Tag: ali zaidi

  • پی ٹی آئی رہنما علی زیدی 30 روز کے لیے نظر بند، نوٹیفکیشن جاری

    پی ٹی آئی رہنما علی زیدی 30 روز کے لیے نظر بند، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی: پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کو 30 روز کے لیے نظر بند کر دیا گیا، نوٹیفکیشن جاری ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ نے علی زیدی کی تیس روزہ نظر بندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ علی زیدی ہنگامہ آرائی اور عوام کو اُکسانے میں ملوث ہیں۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق علی زیدی کو ایم پی او کے تحت نظر بند کیا گیا ہے، علی زیدی کو جیکب آباد جیل پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔

  • پی ٹی آئی رہنما علی زیدی 3روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    پی ٹی آئی رہنما علی زیدی 3روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    کراچی : پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کو ملیر کورٹ میں پیش کیا گیا، پولیس نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی جس کے بعد انہیں 3 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صوبائی رہنما علی زیدی کو بکتر بند گاڑی میں ملیر کی عدالت میں لایا گیا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔

    ملیر کورٹ کے باہر پی ٹی آئی کارکنان کی تعداد موجود تھی انہوں نے علی زیدی کا پرتپاک استقبال کیا اور، پھولوں کی پتیاں نچھاورکیں، اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی، عمران اسماعیل، مبین جتوئی، آفتاب صدیقی، خرم شیرزمان، بلال غفار ودیگر موجود تھے۔

    یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں قائم پی ٹی آئی دفتر سے گرفتار کیا گیا تھا، انہیں ایک سال پرانے فراڈ کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔

    علی زیدی کو پولیس کی بھاری نفری کے درمیان ملیر کورٹ پہنچایا گیا، کمرہ عدالت میں شدید بدنظمی اور شور شرابے کے باعث جج اٹھ کر چیمبر میں واپس چلے گئے، جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ کمرہ عدالت خالی کریں پھر کارروائی ہوگی، پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کو عدالت سے باہر نکلنے کی ہدایت کی گئی۔

    مختصر وقفے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے مقدمے کی سماعت دوبارہ شروع کردی، علی زیدی روسٹرم پر آگئے، پی ٹی آئی رہنماء کو ہٹھکڑیاں لگا کر پیش کیا گیا۔

    پولیس نے پی ٹی آئی رہنماء کا جسمانی ریمانڈ مانگ لیا۔ تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ تحقیقات کرنی ہے سات یوم کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

    علی زیدی نے عدالت روبرو بیان میں کہا کہ میری گرفتاری افطاری سے کچھ دیر پہلے ہوئی لیکن پرچہ رات 12بجے  درج کیا گیا۔

     

  • فضل الہٰی کی علی زیدی کے خلاف ایف آئی آر

    فضل الہٰی کی علی زیدی کے خلاف ایف آئی آر

    کراچی: پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ان کے خلاف ابراہیم حیدری تھانے میں مقدمہ فضل الہٰی کی مدعیت میں فراڈ کے تحت درج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کے صدرعلی زیدی کو آج ڈیفنس کے دفتر سے گرفتار کر لیا گیا ہے، 2013 کے معاملے پر گزشتہ روز ابراہیم حیدری تھانے میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس پر علی زیدی کو دفتر سے دھکے مارتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔

    ایف آئی آر کے متن میں شکایت کنندہ نے لکھوایا ’’علی زیدی نے مجھ سے 2013 میں 18 کروڑ روپے لیے، جس بدلے مجھے ایک فائل ملی، جس کی قیمت 16 کروڑ 75 لاکھ روپے تھے، اور ایک کروڑ 25 لاکھ روپے 6 ماہ بعد دینے کا وعدہ کیا۔‘‘

    پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کو پولیس نے گرفتار کر لیا

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق فضل الہٰی نے دعویٰ کیا ہے کہ ’’جب میں نے وقت مقررہ پر رقم کا تقاضا کیا تو ملزم ٹال مٹول کرنے لگا، جب رقم نہ ملی تو میں نے فائل بیچنا چاہی تو وہ جعلی نکلی، ملزم سے رقم کے لیے بار بار رابطہ کرنے پر مجھے دھمکیاں ملنے لگیں۔‘‘

    شکایت کنندہ نے کہا ہے کہ اس فراڈ کی وجہ سے گھر والے تک پریشان ہوئے، پولیس سے درخواست ہے کہ ملزم کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

  • پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کو پولیس نے گرفتار کر لیا

    پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کو پولیس نے گرفتار کر لیا

    کراچی: پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    پی ٹی آئی سندھ کے صدرعلی زیدی کو ڈیفنس کے دفتر سے گرفتار کر لیا گیا، ان کی گرفتاری ابراہیم حیدری تھانے میں درج فراڈ کے مقدمے میں کی گئی ہے۔

    2013 کے معاملے پر گزشتہ روز ابراہیم حیدری تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، علی زیدی کو دفتر سے دھکے مارتے ہوئے حراست میں لیا گیا، علی زیدی کے دفتر میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیج میں اہل کاروں کو دھکے دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    دوسری طرف ساؤتھ زون پولیس نے بیان دیا ہے کہ ہمیں علم نہیں پی ٹی آئی رہنما کو کس نے گرفتار کیا، ساؤتھ زون پولیس نے انھیں گرفتار نہیں کیا۔

    فردوس شمیم نقوی کے مطابق تحریک نصاف سندھ ہاؤس میں پولیس نے توڑ پھوڑ بھی کی، نہ ایف آئی آر دکھائی نہ کچھ بتایا، جس شخص نے واقعے کی ویڈیو بنائی ان کا موبائل بھی توڑ دیا گیا۔ انھوں نے شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کے لیے شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔

    پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے علی زیدی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو بنانا ری پبلک بنا دیا گیا ہے، جو جس کو چاہے گرفتار کر لے۔

  • ایم کیوایم نے الیکشن سے فرار کا بہانہ بنایا، علی زیدی

    ایم کیوایم نے الیکشن سے فرار کا بہانہ بنایا، علی زیدی

    کراچی : تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ ایم کیوایم نے الیکشن سے فرار کا بہانہ بنایا، یہ لوگ میدان چھوڑ کر بھاگ گئے۔

    یہ بات انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہی۔

    انہوں نے کہا کہ ٹوٹل 246یونین کونسلیں ہیں، ایم کیوایم کے پاس ان یو سیز کیلئے امیدوار ہی نہیں، ایم کیوایم نے الیکشن سے فرار کا بہانہ بنایا ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو کراچی اور حیدرآباد کا میئرمبارک ہو،ایم کیوایم کے بائیکاٹ کا فائدہ پی ٹی آئی کو ہوگا۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیوایم والے ایک دوسرے کو قاتل اور را کا ایجنٹ کہا کرتے تھے، آج شیر وشکر ہیں۔

  • سیلاب متاثرین کو ان کا جائز حق ہی مل جائے تو بہتری آجائے گی: علی زیدی

    سیلاب متاثرین کو ان کا جائز حق ہی مل جائے تو بہتری آجائے گی: علی زیدی

    کراچی: سابق وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کو امداد کے بجائے ان کا جائز حق ہی مل جائے تو بہتری آجائے گی، نوابشاہ اور خیر پور کے سرکاری گوداموں میں گندم کی لاکھوں بوریاں خراب ہو چکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کا کہنا ہے کہ نوابشاہ اور خیر پور کے سرکاری گوداموں میں گندم کی لاکھوں بوریاں خراب ہو چکی ہیں۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ پہلے سندھ کی گندم 2 ٹانگوں والے چوہے کھا جاتے تھے، آج کل سندھ کے چوہے سیلاب متاثرین کی امداد پر ہاتھ صاف کر رہے ہیں، اسی وجہ سے سندھ کے سرکاری گوداموں میں گندم پڑے پڑے خراب ہو رہی ہے، یہ گندم سیلاب متاثرین کو نہیں دی گئی، نہ ہی عوام تک پہنچی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو امداد کے بجائے ان کا جائز حق ہی مل جائے تو بہتری آجائے گی۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ سندھ کا ایک جھوٹا وزیر کہتا ہے کہ صوبے میں آٹا 65 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے، وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس سے باہر نکل کر دیکھے آٹا 125 روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ زرداری مافیا نے صوبہ سندھ اور اس کی عوام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، یہ کرپٹ مافیا جب تک سندھ پر مسلط ہے سندھ کے حالات نہیں بدل سکتے۔

  • الیکشن کمیشن کو شرم آنی چاہیے، علی زیدی

    الیکشن کمیشن کو شرم آنی چاہیے، علی زیدی

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو اس طرح کا فیصلہ کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لوگ منی لانڈرنگ کرکے پیسہ بیرون ملک لے کرگئے ہیں، عمران خان ملک کی بہتری کیلئے جنگ لڑرہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مریم نواز سزا یافتہ ہیں اور ضمانت پر باہر ہیں، وہ کابینہ میں بیٹھ کرباتیں کررہی ہیں، شرجیل میمن اشتہارات پر قوم کے دو ارب روپے خر چ کررہا ہے۔

