Tag: Allama Iqbal

  • ترے عشق کی انتہا چاہتا ہوں

    ترے عشق کی انتہا چاہتا ہوں
    مری سادگی دیکھ کیا چاہتا ہوں

    ستم ہو کہ ہو وعدۂ بے حجابی
    کوئی بات صبر آزما چاہتا ہوں

    یہ جنت مبارک رہے زاہدوں کو
    کہ میں آپ کا سامنا چاہتا ہوں

    ذرا سا تو دل ہوں مگر شوخ اتنا
    وہی لن ترانی سنا چاہتا ہوں

    کوئی دم کا مہماں ہوں اے اہل محفل
    چراغ سحر ہوں بجھا چاہتا ہوں

    بھری بزم میں راز کی بات کہہ دی
    بڑا بے ادب ہوں سزا چاہتا ہوں

    ********

  • ہزار خوف ہو لیکن زباں ہو دل کی رفیق

    ہزار خوف ہو لیکن زباں ہو دل کی رفیق
    یہی رہا ہے ازل سے قلندروں کا طریق

    ہجوم کیوں ہے زیادہ شراب خانے میں
    فقط یہ بات کہ پیر مغاں ہے مرد خلیق

    علاج ضعف یقیں ان سے ہو نہیں سکتا
    غریب اگرچہ ہیں رازیؔ کے نکتہ ہاے دقیق

    مرید سادہ تو رو رو کے ہو گیا تائب
    خدا کرے کہ ملے شیخ کو بھی یہ توفیق

    اسی طلسم کہن میں اسیر ہے آدم
    بغل میں اس کی ہیں اب تک بتانِ عہد عتیق

    مرے لیے تو ہے اقرار بااللساں بھی بہت
    ہزار شکر کہ ملا ہیں صاحبِ تصدیق

    اگر ہو عشق تو ہے کفر بھی مسلمانی
    نہ ہو تو مرد مسلماں بھی کافر و زندیق

    **********

  • مسلماں کے لہو میں ہے سلیقہ دل نوازی کا

    مسلماں کے لہو میں ہے سلیقہ دل نوازی کا
    مروت حسن عالم گیر ہے مردان ِغازی کا

    شکایت ہے مجھے یا رب خداوندان مکتب سے
    سبق شاہیں بچوں کو دے رہے ہیں خاک بازی کا

    بہت مدت کے نخچیروں کا انداز نگہ بدلا
    کہ میں نے فاش کر ڈالا طریقہ شاہبازی کا

    قلندر جز دو حرف لا الٰہ کچھ بھی نہیں رکھتا
    فقیہ شہر قاروں ہے لغت ہائے حجازی کا

    حدیث بادہ و مینا و جام آتی نہیں مجھ کو
    نہ کر خاراشگافوں سے تقاضا شیشہ سازی کا

    کہاں سے تو نے اے اقبالؔ سیکھی ہے یہ درویشی
    کہ چرچا پادشاہوں میں ہے تیری بے نیازی کا

    ***********

  • شاعرِ مشرق علامہ اقبال کی79ویں برسی

    شاعرِ مشرق علامہ اقبال کی79ویں برسی

    شاعر مشرق، حکیم الامت، مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کی 79ویں برسی آج ملک بھرمیں عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کےمطابق علامہ اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں شیخ نور محمد کے گھر پیدا ہوئے،والدین نےآپ کا نام محمد اقبال رکھا۔

    انہوں نے ابتدائی تعلیم سیالکوٹ میں ہی حاصل کی اور مشن ہائی اسکول سے میٹرک اور مرے کالج سیالکوٹ سے ایف اے کا امتحان پاس کیا۔

    علامہ اقبال ایف اے کرنےکے بعد آپ اعلیٰ تعلیم کے لیے لاہور چلے گئے اور گورنمنٹ کالج لاہور سے بی اے اور ایم اے کے امتحانات پاس کیے۔

