Tag: All pakistan

  • ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

    ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

    اسلام آباد / کراچی / لاہور : حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر کی فضا سوگوار ہے، نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں نے کربلا کے میدان میں عظیم قربانی پیش کرکے اسلام کو ہمیشہ کے لیے سربلند کردی۔

    حق و باطل کے اس معرکے کی یاد میں آج ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں علم،شبیہہ ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں جن کی سیکیورٹی کے لئے نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکار تعینات کئے گئے ہیں بلکہ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کے ساتھ رینجرز کو بھی اہم شاہراوں پر تعینات کیا گیا ہے۔

    جلوسوں کی فضائی نگرانی کے ساتھ گزر گاہوں پر فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے جبکہ جلوسوں کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون کی بندش کے ساتھ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔

    کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیاں کھارادر سے برآمد ہوگا، جلوس کے راستوں میں پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

    یوم عاشور کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے، جلوس کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

    کراچی، لاہور سمیت ملک کے تمام شہروں میں جلوسوں کے روٹ پر لنک روڈز کو کنٹینرز اور قناتیں لگا کر بند کیا گیا ہے اور مسلسل فضائی نگرانی بھی جاری ہے، خواتین پولیس اہلکار کی بڑی تعداد بھی مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گی۔

  • ملک بھر میں بھارتی جارحیت کیخلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں

    ملک بھر میں بھارتی جارحیت کیخلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں

    کراچی / لاہور / اسلام آباد : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف ملک بھر میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، پاکستانی شہری مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیوں کی صورت میں سڑکوں پر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی جارہی ہیں، کراچی تا خیبر کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے گونج اٹھے۔

    ریلیوں میں نہتے کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو خراج تحسین پیش کیا گیا، اس حوالے سے مودی سرکار کی مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کیخلاف ملک بھر میں شہری مودی سرکار سے نفرت کے اظہار کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔

    کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام کراچی میں ریلی نکالی گئی، اس موقع پر ایم کیو ایم کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے پاکستان زندہ باد اور بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    ریلی کے شرکا نے مظلوم کشمیریوں سے یکجتہی کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت کی، مظاہرین نے بھارتی حکومت کیخلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔

    دوسری جانب لاہور میں بھی شہریوں نے کفن پہن کر مودی سرکار کے خلاف نفرت کا اظہار کیا، کفن پوش ریلی میں سول سوسائٹی، تاجر برادری اور دیگر تنظیموں نے شرکت کی، مظاہرین نے کفن پہن کر زمین پر لیٹ کر احتجاج کیا۔

    مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کرنے پر لندن میں بھارت کے خلاف مظاہرہ

    علاوہ ازیں اسلام آباد میں بھی شہریوں نے مودی سرکار سے نفرت اور مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا، میرپور آزاد کشمیر میں بھی بھارتی مظالم کے خلاف ریلی نکالی گئی۔ جس میں بچوں اور بڑوں کی کثیر تعداد شریک تھی، ریلی میں کشمیر سے محبت اور بھارت سے نفرت کا اظہار کیا گیا۔