Tag: All utility stores

  • رمضان ریلیف پیکج : کون سی اشیاء کم قیمت پر دستیاب ہوں گی؟

    رمضان ریلیف پیکج : کون سی اشیاء کم قیمت پر دستیاب ہوں گی؟

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے ماہ رمضان کی آمد پر عوام کیلئے ریلیف پیکج دینے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہےکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف اشیائے خورد و نوش سستے داموں فروخت کی جائیں گی۔

    اس حوالے سے ذرائع وزارت صنعت وپیداوار کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان کے لیے مجموعی طور پر 19اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی جائے گی۔ اس سہولت سے بی آئی ایس پی کے رجسٹرڈ مستحقین مستفید ہوں گے۔

    یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان ریلیف پیکج 2023کی تفصیلات کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے رواں سال رمضان پیکچ میں 3 ارب 28 کروڑ روپے کی کمی تجویز دی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق اس سال یوٹیلیٹی اسٹورز پر 4 ارب 99 کروڑ 70 لاکھ روپے کارمضان پیکج تجویز کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال پی ٹی آئی حکومت نے8 ارب28کروڑ روپے کا رمضان پیکج منظور کیا تھا۔

    رمضان ریلیف پیکچ کے تحت بی آئی ایس پی مستحقین کیلئے گھی، چائے پر فی کلو 100،100روپے، آٹے پر فی کلو 51 روپے 92 پیسے، چینی، دودھ اور مشروبات پر 30،30روپے، بیسن اور کھجور پر فی کلو 50 اور آئل پر 25 روپے کی سبسڈی کی تجویز دی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ دالوں اور چاول پر فی کلو 20،20روپے اور بی آئی ایس پی مستحقین کے سوا باقی تمام شہریوں کیلئے آٹے پر فی کلو 27روپے12 پیسے، چینی 11 اور گھی پر فی کلو 25 روپے کی سبسڈی دینے کی تجویز ہے۔

    واضح رہے کہ مہنگائی کے باعث عوام بالخصوص نچلے طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت نے سبسڈی کا فیصلہ کیا ہے۔رمضان ریلیف پیکج کی ای سی سی اور وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔

  • ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر آپریشن اچانک معطل، شہری پریشان

    لاہور : ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشنز کا کمپیوٹر سسٹم بیٹھ گیا جس کی وجہ سے خریداری کے لئے آنے والے شہریوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز کا سرور ڈاؤن ہونے کے باعث اسٹورز پر آپریشن معطل ہوگیا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    اس حوالے سے یوٹیلیٹی اسٹورز حکام کا کہنا ہے کہ سبسڈی کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کے باعث سسٹم ڈاؤن ہوا، سرور ڈاؤن ہونے کے باعث اسٹورز پر آٹے کی انٹری ممکن نہیں رہی۔

    حکام کے مطابق سسٹم ڈاؤن ہونے کے باعث یوٹیلیٹی اسٹورز میں شہریوں کو اشیاء خورد و نوش کی فراہمی اور خرید و فروخت ممکن نہیں ہے۔

    یوٹیلیٹی اسٹورز حکام کا کہنا ہے کہ آج سے ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پرشہریوں کے لیے آٹے کا 10 کلوکا تھیلا 684 روپے میں دستیاب ہے۔

    حکام کے مطابق اس کے علاوہ 400 روپے میں 10کلو سستے آٹے کا تھیلا صرف بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کارڈ رکھنے والوں کو ہی دستیاب ہے۔

    نئےسال پر عوام کو تحفہ، یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئیں

    واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے پیکیج کے تحت نیا سال شروع ہوتے ہی مہنگائی کا بھی ایک نیا دور شروع ہوگیا ہے اور یکم جنوری سے یوٹیلیٹی اسٹور پر آٹا، چینی، تیل، گھی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا جبکہ ماہانہ خریداری کی حد میں بھی کمی کردی گئی ہے۔

  • گھی اور تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان

    گھی اور تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان

    اسلام آباد : حکومت پاکستان نے گھی اور خوردنی تیل کی قیمتیں کم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا اطلاق ملک بھر کے تمام یوٹیلٹی اسٹورز میں فوری طور پر کیا جائے گا۔

    اس حوالے سے ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی اور خوردنی تیل کی قیمت میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔

    محکمہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق درجہ اوّل بناسپتی کی قیمت میں 34 روپے فی کلو کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد درجہ اوّل گھی 519سے کم کرکے 485 روپے کلو ہوگیا ہے۔

    اس کے علاوہ درجہ اوّل کوکنگ آئل ایک لیٹر کی قیمت میں 36روپے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد درجہ اوّل خوردنی تیل526 سے کم کرکے 490 روپے لیٹرکردیا گیا ہے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ درجہ اوّل گھی پریمیم برانڈ گھی کی قیمت میں39روپے فی کلو کمی کی گئی جس کے بعد پریمیم برانڈ گھی کی قیمت524سے کم ہوکر485روپے فی کلو ہوگئی ہے۔

    ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورز کے مطابق ریلیف پیکج کے تحت آٹا، چینی، گھی پر دستیاب خصوصی سبسڈی میں بھی توسیع کی گئی ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