    شاعر مشرق 1905 میں اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلستان گئے اور قانون کی ڈگری حاصل کی، یہاں سے آپ جرمنی چلے گئے جہاں میونخ یونیورسٹی سے آپ نے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔


    ایران کی ایک شاہراہ ’شاعرِمشرق‘ کے نام سے منسوب ہے


    علامہ اقبال  شعروشاعری  کے ساتھ ساتھ وکالت بھی کرتے رہے اور سیاسی تحریکوں میں بھرپور انداز میں حصہ لیا جبکہ 1922 میں برطانوی حکومت کی طرف سے ان کوسَر کا خطاب ملا۔

    شاعرمشرق آزادی وطن کے علمبردار تھے اور باقاعدہ سیاسی تحریکوں میں حصہ لیتے تھے اور آل انڈیا مسلم لیگ کے صدر منتخب ہوئے۔

    علامہ اقبال کا سنہ 1930  کا الہٰ آباد کا مشہور صدارتی خطبہ تاریخی حیثیت رکھتا ہے،اس خطبے میں آپ نے پاکستان کا تصور پیش کیا۔آپ کی تعلیمات اور قائد اعظم کی ان تھک کوششوں سے ملک آزاد ہوگیا اور پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔

    پاکستان کی آزادی سے پہلے ہی 21 اپریل 1938 کو علامہ انتقال کر گئے تھے تاہم ایک عظیم شاعر اور مفکر کے طور پر قوم ہمیشہ ان کی احسان مند رہے گی۔

    .علامہ اقبال کی اردو، انگریزی اور فارسی زبان میں تصانیف میسرہیں


    نثر

    علم الاقتصاد

    فارسی شاعری

    اسرار خودی
    رموز بے خودی
    پیام مشرق
    زبور عجم
    جاوید نامہ
    پس چہ باید کرد اے اقوامِ شرقأ
    ارمغان حجاز


    اردو شاعری

    بانگ درا
    بال جبریل
    ضرب کلیم

    انگریزی تصانیف

    فارس میں ماوراء الطبیعیات کا ارتقاء
    اسلام میں مذہبی افکار کی تعمیر نو

  • گورنر پنجاب نے علامہ اقبال ؒ کے شعرکا حلیہ ہی بگاڑدیا

    گورنر پنجاب نے علامہ اقبال ؒ کے شعرکا حلیہ ہی بگاڑدیا

    فیصل آباد : گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے بھی شعر کی ٹانگ توڑ دی۔ ایک تقریب میں وہ علامہ اقبالؒ کا مشہورشعر ہی بھول گئے، شہبازشریف اور قائم علی شاہ بھی اس فن میں ماہرہیں، اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعلیٰ سندھ بھی شاعری کے ساتھ دو دو ہاتھ کر چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے کنووکیشن کی تقریب میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کو شعر کہنے کی سوجھی لیکن وہ اس میں کامیاب نہ ہو سکے۔

    گورنر پنجاب اپنی تقریر کے دوران علامہ اقبالؒ کا بہت مشہور شعر ہی بھول گئے کہ اصل شعر تھا کیا؟ کبھی زمین تو کبھی مٹی کو ذرخیز کہتے رہے۔

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل اسی شعر کے ساتھ یہی سلوک وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے بھی ماڈل ٹاؤن میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا تھا۔

    اس کے علاوہ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی شعر کے معاملے پر خاصے بھلکڑ واقع ہوئے ہیں، سیاستدانوں کی شعر و شاعری سے یہ چھیڑخانی اکثر سننے والوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بھی بکھیردیتی ہے۔

  • شاعرِمشرق علامہ اقبال کی آج 139ویں سالگرہ ہے

    شاعرِمشرق علامہ اقبال کی آج 139ویں سالگرہ ہے

    آج شاعرِ مشرق مفکر ِپاکستان ڈاکٹر علامہ اقبال کی آج 139 ویں سالگرہ ہے، ان کا فکری پیغام برصغیر کے مسلمانوں میں بیداری کی لہر پیدا کرنے کا بنیادی سبب بنا تھا۔

