کراچی : پاک بھارت کشیدگی کے باعث آئندہ ماہ اکتوبر میں نئی دہلی میں منعقد ہونے والی عالیشان پاکستان نمائش منسوخ کرنی پڑگئی۔
ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے مطابق عالیشان پاکستان نمائش اکتوبر میں نئی دہلی میں ہوناتھی، نمائش کا وقت ایک مہینہ آگے کیا گیا تھا، بعض نمائش کنندگان کا سامان بھی دہلی پہنچ چکا تھا، لیکن اس بار بھارت کی جانب سے ٹال مٹول ہتھکنڈوں کے باعث عالیشان پاکستان نمائش منسوخ کرنی پڑگئی۔
ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عالیشان پاکستان نمائش کی منسوخی کا فیصلہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد کیا گیا ہے ،پاکستانی مصنوعات کی نمائش عالیشان پاکستان اکتوبر میں نئی دہلی میں ہونا تھی لیکن موجودہ صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے اس نمائش کو فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے بھارت میں عالیشان پاکستان نمائش دو بار ہوچکی ہے۔
تاجروں و صنعتکاروں نے نئی دہلی میں عالیشان پاکستان نمائش کی منسوخی کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ ایسی صورتحال میں بھارت میں اس قسم کی نمائش ہرگز نہیں کی جاسکتی۔