یہ ٹاپ ٹریڈنگ میں ہے۔

    می ایٹ 20 میں صارفین کے ساتھ ساتھ مشہور شخصیات نے بھی حصہ لیا اور اپنی 20 برس کی تصاویر شیئر کی ہیں، اسی طرح علی ظفر نے بھی اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ نوجوان نظر آرہے ہیں انہیں پہچننا مشکل ہے۔

    علی ظفر نے ٹویٹر پر لکھا کہ یاد رکھیں اسکیچنگ کو روزانہ 16 سے 18 گھنٹے لگاتار، میرا پہلا میوزک البم اور ویڈیو ریکارڈ کرنے اور فیملی کو سہارا دینے اور 4 سے 5 لاکھ کی بچت کرنے کی ضرورت ہے، مجھے پانچ سال اور ’حقہ پانی‘ اور ’چنوں‘ جاری کیا گیا، باقی تاریخ ہے، وہ اوقات کبھی نہیں بھولے گا۔

    گلوکار علی ظفر کے مداحوں نے بھی ان کی تصویر کو خوب پسند کیا اور مستقبل میں ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

  • سپر ہیرو کی طرح اس وبا سے لڑیں: علی ظفر

    سپر ہیرو کی طرح اس وبا سے لڑیں: علی ظفر

    کراچی: معروف گلوکار علی ظفر نے سیلف آئسولیشن کے دوران دماغی و جسمانی طور پر فٹ رہنے کی ضرورت پر زور دیا ہے، انہوں نے کہا کہ اپنے پسندیدہ سپر ہیرو کی طرح اس وبا سے لڑیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر علی ظفر نے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنے گھر کے جم میں نظر آرہے ہیں۔

    اپنی پوسٹ میں علی ظفر نے کہا کہ اپنے گھر میں جو بھی مشین آپ کو میسر ہے اس سے ورزش ضرور کریں، آپ کو آن لائن بہت سے ٹیوٹوریلز مل جائیں گے جو بتائیں گے کہ قرنطینہ یا سیلف آئسولیشن کے دوران فٹ کیسے رہا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر اس وبا سے کسی سپر ہیرو کی طرح لڑیں گے، آپ کا فیورٹ سپر ہیرو کون سا ہے؟

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وجہ دنیا بھر میں لوگ گھروں میں بند ہونے پر مجبور ہوگئے ہیں، ایسے میں فنکاروں سمیت ہر شخص نئے نئے مشغلے اپنا کر اور اپنے مختلف شوق پورے کر کے اپنا وقت گزار رہا ہے۔

  • کرونا وائرس ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، ہمیں لاک ڈاؤن پر جانا چاہئے، علی ظفر

    کرونا وائرس ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، ہمیں لاک ڈاؤن پر جانا چاہئے، علی ظفر

    کراچی: معروف پاکستانی گلوکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، ہمیں لاک ڈاؤن پر جانا چاہئے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی گلوکار علی ظفر نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے پیش نظر پاکستانی حکومت کی جانب سے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، عوام کو بھی ابھی سے احتیاط کرنی چاہئے ورنہ صورتحال خطرناک ہوگی۔

    علی ظفر نے کہا کہ حکومت کو عوام کے لیے اسٹریٹیجی بنانی چاہئے، کچھ دن پہلے کرونا وائرس سے متعلق ایک گانا بنایا ہے کو کرونا، ہلکے انداز میں لوگوں کو آگاہی دینے کے لیے اپنے طور پر حصہ ڈالا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کو لوگ سنجیدہ نہیں لے رہے جس پر حیران و پریشان ہوں، کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، میری رائے ہے کہ کل سے نہیں آج سے ہی لاک ڈاؤن کردینا چاہئے۔

    مزید پڑھیں: کرونا وائرس کا مقابلہ کیسے کریں؟ علی ظفر نے گانا ریلیز کردیا، ویڈیو دیکھیں

    گلوکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ ملک میں 10 دن کے لیے لاک ڈاؤن کرنا چاہئے، اٹلی میں بھی سنجیدگی نہیں دکھائی گئی تھی جس کا نقصان دیکھ لیں۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل علی ظفر نے کرونا وائرس کے خطرے اور احتیاطی تدابیر سے متعلق گانے کی ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ گٹار بجا کر گنگنا رہے تھے۔

    علی ظفر نے گانے کے آخر میں پیغام دیا تھا کہ اپنا خیال رکھیں اور حفاظت کریں، اس گانے کو شیئر بھی کریں۔

  • ’’بھائی سے باتیں کرنے کے لیے بھائی کا چینل‘‘

    ’’بھائی سے باتیں کرنے کے لیے بھائی کا چینل‘‘

    کراچی: معروف اداکار و گلوکار علی ظفر نے اپنا یو ٹیوب چینل متعارف کرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکار و گلوکار علی ظفر بھی دیگر اداکاروں کے نقش قدم پر چل پڑے، علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے نئے یوٹیوب متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔

    علی ظفر نے مداحوں کے نام اپنے پیغام میں لکھا کہ ’بھائی سے باتیں کرنے کے لیے بھائی کا چینل سبسکرائب کرو اور جو مسئلہ ہو ہے بول ڈالو کیونکہ بھائی حاضر ہے۔‘

    علی ظفر کے پیغام کے بعد مداح بھی فوراً علی ظفر کو ریپلائی کرنا شروع ہوگئے اور ان کا یوٹیوب چینل سبسکرائب کرنا شروع کردیا۔

    واضح رہے کہ اتوار کے روز علی ظفر نے پی ایس ایل کے لیے مداحوں کی فرمائش پر نیا ترانا ’میلہ لوٹ لیا‘ ریلیز کیا تھا جسے مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔

    میلہ لوٹ لیا ترانے کو یوٹیوب پر 30 لاکھ سے زائد ویوز آئے اس سے علی ظفر کے ترانے کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: میلہ لوٹ لیا، علی ظفر نے پی ایس ایل کا نیا ترانا ریلیزکردیا

    خیال رہے کہ علی ظفر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’ہرلمحہ پرجوش‘ میں پی ایس ایل ترانا بنانے کا اعلان کیا تھا، اس سے قبل پروگرام میں علی عظمت نے علی ظفر کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’تیار ہیں‘ کو کچھ بلاگرز کی جانب سے ناکام کرانے کی سازش کی گئی۔

  • ’میلہ لوٹ لیا‘ 10 لاکھ سے زائد لوگوں نے دیکھ لیا، علی ظفر کا دعویٰ

    ’میلہ لوٹ لیا‘ 10 لاکھ سے زائد لوگوں نے دیکھ لیا، علی ظفر کا دعویٰ

    کراچی: پاکستانی گلوکار علی ظفر کا دعویٰ ہے کہ اُن کے گانے کو چند گھنٹوں میں 10 لاکھ سے زائد لوگوں نے دیکھ لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’ہرلمحہ پرجوش‘ میں گلوکار علی ظفر نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا گانا میلہ لوٹ لیا یوٹیوب پر 10 لاکھ ویوز آئے ہیں اور یوٹیوب پر گانے کو دس لاکھ سے زائد لوگوں نے دیکھ لیا ہے۔

    علی ظفر کا کہنا ہے کہ ہر لمحہ پرجوش میں گانے کا وعدہ کیا تھا جو مداحوں کے لیے پورا کردیا، مجھے اس گانے میں کسی نے اسپانسر نہیں کیا، میلہ لوٹ لیا صرف مداحوں کے لیے بنایا ہے۔

    گلوکار کا کہنا تھا کہ میں جو بھی کام کرتا ہوں صرف مداحوں کے لیے کرتا ہوں، میں نے یہ گانا صرف مداحوں کے لیے ہی بنایا ہے۔