    علی زیدی نے کہا کہ ایک شخص نے27ہزار ڈالر کی فنڈنگ کی ان کا جوائنٹ اکاؤنٹ ہے، الیکشن کمیشن کہتا ہے اس میں ساڑھے13 ہزار ڈالرمنی لانڈنگ کے ہیں۔ الیکشن کمیشن کو اس طرح کا فیصلہ کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے پیسوں سے ہم نے کراچی میں نالے بنوائے اور صاف کرکے دیئے، ہم سچ بول رہے ہیں جو ان کو برا لگ رہا ہے۔

    مہنگائی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ لوگ بڑھتی ہوئی غربت سے مررہے ہیں اور مڈل کلاس ختم ہوچکی ہے، اگلا بحران گندم کا آنے والا ہے۔

    علی زیدی نے کہا کہ عمران خان کی کال پر ملک بھر میں4بجے الیکشن کمیشن دفاتر کے سامنے پرامن احتجاج ہوگا، ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، آج شام عمران خان 7بجےخطاب کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سب استعفے دے چکے ہیں تو یہ قسطوں میں کیوں منظور کررہے ہیں، سب کے سب استعفے ایک ساتھ منظور کریں۔

    وہ وقت دور نہیں جب آصف زرداری جیل میں قیدیوں کیلئے کھانا پکائیں گے، آصف زرداری نے سندھ میں ظلم کیا ہے، بانی متحدہ بھی ظلم کیا کرتا تھا،اب کہاں ہے؟

  • ‘آصف زرداری دھوکے سے چوہدری شجاعت سے خط لکھوا کر لے گئے’

    ‘آصف زرداری دھوکے سے چوہدری شجاعت سے خط لکھوا کر لے گئے’

    کراچی : تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کا کہنا ہے کہ کہ آصف زرداری دھوکے سے چوہدری شجاعت سے خط لکھوا کر لے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں کل صبح سےآصف زرداری کوڈھونڈرہاہوں ، یہاں رش لگا ہوا تھا، شایدآصف زرداری یہاں ہوں گے۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ اہلیان لاہورسے کہتا ہوں آصف زرداری سے سندھ کا پیسہ لے لو ، یہ سندھ کی زمینیں بیچ کر یہاں ضمیرخریدنے آجاتا ہے۔

    رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ آصف زرداری دنیا کا سب سے بڑا ڈاکو ہے، یہ لوگ عوام کامینڈیٹ اورپیسہ چوری کرتےہیں۔

    چوہدری شجاعت کے خط کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری دھوکہ سےچوہدری شجاعت سےخط لکھوا کرلے گئے، چوہدری شجاعت اب اتنا ایکٹو نہیں رہے بزرگ ہوچکے ہیں۔

    علی زیدی نے مزید کہا کہ آصف زرداری کو مسٹر10 پرسنٹ کہتے تھے، یوایس سینیٹ میں اس پرانکوائری ہوئی ہے۔

  • ‘شہباز شریف اعتماد کھوچکے بتائیں استعفیٰ کب دیں گے؟’

    ‘شہباز شریف اعتماد کھوچکے بتائیں استعفیٰ کب دیں گے؟’

    کراچی : تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اعتماد کھوچکے بتائیں استعفیٰ کب دیں گے، امپورٹڈ حکومت کے پاس فیصلے کرنے کی صلاحیت نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قوم کوکل کےضمنی الیکشن پربہت بہت مبارک ہو، پاکستان کے سارے چورایک طرف تھے، فارن فنڈنگ امپورٹڈ حکومت رجیم چینج کے ذریعے آکر بیٹھ گئی اور 3 ماہ میں ہر قسم کی تباہی کردی۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ اوورسیزپاکستانیوں کے ووٹ کا حق واپس کردیا، اپنی کرپشن کے تمام کیسز ختم کروالیے، وفاقی حکومت کا کام پالیسی میکنگ ہے، ان کو تو یہ ہی نہیں پتا تھا کہ ایک یا 6 ماہ رکیں گے۔

    رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ قوم کومبارک ہوعمران خان اورپی ٹی آئی نےبتادیا، قوم کوغلط راستے پر چلا کر بیوقوف بنایا گیا اب یہ قوم بیوقوف نہیں بنے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اب کراچی کی باری ہے،8سال بعدبلدیاتی الیکشن کافیزٹوہورہاہے، فیز ون میں انھوں نے ہزار امیدوار بلامقابلہ منتخب کرا لئےتھے، الیکشن کمیشن فارم لینے جائیں تووہ پوچھتے تھے کس جماعت سے ہیں،اگر آپ نے بتا دیا تو گھر پہنچنے سے پہلے پولیس پہنچ جاتی تھی۔