    ڈاکٹر سر علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877کو پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں پیداہوئے تھے‘ آپ بیسویں صدی کے ایک معروف شاعر، مصنف، قانون دان، سیاستدان، مسلم صوفی اور تحریک پاکستان کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک ہیں۔

    اردو اور فارسی میں شاعری کرتے تھے اور یہی ان کی بنیادی وجۂ شہرت ہے۔ شاعری میں بنیادی رجحان تصوف اور احیائے امت اسلام کی طرف تھا۔

    علامہ اقبال کو دورجدید کا صوفی سمجھا جاتا ہے۔ بحیثیت سیاستدان ان کا سب سے نمایاں کارنامہ نظریۂ پاکستان کی تشکیل ہے، جو انہوں نے 1930ء میں الہ آباد میں مسلم لیگ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پیش کیا تھا۔

    یہی نظریہ بعد میں پاکستان کے قیام کی بنیاد بنا۔ اسی وجہ سے علامہ اقبال کو پاکستان کا نظریاتی خالق سمجھا جاتا ہے گو کہ انہوں نے اس نئے ملک کے قیام کو اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھا لیکن انہیں پاکستان کے قومی شاعر کی حیثیت حاصل ہے۔

    علامہ اقبال کی اردو، انگریزی اور فارسی زبان میں تصانیف میسرہیں


     سندھ اوربلوچستان کے تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان


    نثر

    علم الاقتصاد

    فارسی شاعری

    اسرار خودی
    رموز بے خودی
    پیام مشرق
    زبور عجم
    جاوید نامہ
    پس چہ باید کرد اے اقوامِ شرقأ
    ارمغان حجاز


    ایران کی ایک شاہراہ ’شاعرِمشرق‘ کے نام سے منسوب ہے


    اردو شاعری

    بانگ درا
    بال جبریل
    ضرب کلیم

    انگریزی تصانیف

    فارس میں ماوراء الطبیعیات کا ارتقاء
    اسلام میں مذہبی افکار کی تعمیر نو

    آپ 21 اپریل 1938 کو ساٹھ سال کی عمر میں لاہور میں انتقال فرما گئے آپ کا مزار بادشاہی مسجد کے سائے میں مرجع خلائق ہے۔

  • حکومت قرضے لے کرعوام کو غلام بنارہی ہے، عمران خان

    حکومت قرضے لے کرعوام کو غلام بنارہی ہے، عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت نےعوام کو بھاری قرضوں تلے جکڑدیا ہے۔

    تحریک انصاف کے سربراہ نے ان خیالات کا اظہار پارلیمنٹ میں اسیپکر کے انتخاب کے لئے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران اسپیکرکے انتخاب پر کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے اجتناب کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتیں قرضوں کے ذریعے پاکستان پرتسلط حاصل کررہی ہیں اورہمیں امداد اورقرضوں کے ذریعے اپنا غلام بنایاہواہے۔

    اس موقع پرعمران خان نے شاعر مشرق علامہ اقبال کو ان کے یومِ پیدائش کے موقع پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا شعر بھی پڑھا۔

  • پاکستان کو اقبالؒ کے افکار کے مطابق اسلامی ریاست بنایا جائے، سراج الحق

    پاکستان کو اقبالؒ کے افکار کے مطابق اسلامی ریاست بنایا جائے، سراج الحق

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سنیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان چار صوبوں اور چند قومیتوں کے مجموعے کا نام نہیں، اسے اقبال کے افکار کے مطابق اسلامی ریاست بنایا جائے۔

    لاہور میں مزار اقبال پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ اقبال ایک نظریے، اسلامی فلسفے اور جہد مسلسل کا نام ہے، جنہوں نے مسلمانوں کو فرقوں میں تقسیم ہونے کی بجائے اتحاد امت کا درس دیا۔

    انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال ایسی اسلامی ریاست کے حامی تھے جہاں کوئی انسان دوسرے کا غلام نہ ہو اور طبقاتی بنیادوں پر تعلیم نہ دی جاتی ہو۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے یوم اقبال پر چھٹی منسوخ کر کے نئی نسل کو کوئی اچھا پیغام نہیں دیا، یوم دفاع، یوم مزدور اور یوم پاکستان پر چھٹی ہو سکتی ہے تو یوم اقبال پر کیوں نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے سردار ایاز صادق کی اپیل پر ووٹ دیا ہے، تحریک انصاف کے کسی رہنماء نے ووٹ کیلئے ان سے رابطہ نہیں کیا۔

    انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے یونٹس کو حالات کے مطابق دوسری جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا اختیار دیا گیا ہے، یہ کوئی قومی انتخابات نہیں ، مقامی گروہوں کا الیکشن ہے۔

  • یوم اقبال پر چھٹی ہوگی یا نہیں، طلبہ اور والدین کشمکش کا شکار

    یوم اقبال پر چھٹی ہوگی یا نہیں، طلبہ اور والدین کشمکش کا شکار

    کراچی : یوم اقبال پر چھٹی ہوگی یا نہیں محکمہ تعلیم سندھ اور پرائیویٹ اسکول مالکان میں ٹھن گئی جس کے باعث والدین کنفیوژن کا شکار اور طلباء وطالبات بھی پریشان ہیں ۔۔

    خیبر پختونخوا میں کل عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ وفاق ، پنجاب اور بلوچستان میں اسکول کھلے رہیں گے۔

    پرائیویٹ اسکولز انتظامیہ نے ہفتہ کے روز والدین کو بذریعہ ایس ایم ایس اور فون آگاہ کیا کہ پیر نو نومبر کو یوم اقبال پر اسکول بند رہیں گے۔

    لیکن بچوں کی خوشی اور والدین کا اطمینان زیادہ دیر قائم نہ رہا اور سندھ حکومت نے یوم اقبال پر اسکولز کھلے رکھنے کا اعلان کیا۔

    چیئرمین پرائیویٹ اسکولزایسوسی ایشن سید خالد شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کا فیصلہ قبول نہیں۔ چیئرمین پسما شرف الزمان نے بھی حکومتی اعلان کو مسترد کردیا۔

    حکومت اپنی رٹ قائم کریگی یا پرائیویٹ اسکول مالکان کی چلے گی ؟ لیکن اس سے اہم سوال یہ ہے کہ بچوں اور والدین کو اس کنفیوژن سے کیسے نجات ملے گی ۔

    ادھر خیبرپختونخوا کی حکومت نے تو یوم اقبال پر چھٹی کا اعلان کردیا۔ تاہم وفاق پنجاب اور بلوچستان میں اسکول۔کھلے رہیں گے۔

  • وفاقی حکومت نے 9 نومبر کی چھٹی منسوخ کردی

    وفاقی حکومت نے 9 نومبر کی چھٹی منسوخ کردی

    اسلام آباد : وفاقی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ اقبال ڈے کے موقع پر عام تعطیل نہیں ہوگی۔

    وفاقی وزارت داخلہ کے مطابق 9 نومبر علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر عام تعطیل نہیں کی جائیگی جبکہ سرکاری دفاتر اور سکول کھلے رہیں گے۔

     

    وزارت داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اس سال9نومبر کو اقبال ڈے کی چھٹی نہیں ہو گی، سرکاری دفاتر اور سکول معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور اپنا کام کریں گے۔

    واضح رہے کہ 9 نومبر علامہ اقبال کا یوم پیدائش منایا جاتا ہے، علامہ اقبال برصغیر پاک و ہند کے عظیم شاعر تھے جنہوں پاکستان کے بنے کا خواب دیکھا تھا ۔