    مزید پڑھیں: میلہ لوٹ لیا، علی ظفر نے پی ایس ایل کا نیا ترانا ریلیزکردیا

    علی نے اپنی اہلیہ عائشہ کو پروگرام میں سالگرہ کی مبارک باد بھی پیش کی، انہوں نے اہلیہ کو گانا گاکر پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں سالگرہ کی مبارک باد دی۔

    واضح رہے کہ آج علی ظفر نے اپنے وعدے کے مطابق گانا ریلیز کیا جس کے بول ہیں ’رات بھر ڈانس کیا، میلہ لوٹ لیا۔‘ گانے کو مداحوں کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے۔

    خیال رہے کہ علی عظمت کی جانب سے الزامات لگانے کے بعد علی ظفر نے مداحوں کے اصرار پر گانا بنانے کا فیصلہ کیا تھا، علی عظمت نے ہرلمحہ پرجوش میں کہا تھا کہ ’تیار ہیں‘ گانے کو ناکام کرنے کے لیے بلاگرز کو استعمال کیا گیا۔

  • میلہ لوٹ لیا، علی ظفر نے پی ایس ایل کا نیا ترانا ریلیزکردیا

    میلہ لوٹ لیا، علی ظفر نے پی ایس ایل کا نیا ترانا ریلیزکردیا

    کراچی: گلوکار و اداکار علی ظفر نے مداحوں کی خواہش پر پی ایس ایل کا نیا ترانا ریلیز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکار و گلوکار علی ظفر نے مداحوں سے کیا وعدہ پورا کردیا جسے شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی دی جارہی ہے۔

    علی ظفر نے فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ ’بھائی نے اپنا وعدہ پورا کیا صرف اپنے مداحوں کے لیے، تیز آواز میں بجا دو اور میلہ لوٹ لو۔

    گزشتہ روز انہوں نے ویڈیوز بھیجنےوالوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب ہم آپ کی بھیجی ہوئی ویڈیوز کو ایک ساتھ کر کے اپنے گانے میں شامل کرنے کی کوشش کریں گے۔

    علی ظفر کا کہنا تھا کہ میں دو روز سے خود بھی ویڈیو شوٹ کرنے میں مصروف تھا جس کی وجہ سے نیند بھی پوری نہ کرسکا، اب میں اُسی وقت نیند کروں گا جب ویڈیو مکمل ہوجائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو ایڈیٹرز بیٹھ چکے ہیں اور اپنا کام کر رہے ہیں اور ہماری پوری کوشش ہے کہ اس گانے کو اتوار کی شام ریلیز کر دیا جائے اور امید ہے کہ شائقین اسے بے حد پسند کریں گے۔

    یہ بھی یاد رہے کہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں 22 فروری کوٹیلی فون پر وسیم بادامی کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر کا کہنا تھا کہ ’پی ایس ایل کا ترانہ گانے سے متعلق کل 22 فروری کو 2 بجے تک اعلان کروں گا‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’جب آپ کے ٹویٹر پول میں 80 فیصد لوگ یہی چاہتے ہیں اور سب کی خواہش یہی ہے تو میں کل تیاری کے ساتھ آؤں گا‘۔ علی ظفر نے ترانہ بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’شاعری، کمپوزنگ اور دیگر چیزوں میں تھوڑا وقت لگ سکتا ہے‘۔

  • کیا علی ظفر کا گانا آپ کی بے عزتی ہوگی؟ مداح کے سوال پر عاصم اظہر کا کرارا جواب