    علی زیدی نے بتایا کہ کسی پر بکری چوری توکسی پرکچھ الزام لگاکراٹھالیا جاتاتھا، انھوں نے تو ہمیں دہشت گرد قرار دے دیا ، بابرغوری دہشت گرد نہیں ہے اور عمران ریاض کو دہشت گرد بنا دیا۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ 246میں سے 241 یو سی میں تحریک انصاف کا پینل ہے، پنجاب میں کامیابی کی وجہ تھی کہ سب ووٹ دینے نکلےتھے، ضمنی الیکشن میں کل تاریخی ٹرن آؤٹ رہا ہے۔

    سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ چاہے بارش ہو یا دھوپ 24جولائی کوشہریوں نے صبح جلدی نکلناہے، ہم آپ کو اس شہر کا نقشہ بدل کردیں گے، میری آپ سےدرخواست ہے24جولائی کوبڑی تعدادمیں نکلیں، جہاں بھی بلے کا امیدوار کھڑا ہو ، وہاں تو 100 فیصد کھڑے رہنا ہے۔

    علی زیدی نے کہا کہ جماعت اسلامی بھی الیکشن لڑرہی ہے ان سےبھی درخواست ہے اپنے لوگوں کو کھڑا رکھیں، بلدیاتی الیکشن میں بے ایمانی نہ ہم کریں گے اور نہ ہی کرنےدیں گے۔

    ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اب آپ کی تیاری نہیں ہےآپ کواپنی شکست نظرآرہی ہے، انہیں امیدوارنہیں مل رہےتوایم کیوایم چاہتی ہے الیکشن مؤخر ہوجائیں۔

    انھوں نے کہا کہ خدشہ ہے اب ان بڑے بڑے لیڈروں کی کمر درد اور انہیں کورونا ہوجائے گا۔ شہباز شریف اعتماد کھوچکے بتائیں استعفیٰ کب دیں گے، مپورٹڈ حکومت کے پاس فیصلے کرنے کی صلاحیت نہیں۔

    پیپلز پارٹی کے حوالے سے علی زیدی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے جو صوبے کے ساتھ کیا میں اسکے پیچھے آرہا ہوں، عمران خان سے سیکھا ہے ڈرتا نہیں ہوں۔

    عمران خان کے دورہ سندھ کے حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما نے بتایا کہ عمران خان کراچی آرہے ہیں، 21جولائی کو عمران خان کاحیدرآباد میں اور 22جولائی کو کراچی میں جلسہ ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کے پاس فیصلے کرنے کی صلاحیت نہیں ، یہ لوگ آج تک سندھ کا گورنر اور نیب کا چیئرمین نہیں لگا سکے، صرف آئی ایم ایف سےمعاہدےکیلئےمہنگائی سےلوگوں کی کمر توڑدی۔

  • "امپورٹڈ حکومت کا بس چلے تو پورا ملک آئی ایم ایف کےسپرد کردے”

    "امپورٹڈ حکومت کا بس چلے تو پورا ملک آئی ایم ایف کےسپرد کردے”

    کراچی: صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کا بس چلےتو پورا ملک آئی ایم ایف کےسپرد کردے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں علی زیدی نے شہباز حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں تیسری بار اضافہ کرکے امپورٹڈ حکومت نے غریب عوام کو مزید مہنگائی کےبوجھ تلےدبا دیا ہے یہ عوام دشمن فیصلہ ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

    صدر پی ٹی آئی سندھ نے کہا کہ ملک کی وزارت خزانہ ایک اناڑی شخص کے ہاتھ میں ہے، نام نہاد تجربہ کاروں نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا ہے، ہماری حکومت کے خلاف مہنگائی مارچ کرنے والی پی پی آج دوربین میں بھی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔

    علی زیدی نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام کے ساتھ ظلم اور زیادتی ہے، امپورٹڈ حکومت کو غریب عوام کی جیبوں پر مزید ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کا بس چلےتو پورا ملک آئی ایم ایف کے سپرد کردے، آئی ایم ایف کی آڑ میں امپورٹڈ وزرا اپنا خزانہ بھر رہے ہیں، امپورٹڈ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لے، قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو شدید عوامی ردعمل آئے گا۔