    کیا علی ظفر کا گانا آپ کی بے عزتی ہوگی؟ مداح کے سوال پر عاصم اظہر کا کرارا جواب

    کراچی: پاکستان سپر لیگ 5 کے گانے کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مختلف آرا کا اظہار جاری ہے، ایک مداح نے علی ظفر کے دوبارہ گانا گانے کو بے عزتی قرار دیا تو عاصم اظہر نے اسے کرارا جواب دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف گلوکار علی ظفر مداحوں کی خواہش پر پاکستان سپر لیگ 5 کا نیا گانا تیار کرنے جارہے ہیں اور خود علی ظفر اور مداح اس حوالے سے خاصے پرجوش ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اس بارے میں مختلف آرا کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    ایسے ہی ایک ٹویٹ میں ایک مداح نے عاصم اظہر سے، جنہوں نے پی ایس ایل کا موجودہ گانا گایا ہے، سوال کیا کہ کیا آپ کو نہیں لگتا کہ علی ظفر کا گانا آنا آپ کی بے عزتی ہوگی؟ کیونکہ پی ایس ایل کا ترانہ جیسا بھی ہے تیار ہوچکا ہے اور اب علی ظفر اپنا نیا گانا بنانے جارہے ہیں۔

    مداح کے اس سوال پر عاصم اظہر نے انہیں کرارا جواب دے دیا۔

    انہوں نے کہا کہ اس میں بے عزتی کی کیا بات ہے، علی ظفر میرے سینیئر ہیں اور میں ان کے کام کی وجہ سے ان کی بہت عزت کرتا ہوں۔ میں بہت خوشی سے ہر اس چیز کی حمایت کروں گا جو پاکستان کی بہتری کے لیے ہوگی۔

    عاصم نے مزید کہا کہ ہم آپس میں ہی بٹے ہوئے ہیں، ہمیں ایک دوسرے کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ عاصم کے اس جواب پر علی ظفر نے بھی پسندیدگی اور محبت کا اظہار کیا۔

    خیال رہے کہ یہ سارا قصہ اس وقت شروع ہوا جب وسیم بادامی نے اپنے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں علی ظفر سے پوچھا کہ عوام ان کا بنایا گانا سننا چاہتی ہے تو کیا وہ لوگوں کی خواہش پر نیا گانا تیار کریں گے؟

    علی ظفر نے کہا کہ لیگ کا آفیشل گانا تیار ہوچکا ہے جس پر وسیم بادامی نے کہا کہ وہ ایسے ہی سوشل میڈیا پر چلانے کے لیے نیا گانا بنالیں، جو پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ ہے اس کی اہمیت اپنی جگہ برقرار رہے گی مگر چونکہ عوام کی خواہش ہے تو علی ظفر بھی نیا گانا تیار کریں۔

    علی ظفر نے ترانہ بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ شاعری، کمپوزنگ اور دیگر چیزوں میں تھوڑا وقت لگ سکتا ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے اپنے اسٹوڈیو کی ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں وہ گانے کی تیاری کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

  • علی عظمت سے کہوں گا آپ خوش رہا کریں، علی ظفر کا ردعمل

    علی عظمت سے کہوں گا آپ خوش رہا کریں، علی ظفر کا ردعمل

    کراچی: پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ میں علی عظمت کا بہت احترام کرتا ہوں، ان سے کہوں گا کہ آپ خوش رہا کریں۔

    تفصیلات کے مطابق گلوکار علی ظفر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’ہر لمحہ پرجوش‘ میں علی عظمت کے بیان کا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بات جذبات پر نہیں حقائق پر کی جاتی ہے، میں کیسے کسی کے گانے کو ناپسندیدہ بنا سکتا ہوں۔

    علی ظفر نے کہا کہ مجھ سے بھی کبھی اچھے کبھی خراب گانے بن جاتے ہیں، میرے پاس ایسی کیا طاقت ہے جو لوگوں کو متوجہ کرسکتا ہوں، پی ایس ایل پاکستان کا برانڈ ہے اور پاکستانیوں کے لیے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے لیے جوکرسکتا تھا کیا اور آئندہ بھی کروں گا، کوشش کی پی ایس ایل برانڈ بنے جس سے لوگوں کو خوشیاں ملیں، میرے گانا نہ چلانے کی ہدایت سے متعلق وہی لوگ بتاسکتے ہیں جو باتیں کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: سوچتا ہوں گانا چھوڑ کر پروگرام اینکر بن جاؤں: علی عظمت

    علی ظفر کا کہنا تھا کہ میں نہیں چاہتا کسی کی دل آزاری ہو، اگر عوام چاہتے ہیں پی ایس ایل کا کوئی گانا بناؤں تو ضرور بناؤں گا، پاکستان کے لیے میری جان بھی حاضر ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز گلوکار علی عظمت کا کہنا تھا کہ اس بار متنازع گانا گانے والے آرٹسٹ کو نہیں لیا گیا، علی ظفر کے ٹوئٹ پر میرا رد عمل ہے کہ اللہ انھیں خوش رکھے، عاصم اظہر نے بہترین گانا گایا ہے۔

    علی عظمت کا کہنا تھا کہ کچھ بلاگرز کی جانب سے ہمارے گانے پر جان بوجھ کر تنقید کی گئی، وسیم بادامی نے کہا کہ کیا آپ علی ظفر کی بات کررہے ہیں جس پر علی عظمت نے کہا نہیں علی ظفر کی بات نہیں کررہا۔

    ایک اور سوال پر علی عظمت نے کہا کہ ٹی وی پر اینکرز کو زیادہ ٹائم ملتا ہے، مجھے رشک آتا ہے، سوچتا ہوں گانا چھوڑ کر میں بھی پروگرام اینکر بن جاؤں۔

  • علی ظفر کے خلاف میشا شفیع کی ایک اور درخواست مسترد

    علی ظفر کے خلاف میشا شفیع کی ایک اور درخواست مسترد

    لاہور: لاہو ہائیکورٹ میں گلوکار علی ظفر کے خلاف گلوکارہ میشا شفیع کی درخواست مسترد کردی گئی، میشا شفیع نے ہراساں کرنے کی اپیل مسترد ہونے کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کر رکھی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے اداکارہ میشا شفیع کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، میشا شفیع نے گلوکار علی ظفر کی جانب سے ہراساں کرنے کی اپیل مسترد ہونے کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کر رکھی تھی۔

    ہائیکورٹ نے گورنر پنجاب کے میشا شفیع کی اپیل مسترد کرنے کے فیصلے کو بحال رکھا ہے۔ میشا شفیع نے گورنر پنجاب اور محتسب کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔

    میشا شفیع کے وکیل کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب نے جنسی ہراساں کرنے کے خلاف اپیل مسترد کی تھی، صوبائی محتسب کو اپیل کے لیے مناسب فورم قرار نہ دیتے ہوئے اپیل مسترد کی۔

    میشا شفیع کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ جنسی ہراساں کے لیے مالک اور ملازم ہونا ضروری نہیں، کام کی جگہ پر جنسی ہراسانی کے خلاف صوبائی محتسب سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت گورنر پنجاب کا اپیل مسترد کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے تاہم عدالت نے یہ درخواست مسترد کردی۔

    سماعت کے بعد گلوکار علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا گلوکارہ میشا شفیع کا میرے خلاف کیس ہائیکورٹ نے مسترد کردیا، میرے خلاف یہ میشا شفیع کا مسترد کیا جانے والا تیسرا کیس ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جعلی الزامات کسی کی گھریلو زندگی تباہ کر سکتے ہیں، جعلی الزامات لگانے والے اصل متاثرین کے ساتھ بھی ظلم کرتے ہیں۔ پیش کیے گئے شواہد جلد منظر عام پر لاؤں گا۔

    علی ظفر نے مزید کہا کہ ساتھ دینے اور چاہنے والوں کا شکر گزار ہوں۔

    خیال رہے کہ علی ظفر اور میشا شفیع کے درمیان مذکورہ تنازعہ کافی عرصے سے عدالت میں زیر بحچ ہے۔ دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف متعدد عدالتوں میں کئی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

    علی ظفر نے میشا شفیع کے خلاف ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش پر 100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کر رکھا ہے۔